Tag: سردی میں اضافہ

  • سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کئی شہروں میں گیس لیکج دھماکے، 2 جاں بحق، 13 زخمی

    سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کئی شہروں میں گیس لیکج دھماکے، 2 جاں بحق، 13 زخمی

    کراچی: ملک بھر میں سردی میں شدید اضافے کے ساتھ ہی گیس لیکج کے دھماکے بھی بڑھ گئے ہیں، سندھ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے شہروں میں گیس لیکج سے ہونے والے دھماکوں میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 13 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع لیہ کے شہر چوک اعظم کے علاقے کوٹ سلطان میں گھر کے کمرے میں گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے باپ بیٹا جاں بحق ہو گئے، جب کہ ایک متاثرہ بیٹے کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ کے علاقے امان گڑھ لیبر کالونی میں گھر میں گیس لیکج کی وجہ سے دھماکا ہوا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو نوشہرہ میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔

    ادھر سندھ کے شہر نوشہروفیروز کے علاقے محراب پور کے ایک گھر میں بھی گیس لیکج سے دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے، کمرے میں آگ لگنے سے جھلسنے والوں میں میاں بیوی اور 3 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں نواب شاہ منتقل کیا گیا۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ کمرے میں ہیٹر کے باعث گیس بھر جانے سے آگ لگی۔

    زخمیوں کو پہلے محراب پور اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہاں برن شعبہ نہ ہونے کے باعث انھیں نوابشاہ لے جایا گیا۔ پولیس کے مطابق کمرے میں گیس بھرنے کی وجہ سے صبح آگ جلانے پر گھر میں آگ لگ گئی اور آگ لگتے ہی دھماکا ہوا جس سے کمرے کی چھت کا ایک حصہ بھی اڑ گیا۔

  • بلوچستان میں موسلادھار بارشیں اور برفباری، سردی میں اضافہ

    بلوچستان میں موسلادھار بارشیں اور برفباری، سردی میں اضافہ

    کوئٹہ : بلوچستان میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا، بولان اور سبی میں بادل خوب جم کر برسے، قلات میں بارش کے ساتھ برفباری نے سردی بڑھا دی، موسم خوشگوار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مختلف شہروں کوئٹہ، چمن، کوہلو، قلعہ عبداللہ اورقلات سمیت مختلف مقامات پر بادل خوب جم کر برسے، قلات میں بارش کے ساتھ برفباری نے سردی بڑھا دی، کوئٹہ والوں پر بھی قدرت مہربان رہی۔

    سرمئی گھٹاؤں اور ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ رم جھم پھوار سے موسم خوشگوار ہوگیا، چمن، قلعہ عبداللہ، گلستان، دوبندی اور جنگل پیرعلی زئی میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش سے سردی پھر بڑھ گئی۔

    موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ مستونگ، بولان، مچھ اور دکی میں بھی ٹپ ٹپ برستی بوندوں نے سردی بڑھادی۔ قلات میں بارش کے ساتھ برفباری بھی ہوئی، ہربوی کے پہاڑوں پر ایک فٹ سے زیادہ برفباری ریکارڈ کی گئی۔

    محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج کوئٹہ، مکران اور قلات میں بھی تیز بارش کا امکان ہے جس سے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، آج کراچی ڈویژن، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں بارش متوقع ہے۔

    موسلا دھار بارشوں کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام عملے کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔

  • مختلف شہروں میں بارش اور برفباری،سردی کی شدت میں اضافہ

    مختلف شہروں میں بارش اور برفباری،سردی کی شدت میں اضافہ

    اسلام آباد /راولپنڈی / لاہور /ایبٹ آباد : ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ میر پورآزاد کشمیر، ایبٹ آباد اورگردونواح میں برفباری اور بارش نے سیاحوں کی موجیں کروادیں۔

    ملک میں کہیں آسمان کو چھوتے سرسبز پہاڑوں نے برف کی چادر اوڑھ رکھی ہے تو کہیں بارش اور ٹھنڈی ہوائیں گیت سنارہی ہیں ۔

    میرپورسمیت کئی علاقوں میں ہونے والی برف باری اور بارش نے جنت نظیر کشمیر کے حسن کو اورمزید  دل کش بنادیا ہے.

    ایبٹ آباد، گلیات، ٹھنڈیانی، ایوبیہ، میرا جانی اور نتھیا گلی کے پہاڑوں پر برف باری نے سیاحوں کی تمنا پوری کردی ہے. بچے بڑے سبھی آسمان سے برستی نرم برف سے اپنے اپنے اندازمیں لطف اندوز ہورہے ہیں ۔

    اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہلکی ہلکی بارش جبکہ لاہور گجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں بارش نے موسم سرد اور خوشگوار کردیا ہے ،کوئٹہ اورگر دونواح میں بھی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔

  • کراچی: مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی، موسم خوشگوار

    کراچی: مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی، موسم خوشگوار

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی بونداباندی سے موسم خوشگوار جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ  کے مطابق مون سون کے بادل کراچی کی جانب رواں دواں ہیں، جس کی وجہ سے اگلے گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

    میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ  کے مطابق بارش کا سلسلہ کراچی سمیت سندھ کے سکھر ، لاڑکانہ جبکہ اسلام آباد ، راولپنڈی،فاٹا، پشاور اور مالاکنڈ ڈیوژن کے دیگر شہروں میں بھی تیز بارشوں کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں تیز بارشوں کی وجہ سے سردی کی شددت میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔

  • کراچی: ہلکی بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار اور سرد ہوگیا

    کراچی: ہلکی بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار اور سرد ہوگیا

    کراچی: کراچی کے شہریوں کیلئے بھی آخر کار سردی میں اضافہ ہو ہی گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار اور سرد ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں موسم کچھ ایسا ہی ہو گیا ہے کہ ایک تو دسمبر کی سردیاں اور پھر آسمان سے برستی پھوار نے بنا دیا موسم کو کُچھ اور سرد، مگر مزید خوشگوار۔ ایسے میں کس کا دل چاہے گا گرم بستر سے نکلے کا۔

    دنیا کے کام نبھانے کیلئے شہری گھروں سے نکلے تو گیلی سڑکیں اور بارش کی بوندوں سے دھُلے درختوں نے اُن کا استقبال کیا۔ جس سے سب ہی کا دل باغ باغ ہوگیا۔ مگر محکمہ بجلی کی انتظامی نااہلی نے بھی دکھایا اپنا رنگ اور ہلکی سی بارش کے بعد ہی شہر کےمختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی ہے۔

    سڑکوں پر پھسلن کے باعث کئی موٹرسائیکل سوار پھسل کر زخمی ہوگئے۔ مزید یہ کہ موسم کی سرد ہواوں سے متاثرہ لوگوں نے چائے خانوں میں رش بڑھ گیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے خبر دی ہے کہ شہر میں موسم ابر آلود رہے گا اور پیش گوئی کی ہے کہ شہر میں مزید بارش کا امکان نہیں ہے۔

  • ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی دن بدن بڑھنے لگی

    ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی دن بدن بڑھنے لگی

    اسلام آباد: ملک بھر میں سردی نے ڈیرے ڈال لئے اور بالائی علاقوں میں سردی بڑھنے کے بعد میدانی علاقوں میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چل پڑی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بالائی علاقوں میں یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی بڑھ گئی ہے جس کے بعد پارہ مزید نیچے آگیا۔ ملک بھر میں درجہ حرارت کم ہوتے ہی گرم کپڑوں، میوہ جات ، اور گرم مشروبات کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔

    سندھ اور پنجاب میں بھی سرد ہوائیں چلنے سے موسم میں خنکی پید اہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔