Tag: سردار رضا

  • الطاف ابراہیم نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کا حلف اٹھا لیا

    الطاف ابراہیم نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کا حلف اٹھا لیا

    اسلام آباد: سردار رضا چیف الیکشن کمشنر کے عہدے سے ریٹائرڈ ہو گئے، جب کہ الطاف ابراہیم قریشی نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کا حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سردار رضا مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد اپنے عہدے سے ریٹائر ہو گئے، قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کے طور پر حلف اٹھانے والے جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی الیکشن کمیشن کے سینئر ممبر ہیں، ممبر کے پی ارشاد قیصر نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر سے حلف لیا۔

    سردار رضا کی ریٹائرمنٹ کے بعد الیکشن کمیشن میں صرف 2 ممبران رہ گئے ہیں، ارکان اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے سلسلے میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک آ چکا ہے، جس کی وجہ سے اپوزیشن اس مسئلے کو سپریم کورٹ لے جا چکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  چیف الیکشن کمشنر کی تقرری ، حکومت نے 3 نام تجویز کردیئے

    عدالت کو دی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ ممکنہ آئینی بحران حل کرنے کے لیے مناسب فیصلہ کرے، ارکان کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ناموں پر غور و فکر کے بعد ختم ہو گیا تھا، پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق نہ ہونے کے بعد آرٹیکل 213 خاموش ہے، آرٹیکل کی خاموشی سے آئینی بحران پیدا ہو جائے گا۔

    وفاقی‌ حکومت کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے 3 نام سامنے آ چکے ہیں، جن میں بابر یعقوب، فضل عباس میکن اور عارف خان شامل ہیں۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے گزشتہ روز کہا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن میں الیکشن کمیشن پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں، آج کل میں ناموں پر اتفاق ہو جائے گا۔

  • شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کے لئے چیلنج ہے، سردار رضا

    شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کے لئے چیلنج ہے، سردار رضا

    لاہور : چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا کا کہنا ہے کہ پنجاب میں شفاف انتخابات الیکشن کمیشن کے لئے چیلنج ہے پنجاب اور سندھ میں صاف شفاف بلدیاتی انتخابات کروا کر قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

    لاہور میں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی زیر صدارت سول بیوروکریسی اور آرپی اوز کا اجلاس ہواجس میں بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

    اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کا کہنا تھا کہ صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

    الیکشن کمیشن کی کوشش ہے کہ انتخابات کی شفافیت پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کی معاونت کے بغیر الیکشن کمیشن شفاف انتخابات نہیں کرواسکتا۔

    اس موقع پر آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد میں تعاون کی یقین دہانی اور کہا کہ الیکشن کمیشن کو جہاں ضرورت پڑی فورس فراہم کریں گے۔

    صوبائی الیکشن کمشنر مسعود ملک نے اجلاس کے دوران سکیورٹی اور عملے کی قلت کی شکایت کی۔

  • الیکشن ٹریبونل روزانہ کی بنیاد پرسماعت کریں، عمران خان

    الیکشن ٹریبونل روزانہ کی بنیاد پرسماعت کریں، عمران خان

    اسلام آباد: تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے پہلی بار نئے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا سے ملاقات کی۔

    تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات میں مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن ٹریبونل روزانہ کی بنیاد پر سماعت کریں۔ عمران خان نے کہا کہ چلے دھاندلی پر انھیں غلط فہمی تھی یا بڑا فراڈ ہوا۔

    تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا سے ملاقات میں درخواست کی ہے کہ دو ٹاسک فورس بنائی جائیں ۔

    عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق  ملنا چاہیئے، پہلی ٹاسک فورس بیرون ملک مقیم 70 لاکھ پاکستانیوں لیئے بنائی جائے، جو ہمیں ترسیلاتِ رز بھیجتے ہیں اور اپنے خاندانوں کو پال رہے ہیں،  ٹاسک فورس اس پر کام کرے کہ آئندہ انتخابات  میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق  کیسے مل سکتا ہے

    انھوں نے کہا کہ دوسری ٹاسک فورس اس پر کام کرے کہ آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مدد سے کرائے جائیں اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی بھرپور مدد کی جائے گی،  ہمیں ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھانا چاہیئے کیونکہ  الیکشن میں جیتنے اور ہارنے والا دھاندلی کا نعرہ لگاتا  ہے۔

    عمران خان نے  اپنے حلقے این اے 122 کے حوالے سے کہا کہ این اے ایک سو بائیس کا چار ماہ میں فیصلہ ہونا تھا، مئی میں دو سال ہوجائیں گے، اسی مہینے این اے ایک سو بائیس کا نتیجہ آئے گا، انھوں نے کہا کہ پنجاب،سندھ اور بلوچستان میں دھاندلی ہوئی، الیکشن کے نتیجے تک اسپیکر قومی اسمبلی کو معطل کیا جائے۔

    چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی نااہلی ثابت ہوگئی ہے، انھیں دھاندلی بھی کرنا نہیں آتی اور ہمیں ایسے شواہد ملیں ہیں جو دھاندلی ثابت کردیں گے، ہم نےدھاندلی شدہ حلقوں کا فرانزگ ٹیسٹ کرایا ہے جس میں ثابت ہوا ہے کہ 50 پولنگ اسٹیشنز میں فارم 14 اور 15 پر پریزائڈنگ افسر کے دستخط الگ الگ ہیں جب کہ 20 پولنگ اسٹیشنز پر فارم 14 میں ایک ہی شخص نے دستخط کئے ہیں اور 19 پولنگ اسٹیشنز میں فارم 15 کا آر او کے پاس ریکارڈ ہی نہیں ہے۔

    عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ غلطی ثابت ہوئی تو سب کے سامنے کہوں گا میں غلط تھا، سینیٹ الیکشن میں ایک ووٹ کی بولی دو کروڑ تک چلی گئی ہے۔

  • عمران خان اورچیف الیکشن کمشنر کی ملاقات پیر کو متوقع

    عمران خان اورچیف الیکشن کمشنر کی ملاقات پیر کو متوقع

    اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو ملاقات کیلئے پیر کا وقت دے دیا ہے، ملاقات میں انتخابی دھاندلی سے متعلق بات ہوگی۔

    عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف مسلسل احتجاج کرنے والےعمران خان اب چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کریں گے، ذرائع کے مطابق عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کیلئے وقت مانگا تھا، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے انہیں پیر کو ملنے کا وقت دیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملاقات میں انتخابات میں دھاندلی سے متعلق بات چیت ہوگی، عمران خان چیف الیکشن کمشنر کو متنازع حلقوں کے تحفظات کے بارے میں آگاہ کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق وہ چیف الیکشن کمشنر کو دھاندلی کے بعض ثبوت پیش کریں گے ، ملاقات میں الیکشن ٹربیونلز کی جانب سے بعض کیسز کے فیصلوں میں تاخیر کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔

    اس سے قبل عمران خان این اے ایک سو بائیس میں کمیشن کی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کر چکے ہیں، انہوں نے ٹریبونل سے لوکل کمیشن کیخلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔