Tag: سردار محمد بخش مہر

  • کرکٹرز حلوہ پوری، نہاری کھائیں گے تو کیسے کھیل پائیں گے؟

    کرکٹرز حلوہ پوری، نہاری کھائیں گے تو کیسے کھیل پائیں گے؟

    سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر کڑی تنقید کی ہے۔

    وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے کورنگی ٹاؤن میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو رمضان کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ کرکٹرز اگر حلوہ پوری، نہاری اور حلیم کھائیں گے تو کیسے کھیل پائیں گے؟۔

    سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ کرکٹرز کو اپنی ڈائٹ اور نیوٹریشن پربھی کام کرنا چاہیے، چیمپئنزٹرافی میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر پوری قوم مایوس ہے، پڑوسی ملک چیمپئنز ٹرافی جیت گیا، قومی ٹیم نہ فائنل میں پہنچ سکی نہ فائنل ہم تک پہنچ سکا۔

    سندھ کے وزیر کھیل نے کہا کہ ہمیں قومی کرکٹ ٹیم پر کافی محنت کرنےکی ضرورت ہے، کرکٹ میرے دائرہ اختیار میں نہیں لیکن اب مجھے ہی کرکٹ کے لئے کچھ کرنا پڑیگا، اپنے کھلاڑیوں کے لئے کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو پیغام ہے کہ فٹنس ہے تو سب کچھ ہے، یہاں پر کچھ ایسے بھی بالرز ہے جس کو میں پانچ چھ چھکے مار سکتا ہوں اور کچھ ایسے بھی بیٹس مین ہیں جن کو میں بھی آرام سے آؤٹ کرسکتا ہوں۔

    وزیر کھیل سندھ نے کہا کہ کسی زمانہ میں کورنگی میں چائنہ کٹنگ اور لینڈ گریبنگ عروج پر تھی، اب کورنگی میں کھیلوں کے ایونٹ دیکھ کر خوشی ہورہی ہے۔

    سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت ضلع کورنگی میں آئندہ سال کرکٹ سمیت مختلف کھیلوں کا انعقاد کرائے گی، کورنگی کے کرکٹ گراؤنڈ میں فلڈ لائٹس لگا کر دیں گے تاکہ نوجوان رات کو بھی کرکٹ کھیل سکیں۔

    وزیر کھیل سندھ نے کورنگی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کرکٹ اکیڈمی اور جم کلب بنانے کا اعلان کیا ہے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کورنگی میں کرکٹ اکیڈمی اور جم کلب بنائے گی۔

  • گھوٹکی کے بھائی بہنوں سے اپیل کرتا ہوں ووٹ ڈالیں، بلاول بھٹو

    گھوٹکی کے بھائی بہنوں سے اپیل کرتا ہوں ووٹ ڈالیں، بلاول بھٹو

    کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار محمد بخش مہر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ گھوٹکی کے بھائی بہنوں سے اپیل کرتا ہوں ووٹ ڈالیں۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار محمد بخش مہر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشااللہ جیت تیر کی ہوگی۔

    پیپلزپارٹی کے سربراہ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ انتخابی مہم نے گھوٹکی کی سیاست کوہمیشہ کے لیے بدل دیا، نتیجہ کچھ بھی ہو مجھے انتخانی مہم پرفخر ہے۔

    گھوٹکی میں این اے 205 پرضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری

    واضح رہے کہ این اے دو سو پانچ میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے ، پیپلزپارٹی کے سردار محمد بخش مہر اور آزاد امیدوار احمد علی مہر مد مقابل ہے ، نشست سردارعلی محمدمہرکےانتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

    این اے 205 میں دوسونوے پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جس میں ایک سو پچیس انتہائی حساس قراردیاگیا ہے، پولنگ اسٹیشنز پرسیکیورٹی سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔