Tag: سربراہ

  • سربراہ پاک بحریہ کی چینی بحریہ کی 70 سالہ تقریبات میں شرکت

    سربراہ پاک بحریہ کی چینی بحریہ کی 70 سالہ تقریبات میں شرکت

    کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چینی بحریہ کی 70 سالہ تقریبات میں شرکت کی، انہوں نے چین کی بحریہ کے 70 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ چینی بحریہ کی 70 سالہ تقریبات میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شرکت کی جہاں انہوں نے ہائی لیول سمپوزیم میں خصوصی خطاب کیا۔

    ترجمان کے مطابق امیر البحر نے ہائی لیول سمپوزیم میں جاپان، ایران، جبوتی، مراکش اور پولینڈ کی بحریہ کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں۔ خطاب کے دوران نیول چیف نے چین کی بحریہ کے 70 سال اور قدیم چینی تہذیب کے 5 ہزار سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

    پاک بحریہ کے سربراہ نے عالمی امن و استحکام کے لیے اور انٹرنیشنل سمپوزیم کے ذریعے باہمی بحری اشتراک میں چین کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے سی ایم ایف اور ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرولز کے تحت بحری امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں پاک بحریہ کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔

    سربراہ پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ بحر ہند میں حالیہ ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول خطے میں پاک بحریہ کی امن و استحکام برقرار رکھنے کی کاوشوں کا مظہر ہے۔

    اس موقع پر چائنیز نیول چیف نے خصوصی طور پر پاک بحریہ کے سربراہ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ نیول چیف نے چیئرمین سی ایس آئی سی ہوون منگ سے بھی غیر رسمی ملاقات کی۔

  • سعودی اور اماراتی وفود کی سوڈانی عسکری کونسل کے سربراہ سے ملاقات‘ تعاون کا خیر مقدم

    سعودی اور اماراتی وفود کی سوڈانی عسکری کونسل کے سربراہ سے ملاقات‘ تعاون کا خیر مقدم

    خرطوم : سوڈان کی فوجی عبوری کونسل کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرھان عبدالرحمان نے سوڈان کے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مثالی تعلقات کی تحسین کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افریقی ملک سوڈان میں 30 برس سے عہدہ صدارت پر براجمان عمر البشیر کے خلاف گزشتہ تین ماہ سے جاری احتجاجی مظاہرے کے نتیجے میں ایک ہفتہ قبل سیاسی تبدیلی رونما ہوئی جس میں عمر البشیر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا اور فوج نے انہیں گرفتار کرلیا۔

    عبوری فوجی کونسل کے سربراہ کا کہنا ہے کہ سوڈانی قوم کے امارات اور سعودیہ کے ساتھ ازلی تعلقات قائم ہیں اور آنے والے دور میں یہ تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔

    سوڈانی عسکری کونسل کے سربراہ کی طرف سے یہ بیان سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ایک مشترکہ وفد سے ملاقات کے بعد جاری کیا گیا۔

    سعودیہ اور امارات کے اعلیٰ سطحی وفد نے منگل کو خرطوم میں مسلح افواج کے ہیڈ کواٹر میں جنرل عبدالفتاح البرھان عبدالرحمان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

    عرب ممالک کے وفد نے سوڈانی عسکری کونسل کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا، اماراتی اور سعودی وفد نے سوڈان کی عسکری کونسل کے وائس چیئرمین جنرل محمد حمدان دقلو موسیٰ سے بھی ملاقات کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ان ملاقاتوں میں وفد کے ارکان نے سوڈانی قیادت کو یقین دلایا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سوڈانی قوم کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہیں۔

    مزید پڑھیں : سوڈان : فوجی کونسل کے سربراہ نے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا

    خیال رہے کہ سوڈان کی فوجی کونسل کے سربراہ و وزیر دفاع عود بن عوف نے سابق آمر عمر البشیر کا تختہ الٹنے کے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا تھا، عود ابن عوف نے اپنے فیصلے کا اعلان سرکاری ٹی وی پر کیا۔

    فوجی کونسل کے سربراہ عود بن عوف نے لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح عبدالرحمان برہان کو اپنا جانشین نامزد کردیا، فوج کا کہنا ہے کہ 2 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد انتخابات کرائے گی۔

    مزید پڑھیں : سوڈان میں مارشل لاء نافذ، ملک چلانے کے لیے عبوری کونسل تشکیل، صدرگرفتار

    یاد رہے کہ سوڈانی عوام گزشتہ تین مہینوں نے صدر عمر البشیر کے خلاف مظاہرے کررہے تھے جو آج رنگ لے آئے اور صدر عمر حسن البشیر صدارت سے مستعفی ہوگئے جس کے بعد انہیں فوج نے گرفتار کرکے نظر بند کردیا تھا اور وہ تاحال نظر بند ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوڈان میں فوج نے ملک کے انتظامی امور چلانے کے لیے جنرل عود بن عوف کی سربراہی میں ایک عبوری کونسل تشکیل دے دی ہے، جنرل عود سبک دوش ہونے والے صدر عمر البشیر کے نائب اول اور سوڈان کے وزیر دفاع ہیں۔

  • سوڈان : فوجی کونسل کے سربراہ نے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا

    سوڈان : فوجی کونسل کے سربراہ نے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا

    خرطوم : سوڈان کی فوجی کونسل کے سربراہ عود بن عوف نے آمر عمر البشیر کا تختہ الٹنے کے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق افریقی ملک سوڈان میں صدر عمر البشیر کی حکومت کا تختہ الٹے جانے، ان کی گرفتاری اور ملک میں رات کا کرفیو لگائے جانے کے باوجود ہزاروں افراد نے خرطوم میں فوج کے کمانڈ ہیڈ کوارٹر کے باہر دھرنا دے رکھا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ تین ماہ سے جاری احتجاجی مظاہرے کے نتیجے میں عمر البشیر کی حکومت ختم ہونے باوجود سوڈان میں سیاسی صورتحال تاحال بحران کا شکار ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ عود بن عوف نے ایک دن بعد ہی استعفیٰ دے دیا، وزیر دفاع عود ابن عوف نے اپنے فیصلے کا اعلان سرکاری ٹی وی پر کیا۔

    فوجی کونسل کے سربراہ عود بن عوف نے لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح عبدالرحمان برہان کو اپنا جانشین نامزد کردیا، فوج کا کہنا ہے کہ 2 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد انتخابات کرائے گی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سوڈان میں مظاہرین مظاہرین سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ اقتدار شہریوں (سویلین حکومت) کو منتقل کیا جائے۔

    مزید پڑھیں : سوڈان میں مارشل لاء نافذ، ملک چلانے کے لیے عبوری کونسل تشکیل، صدرگرفتار

    مزید پڑھیں : کرفیو کے باوجود سوڈان میں فوج کے کمانڈ ہیڈ کوارٹر کے باہر دھرنا جاری

    سوڈان کی مسلح افواج کی طرف سے تمام شہریوں پر زور دیا گیاہے کہ وہ کرفیو کی پابندی یقینی بنائیں، فوج نے کرفیو کی پابندی نہ کرنے کے خطرناک نتائج سے پر بھی خبردار کیا گیا ہے،مسلح افواج کی طرف سے کرفیو کا اعلان شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے، شہریوں کو احتجاج کا حق ہے مگر انہیں کرفیو کے اوقات میں اس کی پابندی کرنا ہوگی۔

    عرب ٹی وی کے مطابق عینی شاہدین نے بتایاکہ مسلح فواج کی طرف سے رات کا کرفیو لگانے کے باوجود ہزاروں افراد کا دھرنا جاری رہا،عینی شاہدین نے بتایا کہ مظاہرین رات پر امن، انصاف اور آزادی کے نعرے لگاتے رہے. فوج کی طرف سے مظاہرین کو منتشر ہونے کے احکامات ملنے کے باوجود مظاہرین نے مسلسل چھٹی رات دھرنے میں گزاری۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ کا خفیہ ایجنسی کی سربراہ کو دوبارہ اسکول جانے کا مشورہ

    ڈونلڈ ٹرمپ کا خفیہ ایجنسی کی سربراہ کو دوبارہ اسکول جانے کا مشورہ

    واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے متعلق امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’ایران سے ہوشیار رہیں‘۔

    تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل امریکی خفیہ ایجنسیوں نے سینیٹ میں ایران اور شمالی کوریا سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کی، جس میں خفیہ ادارے کے سربراہ نے بتایا کہ ایران معاہدے کی پاسداری کررہا ہے جوہری ہتھیار نہیں بنارہا۔

    امریکی خفیہ ایجنسی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کرکے اس پر اقتصادی پابندیاں عائد کی تھیں۔

    خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’خفیہ اداروں کے افراد کو دوبارہ اسکول جانا چاہیے‘۔

    امریکی صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایران سے ہوشیار رہیں، امریکی خفیہ ایجنسیاں کم علمی اور بھولے پن کا شکار ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران نے اپنی تقریب کاریوں سے پورے خطے کو مشکلات میں مبتلا کر رکھا تھا اور امریکا کے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد بھی اپنی تقریب کاریوں سے باز نہیں آیا لیکن علیحدگی سے حالات میں کافی تبدیلی آئی ہے۔

    مزید پڑھیں : امریکا کی علیحدگی کے باوجود ایران جوہری معاہدے پر عمل پیرا ہے: سی آئی اے

    خیال رہے کہ امریکی سی آئی اے کی خاتون سربراہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جوہری ڈیل 2015 پر ایران اب بھی عمل درآمد کررہا ہے تاہم اس کے چند اہداف بھی ہیں جسے وہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایران اس ڈیل پر عمل پیرا رہتے ہوئے یورپ پر دباؤ بڑھانا چاہتا ہے تاکہ معیشت کی بہتری اور تجارت سے متعلق فوائد حاصل کیا جاسکے۔

    سی آئی اے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایرانی انتظامیہ نے معیشت کی بہتری کے لیے یورپ سے جو توقع رکھی تھی اس میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

  • بحرین : امریکی وائس ایڈمرل کی لاش رہائش گاہ سے برآمد

    بحرین : امریکی وائس ایڈمرل کی لاش رہائش گاہ سے برآمد

    منامہ : مشرق وسطیٰ میں امریکی بحریہ کے سربراہ وائس ایڈمرل اسکاٹ اسٹرنی گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بحرین میں امریکی وائس ایڈمرل اسکاٹ اسٹرنی کی لاش رہائش گاہ سے برآمد ہوئی ہے، وہ گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

    وائس ایڈمرل اسکاٹ اسٹرنی مشرق وسطیٰ میں امریکی بحریہ کے سربراہ تھے۔

    امریکی نیوی کے مطابق وائس ایڈمرل اسکاٹ اسٹرنی کی موت سے متعلق تحقیقات جاری ہے، تاحال کوئی مشتبہ چیزسامنے نہیں آئی۔

    وائس ایڈمرل اسکاٹ اسٹرنی کا تعلق امریکی ریاست شکاکو سے تھا اور وہ بحرین میں امریکی پانچویں فلیٹ کے کمانڈر تھے۔

    امریکہ کی پہلی مسلم خاتون جج کی لاش دریائے ہڈسن سے برآمد


    یاد رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں امریکی حکام کے مطابق نیویارک کی اعلیٰ عدالت کی مسلمان خاتون جج شیلا عبدالسلام کی لاش مین ہٹن میں دریائے ہڈسن کے مغربی کنارے پر تیرتی ہوئی پائی گئی تھی۔

    شیلا عبدالسلام پہلی مسلمان خاتون جج ہونے کے ساتھ ساتھ کورٹ آف اپیل میں منتخب ہونے والی پہلی سیاہ فام خاتون جج بھی تھیں۔

  • روس یورپی جمہوریتوں کو کمزور کرنے کا خواہاں ہے: سربراہ برطانوی خفیہ ایجنسی

    روس یورپی جمہوریتوں کو کمزور کرنے کا خواہاں ہے: سربراہ برطانوی خفیہ ایجنسی

    لندن: برطانیہ کی خفیہ ایجنسی ایم آئی 5 کے سربراہ کا کہنا ہے کہ روس یورپی جمہوریتوں کو تخریبی سرگرمیوں کے ذریعے کمزور کرنا چاہتا ہے۔

    لندن میں سیکیورٹی چیفس کی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے برطانیہ کی خفیہ ایجنسی ایم آئی 5 کے سربراہ اینڈریو پارکر کا کہنا ہے کہ کریملن یورپ کے آزاد اور جمہوری معاشروں کو کمزور کرنے کے لیے نہ صرف تخریبی سرگرمیوں میں حصہ لے رہا ہے بلکہ اس کام کے لیے جھوٹ کے انبار اور غلط خبروں کا سہارا لے رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کریملن کی ان کارروائیوں کا مقصد دنیا بھر میں روس کی عظمت قائم کرنا ہے تاہم اپنی جارحانہ اور تخریب کار حکمت عملی کی وجہ سے روس ایک عظیم قوم بننے کے بجائے تنہائی کا شکار ہو رہا ہے۔

    پارکر نے سابق روسی جاسوس سرگئی اسکریپل اور ان کی بیٹی یولیا پر روس کی جانب سے اعصابی گیس کے حملے کی بھی شدید مذمت کی۔ روس اس حملے میں ملوث ہونے سے انکار کرچکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ روس کا یہ حملہ عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

    میٹنگ میں تقریر کرتے ہوئے پارکر نے متنبہ کیا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم داعش یورپ پر مزید تباہ کن حملے کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس برطانوی پارلیمنٹ کے باہر حملے کے بعد سے برطانیہ میں داعش کے 12 حملوں کو روکا جاچکا ہے۔ ان کے مطابق اب جبکہ عراق اور شام میں داعش کی خود ساختہ خلافت خاتمے کے قریب ہے، تو اب اس کی نظر یورپی ممالک پر ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاک بحریہ کے سربراہ کو اعلیٰ ترین سعودی عسکری ایوارڈ تفویض

    پاک بحریہ کے سربراہ کو اعلیٰ ترین سعودی عسکری ایوارڈ تفویض

    ریاض: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ کو سعودی عرب میں اعلیٰ ترین عسکری ایوارڈ سے نوازا گیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ ’کنگ عبد العزیز میڈل آف ایکسیلینس‘ سے نوازا گیا۔

    ترجمان کے مطابق ایوارڈ کی تقریب سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقد ہوئی جہاں رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف جنرل اسٹاف نے پاک بحریہ کے سربراہ کو ایوارڈ سے نوازا۔

    سعودی عرب کا یہ اعلیٰ ترین عسکری ایوارڈ سابق سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کو بھی تفویض کیا جا چکا ہے۔

    اس موقع پر ایڈمرل ذکا اللہ اور رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف جنرل عبدالرحمٰن بن صالح کے درمیان دو طرفہ ملاقات بھی ہوئی۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ عبد الرحمٰن بن صالح نے امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایڈمرل ذکا اللہ کی سعودی نیول فورسز کے سربراہ سے بھی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے بحری تعاون اوربحیرہ عرب کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    یاد رہے کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ 8 اکتوبر سنہ 2017 کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہورہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: آرمی چیف سے پاک بحریہ کے سربراہ کی الوداعی ملاقات

    انہیں سابق سربراہ پاک بحریہ محمد آصف سندیلہ کے بعد سنہ 2014 میں پاک بحریہ کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

    پاک بحریہ میں اپنی خدمات کے دوران ایڈمرل ذکا اللہ کو نشان امتیاز، ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز، پرائڈ آف پرفارمنس اور اعزازی شمشیر (سورڈ آف آنر) سے بھی نوازا جا چکا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • افغانستان میں داعش کا سربراہ ہلاک ‘اشرف غنی

    افغانستان میں داعش کا سربراہ ہلاک ‘اشرف غنی

    کابل: افغان صدر اشرف غنی کاکہناہےکہ افغانستان میں دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ کاسربراہ عبدالحسیب اسپیشل فورسز کےآپریشن میں ماراگیا۔

    تفصیلات کےمطابق افغان صدر اشرف غنی کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش کا افغانستان میں سربراہ عبد الحسیب صوبہ ننگرہار میں آپریشن کےدوران اپنے35ساتھیوں کےساتھ ماراجاچکاہے۔

    افغان حکام کا کہنا ہےکہ دولتِ اسلامیہ کے سربراہ کی ہلاکت 10 روز قبل افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں ہونے والے اسپیشل فورسز کےآپریشن کےدوران ہوئی۔


    افغانستان میں داعش کےخلاف کارروائی‘2امریکی فوجی ہلاک


    افغان صوبے ننگرہار میں ہونے اس آپریشن میں 2 امریکی فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوئے تھے۔

    خیال رہےکہ عبدالحسیب رواں سال مارچ میں کابل کےمرکزی ملٹری اسپتال میں ہونے والےحملے سمیت افغانستان میں ہونے والے کئی ہائی پروفائل حملوں کے احکامات جاری کرچکا تھا۔

    یاد رہےکہ گذشتہ ماہ پینٹاگون سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ممکنہ طور پر عبد الحسیب کی ہلاکت امریکی اور افغان اسپیشل فورسز کے حملے میں ہو چکی ہے۔

    واضح رہے کہ افغانستان کے صوبے ننگرہار کو داعش کا گڑھ سمجھا جاتا ہے،جہاں امریکی و اتحادی افواج کو سب سے زیادہ مخالفت کا سامنا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں

  • سعودی عرب: اہم کاروباری اداروں کی سربراہی خواتین کے سپرد

    سعودی عرب: اہم کاروباری اداروں کی سربراہی خواتین کے سپرد

    ریاض: سعودی عرب میں دو اہم کاروباری اداروں کے سربراہ کی حیثیت سے خواتین کا تقرر کردیا گیا۔

    سعودی عرب کے ایک بڑے بینک نے اپنے چیف ایگزیکٹو کے طور پر رانیہ محمود نشر کو تعینات کیا ہے۔ سامبا فنانشنل گروپ کا کہنا ہے کہ رانیہ محمود اس شعبے میں 20 سال کا تجربہ رکھتی ہیں اور وہ اس عہدے کی اہل ہیں۔

    سامبا کے مطابق رانیہ وہ پہلی سعودی خاتون ہیں جنہیں ایک معتبر امریکی ادارے نے اینٹی منی لانڈرنگ کی ماہر قرار دیا تھا۔

    مذکورہ بینک کا یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب چند روز قبل سعودی اسٹاک ایکسچینج بھی اپنے بورڈ کے چیئرمین کے لیے سارہ السہیمی کا تقرر کر چکا ہے۔

    مزید پڑھیں: میں اپنی سرپرست خود ہوں، سعودی خواتین کا احتجاج

    ماہر اقتصادیات سارہ السہیمی بھی اس سے قبل ایک بینک کی سربراہ رہ چکی ہیں۔ وہ 2014 میں اس عہدے پر تعینات ہونے والی پہلی سعودی خاتون تھیں۔

    سعودی عرب کے معاشرے میں گو کہ خواتین کے لیے بے حد حدود و قیود ہیں تاہم حالیہ معاشی بحران کی وجہ سے سعودی عرب اب اپنی افرادی قوت اور معیشت میں زیادہ سے زیادہ خواتین کی شمولیت چاہتا ہے۔

    سعودی عرب دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہاں خواتین کے گاڑی چلانے پر بھی پابندی عائد ہے۔

    کچھ عرصہ قبل سعودی شہزادے ولید بن طلال نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ سعودی عرب میں خواتین کی ڈرائیونگ پر عائد پابندی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو ڈرائیونگ سے محروم کرنا ایسا ہی ہے جیسے انہیں ان کے بنیادی حق سے محروم کردیا جائے۔

  • وزیر اعظم اور پاک بحریہ کے سربراہ کے درمیان ملاقات

    وزیر اعظم اور پاک بحریہ کے سربراہ کے درمیان ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ نے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں وزیر اعظم نواز شریف اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ کے درمیان ملاقات ہوئی۔

    ترجمان کے مطابق ملاقات میں قومی سلامتی اور پاک بحریہ کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بحری سلامتی سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔

    ملاقات میں وزیر اعظم نے ملک کی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔