Tag: سرد موسم

  • سرد موسم میں نزلہ زکام کھانسی سے نمٹنا بہت آسان، لیکن کیسے؟

    سرد موسم میں نزلہ زکام کھانسی سے نمٹنا بہت آسان، لیکن کیسے؟

    موسم سرما آچکا ہے اور سرد موسم میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے جسم میں پیدا ہونے والی متعدد بیماریاں اپنی آمد کی اطلاع دینےکیلئے باری باری دستک دیتی رہتی ہیں لیکن اب اس میں پریشانی والی کوئی نہیں ہے۔

    آج ہم آپ کیلیے چند ایسے نایاب اور نہایت آسان ٹوٹکے بیان کرنے والے ہیں جن پر عمل کرکے آپ نزلہ زکام اور کھانسی گلے کی خراش جیسی علامات سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔

    سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی نزلہ، زکام، بخار اور کھانسی عام بیماریاں بن کر سامنے آ تی ہیں جن سے ہر دوسرا فرد متاثر نظر آ تا ہے۔

    ان کے علاوہ سرد موسم میں ٹھنڈ کے سبب دیگر علامات جیسے سر میں درد، جسم میں درد، زیادہ ٹھنڈ لگنا اور ناک بہنا زندگی مشکل بنا دیتی ہیں۔

    اس حوالے سے طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نزلہ زکام میں آپ کو بھرپور غذائیت اور قوت مدافعت مظبوط رکھنے کی اشد ضرورت ہوتی ہے تاکہ اس کے وائرس سے لڑنے کے لیے درکار طاقت حاصل کی جا سکے۔

    پانچ میں سے ایک شخص کو سرد موسم میں کھانسی ہونا عام سی بات ہے جس کی علامات تین ہفتوں تک رہ سکتی ہیں لیکن بعض صورتوں میں آٹھ ہفتوں تک بھی رہ سکتی ہیں۔

    این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق سردی کے باعث یہ بیماریاں لاحق ہونے کی صورت میں آپ کو انتہائی تھکاوٹ محسوس ہو سکتی ہے اور روزمرہ کے کام مؤثر طریقے سے کرنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

    تاہم چند گھریلو ٹوٹکے ایسے ہیں جو سردی اور کھانسی کے علامات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

    وٹامنز کی ضرورت

    ویسے تو تمام وٹامنز ہمارے جسم کی بنیادی ضرورتوں کو پورا کرتے ہیں لیکن ان میں وٹامن سی کی اہمیت اور افادیت بہت زیادہ ہے۔ یہ وٹامن ہمیں بہت سے پھلوں اور سنزیوں سے حاصل ہوتا ہے۔

    ماہرین کہتے ہیں کہ وٹامن سی مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے والا ایک بہترین وٹامن ہے، اور مضبوط مدافعتی نظام موسمی بیماریوں سے جسم کے لڑنے کے لیے مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
    ترش پھلوں کو اپنی غذا میں شامل کرنے سے مدافعتی افعال کو بڑھانے میں مدد مل سکتی ہے جو وٹامن کے حصول کا بہترین ذریعہ ہیں۔

    شہد کی اہمیت

    شہد کا استعمال کھانسی کے لیے ایک مؤثر علاج ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی مائیکروبائل خصوصیات سے بھرپور ہوتا ہے۔

    شہد بالغ افراد اور بچے دونوں استعمال کر سکتے ہیں۔ ایک چمچ شہد کو ادرک کے رس کے چند قطروں کے ساتھ ملا کر استعمال کرنے سے کھانسی سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔

    اس کے علاوہ ایک پیالا گرم پانی کے ساتھ ایک لیموں کا رس اور ایک چائے کا چمچ شہد بھی کھانسی کیلیے اکسیر ہے۔

    ہلدی کی افادیت

    سرد موسم میں ہلدی کا استعمال بہت ضروری ہے۔ یہ آپ کے جسم کو گرم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ سردی اور کھانسی کے علامات کو کم کرتا ہے۔ ہلدی میں اینٹی بیکٹیریل خصوصیات بھی ہوتی ہیں اور یہ سوزش کو کم کرنے میں مددگار ہے۔

    ادرک کا استعمال

    ادرک میں سوزش کو کم کرنے والے مرکبات ہوتے ہیں۔ ادرک کا استعمال کھانسی کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

    تازہ ادرک کو شہد کے ساتھ ملا کر یا چائے میں ڈال کر استعمال کریں تاکہ مؤثر نتائج حاصل ہو سکیں۔

    سوپ پئیں

    آپ سوپ کے استعمال سے سردی کی شدت کو کم کرسکتے ہیں۔ سوپ جسم کو حرارت دیتا ہے اور ضروری غذائی اجزاء فراہم کرتا ہے جو انسانی جسم کے مدافعتی نظام کو مظبوط بناتے ہیں۔

    بھاپ اور غرارے

    نمک والے پانی سے غرارے کرنا نظام تنفس کے انفیکشن کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ نزلہ اور گلے کی خراش کی شدت کو بھی کم کرتا ہے۔

    اسی طرح سے بھاپ لینا ناک کی بندش سے نجات دلانے میں مدد دیتا ہے۔ یہ ہوا کی نالیوں میں نمی فراہم کر کے کھانسی میں بھی آرام دیتا ہے۔

  • برطانیہ میں ایک اور بڑی ’مصیبت‘ کی پیش گوئی

    برطانیہ میں ایک اور بڑی ’مصیبت‘ کی پیش گوئی

    لندن: کرونا وبا کے بعد چالیس سال کی بد ترین مہنگائی کا سامنا کرنے والا برطانیہ اب ایک اور بڑی ’مصیبت‘ کا سامنا کرنے والا ہے، محکمہ موسمیات نے ملک شدید ترین سرد موسم پیش گوئی کی ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں رواں ہفتے شدید برف باری ہوگی، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے دس ڈگری نیچے جا سکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس ہفتے برطانیہ میں شدید سرد موسم آنے والا ہے، جہاں راتوں رات درجہ حرارت -6C (21F) تک گر جائے گا۔ ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے سرد موسم کا تیسرے درجہ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے اسکاٹش ہائی لینڈز میں نچلی سطح پر 2 انچ اور سطح سمندر سے 650 فٹ بلندی والے علاقوں میں 4 انچ تک برف پڑنے کی وارننگ جاری کی ہے۔

    روسی تیل پر قیمت کی حد، ماسکو نے پہلے ہی سے تیار ہونے کا انکشاف کر دیا

    حکومت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سردی سے بچاؤ کے لیے اقدامات کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

    درجہ حرارت اتنا کم ہوگا کہ ملک میں کہیں بھی برف پڑ سکتی ہے، لوگوں پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود اپنا ہیٹنگ استعمال کریں، اور ان لوگوں کا خاص طور پر خیال رکھیں‌جو کمزور ہیں۔

  • سرد موسم میں معدے کی تکالیف میں اضافہ کیوں ہوتا ہے؟ ماہر ڈاکٹر کے مفید مشورے

    سرد موسم میں معدے کی تکالیف میں اضافہ کیوں ہوتا ہے؟ ماہر ڈاکٹر کے مفید مشورے

    کیا ہم کھانا اپنا پیٹ سمجھ کر نہیں کھاتے؟ زندہ رہنے کے لیے کھانا کھاتے ہیں یا کھانے کے لیے زندہ رہتے ہیں؟ آئیے جانتے ہیں کہ سرد موسم میں معدے کی تکالیف میں اضافہ کیوں ہوتا ہے۔

    تلی ہوئی اور چٹ پٹی غذا کے شوقین افراد کن مسائل کا شکار ہوتے ہیں، ایسوسی ایٹ پروفیسر جناح پوسٹ میڈیکل گریجویٹ ڈاکٹر ذیشان نے اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں تفصیلی گفتگو کی۔

    انھوں نے کہا قدرت نے ہمیں معدہ ایک مقصد کے لیے دیا ہے، جس کا مقصد یہ ہے کہ جب ہم کھانا کھائیں تو اس کے ذریعے ہمارے جسم کی غذائی ضروریات پوری ہوں، جب ہم کھانے پینے میں زیادتی کرتے ہیں تو ہمارے جسم کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے، زیادہ کھانے سے بھی جسم کو نقصان ہوگا اور کم کھانے سے بھی۔

    ڈاکٹر ذیشان نے کہا معدہ ہماری ضروریات پوری کرتا ہے لیکن اگر شوق اتنا بڑھ جائے کہ ضروریات پر حاوی ہو تو صحت کے مسائل شروع ہو جاتے ہیں۔

    عام طور سے ایک تو ہم زیادہ کھاتے ہیں اور پھر مصالحوں سے بھرپور کھانے کے بھی شوقین ہیں، تو اس سے معدے کے جو مسائل پیدا ہوتے ہیں، اس کے حوالے سے ڈاکٹر ذیشان کہتے ہیں کہ جنرل پریکٹس میں ہمارے سامنے دو قسم کے مریض بہت زیادہ آتے ہیں، ایک تیزابیت کے اور دوسرے قبض کی شکایت والے۔ ان دونوں مسائل کا ہمارے کھانے کی عادات سے براہ راست تعلق ہے۔

    انھوں نے کہا کہ نہ صرف مصالحے دار کھانے مسائل پیدا کرتے ہیں بلکہ کھانے کے اوقات بھی اہم ہوتے ہیں، کہ ہم کتنے وقفے سے کھاتے ہیں، سردیوں میں بالخصوص یہ ہوتا ہے کہ رات کو ہم بستر پر لیٹے ہوتے ہیں رضائی اوڑھ کر اور کچھ نہ کچھ کھا رہے ہوتے ہیں، جس سے معدے پر بہت زیادہ بوجھ پڑ جاتا ہے۔

    ڈاکٹر ذیشان کہتے ہیں کہ ہم نے اتنا کھانا ہے جتنا ہم نے جسمانی سرگرمی کرنی ہے، سردیوں کو جسم کو کچھ فیٹس کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن ہماری جسمانی سرگرمی بھی اسی حساب سے ہونی چاہیے، اگر آپ 12 گھنٹے کی رات بستر میں لیٹے گزاریں گے، اس میں سے چھ گھنٹے سوئیں گے اور باقی کچھ نہ کچھ کھاتے گزاریں گے تو معدہ اسے برداشت نہیں کرے گا اور اس طرح آپ مسائل کو دعوت دیتے ہیں۔

    سردیوں میں خشک میوے شوق سے کھائے جاتے ہیں لیکن ڈاکٹر ذیشان کہتے ہیں کہ ڈرائی فروٹ بھی ایک حد میں کھائے جائیں، ایسا نہ ہو کہ آپ ٹی وی دیکھتے جائیں اور کھاتے جائیں اور پتا بھی نہ چلے کہ کتنا کچھ کھا لیا، ایک خاص مقدار میں ڈرائی فروٹ کھانا صحت بخش تو ہے لیکن زیادہ مقدار میں پھر مسائل ہی پیدا ہوں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ڈرائی فروٹ میں کچھ چکنائیاں ہیں جو سردیوں میں مفید ہیں، اور یہ انتہائی اینٹی آکسیڈنٹ بھی ہوتے ہیں، لیکن ایک خاص مقدار میں ہی یہ مفید ہیں، اگر آپ ایک چشمے کی جگہ چار پہنیں گے تو نتیجہ تو بلکہ الٹ نکلے گا۔

    ڈاکٹر ذیشان نے کہا کہ تیزابیت کا علاج کولڈ ڈرنک سے کیا جاتا ہے لیکن یہ بالکل غلط ہے، اس سے تیزابیت ختم نہیں ہوتی، بلکہ درست علاج کیا جانا چاہیے، انھوں نے کہا اس مسئلے کا تعلق لائف اسٹائل ہے، اگر اسے درست کیا جائے تو اس مسئلے سے نجات مل سکتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ دست اور الٹیوں جیسے مسائل کے لیے ادھر ادھر کے ٹوٹکوں کی جگہ نیوٹریشنل علاج بہتر رہتا ہے، اگر کسی کو بہت زیادہ دست لگ گئے ہیں، تو اس کو دہی یا کیلا دینے سے طبیعت بہتر ہو جاتی ہے۔

  • سرد موسم میں کسی کو بے گھر کرنا تکلیف دہ ہے، وزیراعلیٰ سندھ

    سرد موسم میں کسی کو بے گھر کرنا تکلیف دہ ہے، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سرد موسم میں کسی کو بے گھر کرنا تکلیف دہ ہے، جو بھی بے گھر ہو ان کو خیمے دیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کی جانب سے صوبے میں گھروں کو مسمار کرنے سے پہلے متبادل کا انتظام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کابینہ کے مطابق جن لوگوں کو بے گھر کریں گے وہ کہیں اور جا کر قبضہ کر کے گھر بنائیں گے۔

    صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سندھ کینال کے ساتھ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، بدین گھوٹکی ودیگر اضلاع میں ہزاروں لوگ بے گھر ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ضلعی سطح پر بےگھر خاندانوں کا سروے کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرد موسم میں کسی کو بے گھر کرنا تکلیف دہ ہے۔

    مراد علی شاہ نے عدالتوں سے درخواست کے لیے ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ درخواست کر کے گھر مسمار سے پہلے متبادل انتظام کرنے کی اجازت لی جائے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری، وزیرریونیو، وزیر کچی آبادی پر مشتمل کمیٹی قائم کی ہے جو کمیٹی بے گھر ہونے والے افراد کی نقصانات کا جائزہ لے گی۔

  • ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا

    ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا

    اسلام آباد: ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں آج سرد اور خشک موسم رہنے کا امکان ہے، مالا کنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سرد ہوائیں چلیں گی اور کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری رہے گا۔

    کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی ہے۔

    صوبہ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں بھی آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔ لاہور میں دن بھر مطلع صاف رہے گا، لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 2 روز تک بارش کا کوئی امکان نہیں، کل سے صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب گلگت، اسکردو، مظفر آباد، چترال، دیر اور مری میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ گلگت، اسکردو اور چترال میں آج ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کالام اور قلات میں منفی 11، اسکردو، مالم جبہ اور کوئٹہ میں منفی 08، بگروٹ اور گوپس میں منفی 07، استور میں منفی 06، چترال اور ہنزہ میں منفی 05 اور دالبندین میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    اسی طرح مری، دیر، پارہ چنار اور ایبٹ آباد میں منفی 03، میر کھانی اور گلگت میں منفی 02 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

  • ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم سرد اورخشک رہےگا‘محکمہ موسمیات

    ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم سرد اورخشک رہےگا‘محکمہ موسمیات

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی سمیت ملک کے بیشترعلاقوں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخواہ میں بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے، کشمیراور گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پیراورمنگل کو مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برفباری کا امکان ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روزسب سے کم درجہ حرارت اسکردو، گلگت اور قلات میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کا درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ آج کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئر کریں۔

  • غذائی قلت اور سردی نے مٹھی میں مزید 3 بچوں کی جان لے لی، تعداد 174 ہوگئی

    غذائی قلت اور سردی نے مٹھی میں مزید 3 بچوں کی جان لے لی، تعداد 174 ہوگئی

    تھر پارکر: مٹھی میں غذائی قلت اور سردی نے مزید تین بچوں کی جان لے لی ہے۔ یکم اکتوبر سے ابتک مرنے والے بچوں کی تعداد ایک سو چوہتر ہوگئی ہے۔

    غذائی قلت، سرد موسم کی سختی اور حکومتی سرد مہری تھری واسیوں کو توڑ رہی ہے۔ کنووں میں پانی نہیں، زمین پر فصلیں نہیں، بھوک و افلاس کا شکار بچے ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مررہے ہیں۔

    تھر کے سیکڑوں دیہات غذائی قلت اور امداد کی عدم فراہمی کے باعث ویران ہوگئے ہیں۔ ضلع بھر کے مختلف سرکاری اور نجی طبی مراکز میں درجنوں بچے زیر علاج ہیں لیکن ڈاکٹرز کی کمی، انکوبیٹرز، ادویات کی قلت اور اب خون ٹیسٹ کی مشین کی خرابی نے تھر میں سب اچھا ہے کا دعوی کرنے والی حکومتی کار کردگی کا پردہ فاش کررہے ہیں۔

  • سرد موسم میں بھی بالوں کوخوبصورت رکھنا ممکن

    سرد موسم میں بھی بالوں کوخوبصورت رکھنا ممکن

    لندن:اس میں کوئی شک نہیں کہ سرد موسم میں جلد کی طرح بال بھی روکھے اوربے رونق ہوجاتے ہیں، البتہ چند تدابیر کے ذریعے سرد موسم میں رہتے ہوئے بھی بالوں کو صحت مند اور خوبصورت رکھ سکتا ہے۔

    ماہرین نے سرد موسم میں بالوں کوکلر کرنا نقصان دہ قرار دیا ہے لیکن بعض مرد وخواتین کو اس سے اجتناب کرنا ممکن نہ ہو تاہم دیگر تدابیر کو ضروراختیار کیا جاسکتا ہے، خشکی سے بچنے کیلئے سرکی کھال پرگرم تیل سے مساج کریں، ناریل یا زیتون کا تیل استعمال کرنے کےمزید اچھے نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

    بالوں کوکبھی گرم پانی سے نہ دھوئیں کیونکہ ایسا کرنے سے سر کی کھال پر خشکی زیادہ پیدا ہونے لگتی ہے، سر کو ہمیشہ نیم گرم پانی سے دھوئیں اورایک ہفتے میں ایک یا زیادہ سے زیادہ دو مرتبہ سرمیں شیمپو کریں۔

    شیمپو اور ہیئرکنڈیشنر کوعلیحدہ علیحدہ استعمال کریں، ہیئر کنڈیشنر کو ایسے لگائیں کہ یہ صرف بالوں تک ہی محدود رہے کھال تک نہ پہنچ سکے، کنڈیشنرکو کم سے کم 10 سے 15 منٹ تک ہی بالوں پر لگائے رکھیں ایسا کرنے سے بالوں کو گرنا بھی رک سکتا ہے۔

    خشک بالوں کیلئے کوکونٹ ملک بہت مفید ہے، بالوں میں پروٹین کی کمی پوری کرنے کیلئے پروٹین کنڈیشنر، انڈے اوردہی کو مکس کرکے جلد پرلگانا فائدہ مند ہے،یہ پیسٹ 5 سے 10 منٹ تک سر پر لگائے رکھیں اور بعد میں اچھی طرح سر کودھو لینا چاہئے۔

  • ملک بھر میں سردی کی لہر میں کمی آنا شروع ہوگئی

    ملک بھر میں سردی کی لہر میں کمی آنا شروع ہوگئی

    ملک بھر میں سردی کی لہر میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے، بالائی علاقوں میں اب بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

    بالائی علاقوں وادی نیلم ، اٹھ مقام اور گریز سمیت کئی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری کا سلسلہ اب بھی جاری ہے،  گلگت بلتستان میں برف باری تھمنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    اسلام آباد اور راولپنڈی میں یخ بستہ ہواؤں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، لاہور، فیصل آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شہری سرد موسم میں بھاپ اڑاتی چائے اور سوپ سے لطف اندوز ہورہے ہیں تو کراچی میں شہری کم ہوتی سردی کو بھی بھرپور انجوائے کر رہے ہیں۔

    اندرون سندھ کے کئی شہروں میں سخت سردی نے اب بھی ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، شہری سردی کا مزہ مچھ کچھہیری لگا کرلے رہے ہیں، محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں جاری سردی کی شدت میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دروان مزید کم ہونے کا امکان ہے۔