Tag: سرجری

  • شاداب خان کے کندھے کی سرجری، ایشیا کپ کھیلیں گے یا نہیں؟

    شاداب خان کے کندھے کی سرجری، ایشیا کپ کھیلیں گے یا نہیں؟

    کراچی: قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کے کندھے کی سرجری آج لندن میں کی جائے گی، ہوگی، آل راؤنڈر بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ اس کے علاوہ آل راؤنڈ کی ایشیا کپ میں بھی شرکت مشکوک ہے۔

    رپورٹس کے مطابق قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کو کندھے کی سرجری کے بعد مکمل فٹ ہونے میں 6 سے 12 ہفتے لگ سکتے ہیں۔

    پی ایس ایل میں شاداب کی زیر قیادت اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اعزاز کا دفاع نہیں کر سکی تھی۔ شاداب کو دورہ نیوزی لینڈ اور پھر بنگلا دیش سے ہوم سیریز میں کپتان سلمان علی آغا کا نائب بنایا گیا تھا۔

    قومی ٹیم کے آل راؤنڈر نے بنگلا دیش سے ہوم سیریز کے تین میچز میں 4 وکٹیں لیں اور 2 اننگز میں 55 رنز بنائے، اب رواں ماہ گرین شرٹس کو جوابی ٹور کرنا ہے، البتہ ٹیم میں شاداب شامل نہیں ہوں گے، کیونکہ وہ کندھے کی انجری کا شکار ہیں جس کی لندن میں آج جمعہ کو سرجری ہے، انھیں مکمل فٹ ہونے میں 6 سے 12 ہفتے لگ سکتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق شاداب کو گزشتہ کچھ عرصے سے کندھے میں تکلیف کا سامنا تھا جس سے انھیں گیند تھرو کرنے میں دشواری ہوتی تھی، معاملہ اس وقت سنگین رخ اختیار کر گیا جب بنگلا دیش سے سیریز میں گگلی کرتے ہوئے بھی وہ مشکلات محسوس کرنے لگے، جب وہ تعطیلات گزارنے انگلینڈ گئے تو وہاں ایم آر آئی اسکین سے انجری کی سنگینی کا علم ہوا، ڈاکٹر نے انھیں فوری طور پر سرجری کرانے کا مشورہ دیا۔

    شاداب چونکہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی ہیں لہٰذا ان کی میڈیکل اخراجات بورڈ کی جانب سے ہی ادا کیے جانے کا امکان ہے۔

    شاداب نے سوچا کہ ابھی وہ 26 سال کے ہیں اور آگے بڑا کیریئر موجود ہے جسے خطرے میں نہیں ڈالنا چاہیے، وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں ٹیم کو چیمپیئن بنوانے کے لئے پرعزم ہیں، اس لیے ابھی سرجری کا فیصلہ کیا ہے، پی سی بی ان حقائق سے واقف ہے۔

    ’ویسٹ انڈیز میں پاکستان جیت گیا تو بھول جائیں کہ بابر اور رضوان ورلڈ کپ کھیلیں گے‘

    شاداب اب تک 6 ٹیسٹ، 70 ون ڈے انٹرنیشنل اور 112 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 1947 رنز بنائے جبکہ 211 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

  • قومی ٹیم کی سرجری نہ ہوئی تو چیئرمین پی سی بی استعفیٰ دیدیں، باسط علی

    قومی ٹیم کی سرجری نہ ہوئی تو چیئرمین پی سی بی استعفیٰ دیدیں، باسط علی

    پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی سرجری نہ ہوئی تو چیئرمین پی سی بی عہدے سے استعفیٰ دیدیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہرلمحہ پرجوش میں گفتگو کرتے ہوئے موجودہ تجزیہ کار اور سابق قومی کرکٹر باسط علی کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی نے قومی ٹیم میں سرجری کا کہا تھا، چیئرمین پی سی بی مضبوط آدمی ہیں سب کو ٹھیک کردیں گے۔

    باسط علی نے کہا کہ قومی ٹیم کی اب بھی سرجری نہ ہوئی تو آئندہ اس سے بھی بُرا حال ہوگا، نیوزی لینڈ کی چھوٹی ٹیم آئی تھی تو ہمیں بھی نئے لڑکوں کو چانس دینا چاہیے تھا۔

    پاکستان کو فاسٹ بولنگ میچ نہیں جتوا سکتی، باسط علی

    سابق پاکستانی بیٹر نے کہا کہ حسن چیمہ ٹی وی پرفٹبال سے متعلق پروگرام کرتے تھے، فٹبال کا پروگرام کرنے والے حسن چیمہ قومی ٹیم کی سلیکشن کررہے ہیں۔

    کامران اکمل نے کہا کہ قومی ٹیم گزشتہ 9 سال میں کوئی ایونٹ نہیں جیتی، سلیکشن کمیٹی میں نان پروفیشنل لوگ ہونگے تو یہی حال ہوگا۔

    قومی ٹیم کے سابق بیٹر نے کہا کہ گروپ بندی کے چکر میں قومی ٹیم کو خراب کیا گیا، ڈومیسٹک کرکٹ انھیں دی ہوئی ہے جنھیں کرکٹ کا پتہ ہی نہیں، قومی ٹیم کا جس دن اعلان ہوا تھا ہم اسی دن چیمپئنزٹرافی سے باہر ہوگئے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-india-match-mohsin-naqvi-dubai-meet-national-team/

  • ہڈیوں کا کینسر : مریض مکمل صحت یاب ہوسکتا ہے اگر ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ !!

    ہڈیوں کا کینسر : مریض مکمل صحت یاب ہوسکتا ہے اگر ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ !!

    ہڈیوں کا سرطان (بون کینسر) ایک سنگین اور پیچیدہ بیماری ہے جو ہڈیوں کے بافتوں میں خلیوں کی غیر معمولی اور بے قابو نشوونما کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔

    انسانی جسم میں کسی بھی حصے میں کینسر کے خلیے نشونما پاسکتے ہیں، ہڈیوں کے کینسر کو بھی عام اقسام میں سے ایک سمجھا جاتا ہے یعنی اس کے نسبتاً کم کیسز دیکھنے یا سننے میں آتے ہیں۔

    قابل تشویش بات یہ ہے کہ ہڈیوں کے کینسر کے زیادہ کیسز بڑی عمر کے افراد کی نسبت بچوں اور نوجوانوں میں زیادہ دیکھے جاتے ہیں۔

    وجوہات کیا ہیں :

    ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ہڈیوں کا سرطان (بون کینسر) زندگی کے کسی بھی مرحلے پر ہو سکتا ہے لیکن اس کا خطرہ خواتین کے مقابلے مردوں میں قدرے زیادہ ہوتا ہے۔

    ہڈیوں کے کینسر کی چار اقسام ہیں۔ اوسٹیو سارکوما، ایونگ سارکوما، کونڈروسارکوما اور چوڈروما۔ ان میں اوسٹیو سارکوما کے کیسز سب سے زیادہ دیکھے جاتے ہیں اور نوجوانوں میں اس کے کیسز زیادہ دیکھے جاتے ہیں۔

    کونڈروسارکوما بوڑھوں میں زیادہ عام ہے۔ ہڈیوں کے کینسر کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں جن میں سے کچھ درج ذیل ہیں۔

    جینیاتی عوامل : اگر خاندان میں کسی کو ہڈیوں کا کینسر ہو گیا ہو تو دوسرے افراد میں اس کے ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

    آئنائزنگ تابکاری (ریڈی ایشن ): ریڈیشن سے ہڈیوں کے کینسر کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ یہ ریڈی ایشن تھراپی کے علاج یا جوہری حادثات کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔

    دیگر کینسر : بعض صورتوں میں جسم کے دوسرے حصوں میں کینسر ہڈیوں تک پھیل سکتا ہے۔ اسے میٹاسٹیٹک بون کینسر کہا جاتا ہے۔

    ہڈیوں کا کینسر

    ہڈی کے کینسر کی علامات

    ماہرین صحت کے مطابق ہڈیوں کے کینسر کی علامات متاثرہ حصے اور کینسر کے اثر کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہیں۔

    یہاں یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ اس کینسر کی بعض اقسام میں بیماری کے ابتدائی مراحل میں علامات مبہم ہو سکتی ہیں لیکن جوں جوں بیماری کا اثر بڑھنا شروع ہوتا ہے، علامات کو سمجھا جا سکتا ہے بشرطیکہ انسان اپنی صحت اور جسم کے بارے میں خیال رکھتا ہو۔

    ہڈیوں ک سرطان (بون کینسر) کی کچھ عام علامات جو تقریباً تمام قسم کے کینسر میں دیکھی جا سکتی ہیں وہ درج ذیل ہیں۔

    ہڈیوں میں درد ہڈیوں کے کینسر کی سب سے عام علامت ہے، یہ درد رات کے وقت یا سرگرمیوں کے دوران بڑھ سکتا ہے، متاثرہ جگہ پر سوجن ہو سکتی ہے، جو جلد پر دکھائی یا محسوس ہو سکتی ہے۔

    ہڈیاں کمزور یا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو سکتی ہیں جس کی وجہ سے ہڈیاں آسانی سے ٹوٹ سکتی ہیں۔

    تشخیص اور علاج

    بعض سنگین صورتوں میں ہڈیوں کے کینسر کی وجہ سے جسم کے متاثرہ حصے کو سرجری کی مدد سے جسم سے نکالا جا سکتا ہے، جیسے کہ اگر کینسر کسی کی ٹانگ کی ہڈی میں سنگین شکل اختیار کر گیا ہو اور اس کا علاج کیا جا سکتا ہے۔

    دوا اور عام علاج سےاس کا علاج مشکل ہو تو اس ٹانگ کو سرجری کے ذریعے جسم سے الگ کیا جا سکتا ہے تاکہ کینسر کو جسم کے دوسرے حصوں میں پھیلنے سے روکا جا سکے۔

    لیکن آج ہڈیوں کے کینسر کے حوالے سے طب کے شعبے میں کافی ترقی ہوئی ہے، اس قسم کی حالت میں اصلی یا مصنوعی ہڈی کی پیوند کاری یعنی کینسر والی ہڈی کو جسم سے باہر نکالا جا سکتا ہے اور جسم کے کسی دوسرے حصے سے مصنوعی ہڈی اس کی جگہ پیوند کی جا سکتی ہے۔

    وہ بتاتے ہیں کہ ہڈیوں کے کینسر کے عام علاج کے لیے ڈاکٹر سرجری، ریڈی ایشن تھراپی، ادویات، کیموتھراپی اور کچھ دوسری قسم کی تھراپی جیسے طریقہ کار کو اپناتے ہیں لیکن کینسر سے مکمل صحت یابی یا اس کے علاج کی مکمل کامیابی کا انحصار اس بات پر بھی ہے کہ کینسر کس قسم اور کس جگہ میں پھیل رہا ہے۔

    اس کے علاوہ اگر بروقت علاج شروع کر دیا جائے یعنی شروع میں ہی اس کی علامات کو سمجھ کر علاج کیا جائے تو بہت سے معاملات میں مریض مکمل طور پر ٹھیک ہو جاتا ہے۔

  • عائشہ عُمر کی ’کالر بون‘ سرجری کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

    عائشہ عُمر کی ’کالر بون‘ سرجری کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

    پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل عائشہ عُمر نے اپنی ’کالر بون‘ سرجری کی تصویر سوشل پر شیئر کردی۔

    عائشہ عمر کا شوبز انڈسٹری سے بریک لینے کا اعلان

    گزشتہ روز پاکستان کی معروف اداکارہ و ماڈل عایشہ عُمر نے ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہون نے بتایا تھا کہ  8 سال قبل ایک کار حادثے کے دوران اُن کی کالر یعنی ہنسلی کی ہڈی اور شولڈر بلیڈ کی ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں جس کی سرجری اُنہوں نے یکم رمضان کو کروائی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Ayesha Omar (@ayesha.m.omar)

    اداکارہ نے بتایا تھا کہ وہ کافی عرصے سے اس تکلیف کے ساتھ کام کررہی تھیں لیکن سرجری کے بعد میں چل نہیں سکتی اور اپنی بائیں ٹانگ پر کوئی وزن نہیں ڈال سکتی، صحت یاب ہونے میں کافی وقت لگے گا اس لیے میں 4 ماہ کے لیے انڈسٹری میں کام نہیں کروں گی۔

    اب عائشہ عُمر نے اپنے انسٹاگرام کی اسٹوری میں اپنی ’کالر بون‘ سرجری کی تصویر شیئر کی ہے جس میں اداکارہ کی گردن سے کندھے تک ہونے والی سرجری دیکھی جاسکتی ہے۔

    اس کے علاوہ اداکارہ نے اپنی ’کالر بون‘ کے ایکسرے کی تصویر بھی اپنے مداحوں کے ساتھ انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کی۔

  • بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن اسپتال میں داخل

    بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن اسپتال میں داخل

    لیجنڈری بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن کو سانس کی تکلیف کے بعد ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی سرجری ہوئی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 81 سالہ بالی ووڈ شہنشاہ امیتابھ بچن کو ممبئی کے کوکیلابین اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کی اینجیو پلاسٹی کی گئی ہے۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق انجیو پلاسٹی اداکار کے دل میں نہیں بلکہ ان کی ٹانگ میں کلاٹ کی وجہ سے کی گئی، اس سے قبل اس سال کے شروع میں ان کی کلائی کی سرجری ہوئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق اداکار متعدد تقریبات میں شرکت کے دوران بے چینی محسوس کرنے کی شکایت کررہے تھے بعد ازاں انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے انہیں آپریشن کا مشورہ دیا۔

    بالی ووڈ تجربہ کار اداکار کی حالت اب مستحکم بتائی جارہی ہے اور مبینہ طور پر آپریشن کے بعد وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں یاد رہے کہ تاہم بچن خاندان نے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

  • سرجری کرانے سے عمر کئی سال کم ہوجاتی ہے، بڑا انکشاف

    سرجری کرانے سے عمر کئی سال کم ہوجاتی ہے، بڑا انکشاف

    لائپو سکشن ایک ایسی کاسمیٹک سرجری ہے جس کے ذریعے انسانی جسم کے مختلف حصوں کی چربی ختم کی جاتی ہے، لوگ موٹاپے سے فوری چھٹکارے کیلئے اس طریقہ علاج کو اپناتے ہیں۔

    پاکستان میں تقریباً دس سال قبل لائپو سکشن سرجری متعارف کرائی گئی تھی جس میں آپریشن کے ذریعے جسم سے فالتو چربی نکال لی جاتی ہے۔

    طبی لحاظ سے یہ سرجری کروانا کتنا سود مند یا نقصان دہ ہے اس کی معلومات اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں معروف کوسماٹو لوجسٹ ڈاکٹر خرم مشیر نے ناظرین کو اہم باتیں بتائیں۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں موٹاپے کے خاتمے کے لیے سرجریاں کرائی جاتی ہے، لیکن ماہرین کا ماننا ہے کہ آپریشن کے ذریعے اس کے علاج سے انسانی جسم میں دیگر سنگین امرض جنم لیتے ہیں۔

    ڈاکٹر خرم مشیر نے بتایا کہ موٹاپا کم کرنے کیلئے اس قسم کی سرجری نہیں کروانی چاہیے اس بات کا قوی امکان ہے کہ سرجری کرانے کے بعد انسان کی طبعی عمر 15 سے 16 سال کم ہوجاتی ہے کی جس ٹھوس وجوہات ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کیلئے عمر کی کوئی قید نہیں ہے، جگر کی بیماریوں میں مبتلا لوگ جن کا خون پتلا ہوتا ہے اس کے علاوہ شوگر، بلڈپریشر کے مریضوں کو اس سے احتیاط برتنی چاہیے۔ یہ سرجری ہر قسم کی جلد کیلئے موزوں ہے۔ ہاں اگر آپ کو کسی قسم کی اسکن الرجی ہے تو پھر مسئلہ ہوسکتا ہے۔

  • ایس آئی یو ٹی میں روبوٹک سرجری کا افتتاح

    ایس آئی یو ٹی میں روبوٹک سرجری کا افتتاح

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) میں روبوٹک سرجری کا افتتاح کر دیا، انہوں نے کہا کہ فخر ہے سندھ حکومت نے پورے ملک میں روبوٹک سرجری میں پہل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) میں روبوٹک سرجری اینڈ ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کر دیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ روبوٹک سرجری ایک انقلابی قدم ہے، روبوٹ کے ذریعے انسان کے جسم کے باریک اعضا کی سرجری بھی ہوسکے گی۔ آرٹی فیشل انٹیلی جنس کو چلانے کے لیے بہترین سرجن کا ہونا لازمی ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے ایس آئی یو ٹی کے بانی ڈاکٹر ادیب رضوی اور ان کی ٹیم کو روبوٹک سسٹم لگانے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ فخر ہے سندھ حکومت نے پورے ملک میں روبوٹک سرجری میں پہل کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کی وبا کے دوران ڈاکٹر ادیب رضوی نے اہم کردار ادا کیا ہے، آج تاریخی موقع ہے پاکستان میں پہلی مرتبہ روبوٹک سرجری شروع ہوئی ہے۔

    ایس آئی یو ٹی کے بانی ڈاکٹر ادیب رضوی کا کہنا تھا کہ ہماری روبوٹک سرجری یورپی ممالک کے معیار کے مطابق ہے، روبوٹک سرجری کے لیے ڈاکٹروں اور عملے کو ٹریننگ کی سہولت موجود ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اب ایک عام مریض کا علاج بھی جدید روبوٹک سرجری سے مفت ہوگا، اس سنگ میل کو عبور کرنے میں سندھ حکومت سے بے حد مدد ملی۔

  • ایسی سرجری جس کے بعد کبھی سر درد نہیں ہوگا

    ایسی سرجری جس کے بعد کبھی سر درد نہیں ہوگا

    سر درد کا عارضہ جان لیوا تو نہیں ہوتا لیکن معمول کی سرگرمیوں کو بے حد متاثر کرتا ہے، اب ماہرین نے اس کا انوکھا حل دریافت کیا ہے۔

    برطانوی ماہرین معمولی سی جراحی سے سر درد سے نجات دلانے کی انوکھی کوشش کر رہے ہیں، جس کی بدولت دنیا بھر میں سر درد میں مبتلا مریض اس عارضے سے نجات حاصل کرسکیں گے۔

    برطانیہ کے گائے اینڈ سینٹ تھوماس اسپتال میں ہونے والے اس منفرد آپریشن میں ڈاکٹر مریض کے سر کی کھوپڑی کے ایک معمولی حصے کو ریموو کرکے دماغ میں ٹیفلون (مصنوعی کیمیکل) سے بنا ایک پیچ (ٹکڑا) لگا رہے ہیں۔

    یہ ٹیفلون پیچ جسم کے مرکزی اعصاب سے دماغ کو بھیجے جانے والے درد کے سگنلز کو روک کر مریض کو سر درد کا احساس نہیں ہونے دیتا۔

    گائے اینڈ سینٹ تھوماس اسپتال کے نیورو لوجسٹ ڈاکٹر گیورگی لیمبرو نے اس آپریشن کا طریقہ کار واضح کرتے ہوئے کہا کہ نیورو سرجنز نے کان کے پیچھے سر کے ایک چھوٹے سے ٹکڑے کو احتیاط سے ٹرائگمینل اعصاب (کرینیئل اعصاب کا پانچواں بڑا جوڑا جو اوپتھالمک، میگزیلیری اور میڈیبیولر اعصاب سے منسلک ہوتا ہے) سے علحیدہ کیا۔

    دوسرے مرحلے میں ٹیفلون سے بنے ایک چھوٹے پیڈ کو اعصاب اور آرٹری کو ایک دوسرے سےعلحیدہ رکھنے کے لیے ان کے درمیان رکھا، یہ پیڈ مرکزی اعصاب کی جانب سے دماغ کو بھیجے گئے درد کے سگنلز کی راہ میں حائل ہوا جس سے مریض کو درد کا احساس نہیں ہوسکا۔

    مصنوعی کیمیکل سے بنے ٹیفلون (پولی ٹیٹرا فلوروایتھلین) کا سرجیکل امپلانٹ میں استعمال عام بات ہے کیوں کہ یہ کیمیکل انسانی جسم میں کسی قسم کا ری ایکشن نہیں کرتا جو پیچیدگیوں کا سبب بنے۔

    ڈاکٹر لیمبرو کا کہنا ہے کہ ہمارے اسپتال میں اب تک 50 مریضو ں میں یہ سرجری کی جاچکی ہے اور اس کے نتائج بہت حوصلہ افزا ہیں، جبکہ 70 فیصد سے زائد مریضوں میں سر درد مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے۔

  • ٹک ٹاک کا شوق سرجن کا کیریئر لے ڈوبا

    ٹک ٹاک کا شوق سرجن کا کیریئر لے ڈوبا

    ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک جہاں کچھ افراد کو راتوں رات مشہور کر کے ان کے لیے نئے مواقع پیدا کرسکتی ہے، وہیں ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو اس کی وجہ سے نقصان اٹھانے پر مجبور ہوئے۔

    ایسے ہی افراد میں سے ایک آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والا پلاسٹک سرجن بھی ہے جس کا کیریئر ٹک ٹاک کی وجہ سے ڈوب گیا۔

    ڈاکٹر ڈینیئل نامی یہ سرجن ٹک ٹاک پر 1 کروڑ سے زائد فالوورز رکھتے ہیں اور شہر کے ایک مشہور سرجن ہیں، وہ ٹک ٹاک پر سرجری کی ویڈیوز شیئر کیا کرتے تھے یا پھر ایسی ویڈیوز اپ لوڈ کرتے تھے جس میں وہ پلاسٹک سرجری کے بارے میں معلومات فراہم کر رہے ہوتے تھے۔

    تاہم اب آسٹریلوی ہیلتھ پریکٹیشنر ریگولیشن ایجنسی نے انہیں ہر قسم کے سرجیکل پروسیجر سے روک دیا ہے۔

    ایجنسی نے یہ فیصلہ بے شمار مریضوں کی شکایات کے بعد کیا ہے، مریضوں نے شکایات درج کروائی تھیں کہ مذکورہ ڈاکٹر اکثر سرجری کا عمل بیچ میں روک کر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے لگتے تھے۔

    بعض مریضوں نے کہا کہ دوران پروسیجر وہ تکلیف میں تھے لیکن ڈاکٹر ان پر دھیان دینے کے بجائے ٹک ٹاک بنانے میں مصروف ہوگئے، کچھ نے یہ بھی کہا کہ ان کی سرجری کے عمل میں معمولی غلطیاں بھی ہوئیں جس کی وجہ سے انہیں دوبارہ سرجری کی اذیت سے گزرنا پڑا۔

    زیادہ تر مریضوں کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ان کی اجازت کے بغیر ان کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہے، کچھ نے نشاندہی کروائی کہ وہ سرجری کے درمیان وقفہ لے کر ڈانس ویڈیو شوٹ کرتے تھے۔

    ایجنسی نے تمام شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر ڈینیئل پر سرجیکل پروسیجر انجام دینے پر پابندی لگا دی ہے اور انہیں جنرل پریکٹیشنر کے طور پر اپنا کام جاری رکھنے کا حکم دیا ہے تاہم یہ کام بھی وہ کڑی نگرانی میں کریں گے۔

    ایجنسی نے انہیں اپنے ٹک ٹاک پروفائل سے سرجری سے متعلق تمام مواد ہٹانے کا حکم بھی دیا ہے۔

  • جوتا نگلنے والے مگر مچھ کی سرجری کرنی پڑ گئی

    جوتا نگلنے والے مگر مچھ کی سرجری کرنی پڑ گئی

    امریکا میں ایک مگر مچھ ایک جوتا نگل گیا جسے نکالنے کے لیے ڈاکٹرز کو اس کی سرجری کرنی پڑگئی۔

    امریکی ریاست فلوریڈا کے زولوجیکل پارک میں ایک مگر مچھ اس وقت مشکل میں پڑگیا جب اوپر سے گزرنے والے ایک زپ لائنر کے پاؤں کا جوتا نیچے مگر مچھ کے منہ میں جا گرا۔

    یہ جوتا مگر مچھ کے معدے میں پھنس گیا اور وہ سخت تکلیف میں مبتلا ہوگیا جس کے بعد ڈاکٹر ز کو اس کی سرجری کرنی پڑی۔

    یونیورسٹی آف فلوریڈا کالج آف ویٹرنری میڈیسن کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 11 فٹ طویل مگر مچھ کو 5 فروری کو لایا گیا تھا۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ابتدا میں مگر مچھ نے جوتے کو اگل دیا تھا لیکن کچھ دیر بعد وہ اسے دوبارہ کھا گیا اور اس وقت وہ اس کے معدے میں پھنس گیا۔

    ڈاکٹرز نے مگر مچھ کو قے کروانے کی کوشش بھی کی لیکن جوتا باہر نہ نکل سکا جس کے بعد اس کی سرجری کرنی پڑی۔

    سرجری کے بعد مگر مچھ ایک رات ڈاکٹرز کی نگرانی میں رکھا گیا، اس کے اگلے دن اسے واپس اس کے انکلوژر میں منتقل کردیا گیا جہاں پارک کا عملہ اس کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔