Tag: سردار تنویر الیاس

  • سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے

    سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے

    سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویرالیاس پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سردار تنویر الیاس نے زرداری ہاؤس کراچی میں صدرپیپلز پارٹی شعبہ خواتین فریال تالپور سے ملاقات کی، فریال تالپور نے انہیں پارٹی پرچم پہنایا اور پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خیر مقدم کیا۔

    سردار احمد صغیر اور علی شان سونی نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی، گورنر پنجاب سردارسلیم حیدر، سردار یعقوب خان ملاقات میں شریک تھے۔

    سینیٹر سلیم مانڈی والا، چوہدری ریاض، وزیر داخلہ سندھ ضیاالنجار بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیر آئی ٹی آزاد کشمیر سردار ضیاالقمر نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔

    ترجمان زرداری ہاؤس کے مطابق سردار تنویر الیاس، علی شان سونی اور احمد صغیر نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

    سابق وزیراعظم آزادکشمیر تنویرالیاس نے کہا کہ کشمیر کاز کے لیے پیپلزپارٹی کی کاوشیں بے مثال ہیں، اس موقع پر فریال تالپور نے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے والے افراد کو خوش آمدید کہا۔

    فریال تالپور نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری وزیراعظم بنیں گے تو آزادکشمیر کی  بے مثال ترقی ہوگی، مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی کا خواب حقیقت بنےگا۔

  • سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا آئی پی پی چھوڑنے کا فیصلہ

    سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا آئی پی پی چھوڑنے کا فیصلہ

    سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔

    ذرائع کے مطابق تنویر الیاس نے باضابطہ طور پر پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سردار تنویر الیاس استحکام پارٹی آزاد کشمیر کی صدارت سے بھی جلد مستعفی ہو جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار تنویر الیاس جلد اپنے سیاسی مستقبل کا بھی اعلان کریں گے، سردار تنویر الیاس مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔

    واضح رہے کہ کچھ روز پہلے سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے سردار تنویر الیاس کی نااہلی ختم کر دی تھی۔

  • سردار تنویر الیاس کی ضمانت منظور، رہا کرنے کا حکم

    سردار تنویر الیاس کی ضمانت منظور، رہا کرنے کا حکم

    اسلام آباد: سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت میں سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس پر ڈپلومیٹک پاسپورٹ کےغیرقانونی استعمال کے کیس کی سماعت ہوئی۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ نے تنویر الیاس کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت کی، ایف آئی اے حکام نے کیس کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔

    ایف آئی اےپراسیکیوٹر کی جانب سے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کی ضمانت کی مخالفت کی گئی، تاہم سیشن عدالت نے تنویر الیاس کی ضمانت منظور کرلی۔

    مزید پڑھیں : سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس گرفتار

    جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نےایک لاکھ کےمچلکوں کےعوض ضمانت منظورکی اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    یاد رہے 19 مئی کو مارگلہ پولیس نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کو توڑ پھوڑ کے الزام میں گرفتار کیا تھا.

    تنویر الیاس کے خلاف ایک کمپنی کے دفتر میں توڑ پھوڑ کا الزام تھا ، جس کا مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج تھا۔

  • سردار تنویر الیاس کی نااہلی برقرار،  سزا معطلی کی درخواست مسترد

    سردار تنویر الیاس کی نااہلی برقرار، سزا معطلی کی درخواست مسترد

    مظفر آباد : آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم سردارتنویرالیاس کی ہائی کورٹ کی سزا پر حکم امتناع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نااہلی کو برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    چیف جسٹس راجہ سعید اکرم کی سربراہی میں فل بینچ نے سماعت کی، عدالت نے ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف فیصلہ معطل کرنے کی دائر درخواست خارج کردی اور کہا اپیل کی سماعت کر کے میرٹ پر فیصلہ کیا جائے گا۔

    چیف جسٹس راجہ سعید اکرم نے ریمارکس دیے تنویرالیاس بار بار عدالت کوجوتے کی نوک پررکھنےکی بات کرتےہیں، اگرعدالتوں کوگالیاں نکالیں گے تو ہم عدالتوں میں ہی پوچھیں گے، چوک پر کھڑے ہوکرنہیں پوچھیں گے۔

    عدالت کا کہنا تھا اسمبلی فلور پر کہتے ہیں یہ ججز نوکریوں سے جائیں گے، ہم اللہ کوجواب دہ ہیں، وہ الفاظ کہے گئے جواڈوں پرکہےجاتے ہیں۔

    عدالت نے مزید ریمارکس دیئے کہ کہتےہیں راولاکوٹ سے دھواں نکالوں گا، بڑے بڑے آئے دھواں نکالنے والے اورچلے گئے، رات کونوٹس ہوا اورکہتے ہیں میں اتنا فالتو بیٹھا ہوں کہ عدالت جاؤں۔

    یاد رہے آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت پر نااہل کردیا تھا ، جس کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ میں گزشتہ روز اپیل دائر کی تھی۔

  • سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے سردار تنویر الیاس کی نااہلی کی اپیل خارج کر دی

    سپریم کورٹ آزاد کشمیر نے سردار تنویر الیاس کی نااہلی کی اپیل خارج کر دی

    مظفرآباد:  آزادکشمیر سپریم کورٹ نے آزادکشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کی نااہلی کے خلاف اپیل خارج کردی۔

    سابق وزیراعظم سردارتنویر الیاس کی لیگل ٹیم نے توہین عدالت کیس میں آزادکشمیر ہائی کورٹ کی جانب سے نااہلی کے  فیصلے کے خلاف  پٹیشن سپریم کورٹ میں فائل کی تھی۔

     آزادکشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس  راجہ سعید اکرم  نے سردار تنویر الیاس کے وکلا پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    عدالت نے کہا کہ اپیل کا ٹائٹل درست نہیں اس میں سردار تنویر الیاس کو وزیر اعظم لکھا گیا ہے، اگر وہ وزیر اعظم ہیں تو اپیل دائر کرنے کی ضرورت کیوں ہے۔

    عدالت نے وزیراعظم آزاد کمشیر کو نا اہل قرار دے دیا

    چیف جسٹس سعید اکرم نے وکلا سے مکالمے میں کہا کہ فیصلہ غلط یا ٹھیک ہوا اس پر فیصلہ بعد میں ہوگا، آپ دوبارہ اپیل کریں،ہم دیکھیں گے کہ آج یا کل اسے منظور کرنا ہے کہ نہیں۔

    واضح رہے کہ آزادکشمیر ہائی کورٹ نے وزیراعظم آزادکشمیر تنویر الیاس کو توہین عدالت کیس میں نااہل قرار دے دیا تھا۔

    عدالت نے آزادکشمیر کے وزیراعظم کو عدالت برخاست ہونے تک سزا سنائی اور انہیں کسی بھی پبلک عہدے کے لیے نااہل قرار دیا، آزادکشمیرکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کو توہین عدالت پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔