اسلام آباد: سردار یار محمد رند نے کراٹے کومبیٹ ورلڈ چیمپین شاہ زیب رند کو کیش انعام کے ساتھ زرعی زمین دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
سردار یار محمد رند کا کہنا تھا کہ کراٹے کومبیٹ ورلڈ شاہ زیب رند کو ایک لاکھ روپے انعام اور ایک مربع زرعی اراضی تحفے میں دی جائیگی، شاہ زیب جیسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔
پاکستانی فائٹر شاہ زیب رند نے ایک بار پھر غیر ملکی سر زمین پر سبز ہلالی پرچم سر بلند کرتے ہوئے سنگاپور میں ورلڈ کراٹے چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
مکسڈ مارشل آرٹ کھلاڑی شاہ زیب نے سنگا پور میں کراٹے کومبیٹ چیمپیئن شپ (KC-49) میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح حاصل کی اور کراٹے کومبیٹ انٹیرم چیمپئن کا بیلٹ اپنے نام کیا۔
پاکستان کے اسٹار فائٹر شاہ زیب رند نے فائنل میں برازیلین حریف ’’برونو ایسیس‘‘ کو شکست دیکر ٹائٹل جیتا تھا۔
اس کامیابی کے ساتھ ہی وہ سجدہ ریز ہوگئے تھے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا تھا، شاہ زیب کا کہنا تھا کہ میں نے اس ٹائٹل کے لیے انتھک محنت کی، کوچ، والدین، دوستوں نے بھی بھرپور ساتھ دیا۔