Tag: سردی کی شدت

  • آدھا چمچ ہلدی اور ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ سردیوں کی بیماریاں ختم

    آدھا چمچ ہلدی اور ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ سردیوں کی بیماریاں ختم

    ہرسال موسم سرما کے آغاز پر مختلف بیماریوں کا زور پکڑنا عام سی بات ہے، سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ نزلہ، زکام، کھانسی اور ہلکے بخار جیسی موسمی بیماریاں بھی حملہ آور ہوتی ہیں۔

    اس لیے ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ اس قسم کی بیماریوں پر قابو پانے کیلئے موسمی پھل اور دیگر گھریلو علاج ایک نہایت آسان طریقہ ہے۔

    اس کے لئے آپ کو ایسی غذاؤں کا استعمال کرنا ہوگا جو آپ کو ان نزلہ زکام، بخار اور کھانسی جیسے مسائل سے دور رکھ سکیں۔

    ان بیماریوں کے علاج کے لئے گھر میں موجود بہترین غذاؤں میں سے ایک چیز ہلدی ہے، ہلدی اپنی شفا بخش خصوصیات کی وجہ سے روایتی گھریلو علاج اور ادویات کا اہم حصہ ہے، یہ ایک قدرتی اینٹی آکسیڈنٹ ہے اور اس میں اینٹی سوزش خصوصیات بھی موجود ہیں۔

    ہلدی میں موجود قدرتی اجزاء نزلہ زکام، سردی میں ہڈیوں کا درد، درد ناک جوڑوں کا مسئلہ اور بدہضمی کو ٹھیک کرنے میں مدد دیتے ہیں، یہ گلے کی خراش اور بیکٹیریل انفیکشن سے بھی راحت فراہم کرتے ہیں جو سردیوں میں عام ہوتے ہیں۔

    ہلدی جسم کے مدافعتی نظام کو بہت سی بیماریوں کے خلاف لڑنے میں مدد کرتی ہے۔ ہلدی کے فوائد حاصل کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اسے اپنی روزمرہ کی خوراک میں شامل کریں۔

    یہ ہی نہیں موسم سرما میں ہلدی سے بھرپور مشروبات کا لطف اٹھایا جاسکتا ہے تو پھر ذیل میں بتائی گئی ہلدی والی ڈرنکس بنائیں اور اپنی قوت مدافعت کو بڑھائیں۔

    ہلدی اجوائن کا شربت :

    ہلدی اجوائن کا پانی اس مشروب کو بنانے کے لئے آپ اجوائن کو رات بھر پانی میں بھگو دیں، اگلے دن اس پانی کو کچی ہلدی کے ساتھ اُبالیں اور پھر چھان کر گرما گرم پی لیں، یہ مشروب آپ کی صحت کے لئے بےحد مفید ثابت ہوگا اور آپ کو سردی کی مختلف بیماریوں سے بچائے گا۔

    کینو اور ہلدی کا شربت :

    کینو اور ہلدی والا ڈرنک ایک عدد کینو چھیل کر اس کا رس نکال لیں، اب ایک عدد گاجر کا بھی رس نکال کر اس میں ملا لیں، اب ان دونوں کو مکس کریں اور اس میں آدھا چائے کا چمچ ہلدی شامل کریں پھر لیموں کا رس اور اوپر سے ادرک کا رس ڈال کر مکس کریں اور ٹھنڈا کر کے پی لیں، یہ ایک ایسا جادوئی ڈرنک ہے جو نہ صرف ذائقے میں مزیدار بلکہ آپ کی قوتِ مدافعت کو بڑھانے کے لئے بہترین ثابت ہوگا۔

    دودھ اور ہلدی کا شربت :

    ہلدی اور دودھ کے بارے میں تو سب ہی جانتے ہیں لیکن اگر سردی میں اس ہلدی دودھ میں جلد غذائیت سے بھرپور اجزاء اور شامل کر لیے جائیں تو کیا ہی بات ہے، دودھ میں ہلدی شامل کرکے اسے پکائیں، اب اس میں ایک چٹکی دارچینی پاؤڈر مٹھاس کے لئے شہد اور گُڑ شامل کریں اور رات کے وقت گرما گرم یہ ہلدی مصالحہ دودھ پی کر سو جائیں، نہ ہی سردی لگے گی اور نہ ہی کوئی سردی کا انفیکشن آپ کا کچھ بگاڑ سکے گا۔

    ہلدی وینیلا دہی اسموتھی :

    ہلدی کو دہی میں شامل کرکے دہی کی بہترین اسموتھی بھی بنا سکتے ہیں اس کے لئے بس ایک کپ دہی لیں، اس میں آدھا چائے کا چمچ ہلدی شامل کریں، 2 عدد کیلے شامل کریں ایک چٹکی دارچینی ملائیں اور مٹھاس کے لئے ایک سے 2 کھانے کے چمچ شہد ملا لیں اسے بلینڈ کریں اور پی لیں۔

  • کراچی میں کتنی سردی پڑنے والی ہے؟ محکمہ موسمیات کا اہم بیان

    کراچی میں کتنی سردی پڑنے والی ہے؟ محکمہ موسمیات کا اہم بیان

    شہر قائد میں آئندہ چند دنوں میں سردی کی شدت میں کتنا اضافہ ہوگا، اس حوالے سے چیف میٹرولوجسٹ نے اہم پیشگوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں آج سے سائیبریا کی ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی اور مختلف اضلاع میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے جس سے ٹھنڈ کی شدت میں اضافہ ہوگا، سردی کا اثر نہ صرف کوئٹہ بلکہ کراچی کے موسم پر بھی پڑے گا۔

    کراچی میں بھی سائبیریا کی ہوائیں ٹھنڈ میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں، یہ سائبیرین ہواؤں کا ہی اثر ہے کہ پورا ملک شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔

    اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں سائبیرین ہوائیں پہنچ رہی ہیں اس لیے رات میں اتنی زیادہ سردی ہوجاتی ہے، دن میں پھر بھی موسم بہتر رہتا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ کراچی میں دن کے اوقات میں بھی جس دن ہوائیں تیز چلتی ہیں تو سردی ہوجاتی ہے، 13 دسمبر کو سرد ہوائیں چلی تھی، اب 24 اور 25 دسمبر کو بھی سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

    سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ اسکردو وغیرہ میں درجہ حرات نقطہ انجماد سے بھی نیچے گیا ہے جبکہ کوئٹہ اور قلات میں بھی ایسی ہی صورتحال رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ دسمبر کے مقابلے میں جنوری زیادہ ٹھنڈا ہوگا، دسمبر میں درجہ حرارت ایورج سے نیچے چل رہا ہے، دسمبر میں جتنی سردی ہوتی ہے ٹمپریچر اس سے خاصہ نیچے جارہا ہے۔

  • کوئٹہ میں یخ بستہ ہواؤں کا راج ، پارہ منفی 5 تک گرگیا

    کوئٹہ میں یخ بستہ ہواؤں کا راج ، پارہ منفی 5 تک گرگیا

    کوئٹہ : بارش اور برفباری کے بعد بلوچستان میں یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے، کوئٹہ میں پارہ منفی 5 تک گرگیا، آج پارہ منفی چارسے چھ ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر شہروں میں جاتی سردی نے یوٹرن لے لیا ہے، بارش اور برفباری کے بعد بلوچستان میں سردی کی شدت ایک بار پھربڑھ گئی ہے، قلات میں پارہ منفی آٹھ کوئٹہ میں منفی پانچ تک گرگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں آج پارہ منفی چارسے چھ ڈگری کےدرمیان رہنے کاامکان ہے جبکہ اسلام آباد اور پشاور میں چھ ڈگری لاہور میں آٹھ اورکراچی میں بارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    لاہور میں صبح سویرے موسم سرد ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز موسم سرد رہے گا۔۔ تاہم سات سے نو مارچ کے دوران بارش برسانے والا سسٹم پھر سے داخل ہوگا۔

    دوسری جانب سوات کے میدانی علاقوں میں بارش اورپہاڑوں پربرف باری کا سلسلہ جاری ہے، کالام، مالم جبہ اورگبین جبہ میں شدید برف باری سے کئی سڑکیں بند ہوگئی ہیں، جس سے سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    مانسہرہ کی کاغان ویلی میں تین فٹ برف تک برف پڑچکی ہے تاہم انتظامیہ کی جانب سے سڑکیں صاف کی جا رہی ہیں۔

  • کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ، درجہ حرارت مزید گرگیا

    کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ، درجہ حرارت مزید گرگیا

    کراچی : شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا تاہم آج دن میں موسم خشک اور درجہ حرارت معمول سے کم ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی درجہ حرارت مزید گرگیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج موسم خشک رہےگا ،دن میں درجہ حرارت معمول سےکم ہوگا۔

    شہرکاموجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈہے، شمال مشرقی سمت سے چلنےوالی ہواکی رفتار 13 کلومیٹرفی گھنٹہ ہے تاہم دن میں درجہ حرارت27سے29ڈگری سینٹی گریڈتک رہنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی، کوئٹہ، اسلام آباد، پشاور، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

    لاہور، خانیوال، ملتان،بہاولپور، اوکاڑہ، سرگودھا، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں صبح سموگ اور دھند چھائی رہے گی۔

  • سردی کی شدت میں اضافہ :  تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے حوالے سے اہم خبر آگئی

    سردی کی شدت میں اضافہ : تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے حوالے سے اہم خبر آگئی

    لاہور : پنجاب میں سردی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر والدین کے مطالبہ پر اسکولوں کی چھٹیوں میں ایک ہفتہ توسیع کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سردی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر اسکولوں میں ایک ہفتہ مزید چھٹیاں بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ چھٹیوں میں ایک ہفتہ توسیع دینے کا فیصلہ والدین کے مطالبہ پر کیا گیا ہے، چھٹیاں 9 جنوری سے 15 جنوری تک بڑھانے کا امکان ہے۔

    یاد رہے صوبہ پنجاب میں شدید سردی کے باعث تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ کرتے ہوئے تعطیلات 8 جنوری تک بڑھا دی گئیں تھیں۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 9 جنوری سے کھلیں گے، تعلیمی اداروں کے سربراہان امتحانات کو ری شیڈول کر سکتے ہیں۔

  • لاہور میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس غائب، عوام پریشان

    لاہور میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس غائب، عوام پریشان

    لاہور: سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لاہور میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا، شہر کے مختلف علاقوں سے گیس پریشر میں کمی اور گیس نہ آنے کی شکایات بڑھ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے متعدد علاقوں سے گیس  بھی غائب ہوگیا شہری ایل پی جی، لکڑیوں پرکھانا پکانے پر مجبور ہیں۔

    متاثرہ علاقوں میں بھاٹی گیٹ، انار کلی، رنگ محل، نسبت روڈ، گوالمنڈی، فیروز پور روڈ، سبزہ زار، گڑھی شاہو گرین ٹاؤن، ہربنس پورہ، سمن آباد ، اچھرہ، گلشن راوی، چوبرجی، مزنگ شامل ہے۔

    لیکن دوسری جانب ترجمان سوئی ناردرن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تمام سیکٹرز کوگیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنا رہے ہیں ، کھاناپکانےکےاوقات میں گیس فراہمی کاکوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔

    سوئی گیس حکام نے کہا کہ گیس کمپریسر کے استعمال کی وجہ سے بعض علاقوں میں پریشر کم ہے، گیس کمپریسر استعمال کرنے والے صارفین کا کنکشن منقطع کردیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ شہر قائد کے بھی کئی علاقوں میں گیس کی گھنٹوں لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

  • کراچی  میں  آج  گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان

    کراچی میں آج گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان

    کراچی : محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ظاہرکردیا ہے ، جس سے سردی کی شدت میں اضافے ہوسکتا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت26 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرمیں آج گرد آلود ہوائیں چلنےکاامکان ہے ، آج کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت26 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینیٹی گریڈ اور اس وقت ہوائیں5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےچل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد ہے۔

    یاد رہے محکمہ موسمیات نے کراچی میں جنوری کے آخری ہفتے میں ایک اور سردی کی لہر آنے کی پیش گوئی کی ہے۔

    دوسری جانب بلوچستان کےبیشتراضلاع میں موسم سردجبکہ شمالی علاقوں میں موسم سرد متوقع ہے جبکہ صبح اور رات میں گوادر، جیونی ،پسنی اور ملحقہ ساحلی علاقوں میں دھند کاامکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں موجودہ درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم سےکم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈتک گرنے کا امکان ہے۔

    زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت  منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ، قلات میں درجہ حرارت منفی2ڈگری سینٹی گریڈ ، گوادر میں درجہ حرارت9،سبی میں 2اور نوکنڈی میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • کراچی میں سرد ہوائیں ،  سردی کی شدت میں اضافہ

    کراچی میں سرد ہوائیں ، سردی کی شدت میں اضافہ

    کراچی : ملک بھر میں شدید سردی اور یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے ، کراچی میں چلنے والی سردہواؤں سے شہری ٹھٹھرگئے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھرمیں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، کراچی میں سرد ہواؤں نے شہریوں کو گھروں میں رہنے پر مجبور کردیا ہے، ٹھنڈی ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے ، آج کم سے کم درجہ حرارت 10.2سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ، ہوا میں نمی کا تناسب 38 فیصد اور حد نگاہ 5 کلو میٹرہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرق سے ہوائیں10کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں ، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

    دوسری جانب کو ئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع شدید سردی کی لپیٹ میں ، زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11ڈگری، قلات میں منفی7،کوئٹہ ،دالبندین میں منفی3 ، بارکھا ن میں منفی 1،ژوب میں منفی صفرڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔

    سوات کے سیاحتی مقام وادی کالام،مالم جبہ برف سے ڈھک گئے ہین اور درجہ حرارت منفی سولہ ڈگری سینٹی گریڈ نے زندگی کوبھی جمادیا، گلگت بلتستان میں برفباری نے ہرشے منجمدکردی۔

    اسکردومیں درجہ حرارت منفی چودہ تک پہنچ گیا، جس کے باعث رابطہ سڑکیں بدستوربندہیں ، لاہورسمیت پنجاب کی فضاؤں میں دھندکاراج برقرار ہے، جس سے شہریوں کی مشکلات بڑھادیں۔

    محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی،کوئٹہ،لاہور،اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اورخشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے جبکہ شمالی علاقہ جات میں یخ بستہ ہواؤں کا راج رہےگا، گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی سولہ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

  • کراچی میں ٹھنڈی ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ

    کراچی میں ٹھنڈی ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ

    کراچی: شہر قائد میں ٹھنڈی ہواؤں نے موسم سرد کردیا ، علی الصبح درجہ حرارت11ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا جبکہ آئندہ 24 گھنٹے مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سردی کا راج ہے ، کراچی میں ٹھنڈی ہوا چلنے سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی اور سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ، آج صبح شہر کا درجہ حرارت11ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا ، موجودہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 33 فیصد اور حد نگاہ 5 کلومیٹرہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28ڈگری رہنےکاامکان ہے جبکہ آنے والے دنوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔

    دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں آج بھی موسم خشک جبکہ شمالی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

    شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد ہے، استور میں درجہ حرارت منفی آٹھ، کالام منفی سات، گوپس منفی پانچ ، بگروٹ، اسکردو منفی چار، ہنزہ ، گلگت منفی تین ، دیر اور پارا چنار میں منفی دوڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قلات میں درجہ حرارت منفی تین اورکوئٹہ میں منفی دوتک پہنچ گیا۔

  • کراچی میں تیز اور گرد آلود ہواؤں سے سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان

    کراچی میں تیز اور گرد آلود ہواؤں سے سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان

    کراچی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں تیز اور گرد آلود ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے، سردی کی نئی لہر کا سلسلہ 2 روز تک جاری رہےگا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی اور کراچی میں بھی یخ بستہ ہوائوں کا راج ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج موسم سرد رہےگا جبکہ گرد آلود ہوائیں متوقع ہے ، شمال مغربی ہواوں کےباعث سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، تیز ہواؤں ،سردی کی نئی لہر کا سلسلہ 2 روز تک جاری رہےگا۔

    شہر کا موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوامیں نمی کاتناسب28 فیصد ہے جبکہ اس وقت ہوا 27 ناٹیکل میل فی گھنٹے کی رفتارسےچل رہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب اسلام آباد ، راولپنڈی ، لاہور ، راجن پور، پسرور، خانپور وہاڑی سمیت مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری سے سردی کی شدت میں مزیداضافہ ہوگیا جبکہ دیر بالا، بٹگرام، چترال، مانسہرہ، سوات میں ہر سو سفیدی چھائی ہے اور مختلف علاقوں میں متعدد رابطہ سڑکیں بند ہونے سے سیاحوں کو مشکلات درپیش ہیں۔

    قلات میں بارش اور برفباری کے بعد سردی بڑھ گئی ہے جبکہ چمن شدید سردی کی لپیٹ میں ہے اور یخ بستہ ہوائیں چلنے سےنظام زندگی مفلوج کردیا ہے ، قلات میں درجہ حرارت منفی سات، زیارت میں منفی 6 چمن میں منفی 3 رکارڈ کیا گیا، جوہڑ تالاب اور سڑکوں پر بہتا پانی جم گیا۔

    چمن سمیت شمال مشرقی بلوچستان میں مطلع ابرالود ہے، کو ئٹہ چمن شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے کھول دیا گیا ہے۔