Tag: سردی

  • کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافہ، کراچی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت

    کوئٹہ میں سردی کی شدت میں اضافہ، کراچی میں سب سے زیادہ درجہ حرارت

    کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے مضافات میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے مضافات میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مغربی علاقوں میں آج موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم صوبے کے جنوبی علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم گرم ہوسکتا ہے۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت رہے گا، کراچی میں آج پارہ 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 26 اور خیبر پختوںخواہ کے دارالحکومت پشاور میں درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

  • سخت سردی کے باعث بچوں کی اموات کا سلسلہ جاری

    سخت سردی کے باعث بچوں کی اموات کا سلسلہ جاری

    ادلب: شام کے پناہ گزین بچوں کی سخت سردی کے باعث اموات کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنگ زدہ شہر ادلب سے بے گھر ہونے والے پناہ گزین عارضی کیمپوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ جبکہ سخت ترین سردی اور برفباری کے باعث کئی بچے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں اور بدقسمتی سے اموات کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 20 ہزار سے زائد شامی مہاجرین درختوں کے سائے تلے زندگی بسر کررہے ہیں، حالیہ دنوں میں کئی بچے سردی سے ٹھٹھر کر ہلاک ہوئے۔ عالمی ریسکیو کمیٹی کا کہنا ہے کہ شمال مغربی شام میں برفباری کے نتیجے میں ایک شامی خاندان بھی ہلاک ہوا۔

    کمیٹی کی ایک خاتون نمائندہ نے موجودہ صورت حال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شمال مغربی علاقے کی صورت حال ناقابل تصور ہے، عارضی طور پر آباد شامی پناہ گزین موسمی جبر کا شکار ہیں۔

    شام میں شدید سردی کے باعث 29 بچے ہلاک ہوگئے: اقوام متحدہ

    خیال رہے کہ گزشتہ سال فروری میں اقوام متحدہ نے ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ شام میں شدید سردی کے باعث گزشتہ دو ماہ(دسمبر، جنوری) کے دوران ہلاک ہونے والے بچوں کی تعداد 30 کے قریب ہوگئی ہے۔

  • گیس لیکیج دھماکے نے پورا گھر ڈھا دیا، عورت اور بچوں سمیت 6 زخمی

    گیس لیکیج دھماکے نے پورا گھر ڈھا دیا، عورت اور بچوں سمیت 6 زخمی

    کرک: خیبر پختون خوا کے شہر کرک کے نواحی علاقے میں گیس لیکیج دھماکے نے پورا گھر ڈھا دیا، جس میں 6 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی میں کرک کے نواحی علاقے خڑے میں گھر میں گیس لیکیج سے دھماکا ہوا، جس سے گھر مکمل طور پر منہدم ہو گیا، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ گھر کے انہدام سے 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    زخمی خاتون کو  ایمبولنس کی طرف لے جایا جا رہا ہے

    ملبے تلے آ کر زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں تین کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکو 1122 اور مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ملبے سے نکالا۔

    زخمیوں کو خیبر پختون خوا کی سرکاری ایمبولنس میں اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے

    سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کئی شہروں میں گیس لیکج دھماکے، 2 جاں بحق، 13 زخمی

    خیال رہے کہ ملک بھر میں سردی میں شدید اضافے کے ساتھ ہی گیس لیکیج کے دھماکے بھی بڑھ گئے ہیں، سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں آئے روز گیس لیکیج سے دھماکوں کے واقعات رو نما ہو رہے ہیں، جن میں اب تک سیکڑوں افراد زخمی ہو چکے ہیں اور متعدد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    گزشتہ ماہ کے آغاز میں بھی خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ کے علاقے امان گڑھ لیبر کالونی میں گھر میں گیس لیکیج کی وجہ سے دھماکا ہوا تھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے تھے، زخمیوں کو نوشہرہ میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا تھا۔

  • کراچی میں سردی بڑھنے کا امکان

    کراچی میں سردی بڑھنے کا امکان

    کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں سردی کا دورانیہ بڑھنے کی نوید سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں سردی بڑھنے کی پیش گوئی کردی، شہر قائد میں اس بار سردی کی لہر آئندہ 20 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سرد موسم کا دورانیہ فروری کے آخرتک رہنےکا امکان ہے، 24جنوری کو مغربی ہواؤں کا سسٹم شمالی بلوچستان اور کےپی میں داخل ہوگا جس سے 27جنوری کو کراچی میں پھر سردی میں اضافے ہو سکتا ہے۔

    موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں سردی 15فروری تک برقرار رہے گی۔

    محکمہ موسمیات نے سردی کی شدت میں کمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ 22 جنوری سے شہر میں یخ بستہ ہواؤیں چلنا کم ہو جائیں گی جس سے سردی کی شدت میں کمی آئے گی۔

    کراچی میں گزشتہ دو روز سے دن میں تیز دھوپ کے باعث سردی میں کمی آئی ہے تاہم دن ڈھلتے ہی موسم سرد ہونا شروع ہو جاتا ہے اور رات کے اوقات میں ٹھنڈ بڑھ جاتی ہے۔

  • اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری

    اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری

    گلگت بلتستان: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے برف باری جاری ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلی صبح تک برف باری جاری رہنے کا امکان ہے۔

    اسکردو شہر کا درجہ حرارت منفی 8، بالائی علاقوں میں منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات نے 24 گھنٹوں کے دوران شدید برف باری کی پیش گوئی کر دی ہے، گلگت بلتستان حکومت اور انتظامیہ کو بر وقت اقدامات کا خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔

    رواں موسم سرما میں یہ اب تک کی شدید برف باری ہے، برف باری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، بالائی علاقوں کے راستے بھی شدید برف باری سے بند ہو گئے ہیں، اسکردو گلگت روڈ بھی بند ہو چکا ہے۔

    شمالی بلوچستان کے بیش تر علاقوں میں بارش اور برف باری رک گئی ہے، چمن میں منفی 3، کوژک ٹاپ میں منفی 7، دوبندی میں منفی 5 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، کوژک ٹاپ پر برف باری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ بند ہو گئی ہے، برف باری اور بارشوں سے کچے مکانات اور دیواریں گر گئی ہیں، چمن میں مکانات کے گرنے سے 6 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہو چکے ہیں، مواصلاتی نظام بھی متاثر ہے، بجلی متعدد علاقوں میں 3 روز سے غائب ہے۔

    مستونگ میں بھی برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے، رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں ، دشت، اسپلنجی اور دیگر علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے، کوئٹہ کراچی شاہراہ لکپاس کے مقام پر چھوٹی گاڑیوں کے لیے جزوی بحال کر دی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور دیگر ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

    خیبر پختون خوا میں مالاکنڈ ڈویژن میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے، چترال میں شدید برف باری سے کئی سڑکیں بند ہو چکی ہیں، محکمہ ریلیف کا کہنا ہے کہ لواری کے مقام پر شدید برف باری کی وجہ سے ٹریفک معطل ہے، وادی کیلاش، دروش، گرم چشمہ روڈ اور چترال بونی روڈ شدید برف باری سے بند ہیں۔ شانگلہ میں بارش کے ساتھ برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

  • سی این جی اسٹیشنز مسلسل 48 گھنٹوں تک بند رہیں گے

    سی این جی اسٹیشنز مسلسل 48 گھنٹوں تک بند رہیں گے

    کراچی: شہر قائد سمیت سندھ بھر میں گیس بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے، سی این جی اسٹیشنز آج بھی شیڈول سے ہٹ کر بند کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی این جی اسٹیشن مسلسل 48 گھنٹوں تک بند رہیں گے، آج بھی سی این جی اسٹیشنز شیڈول سے ہٹ کر بند کیے گئے، 15 دن میں سی این جی اسٹیشنز مجموعی طور پر صرف 4 دن کھلے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 4 دن کے دوران گیس کے کم دباؤ پر بیش تر اسٹیشن بند کر دیے گئے ہیں، سی این جی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ عوام کے دیرینہ مسئلے پر حکومت کی کوئی توجہ نہیں ہے۔

    دوسری طرف سائٹ، ناظم آباد، نارتھ کراچی، بفرزون، لانڈھی، کورنگی اور دیگر علاقوں گیس کا دباؤ نہایت کم ہو گیا ہے، کراچی کے پانچوں صنعتی زونز گیس کی لوڈ شڈنگ سے شدید متاثر ہو چکے ہیں اور پیداوار بند ہو چکی ہے۔ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گیس نہ ہونے سے برآمدی آرڈر کی بر وقت تکمیل ممکن نہیں رہی، صنعتی پیداوار نہ ہونے سے مزدور بھی بے روزگار ہو رہے ہیں۔

    کراچی میں سی این جی اسٹیشنز کھل گئے، پنجاب میں کھولنے کا مطالبہ

    دو دن قبل سوئی گیس حکام نے کہا تھا کہ گیس سپلائی بندش کا فیصلہ ریکارڈ سردی کے باعث کیا گیا ہے، دسمبر 2018 میں گھریلو شعبے کو اوسطاً 150 ایم ایم سی ایف ڈی آرایل این جی فراہم کی گئی، رواں سال دسمبر کے آخری ہفتے میں 500 ایم ایم سی ایف ڈی سے تجاوز کر گئی، ترجیحی شعبوں کو گیس فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • گلگت بلتستان خشک سردی کی لپیٹ میں، موسم انتہائی سرد

    گلگت بلتستان خشک سردی کی لپیٹ میں، موسم انتہائی سرد

    چلاس: بالائی علاقوں میں خون جما دینی والی سردی نے ہر شے منجمد کر دی ہے، گلگت بلتستان کو خشک سردی نے پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے باعث موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیاحتی مقام بابوسر میں پارہ منفی 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، بالائی علاقوں میں موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے، خون جما دینے والی سردی نے ہر شے منجمد کر دی۔

    اسکردو میں درجہ حرارت منفی 16، استور میں درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے، گوپس میں پارہ منفی 9، بگروٹ میں منفی 7، گلگت میں منفی 5 اور چلاس میں منفی 3 ڈگری تک گر گیا۔

    شدید سردی کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں، گرم ملبوسات اور خشک لکڑی کی مانگ بڑھ گئی۔ خشک لکڑی کی فی من قیمت 700 روپے تک جا پہنچی، جس پر انتظامیہ خاموش ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں آج بھی موسم انتہائی سرد رہے گا۔

  • سردی امتحان بن گئی، گیس بحران اور سنگین ہو گیا

    سردی امتحان بن گئی، گیس بحران اور سنگین ہو گیا

    کراچی: سردی امتحان بن گئی ہے، گیس کا بحران اور بھی سنگین ہو گیا ہے، سی این جی کی طویل چھٹی ختم ہونے میں نہیں آ رہی، سندھ کے لیے گیس لوڈ شیڈنگ کا شیڈول ایک بار پھر تبدیل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سردی کے آغاز کے ساتھ ہی شروع ہونے والا گیس بحران شدید ہو گیا ہے، کراچی میں چولھے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں، خواتین کو کھانا پکانا بھی دشوار ہو گیا۔

    آج صبح 8 بجے سی این جی اسٹیشنز کھلنے کا شیڈول جاری کیا گیا تھا تاہم ایک بار پھر شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے، اب آج صبح کی بجائے سی این جی اسٹیشنز رات 8 بجے کھلیں گے، مسلسل چوتھے دن ایندھن کی قلت کی وجہ سے شہری سخت اذیت سے دوچار ہیں۔

    ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ آج صبح آٹھ بجے کی بہ جائے سی این اجی اسٹیشنز آج رات آٹھ بجے کھلیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سردی میں اضافے کے ساتھ ملک بھر میں گیس بحران بھی سنگین ہو گیا

    دوسری طرف آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے آج سے از خود سی این جی اسٹیشنز کھولنے کا اعلان کر دیا ہے، ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ اسٹیشنز آج بند رکھنے کا فیصلہ تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سندھ سمیت کراچی میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی آج بھی معطل رہے گی، سڑکوں سے ٹرانسپورٹ غائب ہے، شہری اذیت سے دوچار ہو گئے ہیں، سندھ اور پنجاب میں صنعتوں کا پہیہ بھی جام ہو گیا ہے۔

  • پنجاب: لنڈا بازاروں کی رونقیں بڑھ گئیں

    پنجاب: لنڈا بازاروں کی رونقیں بڑھ گئیں

    لاہور: پنجاب میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث لنڈا بازاروں کی رونقیں بھی بڑھ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید سردی کی وجہ سے لنڈا بازار آباد ہو گئے ہیں، گرم کپڑوں کے سستے بازاروں میں عوام کی چہل پہل بڑھ گئی ہے۔

    ادھر کوٹ مٹھن کے لنڈا بازاروں کا رخ کرنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ موسم کی سختیوں سے بچنے کے لیے گرم کپڑے انتہائی ضروری ہیں اور یہاں سے کم داموں اچھی چیز مل جاتی ہے۔

    تازہ ترین:  سردی میں اضافے کے ساتھ ملک بھر میں گیس بحران بھی سنگین ہو گیا

    سردی کی لہر کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں مہنگائی کی زبردست لہر بھی چل رہی ہے، لنڈا بازار بھی اس سے بچ نہیں سکے ہیں، پرانے گرم کپڑے بھی مہنگے کر دیے گئے ہیں۔

    لنڈا بازار کے دوکان داروں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات بڑھنے کی وجہ سے گرم کپڑے پہلے کی نسبت کچھ مہنگے کرنا ان کی مجبوری بن چکا ہے لیکن پھر بھی عام بازار سے یہاں پر چیزیں بہت سستی ملتی ہیں۔

    لنڈا بازاروں میں جرسی، سوئیٹر، کوٹ سمیت مختلف اشیا کی خریداری میں شہری مصروف نظر آتے ہیں تو سردی بڑھنے کے باعث دوکان داروں کی بھی چاندی ہو گئی ہے، جما دینے والی اس سردی میں متوسط طبقے کے لیے لنڈا بازار کسی نعمت سے کم نہیں۔

  • سردی میں اضافے کے ساتھ ملک بھر میں گیس بحران بھی سنگین ہو گیا

    سردی میں اضافے کے ساتھ ملک بھر میں گیس بحران بھی سنگین ہو گیا

    کراچی: سردی میں اضافے کے ساتھ ہی ملک بھر میں گیس کا بحران بھی سنگین ہو گیا ہے، گھروں میں چولھے بھی ٹھنڈے پڑ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سردی میں اضافے کے ساتھ گیس بحران نے عوام کو ایک اور پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے، گھروں میں چولھے ٹھنڈے ہو گئے ہیں تو دوسری طرف گیس نہ ملنے کے باعث گاڑیوں کے انجن بھی بند ہو گئے ہیں۔

    سندھ سمیت کراچی میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی آج بھی معطل ہے، سڑکوں سے ٹرانسپورٹ غائب ہے، شہری اذیت سے دوچار ہو گئے ہیں، سندھ اور پنجاب میں صنعتوں کا پہیہ بھی جام ہو گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پنجاب میں تمام صنعتوں کو گیس کی فراہمی بند

    رپورٹس کے مطابق سردی میں گیس کے بحران کے باعث گاڑیوں کے سلنڈر سی این جی سے خالی ہیں، سی این جی اسٹیشنز کی بندش کا شیڈول پھر تبدیل کر دیا گیا، فلنگ اسٹیشن آج بھی بند رہیں گے، 60 گھنٹے بعد کل منگل کو صبح 8 کھلنے کا امکان ہے، ادھر پنجاب میں صنعتوں اور سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی روک دی گئی ہے۔

    گیس حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں صنعتوں اور سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی روکنے کا اقدام گھریلو صارفین کے لیے گیس پریشر برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے، صرف برآمدی صنعتوں کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کی جا رہی ہے۔