Tag: سرحد پر باڑ

  • یوکرین حملوں سے خوف زدہ فن لینڈ نے اہم قدم اٹھا لیا

    یوکرین حملوں سے خوف زدہ فن لینڈ نے اہم قدم اٹھا لیا

    ہیلسنکی: یوکرین پر روسی حملوں سے خوف زدہ فن لینڈ نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے روسی سرحد پر باڑ لگانے کا عمل شروع کر دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فن لینڈ نے اپنی سیکیورٹی کو بڑھانے کے لیے روس کے ساتھ اپنی سرحد پر 200 کلومیٹر (124 میل) باڑ کی تعمیر شروع کر دی ہے۔

    بی بی سی کے مطابق بارڈر گارڈ نے کہا کہ باڑ 3 میٹر (10 فٹ) لمبی ہوگی، جس کے اوپر خاردار تاریں لگائی جائیں گی۔

    روس کے ساتھ فن لینڈ کی سرحد یورپی یونین کی سب سے لمبی سرحد ہے، جس کی لمبائی 1,340 کلومیٹر (832 میل) ہے، اور اس وقت فن لینڈ کی سرحدیں بنیادی طور پر ہلکی لکڑی کی باڑ سے محفوظ بنائی گئی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق فن لینڈ نے یہ فیصلہ اس لیے کیا ہے کیوں کہ یوکرین میں لڑنے کے لیے بھرتی سے بچ کر بھاگنے والوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے اور جو روسی سرحد آسانی سے پار کر کے فن لینڈ میں داخل ہو جاتے ہیں۔

    یوکرین پر روسی حملے کے بعد بڑی تعداد میں روسی فن لینڈ سے بھاگ رہے ہیں، موجودہ لکڑی کی باڑ خاص طور سے مویشیوں کو سرحد پار کرنے سے روکنے کے لیے ہے، جس کی وجہ سے کوئی بھی شخص آسانی سے اس کو پار کر سکتا ہے۔

    فن لینڈ کی ایماترا سرحدی چوکی پر باڑ کا کام منگل کو شروع کر دیا گیا ہے، جس میں جنگلوں کی کٹائی اور پھر سڑک کی تعمیر کا عمل انجام پائے گا اور پھر باڑ لگانے کا کام مارچ میں شروع کرنے کا منصوبہ ہے، باڑ کے کچھ حصوں میں نائٹ وژن کیمرے، لائٹ اور لاؤڈ اسپیکر لگائے جائیں گے۔

    دوسری طرف فن لینڈ نیٹو اتحاد میں شامل ہونے کے بھی قریب پہنچ گیا ہے۔

  • سرحد پر باڑ لگانے والے فوجیوں پر فائرنگ، افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    سرحد پر باڑ لگانے والے فوجیوں پر فائرنگ، افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سرحد پر باڑ لگانے والے فوجیوں پر فائرنگ کرنے پر افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے والے فوجیوں پر فائرنگ پر شدید احتجاج کیا۔

    ترجمان نے کہا کہ افغانستان سے باڑ لگانے والی ٹیم پر فائرنگ کی گئی، بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید اور ایک زخمی ہوا۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغان حکام اپنے علاقے میں صورت حال کنٹرول کرنے کے ذمہ دار ہیں، پاکستان کا مطالبہ ہے کہ افغان حکومت بارڈر محفوظ بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مغربی سرحد پر فائرنگ کے واقعات، 4 سیکورٹی اہل کار شہید

    واضح رہے کہ آج مغربی سرحد پر فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں 4 سیکورٹی اہل کار شہید اور ایک زخمی ہوا، خیبر پختون خوا کے ضلع دیر میں ہونے والے واقعے میں سرحد پر باڑ لگانے والوں پر افغانستان کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

    شہدا میں لانس نائیک سعید امین آفریدی، لانس نائیک محمد شعیب سواتی اور سپاہی کاشف علی شامل ہیں۔

    28 سال کے لانس نائیک سعید امین آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے تھا، 31 سال کے لانس نائیک محمد شعیب کا تعلق ضلع مانسہرہ سے تھا جب کہ 22 سال کا سپاہی کاشف علی ضلع نوشہرہ کا رہایشی تھا۔

    یاد رہے کہ پاک افغان سرحد پر خاردار تاریں لگانے کا عمل کچھ عرصے سے جاری ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق دسمبر 2019 تک پاک افغان سرحد پر باڑ کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔

  • پاکستان کا جوانوں کی شہادت پر افغانستان سے شدید احتجاج، افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    پاکستان کا جوانوں کی شہادت پر افغانستان سے شدید احتجاج، افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

    اسلام آباد: شمالی وزیرستان میں سیکورٹی اہل کاروں پر حملے کے واقعے پر پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سرحد پار سے حملے میں 3 جوانوں کی شہادت پر افغانستان سے شدید احتجاج کیا، افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

    دفتر خارجہ کے مطابق افغان ناظم الامور کی طلبی ایڈیشنل سیکریٹری کی طرف سے کی گئی، ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ حملے میں 3 سیکورٹی اہل کار شہید اور 7 زخمی ہوئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ 80 دہشت گردوں نے افغان ضلع گیان، برمل سے سرحد عبور کی، دہشت گردوں نے سرحدی باڑ لگانے والے اہل کاروں پر حملہ کیا، پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد دہشت گرد واپس افغانستان فرار ہوئے۔

    ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ دہشت گرد افغانستان کی طرف سیکورٹی نہ ہونے کی وجہ سے فرار میں کام یاب ہوئے، پاکستان اس دہشت گرد حملے کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سرحد پر باڑ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر افغان علاقے سے حملہ ، 3 جوان شہید،7 زخمی

    انھوں نے کہا کہ افغانستان اپنی طرف موجود دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرے، امید کرتے ہیں افغانستان ایسے انتظامات کرے گا کہ آئندہ ایسے حملے نہ ہوں۔

    خیال رہے کہ آج شمالی وزیرستان میں سرحد پر باڑ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر سرحد پار سے حملہ کے نتیجے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید اور 7 زخمی ہوئے ہیں۔