Tag: سردی

  • برطانیہ شدید سردی کی لپیٹ میں آ گیا، ندی پر جمی برف ٹوٹنے سے 6 بچے ڈوب گئے

    برطانیہ شدید سردی کی لپیٹ میں آ گیا، ندی پر جمی برف ٹوٹنے سے 6 بچے ڈوب گئے

    لندن: برطانیہ شدید سردی کی لپیٹ میں آ گیا ہے، برمنگھم میں ایک ندی پر جمی برف ٹوٹنے سے 6 بچے ڈوب گئے، جن میں سے چار کو بچا لیا گیا ہے تاہم ان کی حالت تشویش ناک ہے، جب کہ 2 کم عمر بچے لا پتا ہیں۔

    برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے متعدد علاقوں میں پارہ منفی 4 ڈگری تک جا پہنچا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو ہفتوں تک برطانیہ بھر میں شدید برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت منفی 12 ڈگری تک گر سکتا ہے۔

    لندن، برمنگھم، مانچسٹر، ایڈمبرا سمیت مختلف علاقوں میں برف باری ہوئی ہے، جس سے ہر سو سفیدی چھا گئی، اور ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

    گلوسسٹرشائر میں پھسلن کے باعث کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، بسیں اور ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں، مانچسٹر ایئرپورٹ کا رن وے برف سے ڈھک گیا، ہیتھرو ایئر پورٹ بھی برف باری کی زد میں ہے، اور فلائٹ سروس متاثر ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    برمنگھم میں چھ بچے ندی پر جمی برف ٹوٹنے سے نیچے گر گئے، چار بچوں کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا ہے تاہم ان کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق، سولیہل میں منجمد درجہ حرارت کے درمیان ایک جھیل میں ڈوبنے والے دو بچوں کے لا پتا ہونے کا خدشہ ہے، جن کی تلاش جاری ہے، تاہم ان کے بچنے کی کوئی امید نہیں ہے۔

    آج صبح برطانیہ بھر میں وسیع پیمانے پر سفری خلل واقع ہوا، میٹ آفس کی جانب سے ملک میں برف باری، دھند اور ژالہ باری کے لیے زرد موسم کی وارننگ برقرار ہے۔ میٹ آفس نے الرٹ جاری کیا ہے کہ درجہ حرارت رات بھر انجماد سے کافی نیچے رہنے اور سردی کی بارشوں کے ساتھ مل کر برفیلی صورت حال پیدا کرنے کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے مختلف حصوں میں برف باری، ژالہ باری اور جمنے والی دھند کئی دنوں تک جاری رہے گی، شمال مشرقی اسکاٹ لینڈ میں رات بھر درجہ حرارت منفی 15 سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، اگر ایسا ہوا تو، یہ برطانیہ میں گزشتہ سال فروری کے بعد سے دیکھا گیا سب سے کم درجہ حرارت ہوگا۔

  • کراچی میں سرد ہوائیں چل پڑیں

    کراچی میں سرد ہوائیں چل پڑیں

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں رات سے سرد ہوائیں چلنے کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ہے، آج دن میں بھی موسم خشک اور رات میں سرد رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں رات سے سرد ہوائیں چلنے کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا ہے، آج دن میں موسم خشک اور رات میں سرد رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    دن میں درجہ حرارت 29 سے 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا جبکہ دن میں ہوا 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔

  • کراچی کا موسم اگلے 3 روز کیسا رہے گا؟

    کراچی کا موسم اگلے 3 روز کیسا رہے گا؟

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں اگلے 3 روز کے دوران موسم خشک اور راتیں سرد رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا موسم اگلے 3 روز کے دوران خشک رہے گا، 3 روز کے دوران راتیں سرد رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں بند ہوجائیں گی اور بلوچستان کے شمالی علاقوں سے ہوائیں چلیں گی۔

    اس دوران پارہ کم سے کم 15 سے 17 ڈگری کے درمیان ہو سکتا ہے، بالائی سندھ کے اضلاع میں صبح کے وقت دھند چھا سکتی ہے۔

  • سردی سے ٹھٹھرتے عوام سے یوکرینی صدر نے کیا کہا؟

    سردی سے ٹھٹھرتے عوام سے یوکرینی صدر نے کیا کہا؟

    کیف: سردی سے ٹھٹھرتے عوام کو یوکرینی صدر نے صبر اور ہمت کی تلقین کر دی۔

    روئٹرز کے مطابق یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے ملک میں جاری بجلی کے بحران کے پیشِ نظر شہریوں تلقین کی ہے کہ وہ موسمِ سرما میں صبر اور ہمت کا مظاہرہ کریں۔

    یوکرینی حکام روسی بمباری سے تباہ ہونے والی بجلی کی لائنوں اور دیگر سروسز کی بحالی کی کوششیں کر رہے ہیں۔

    روس نے اکتوبر کے اوائل سے یوکرین میں بجلی کے نظام کو تسلسل کے ساتھ نشانہ بنایا ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں لوگوں کو بجلی بندش کا سامنا ہے، اور سخت سردی میں ان کے پاس خود کو گرم رکھنے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔

    صدر زیلنسکی نے اتوار کی شب اپنے بیان میں کہا ’یہ موسم سرما گزارنے کے لیے ہمیں پہلے سے زیادہ ہمت اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔‘

    انھوں نے کہا کہ ہم کسی بھی قسم کے ایسے داخلی تنازع یا ہڑتال کی اجازت نہیں دے سکتے جو ہمیں کمزور کرنے کا سبب بنے۔

    دوسری جانب مغربی ممالک روس کی جانب سے یوکرین کی بجلی کی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کر رہے ہیں، امریکی سیکریٹری برائے سیاسی امور وکٹوریا نولاڈ نے اتوار کو کہا کہ روسی صدر ولایمیر پیوٹن عام شہریوں کی روشنیاں بجھا کر جنگ کو ’بربریت‘ کی اگلی سطح پر لے جا رہے ہیں۔

    موسم سرما کے دوران یوکرین کے مختلف علاقوں میں شدید برف باری کا بھی امکان ہے۔

  • کراچی میں سردی میں بتدریج اضافہ

    کراچی میں سردی میں بتدریج اضافہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سردی میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں سردی کی لہر جاری ہے اور میدانی علاقوں میں ہلکی دھند دیکھی جارہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، دن میں مطلع صاف اور موسم خشک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دن میں درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک تک رہے گا۔

  • بلوچستان کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت منفی ہوگیا

    بلوچستان کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت منفی ہوگیا

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، قلات میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیارت میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قلات منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ صوبے کا سرد ترین علاقہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں صبح کے اوقات میں کم سے کم درجہ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیارت میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گوادر میں درجہ حرارت 13 جبکہ جیونی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • سردیوں میں ادرک کی چائے کے حیرت انگیز فائدے

    سردیوں میں ادرک کی چائے کے حیرت انگیز فائدے

    سردیوں کے موسم میں ادرک کی چائے پی جائے تو اس کے صحت کے لیے حیرت انگیز فائدے سامنے آتے ہیں۔

    موسم سرما کے دوران کئی لوگوں کو موشن سِکنِس کا مسئلہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے قے، متلی اور بعض اوقات زکام کا مسئلہ بھی ہوتا ہے، ادرک کی چائے موشن سِکنِس میں راحت دیتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ادرک کی چائے دل کی صحت کے لیے مفید ہے، اسے پینے سے دوران خون بہتر ہوتا ہے، اگر ادرک کی چائے باقاعدگی سے پی جائے تو بلڈ پریشر کنٹرول رہتا ہے۔

    ادرک کی چائے ہارٹ اٹیک اور خون جمنے جیسے مسائل سے بھی بچانے میں مددگار ہو سکتی ہے۔

    ادرک جسم کی چربی کی سطح اور بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں کافی مددگار ہے، اس لیے سردیوں میں ادرک والی چائے کا اچڑ وزن پر بھی اثرات ڈالتا ہے۔

    ادرک کی چائے جسم میں سوجن یا چوٹ کے درد کو کم کرتی ہے، ادرک میں موجود جنجرول اور شوگول عناصر جسم میں سوزش کی پیداوار کو کم کر کے سوجن اور درد کو دور کرتے ہیں۔

    اگر خواتین ماہواری کے دوران ادرک کی چائے پیتی ہیں، تو اس کے مثبت اثرات دیکھنے کو ملتے ہیں۔

  • سائبیریا کی ہواؤں نے کراچی کا رخ کرلیا

    سائبیریا کی ہواؤں نے کراچی کا رخ کرلیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سائبیریا کی ہوائیں چل پڑیں، آئندہ 48 گھنٹوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں سائبیریا کی ہواؤں کے اثرات سے سردی کی شدت بڑھ گئی، رات بھر خنکی چھائی رہی جس کے بعد 17 دسمبر کی صبح درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جانے کا امکان ہے، صبح اور شام میں چلنے والی ہواؤں کے باعث سردی کی شدت زیادہ محسوس ہوگی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود بھی رہے گا جبکہ موسم سرد اور خشک رہے گا۔ آئندہ 48 گھنٹوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کا بھی امکان ہے۔

  • شدید سردی، امریکی ریاست میں پانی اور بجلی بھی غائب، خوفناک مناظر

    شدید سردی، امریکی ریاست میں پانی اور بجلی بھی غائب، خوفناک مناظر

    امریکی ریاست ٹیکسس میں تاریخ کے بدترین برفانی طوفان نے تباہی مچادی، لاکھوں لوگ 2 روز سے پانی اور بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں، سخت موسم کے باعث اب تک 25 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکا کی کئی جنوبی ریاستیں اس وقت شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہیں تاہم ریاست ٹیکسس سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔

    ریاست میں درجہ حرارت منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور ایسے سرد ترین موسم میں تقریباً 20 لاکھ کے قریب افراد 2 روز سے پانی و بجلی سے محروم ہیں۔

    لوگ لکڑیاں جلا کر خود کو گرم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے باعث لکڑیوں کی قلت پیدا ہوگئی ہے، علاوہ ازیں گروسری اسٹورز میں بھی اشیائے ضرورت کم پڑ گئی ہیں۔

    ہیٹنگ سسٹم معطل ہوجانے کے باعث گھروں میں موجود اشیا برف بن چکی ہیں۔

    ایک خاتون نے سوشل میڈیا پر اپنے فش ٹینک کی تصویر شیئر کی جو مکمل طور پر جم چکا ہے اور اس کے اندر موجود مچھلی مرچکی ہے۔

    شہر ڈلاس سے ایک اور تصویر سامنے آئی جس میں ایک گاڑی لیک ہوتے پانی کے پائپ کے نیچے کھڑی تھی جو اب جم چکی ہے۔

    شدید موسمی حالات اور حادثات کے باعث اب تک 21 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    حکام کے مطابق یہ برفانی طوفان 30 سالہ تاریخ کا بدترین طوفان ہے، حکام نے حالات مزید بگڑنے کی وارننگ بھی جاری کی ہے۔

    نیشنل ویدر سروس کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مزید برفانی طوفانوں کا امکان ہے جس سے لگ بھگ 15 کروڑ شہری متاثر ہوں گے، اس وقت ملک کا 73 فیصد سے زائد حصہ مکمل طور پر برف سے ڈھکا ہوا ہے۔

  • نئی دہلی میں سردی کا 15 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    نئی دہلی میں سردی کا 15 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں سردی کا 15 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، نئے سال کے پہلے دن شہر دبیز دھند میں ڈوبا رہا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی میں سردی کا 15 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، نئی دہلی میں درجہ حرارت 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔

    نئے سال کے پہلے دن دہلی سخت سردی اور دھند میں ملفوف رہا۔

    بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا درجہ حرارت ریکارڈ کرنے والی صفدر جنگ آبزرویٹری کے مطابق نئی دہلی میں ایسی شدید سردی 8 جنوری 2008 کو ریکارڈ کی گئی تھی۔

    اس وقت شہر کا درجہ حرارت 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا تھا، اب یکم جنوری 2021 کی سردی نے اس ریکارڈ کو بھی توڑ دیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کے باعث سورج نکلنے سے قبل تک شہر میں حد نگاہ صفر تھی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 6 جنوری تک شدید سردی کی لہر جاری رہے گی تاہم کل سے درجہ حرارت بڑھنا شروع ہوجائے گا اور 4 اور 5 جنوری کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔