Tag: سردار یوسف

  • حج انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ٹیم سعودی عرب پہنچ چکی، سردار یوسف

    حج انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ٹیم سعودی عرب پہنچ چکی، سردار یوسف

    ریاض: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ اس بار حج پیکج 2 لاکھ 80 ہزار کے قریب ہے جس میں رہائش، کھانا، ٹرانسپورٹ اور علاج و معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی گئی ہیں، پاکستان سے ایڈوائزری کمیٹی کے ممبران انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

    وہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں کاروباری شخصیت شیخ سعید احمد کی جانب سے دئیے گئے افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

    وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے حج 2017 کے انتظامات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال مجموعی طور پر 1 لاکھ 80 ہزار پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے، پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ 3 لاکھ 70 ہزار درخواستیں وصول ہوئیں اس مرتبہ 60 فیصد افراد سرکاری حج اسکیم کے تحت جبکہ 40 فیصد پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے تحت حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ حجاج کو دی جانے والی تمام سہولیات کے حوالے سے ایگریمنٹ کرلیے گئے ہیں، اس مرتبہ حج پیکج 2 لاکھ 80 ہزار کے قریب ہے جس میں رہائش، کھانا، ٹرانسپورٹ اور علاج و معالجے کی مفت سہولیات فراہم کی گئی ہیں، پاکستان سے ایڈوائزری کمیٹی کے ممبران انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جو حج کے قریب بھی تمام انتظامات کا بھرپور جائزہ لیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں وزیراعظم نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ حجاج کو ایسی سہولیات فراہم کی جائیں کہ انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ وہ اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ ساتھ مسلم ممالک اور دنیا کے دیگر ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کو فروغ دے، سعودی عرب کے ساتھ ہمارے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ان کی حکومت کے ساتھ ہمارے بھرپور اچھے مراسم ہیں بلکہ وزیراعظم نواز شریف کے شاہی خاندان کے ساتھ ذاتی نوعیت کی دوستی بھی قائم ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ  پاکستان امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی بالکل آزاد ہے اور اسی کے تحت مفاہمت کی بھی کوشش کی جاتی ہے قطر اور سعودی عرب کے مابین تعلقات کی بحالی کے لیے وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف نے بھی دورہ کیا اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کرکے انہیں اپنے ہر طرح کے تعاون کی پیشکش بھی کی۔

    سردار یوسف نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سعودی عرب اور قطر کے درمیان تعلقات کو دوبارہ بحال کیا جائے تاہم سعودی عرب کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف موقف قابل ستائش ہے اور جس طرح سعودی عرب دنیا میں امن کو قائم کرنے کے لیے کوششیں کر رہا ہے اور دنیا کو دہشت گردی کے خطرے سے باور کروا رہا ہے اس کی کہیں اور مثال نہیں ملتی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسی طرح پاکستان بھی کافی عرصے تک دہشت گردی کا شکار رہا ہے اس لیے پاکستان بھی اس لعنت کے خاتمے کے لیے سعودی عرب کی جانب کی جانے والی تمام تر کوششوں کی تائید کرتا ہے۔

    سیاسی گفت گو کرتے ہوئے انہوں نے پانامہ پیپر اور جے آئی ٹی سے متعلق کہا کہ وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، حسن اور حسین نواز اور دیگر خاندان کے اہم افراد کے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے قانون کی بالا دستی قائم ہوئی، وزیراعظم نواز شریف کا خاندان گزشتہ کئی دہائیوں سے احتساب کے مختلف مراحل سے گزرتا چلا آ رہا ہے جبکہ اس کے برعکس کوئی بھی بدعنوانی ثابت نہیں کرسکا اب بھی چند مخالفین پانامہ کیس کی آڑ میں الیکشن 2018 میں سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے ان کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں۔

    افطار ڈنر کے میزبان شیخ سعید احمد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کیمونٹی نے ہمیشہ اپنے کردار سے اپنے سعودی بھائیوں کے درمیان ایک اچھا مقام پایا ہے اور وہ گورنمنٹ پاکستان کے بھی شکر گزار ہیں جو ہماری خواہشات کے مطابق حرمین شریفین کے تحفظ اور پاک سعودی تعلقات کو اولیت بخشتے ہیں۔

  • وفاقی وزیر مذہبی امورحج ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

    وفاقی وزیر مذہبی امورحج ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

    راولپنڈی : وفاقی وزیر مذہی امور سردار یوسف حج کی ادائیگی کے بعد راولپنڈی پہنچ گئے ہیں۔وطن واپسی کے بعد ان کا کہنا تھا کہ اس سال ایک لاکھ 43 ہزارپاکستانیوں نے فریضہ حج اداکیا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق وفاقی مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ حاجیوں کےلیےسعودی حکومت کےتعاون سے بہترین انتظامات کیےگئےتھےاور ان کی جانب سے کسی قسم کی شکایت نہیں ملیں۔آئندہ سال حج پالیسی کےلیے باقاعدہ ایکٹ بنائیں گے۔

    وزیرمذہبی امورکا کہنا تھا کہ اب تک 17 ہزارحاجی فریضہ حج کی ادائیگی کےوطن واپس پہنچ چکےہیں،باقی حاجیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔حج فلائیٹس میں تاخیر کو قطعی برداشت نہیں کریں گے۔

    آخر میں ان کا کہنا تھا کہ آئندہ جن ایئرلائنز کی پروازوں میں تاخیرہوگی انہیں جرمانہ کیاجائےگااور ساتھ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ سال منیٰ اورعرفات میں حاجیوں کےلیے تین وقت کا کھانا فراہم کریں گے۔

    مزید پڑھیں: بہترین حج انتظامات پر خادم حرمین شریفین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، سردار یوسف

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سردار محمد یوسف نے سعودی وزیر مذہبی امور الشیخ صالح آل الشیخکا شکریہ ادا کرتے ہوئے بہترین حج انتظامات پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزيز اور سعودی حکومت کو خراج تحسین پیش کیاتھا ۔

  • بہترین حج انتظامات پر خادم حرمین شریفین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، سردار یوسف

    بہترین حج انتظامات پر خادم حرمین شریفین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، سردار یوسف

    ریاض: دریں اثناء وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سعودی وزیر مذہبی امور الشیخ صالح آل الشیخ کی دعوت پر ریاض پہنچے، ملاقات کے دوران دونوں وزارتوں کے مابین باہمی تعاون کے امور پر بات کی گئی۔

    سردار محمد یوسف نے سعودی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بہترین حج انتظامات پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزيز اور سعودی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا ۔

    سعودی عرب کا امت مسلمہ کی وحدت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت پاکستان ہر لحاظ سے حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں کیونکہ حرمین شریفین ایسی مقدس مقامات ہیں کہ جنکی حفاظت اور دفاع ہر مسلمان پر فرض ہے ۔

    الشیخ صالح آل الشیخ نے پاکستانی وزیر کو سعودی عرب میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی دوستی ایک مضبوط چٹان کے مانند ہے ، پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں کھڑے ہوکر ہمیشہ ایک مخلص دوست کا ثبوت پیش کیا ہے ۔

    ملاقات میں ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان مولانا علی محمد ابوتراب اور سعودی عرب میں متعین پاکستانی سفیر منظور الحق اور سردار ابرار بھی موجود تھے۔

  • وزیر اعظم نے نئی حج پالیسی کی منظوری دے دی،  سردار یوسف

    وزیر اعظم نے نئی حج پالیسی کی منظوری دے دی، سردار یوسف

    ملتان : وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے نئی حج پالیسی کی منظوری دے دی ہے جس کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔

    ملتان ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار یوسف کا کہنا تھا کہ سرونگ ججز کے پاس وقت نہ ہونے کے باعث پانامہ کمیشن کے لئے حکومت ریٹائرڈ ججز سے رابطے میں ہے، جلد کمیشن بنا دیا جائے گا جو پانامہ لیکس کے حوالے سے تحقیقات کرے گا۔

    اس موقع پروفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے نئی حج پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جبکہ سندھ ہائیکورٹ نے بھی حج پالیسی کے خلاف موجود اسٹے آرڈرکو ختم کر دیا ہے جس کے بعد جلد حج پالیسی کا اعلان کر دیں گے۔

    سردار یوسف نے کہا کہ سندھ اورپنجاب کی حکومت نے سرکاری حج کوٹے میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد سرکاری حج کوٹہ بڑھا دیا گیا ہے تاکہ حاجیوں کو اچھی سہولیات میسر کی جا سکیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نسواں بل پر کمیٹی بنا دی گئی ہے 1973 کے آئین کے تحت کوئی بھی قانون اسلام اور شریعت کے منافی نہیں ہو سکتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ قرآن کمپلیکس اورملک بھر میں نمازوں کا ایک ہی وقت معین کرنے پر کام جاری ہے جبکہ امام کعبہ بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

     

  • اسلام آباد کے بعد صوبوں میں بھی نظام صلوٰة کے قیام کا فیصلہ

    اسلام آباد کے بعد صوبوں میں بھی نظام صلوٰة کے قیام کا فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی وزیر مذہبی امورسردار یوسف کا وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے بعد صوبوں میں بھی ایک ہی وقت میں اذان اور نظام صلوة کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس سلسلے میں وفاقی وزیرمذہبی امور سردار یوسف نے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سردار یوسف کو پنجاب میں نظام صلوة کیلئے معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ حکومت صوبوں میں ایک ہی وقت میں اذان اور نماز کا نفاذ چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے بعد صوبوں میں بھی نظام صلوة کا فیصلہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نظام صلوة کے تحت ہر شہر کی مساجد میں ایک ہی وقت میں اذان اور نماز ادا ہوگی۔نظام صلوة کے لئے پنجاب بھر میں کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔نظام صلوة کیلئے صوبائی حکومتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔