Tag: سردیوں کی آمد

  • سردیوں میں انڈے بھی عوام کی پہنچ سے دور

    سردیوں میں انڈے بھی عوام کی پہنچ سے دور

    سردیاں کیا شروع ہوئیں ساتھ ہی ناجائز منافع خوروں کی بھی چاندی ہوگئی، مرغی کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ اس کے انڈے بھی عوام کی پہنچ سے دور کردیے گئے۔

    انڈوں کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے سے متعلق خریداروں کا کہنا ہے کہ آئے روز دام بڑھتے جا رہے ہیں لیکن قیمتوں کو چیک کرنے والا کوئی نہیں ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کی نمائندہ روحہ فاطمہ کی رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں انڈوں کے بیوپاریوں نے سرد ہوا چلتے ہی فی درجن ریٹ میں من مانا اضافہ کردیا ہے۔

    اس وقت کراچی میں فی درجن انڈے کی قیمت 370روپے سے زائد وصول کی جارہی ہے جبکہ دیسی انڈے بھی 600روپے درجن فروخت کیے جارہے ہیں۔ دوسری جانب انڈے کا سرکاری ریٹ 290 روپے فی درجن ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مہنگائی کے ستائے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر کوئی چیز بازار میں دستیاب نہیں ہے کس کس چیز کی شکایت کریں؟ کمشنر کراچی کی جانب سے جاری احکامات پر بھی عمل درآمد نہیں ہورہا۔

    رپورٹ کے مطابق شہر میں مرغی کے انڈوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر نظر رکھنے اور ان پر قابو پانے کیلئے کوئی مؤثر نظام موجود نہیں ہے۔

  • گیس کی قلت کے باوجود گیزر کی فروخت میں اضافہ

    گیس کی قلت کے باوجود گیزر کی فروخت میں اضافہ

    سردیوں کی آمد پر ہرسال گیزر کی طلب بڑھ جاتی ہے لیکن اس بار سوئی گیس کی قلت کے باوجود گیس گیزر کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ سامنے آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی سوئی گیس کی قلت کے باوجود گیس گیزر کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ دوسری جانب مقامی سطح پر غیرمعیاری گیس گیزر کی تیاری بھی جاری ہے

    مگر مقامی سطح پر جگہ جگہ تیار ہونے والے ان گیس گیزرز کی چیکنگ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں جس کے باعث کسی بھی وقت کسی بھی جگہ ناخوشگوار واقعات کا احتمال بڑھتا جارہا ہے۔

    موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی شہریوں نے گرم پانی کے حصول کیلئے گیس گیزرز کی تنصیب شروع کر دی ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں گیس گیزرز کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے نیز بازار میں 25گیلن سے لیکر 50گیلن تک کاگیزر 35 ہزارروپے سے لے کر 45ہزار روپے تک فروخت کیا جارہا ہے۔

    مزید برآں شہریوں نے خراب گیس گیزرز کی مرمت کیلئے بھی اقدامات شروع کردیئے ہیں اور انہیں کاریگروں کی بھاری مزدوریاں ادا کرنا پڑرہی ہیں۔

    صارفین کا کہنا ہے کہ کوئی چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے پردکاندار اور کاروباری و تجارتی لوگ شہریوں سے منہ مانگے دام وصول کررہے ہیں۔ انہوں نے اس ضمن میں مناسب حکمت عملی کی بھی اپیل کی ہے۔

  • موسم سرما کی آمد : جمعہ کی شام سے تیز بارشوں کی پیش گوئی

    موسم سرما کی آمد : جمعہ کی شام سے تیز بارشوں کی پیش گوئی

    پشاور : محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخواکے بعض اضلاع میں جمعہ کی شام سے بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا پیش گوئی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخواکے بعض اضلاع میں جمعہ کی شام سے بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

    چترال ، دیر ، سوات ، مالاکنڈ ، کوہستان ، شانگلہ ، بونیر ، مانسہرہ ، ایبٹ آباد ، ہری پور ، صوابی ، مردان ، نوشہرہ ، پشاور ، چارسدہ ، باجوڑ ، کرم ،وزیرستان سمیت کوہاٹ میں تیز بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

    اس حوالے سے پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نےضلعی انتظامیہ کومراسلہ جاری کر دیا، جس میں تیزبارشوں کے پیش نظرضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کرنےاورالرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ اتوار کے روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، بارشوں سے سردی کی شدت میں اضافہ کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات

    ترجمان پی ڈی ایم اے تیمور خان نے کہا ہے کہ سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی صورت حال سے باخبر رہے۔

    تیمور علی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے کا ایمر جنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے ، عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔