Tag: سردی

  • سردی میں اضافے کے ساتھ ہی گیس پریشر میں کمی، گھریلو اور کمرشل صارفین پریشان

    سردی میں اضافے کے ساتھ ہی گیس پریشر میں کمی، گھریلو اور کمرشل صارفین پریشان

    کراچی: ملک بھر میں سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گیس پریشر میں کمی کے باعث گھریلو اور کمرشل صارفین شدید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سردی میں اضافے کے ساتھ گیس کمپنیوں نے پنجاب بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جسے آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے مسترد کر دیا۔

    گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے کئی علاقوں کے چولھے بھی بجھ گئے ہیں، گھریلو صارفین شدید پریشانی میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

    دوسری طرف گیس کمپنیوں کے گیس بندش کے فیصلے کے بعد کمرشل صارفین بھی خدشات کا شکار ہو گئے ہیں، چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ نے گیس کمپنیوں کا اقدام غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بلا جواز فیصلے سے لاکھوں افراد بری طرح متاثر ہوں گے، وزارت پٹرولیم کو فیصلے کے خلاف خط لکھ دیا گیا ہے، پہلے ہی ہمارے معاشی حالات خراب ہیں اب مزید خراب ہوں گے۔

    ادھر گزشتہ روز سوئی گیس بحران پر وفاقی حکومت اور سوئی ناردرن گیس کمپنی حکام کا اجلاس ہوا، ذرایع کا کہنا تھا کہ 2 دن میں گیس فراہمی کم اور طلب میں اضافہ ہو گیا ہے جس پر پنجاب بھر میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہمی بند کرنے کا قدم اٹھایا جائے گا۔ اجلاس میں سوئی ناردرن گیس کمپنی نے حکومت کو گیس بحران سے آگاہ کیا، بتایا گیا کہ لاہور کو 310 ایم ایم سی ایف کی بجائے 270 ایم ایم سی ایف گیس مل رہی ہے، گیس فراہمی میں کمی کی وجہ سے مختلف علاقوں میں کم پریشر کی شکایات عام ہو گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ سندھ میں بھی ایس ایس جی سی کے سسٹم میں گیس پریشر میں کمی کے باعث آج (جمعے کو) سی این جی بند رہے گی، آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سندھ میں سی این جی اسٹیشن منگل سے مسلسل ہفتہ صبح 8 بجے تک بندش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ایس ایس جی سی کا مؤقف ہے کہ گیس کے کم پریشر کے باعث گھریلو صارفین کو فراہمی میں مشکلات درپیش ہیں، جب کہ کمرشل سیکٹر کی طلب پوری کرنے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔

    ادھر سندھ حکومت نے گیس 245 فی صد مہنگی کرنے کا ممکنہ فیصلہ مسترد کر دیا ہے، وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے کہا ہے کہ وفاق سندھ میں گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ واپس لے، سب سے زیادہ گیس کی پیداوار سندھ سے ہوتی ہے۔ صوبائی وزیر اویس شاہ نے کہا کہ گیس مہنگی ہونے سے کرایوں میں اضافے کے ساتھ مہنگائی بھی بڑھ جائے گی، پنجاب کو ہر معاملے پرسب سڈی، سندھ کو ہر ماہ مہنگائی کا تحفہ دیا جاتا ہے، وفاق کو سی این جی سیکٹر میں 31 فی صد اضافہ نہیں کرنے دیں گے۔

    سی این جی ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بھی اوگرا کی جانب سے گیس کے نرخوں میں اضافہ مسترد کر دیا ہے، ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ گیس کے نرخوں میں اضافے کے بعد تمام سی این جی اسٹیشن بند اور ڈھائی لاکھ افراد بے روزگار ہو جائیں گے، پاکستان میں 36 لاکھ گاڑیاں سی این جی پر چل رہی ہیں وہ بند ہو جائیں گی، ایس ایس جی سی کی وجہ سے سی این جی اسٹیشن مالکان پریشان ہیں، سی این جی بھی شیڈول سے ہٹ کر بند کی جا رہی ہے۔

  • پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

    پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

    لاہور: صوبہ پنجاب کے تعلیمی اداروں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا، حکومت کی جانب سے تعطیلات کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ پنجاب کے سرکاری اور نجی سرکاری تعلیمی اداروں میں 20 دسمبرسے 5 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔

    پنجاب حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اسکول 6 جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔

    دوسری جانب ملک بھر میں موسم سرد ہوگیا ہے جبکہ کئی شہروں میں بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ مری اور دیگر مقامات پر برفباری بھی شروع ہو چکی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی پنجاب بھر کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں 24 دسمبر سے 31 دسمبر تک موسم سرما کی تعطیلات کی گئی تھیں۔ تاہم سرد موسم اور شدید دھند کی وجہ سے اسے 15 جنوری تک بڑھانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    پنجاب حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ موسم سرما کی چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ موسمی حالات کے پیش نظر کیا گیا۔ حکومت کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں شدید دھند اور سردی کے باعث 6 جنوری سے 15 جنوری تک بڑھائی جا رہی ہیں۔

  • ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہے گا، محکمہ موسمیات

    ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہے گا، محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ بعض مقامات میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ کوئٹہ، ژوب، کوئٹہ اور چاغی میں ہلکی بارش، برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی ایک ،قلات میں منفی 2 اور زیارت میں منفی 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج صبح مطلع صاف رہا تاہم خنکی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی دارالحکومت میں صبح کے وقت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج موسم جزوی ابرآلود رہے گا، شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہا۔

    کراچی میں سردی ، محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجادی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ محمکہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ کراچی میں اس سال کڑاکے کی سردی پڑے گی اورنومبر کے وسط تک موسم سرد ہونے کا امکان ہے۔

  • کراچی میں سردی لوٹ آئی

    کراچی میں سردی لوٹ آئی

    کراچی: شہرقائد میں سردی کی پہلی لہر نے ہی کراچی کو ٹھنڈاٹھار کردیا، علی الصبح درجہ حرارت 19ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سردی نے اپنی موجودگی کا احساس دلا دیا، صبح سویرے شہر میں ٹھنڈ پڑی، موسم سرما کی آمد سے گرم کپڑوں کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں علی الصبح درجہ حرارت19ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت31ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

    سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد نمی کے تناسب میں واضح کمی واقع ہوئی، ہوا میں نمی کا تناسب39فیصد ہے، شہر کا مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، صبح وشام کے اوقات میں ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم سرد اور خشک ہوگا۔

    تین روز قبل ہی محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ سمندری طوفان ماہا کراچی سے 675 کلوميٹر دور ہے، کراچی ميں7 نومبر سے جزوی سردی کی لہر داخل ہورہی ہے، سردی کی اس لہر کے دوران درجہ حرارت18 سے 20 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

    کراچی کے شہری سردی کی واپسی پر خوش ہيں، جبکہ ٹھنڈ بڑھنے سے خشک ميوہ جات، سوپ اور مچھلی بيچنے والوں کی بھی چاندی ہوجائے گی۔

  • وزیر اعظم نے سردی سے ٹھٹھرتے دھرنے کے شرکا کی مدد کا حکم دے دیا

    وزیر اعظم نے سردی سے ٹھٹھرتے دھرنے کے شرکا کی مدد کا حکم دے دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے سردی سے ٹھٹھرتے دھرنے کے شرکا کی مدد کا حکم جاری کر دیا ہے، وفاقی دارالحکومت میں وزیر اعظم کے استعفے کے مطالبے کے ساتھ موجود مظاہرین بارش اور سردی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے انسانی جذبے کا اعلیٰ مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد میں سردی اور بارش کے باعث پریشان دھرنے کے شرکا کی فوری مدد کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    وزیر اعظم نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں نے یہ اندازہ لگانے کے لیے کہ بارش اور بدلتے موسم کے حوالے سے شرکا کو کیا امداد فراہم کی جاسکتی ہے، چیئرمین سی ڈی اے کو فوری طور پر دھرنے کے مقام پر جانے کا حکم دیا ہے۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  شہرِ اقتدار میں بارش، آزادی مارچ کے شرکا مشکلات کا شکار

    وزیر اعظم کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ چیئرمین سی ڈی اے بارش کے پیش نظر سہولتوں کا جائزہ لیں، کہ دھرنے کے شرکا کو کیا سہولتیں فراہم کی جا سکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ وفاقی دارالحکومت میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش شروع ہو گئی ہے جس کی وجہ سے آزادی مارچ کے شرکا شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں، مارچ کے شرکا کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں، دھرنے کے مقام پر جے یو آئی کی جانب سے لگائے جانے والے بیش تر خیمے بارش کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔

  • کیا آپ نے برفانی سونامی کے بارے میں سنا ہے؟

    کیا آپ نے برفانی سونامی کے بارے میں سنا ہے؟

    ہماری زمین پر موجود برفانی علاقے اپنے علیحدہ جغرافیائی عوامل اور مظاہر رکھتے ہیں جو کم ہی دنیا کی سامنے آتے ہیں۔ ان ہی میں اسے ایک برف کا سونامی بھی ہے۔

    ہم نے اب تک سونامی کے بارے میں سنا ہے جو نہایت خوفناک قسم کا سیلاب ہے، یہ اپنی راہ میں آنے والی ہر شے کو بہا کر لے جاتا ہے اور میلوں تک تباہی و بربادی کی داستان چھوڑ دیتا ہے۔

    برفانی سونامی بھی کچھ ایسی ہی خصوصیات رکھتا ہے تاہم یہ کم رونما ہوتا ہے اور اس کے آگے بڑھنے کا دائرہ کار بھی کم ہوتا ہے۔

    برف کا سونامی اس وقت آسکتا ہے جب تیز ہوائیں چل رہی ہوں یا برفانی سمندر کے کرنٹ میں تبدیلی پیدا ہو۔ اس وقت سمندر پر موجود برف کے بڑے بڑے تودے تیزی سے ساحل کی طرف آنے لگتے ہیں۔

    برف تیزی سے زمین سے ٹکراتی ہے اور آگے بڑھتی چلی جاتی ہے، اس دوران اس کا دباؤ اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ یہ سونامی اپنے راستے میں آنے والی چیزوں کو باآسانی تباہ کرسکتا ہے۔

    یہ سونامی ساحل پر برف کی 12 میٹر تک بلند دیواریں کھڑی کرسکتا ہے۔ برف کا یہ سونامی عموماً سخت سردی کے دوران آسکتا ہے جب تیز ہوائیں یا معمول سے زیادہ برف باری موسم کی شدت میں اضافہ کردیں۔

    برفانی سمندر کے علاوہ یہ ان علاقوں میں بھی رونما ہوسکتا ہے جہاں موسم سرما کے دوران شدید برف باری ہوتی ہو اور دریا اور سمندر برف بن جاتے ہوں۔

    زیر نظر ویڈیوز رواں برس موسم سرما کی ہیں جب یہ انوکھا منظر برفانی علاقوں کے شہریوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔

  • منگولیا میں زندہ رہنے کا جشن

    منگولیا میں زندہ رہنے کا جشن

    چین اور روس کے درمیان واقع ملک منگولیا میں جسے نیلے آسمان کی سرزمین کہا جاتا ہے، ہر سال زندہ رہنے کا جشن منایا جاتا ہے۔

    ہر سال مارچ میں جب موسم سرما اپنے اختتام پر پہنچتا ہے تو منگولیا کے لوگ جشن مناتے ہیں کہ خدا نے انہیں شدید موسم سرما میں بھی محفوظ رکھا۔

    یہ جشن منگولیا کی کفگول جھیل پر منایا جاتا ہے، یہ جھیل شمالی منگولیا میں واقع ہے اور ملک کی سب سے بڑی میٹھے پانی کی جھیل ہے جو سردیوں میں برف بن جاتی ہے۔ 2 ہزار 6 سو 20 اسکوائر کلومیٹر کے رقبے پر واقع اس جھیل کو منگولیا کا نیلا موتی کہا جاتا ہے۔

    موسم سرما میں جب یہاں کا اوسط درجہ حرارت منفی 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے چلا جاتا ہے تب یہ جھیل سخت برف میں تبدیل ہوجاتی ہے۔ اس وقت اس پر لوگ، جانور حتیٰ کہ گاڑیاں بھی سفر کرتی ہیں۔

    دن کے آغاز پر لوگ اس جھیل کو تعظیم پیش کرتے ہیں اس کے بعد اس پر اپنا سفر شروع کرتے ہیں، ان کے عقیدے کے مطابق تعظیم پیش کرنے کے بعد یہ جھیل سفر کے لیے محفوظ ہوجاتی ہے۔

    مارچ میں ملک کے دور دراز حصوں سے سفر کر کے لوگ یہاں پہنچتے ہیں اور سال کے سب سے مشکل وقت کے خاتمے کا جشن مناتے ہیں۔ دو روزہ اس جشن میں جھیل پر کئی مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں۔

    رات کے وقت ضیافت کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں گھوڑی کا دودھ اور مقامی پکوان پیش کیے جاتے ہیں۔ نہ صرف مقامی افراد بلکہ دنیا بھر سے سیاحوں کو بڑی تعداد اس جشن میں شامل ہونے کے لیے یہاں پہنچتی ہے۔

  • ُُپنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ

    ُُپنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم سہانا ہوگیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔

    سرگودھا، جھنگ، ٹبہ سلطان پور، ڈسکہ، شاہ کوٹ، پنڈی بھٹیاں ،محسن وال، ملتان ، لاہور، جہانیاں، راولپنڈی اور احمد پور شرقیہ میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں آج وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔

    ترجمان موٹروے کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں پرجگہ جگہ بارش کے باعث پھسلن ہونے کے باعث دوران ڈرائیونگ تیزرفتاری سے گریزکیا جائے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخواہ، بالائی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پربرفباری کا امکان ہے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش‘ موسم خوشگوار

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا تھا۔

  • کراچی میں آج موسم سرد اور ابرآلود رہے گا‘ محکمہ موسمیات

    کراچی میں آج موسم سرد اور ابرآلود رہے گا‘ محکمہ موسمیات

    کراچی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات گئے بوندا باندی سے کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شہر میں بارش یا بوندا باندی کا کوئی امکان نہیں ہے جبکہ 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں موسم سرد اور ابر آلود رہے گا اور درجہ حرارت 24 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش

    محکمہ موسمیات کے مطابق رات گئے بونداباندی سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا، آج دن میں بارش یا بونداباندی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ آئندہ ایک ہفتے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید کا کہنا تھا کہ ایران کی طرف سے بادلوں کا سسٹم پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے جس سے ملک بھر میں بارشیں ہوں گی۔

  • لاہور کے مختلف علاقوں میں بونداباندی سے موسم خوشگوار

    لاہور کے مختلف علاقوں میں بونداباندی سے موسم خوشگوار

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔

    لاہور میں ہنجروال، سبزہ زار، گلشن راوی اورثمن آباد، جوہرٹاؤن، اقبال ٹاؤن اورماڈل ٹاؤن میں بارش ہوئی جبکہ شہرکے دیگر علاقوں میں بادل چھائے ہوئے ہیں۔ بارش کے باعث موسم سہانا ہوگیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا درجہ حرارت 14 سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 89 فیصد ہے جبکہ اس وقت ہوا 8 ناٹیکل میل فی گھنٹے کی رفتارسے چل رہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی سمیت سندھ کہ بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

    مری، گلیات، مالا کنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ آئندہ 2 روز تک جاری رہے گا۔