Tag: سرجانی ٹاؤن

  • ڈاکوؤں کے گروہ نے شہریوں کو یرغمال بنا کر قربانی کے جانور لوٹ لیے، موٹر سائیکل اسکواڈ کو پہنچنے میں تاخیر

    ڈاکوؤں کے گروہ نے شہریوں کو یرغمال بنا کر قربانی کے جانور لوٹ لیے، موٹر سائیکل اسکواڈ کو پہنچنے میں تاخیر

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 15 میں ڈاکوؤں کے ایک گروہ نے شہریوں کو یرغمال بنا کر قربانی کے جانور لوٹ لیے۔

    سرجانی ٹاؤن پولیس کے مطابق سیکٹر پندرہ میں 6 سے 8 رکنی گینگ نے واردات کی، ڈاکوؤں نے پک اپ اور موٹر سواروں کو ویران علاقے میں لے جا کر یرغمال بنایا۔

    ڈاکوؤں نے 2 شہریوں کو باندھ کر قربانی کے جانور خالی پک اپ پر منتقل کیے، ڈاکوؤں نے ایک پک اپ اور موٹر سائیکل کو بھی روکا، پک اپ پر 3 گائیں لدی ہوئی تھیں، تاہم پولیس کو دیکھ کر ڈاکو 2 گائیں چھوڑ کر موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق موٹر سائیکل اسکواڈ نے کارروائی کر کے ایک گائے اور سوزوکی پک اپ کو لٹنے سے بچا لیا، موٹر سائیکل اسکواڈ نے بتایا کہ اندھیرے کے باعث کارروائی میں معمولی تاخیر ہوئی، تاہم علاقے میں گشت بڑھا دیا گیا ہے۔


    کراچی : کیٹل فارم میں ڈکیتی کی بڑی واردات، ڈاکو لاکھوں مالیت کے مویشی لوٹ کر فرار


    واضح رہے کہ عید الاضحیٰ آتے ہی کراچی سمیت سندھ کے شہروں میں ڈاکوؤں کا رخ قربانی کے جانور لوٹنے کی وارداتوں کی جانب ہو جاتا ہے، چار دن قبل بھی کراچی میں ایک کیٹل فارم میں ڈکیتی کی بڑی واردات میں 10 سے زائد ڈاکو باڑے سے لاکھوں مالیت کے مویشی لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔

    یہ واردات کاٹھوڑ کے قریب واقع کیٹل فارم پر کی گئی تھی، ڈاکوؤں نے 13 بیل اور بچھیا لوٹ لیے تھے، کیٹل فارم انتظامیہ نے بتایا کہ رات 2 سے 4 کے درمیان 10 سے زائد ڈاکوؤں نے واردات کی، ڈاکوؤں کا گروہ ٹرک بھی ساتھ لایا تھا، چھینے گئے مویشی کی مالیت 30 سے 40 لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے‌۔

  • کراچی : 12 سالہ بچی کی گھر سے پھندا لگی لاش برآمد

    کراچی : 12 سالہ بچی کی گھر سے پھندا لگی لاش برآمد

    کراچی : سرجانی ٹاؤن میں بارہ سالہ بچی کی گھر سے پھندہ لگی لاش ملی تاہم واقعہ قتل کا ہے یا کچھ اور پولیس نے تحقیقات شروع کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن شاہ بیگ گوٹھ میں گھر کے اندر سے 12 سالہ بچی کی پھندا لگی لاش ملی۔

    پولیس موقع پر پہنچی تو لاش لٹکی ہوئی تھی، ۔بچی کے اہلخانہ نے بتایا کہ وہ سو رہے تھے اٹھے تو بچی کی لاش دوسرے کمرے سے ملی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ قتل کا ہے یا کچھ اور ، تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، 12 سالہ مہک کا پوسٹ مارٹم عباسی شہید ہسپتال سے کرایا گیا ہے، جس کی رپورٹ انے کے بعد وجہ موت کا تعین ہو سکے گا۔

    مزید پڑھیں : لیاقت آباد میں ندی سے 8 سالہ بچی کی لاش برآمد

    پولیس نے بتایا کہ بچی پرکسی قسم کےتشددکےشواہدنہیں ملے اور میڈیکل چیک اپ کےدوران زیادتی کےشواہد بھی نہیں ملے تاہم لواحقین نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش وصول کرلی ہے اور ورثا نے مقدمے کے اندراج یا قانونی کارروائی سے انکار کیا ہے۔

    متوفیہ کے والد اورتایا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ میں نے اپنی بچی کو اپنے بڑے بھائی کو دے دیا تھا ، آج میرے بھائی کے میرے پاس کال آئی کہ بچی کا انتقال ہو گیا ہے۔

    تایا کا کہنا تھا کہ ہمارے گھر کے ساتھ ہی چیز کی دکان ہے، جہاں بچی کام سنبھالےہوئی تھی، بیوی کے شور سے اٹھا تو پتہ چلا کہ بچی کی لاش دوپٹے سے لٹکی ہوئی تھی۔

  • سرجانی ٹاؤن میں چھت منہدم، گھر کے تمام افراد زخمی، ایک بچی جاں بحق

    سرجانی ٹاؤن میں چھت منہدم، گھر کے تمام افراد زخمی، ایک بچی جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں چھت منہدم ہونے سے گھر کے تمام افراد زخمی ہو گئے، جب کہ ایک بچی جاں بحق ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 4 ڈی میں مکان کی چھت گر گئی، حادثے میں زخمی ہونے والی 12 سالہ بچی دوران علاج جاں بحق ہو گئی، چھت کے ملبے تلے دب کر 9 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی 8 افراد عباسی اسپتال میں زیر علاج ہیں، زخمیوں میں میاں بیوی اور ان کے 6 بچے شامل ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

    ادھر سندھ کے شہر سانگھڑ کے سیال گوٹھ میں کچن میں آگ لگنے سے جھلس کر زخمی ہونے والی لڑکی چل بسی ہے، گزشتہ روز 16 سالہ لڑکی چولہے میں گیس لیکیج سے آگ لگنے سے جھلس گئی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ 70 فی صد جھلسنے والی لڑکی کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، لڑکی نے زخمی ہونے کے بعد ویڈیو بیان میں کچن میں آگ سے جھلسنے کا بتایا۔

  • کراچی میں ڈمپر نے باپ بیٹے سمیت 3 افراد کی جان لے لی

    کراچی میں ڈمپر نے باپ بیٹے سمیت 3 افراد کی جان لے لی

    کراچی: شہر قائد میں ایک ڈمپر نے باپ بیٹے سمیت 3 افراد کی جان لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈمپر حادثات نہ رک سکے، ایک اور افسوس ناک حادثے میں ایک خاندان کی زندگی کا چراغ گل ہو گیا، یہ واقعہ سرجانی ٹاؤن میں ناردرن بائی پاس پر پیش آیا جس میں ایک ڈمپر نے کار کو ٹکر ماری۔

    ریسکیو حکام کے مطابق اس حادثے میں کار سوار باپ بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، جاں بحق افراد منگھوپیر کے علاقے گل محمد قلندرانی گوٹھ کے رہائشی تھے۔

    یاد رہے کہ 9 مئی کو بھی کراچی میں ہیوی ٹریفک نے ایک فیملی کو اجاڑ دیا تھا، جب ایک ٹرک نے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹے کو کچل دیا تھا۔ یہ حادثہ اورنگی 15 نمبر میں تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے پیش آیا تھا۔


    کراچی میں تیز رفتار ٹرک نے باپ بیٹے کو کچل دیا


    پولیس کا کہنا تھا کہ باپ اور بیٹے کی جانیں لینے کے بعد ڈرائیور ٹرک سمیت فرار ہو گیا تھا، جاں بحق باپ بیٹے کی شناخت عرفان اور منصور کے نام سے کی گئی تھی، پولیس کے مطابق بیٹا فرسٹ ایئر کا طالب علم تھا جسے باپ کالج چھوڑنے جا رہا تھا، جاں بحق افراد کا آبائی تعلق گلگت سے تھا جب کہ وہ منگھو پیر کے رہائشی تھے۔

  • کراچی :  چھری کے وار سے ایک شخص قتل کردیا گیا

    کراچی : چھری کے وار سے ایک شخص قتل کردیا گیا

    کراچی: سرجانی ٹاؤن سیکٹر الیون اے میں چھری کے وار سے ایک شخص قتل کردیا گیا، واقعہ کے بعد بہن اور بہنوئی فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقہ سرجانی ٹاؤن سیکٹرالیون اے میں ایک شخص کو چھری کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔

    پینتالیس سالہ عبدالعلیم بہن بہنوئی کے ساتھ رہائش پذیر تھا،پولیس نے بتایا کہ عبدالعلیم جھگڑے کے دوران گھریلو چھری لگنے سے جاں بحق ہوا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ کے بعد بہن اور بہنوئی موقع سے فرار ہوگئے تاہم آلہ قتل برآمد کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔

    یاد رہے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن فرید کالونی میں شوہر نے بیوی کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔

    پولیس کے مطابق واقعہ مومن آباد تھانے کی حدود میں پیش آیا، خاتون کی شناخت ثنا کے نام سے ہوئی پولیس کے مطابق خاتون کو اس کے شوہر عارف نے قتل کیا اور گھر سے فرار ہو گیا تھا۔

  • کراچی : ایک اور بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا

    کراچی : ایک اور بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا

    کراچی میں ایک اور بچہ انتظامیہ کی نااہلی کی بھینٹ چڑھ گیا، سرجانی ٹاؤن میں کھلے مین ہول میں 3 سالہ  بچہ گر کر لقمہ اجل بن گیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سرجانی ٹاؤن کے علاقے حسن بروہی گوٹھ میں ایک بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا، بچےکی شناخت 3سال کے اسداللہ ولد محمد فیصل کے نام سے ہوئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں تاہم بچے کو زندہ نہیں نکالا جاسکا۔

    جب بچے کی والدہ نے اسے گھر میں نہ پایا تو تلاش شروع کی گئی جس کے بعد مین ہول میں جھانکنے پر پتا چلا کہ بچہ اس میں گرچکا ہے۔

    ریسکیو حکام  نے بتایا کہ اسداللہ کی لاش کو گٹر سے نکال کر ضابطے کی کارروائی کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق متوفی بچہ گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک اس میں گرگیا، بچے کے والد نے صفائی کیلئے خاکروب کو بلایا ہوا تھا۔

    بعد ازاں بچے کا والد اپنے کام پر چلا گیا، خاکروب بھی صفائی کرنے کے بعد مین ہول کھلا چھوڑ کر روانہ ہوگیا۔ خاکروب کے جانے کے بعد بچہ کھیلتے ہوئے اس میں گر کرجاں بحق ہوا، متوفی بچہ 6 بہن بھائیوں میں سے چوتھے نمبر پر تھا، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : کھلے مین ہول میں دو بچے گرگئے، ایک جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جنوری میں کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی دو نمبر کے قریب 8 سالہ بچہ مین ہول میں گر کر جان کی بازی ہار گیا تھا۔

    دو بچوں کی مین ہول میں گرنے کی خبر ملنے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر دونوں معصوم بچوں کو زندہ باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن اس دوران ایک بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔

  • شادی میں فائرنگ : ایک اور بچہ اپنی جان گنوا بیٹھا

    شادی میں فائرنگ : ایک اور بچہ اپنی جان گنوا بیٹھا

    کراچی : شہر قائد کے علاقے سرجانی تیسر ٹاؤن میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے مزید ایک اور بچہ جان کی بازی ہار گیا، اموات کی تعداد دو ہوگئی۔

    ریسکیو حکام کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والا چھ سالہ بچہ ایلن شہزاد بھی دوران علاج دم توڑ گیا، فائرنگ کا تیسرا زخمی30 سالہ روبن اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

    ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شادی میں فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کرکے3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق تیسر ٹاؤن سیکٹر 35 سی میں ایک شادی کی تقریب کے دوران کچھ افراد نے ہوائی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک بچہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرا بچہ اور ایک شخص زخمی ہوگیا تھا۔

    جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 6 سالہ بنجو کے نام سے ہوئی تھی جبکہ زخمی ہونے والوں میں 6 سالہ ایلن شہزاد اور 30 ​​سالہ رابن بابر شامل ہیں، انہیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر اہلکار موقع پر پہنچے تو اور فائرنگ میں استعمال ہونے والا 9 ایم ایم پستول برآمد کرلیا، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔

    سرجانی تھانے کے ایس ایچ او کے مطابق شادی کی تقریب کرسچن محلہ میں ہوئی، مشتبہ شخص مقتول کا رشتہ دار ہے، جو فرار ہونے میں کامیاب رہا لیکن اپنی پستول چھوڑ گیا۔

  • کراچی: سرجانی  ٹاؤن میں واٹر ٹینکر نے بزرگ شہری کی جان لے لی

    کراچی: سرجانی ٹاؤن میں واٹر ٹینکر نے بزرگ شہری کی جان لے لی

    کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں بے قابو واٹر ٹینکر نے بزرگ شہری کی جان لے لی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کی ٹکر سے موٹر سائیکل بزرگ شہری جاں بحق ہوگئے، 70 سال کے عبدالوحید کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی۔

    پولیس نے واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے لیا۔

    واضح رہے کہ بے لگام ہیوی ٹریفک کی ٹکر سے رواں ماہ جنوری کے صرف 17 دنوں میں 37 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

    تین روز قبل  لیاقت آباد سپر مارکیٹ کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو کچل ڈالا، افسوسناک حادثے میں موٹر سائیکل سوار شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا تھا۔

    ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا جبکہ مشتعل افراد کی جانب سے ٹرک کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی جسے پولیس نے ناکام بنادیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی کراچی کے علاقے گل بائی پر ٹرالر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں ماں اور ایک سال کا بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔

  • کراچی : مدرسہ کا معلم نوجوان نامعلوم گولی سے جاں بحق

    کراچی : مدرسہ کا معلم نوجوان نامعلوم گولی سے جاں بحق

    کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن لیاری باون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہری کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت محمد خالد کے نام سے ہوئی ہے جو سرجانی ٹاؤن خدا کی بستی کا رہائشی تھا۔

    مقتول محمد خالد کے بھائی اور چچا کی اے آر وائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 25 سالہ محمد خالد مدرسے میں بچوں کو پڑھاتا تھا اس کی ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی تھی۔

    مقتول کے بھائی واجد کا کہنا تھا کہ محمد خالد8بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا،گھر سے سودا سلف لینے بازار گیا تھا۔ اہل محلہ نے گھر پر خالد کو گولی لگنے کی اطلاع دی۔

    مقتول کے چچا نے بتایا کہ خالد کے والدین نہیں ہیں، میں نے ہی ان سب بچوں کی پرورش کی، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، خالد سے کچھ نہیں چھینا گیا۔

  • کراچی سرجانی ٹاؤن میں گھر میں گھس کر ڈاکوؤں کی فائرنگ، ایک بھائی جاں بحق 3 زخمی

    کراچی سرجانی ٹاؤن میں گھر میں گھس کر ڈاکوؤں کی فائرنگ، ایک بھائی جاں بحق 3 زخمی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں گھر میں گھس کر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک بھائی جاں بحق، 3 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن، شاہ بیگ گوٹھ کے قریب ایک گھر میں گھسے ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا، ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص کے تین بھائی فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔

    زخمی بلال نے میڈیا کو بتایا ’’ہم چاروں بھائیوں کو گھر کے اندر ڈکیتی مزاحمت پر گولیاں ماری گئیں، ہم سو رہے تھے کہ ماسک پہنے 5 سے 6 ڈاکو گھر میں گھس آئے۔‘‘ بلال نے بتایا ’’ڈاکوؤں کے پاس اسلحہ اور چھریاں موجود تھیں، ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کی، اور گھر سے 3 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔‘‘

    زخمی بلال کے مطابق انھوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر پولیس کے حوالے بھی کر دیا ہے، انھوں نے بتایا کہ احسن آباد کے علاقے میں ان کی گوشت کی دکان ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک و زخمی تمام افراد اسپتال منتقل کیے گئے، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جب کہ واقعےمیں زخمی ساجد کو کمر اور پیٹ میں 2 گولیاں لگی ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت دانیال کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمیوں کے نام ساجد، بلال اور عامل ہیں، 7 ڈاکورات گئے گھر میں داخل ہوئے اور خواتین سے دست درازی کی، جس پر تینوں بھائی مشتعل ہو گئے اور مزاحمت کی، پولیس حکام کے مطابق اہل محلہ نے ایک ڈاکو پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کیا، شواہد کی مدد سے دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔