Tag: سرسبز پاکستان

  • ٹائیگر فورس ڈے، جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ شجرکاری کا آغاز، گرین سیلفی ایپ کیسے کام کرے گا؟

    ٹائیگر فورس ڈے، جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ شجرکاری کا آغاز، گرین سیلفی ایپ کیسے کام کرے گا؟

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر آج ملک بھر میں ٹائیگر فورس ڈے منایا جا رہا ہے، وزیر اعظم آج ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم کا بھی آغاز کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر اسلام آباد میں پودا لگا کر بڑی شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے، ٹائیگر فورس ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم میں شامل ہونے کو تیار ہے۔

    ٹائیگر فورس ڈے کی مرکزی تقریب آج اسلام آباد میں ہوگی، وزیر اعظم تقریب میں شرکت اور ٹائیگر فورس رضا کاروں سے خطاب کریں گے، معاونین خصوصی ملک امین اسلم اور عثمان ڈار بھی ان کے ہمراہ ہوں گے، یہ تقریب بنی گالہ کے قریب کورنگ نالے کے اطراف میں ہوگی۔

    ملک میں پہلی بار شجر کاری مہم کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا، وزیر اعظم ٹائیگر فورس ایپ میں گرین سیلفی فیچر کی منظوری دے چکے ہیں، ایپ میں جیو ٹیگنگ کی خصوصی سہولت بھی متعارف کروا دی گئی ہے۔

    اس ایپ سے پودوں کی لائیو لوکیشن اور تعداد معلوم کی جا سکتی ہے، پودا لگانے والا رضا کار ایپ کے ذریعے اپنی گرین سیلفی اپلوڈ کر سکے گا، ایپ کا استعمال کرتے ہوئے چند گھنٹے میں 16 ہزار پودے لگائے گئے، یہ خصوصی ایپ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔

    معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ڈیجیٹل شجر کاری مہم کا آغاز ہوا ہے، اب کراچی سے خیبر تک لگائے گئے ایک ایک پودے کا ریکارڈ دستیاب ہوگا، اکثر اپوزیشن ارکان کو بھی پودے گننے کا شوق رہتا ہے، اب اپوزیشن ارکان ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے گھر بیٹھے پودے گن سکیں گے۔

    انھوں نے کہا چاہیں تو تجربے کے طور پر گھر میں پودا لگا کر لائیو اپ ڈیٹ دیکھ لیں، شجر کاری مہم کا ڈیٹا 3 مختلف طریقوں سے حاصل کیا جا سکے گا، شہری 8070 پر GS لکھ کر میسج بھی بھیج سکیں گے، محکمہ جنگلات کے افسران بھی موبائل میں شجر کاری مہم کا ریکارڈ رکھیں گے۔

    ادھر معاون خصوصی شہباز گل نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وزیر اعظم اسلام آباد میں پودا لگا کر مہم کا آغاز کریں گے، آج انشاء اللہ 35 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، وزیر اعظم کے ماحول دوست اقدامات پاکستان کی عزت کا باعث بن رہے ہیں، ہم آئندہ نسلوں کو سر سبز پاکستان دیں گے۔

  • امریکی سفارت خانے نے ’10 بلین ٹری سونامی‘ میں شرکت کے لیے کون سا درخت لگایا؟

    امریکی سفارت خانے نے ’10 بلین ٹری سونامی‘ میں شرکت کے لیے کون سا درخت لگایا؟

    کراچی: امریکی سفارت خانے نے بھی وزیر اعظم عمران خان کے ’دس ارب درختوں کی سونامی‘ میں شرکت کر کے ایک اہم درخت لگایا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں امریکی سفارت خانہ بھی پاکستان کی شجر کاری کی مہم دس ارب درختوں کی سونامی میں شریک ہو رہا ہے، اس سلسلے میں سفارت خانے میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق امریکی سفارت خانے میں درخت لگانے کی تقریب میں سفارت خانے اور وزارتِ ماحولیات کے حکام نے شرکت کی۔

    وزیر اعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور امریکی سفیر پال جونز نے امریکی سفارت خانے کی عمارت کے قریب سوہانجنا (مورینگا) کا ایک درخت لگایا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اگلے 4سال میں 10ارب درخت لگ گئے تو پاکستان کاموسم تبدیل ہوجائےگا، وزیراعظم

    امریکی سفیر پال جونز کا کہنا تھا کہ سفارت خانے نے کمپاوٴنڈ کی تعمیر کے وقت 520 درختوں کو بچایا تھا، اور 513 نئے درخت لگائے تھے، اس کے علاوہ کمپاؤنڈ میں 2800 جھاڑیاں بھی اگائی گئی تھیں۔

    خیال رہے کہ سوہانجنا ایک اہم ترین جنوبی ایشیائی درخت ہے، صحت کے لیے جس کے فوائد بے مثال ہیں، اسے جادوئی خصوصیات کا درخت بھی کہا جاتا ہے، یہ منرلز اور وٹامنز سے بھرپور ہے، دیگر کئی امراض کے لیے بھی نہایت مفید ہے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بلین ٹری سونامی مہم کی شان دار کام یابی کے بعد آیندہ پانچ برسوں میں دس ارب درخت لگانے کے پروگرام کا بھی اعلان کر دیا تھا۔

  • نئے گھر کی تعمیر کے لیے 2 درخت لگانا لازمی قرار، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ جاری

    نئے گھر کی تعمیر کے لیے 2 درخت لگانا لازمی قرار، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ جاری

    لاہور: ہائی کورٹ نے سرسبز پاکستان کے حوالے سے بڑا فیصلہ کیا ہے، جسٹس جواد حسن نے 78 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا، نئے گھر کی تعمیر کے لیے 2 درخت لگانا لازمی ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے نئے گھر کی تعمیر کے لیے 2 درخت لگانا لازمی قرار دے دیا ہے۔

    عدالت نے حکم دیا ہے کہ درخت نہ لگانے والی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے نقشے منظور نہ کیے جائیں، عدالت نے درخت کاٹنے والوں کو بھاری جرمانے کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔

    اپنے تفصیلی حکم نامے میں عدالت نے کہا کہ درخت نہ لگانے والی فیکٹریوں کے این او سی منسوخ کیے جائیں، تمام محکموں کے افسران درخت لگانے سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کریں۔

    فیصلے میں کہا گیا کہ تعلیمی اداروں، اسپتالوں، پارکنگ سمیت عوامی مقامات پر درخت لگائے جائیں، درخت لگانے اور کاٹنے کے لیے متعلقہ اتھارٹی سے رجوع لازمی ہوگا، پنجاب حکومت زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے حوالے سے آگاہی مہم چلائے۔

    عدالت نے کہا کہ پنجاب حکومت درختوں کے حوالے سے متعلقہ قوانین پر نظر ثانی کرے، محکمہ جنگلات، پی ایچ اے (پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی) متعلقہ اداروں کو درختوں پر سہولت فراہم کریں، غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    عدالت کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کے مستقبل کا معاملہ ہے، زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ دریں اثنا، لاہور ہائی کورٹ نے درخت لگانے کے حوالے سے حکومتی پالیسی کو سراہا۔

  • مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے پارلیمنٹ لاجز میں پھل دار پودا لگایا

    مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے پارلیمنٹ لاجز میں پھل دار پودا لگایا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی پروگرام کلین اینڈ گرین کے تحت مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے پارلیمنٹ لاجز کے فرنٹ لان میں پھل دار پودا لگایا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت رزاق داؤد نے بھی کلین اینڈ گرین مہم میں حصہ لیتے ہوئے پارلیمنٹ کے لان میں پودا لگایا، اس موقع پر وزارت تجارت کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہم راہ موجود تھے۔

    پاکستان ہارٹی کلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی کے سربراہ محمد اشرف نے ادارے کے زیر اہتمام ’پلانٹ اے فروٹ ٹری‘ سے مشیر تجارت کو آگاہ کیا۔

    اس موقع پر رزاق داؤد نے کہا کہ پلانٹ اے فروٹ ٹری کے تحت شجر کاری مہم میں نیوٹریشن کا پہلو اہم ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ایئرپورٹ پر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کی تقریب وفاقی وزراء کا خطاب

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ ملک کو بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے بچانے کے لیے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی شجر کاری مہم کے ذریعے مقابلہ کریں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پلانٹ اے فروٹ ٹری کا مقصد عوام میں نان کمرشل فروٹ ٹری لگانے کا رجحان اجاگر کرنا ہے۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو درختوں کی بہت ضرورت ہے، پانچ سال بعد پاکستان یورپ سے زیادہ صاف نظر آئے گا، ایسا پاکستان چھوڑ کر جائیں گے کہ یقین ہی نہیں آئے گا۔

  • سرسبز ماحول انسان کی فطرت میں شامل ہے: صدر ڈاکٹر عارف علوی

    سرسبز ماحول انسان کی فطرت میں شامل ہے: صدر ڈاکٹر عارف علوی

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سرسبز ماحول انسان کی فطرت میں شامل ہے، نظام قدرت میں ہر ایک چیز کی اپنی اہمیت اور حیثیت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے کراچی میں تعمیر قوم کے تحت سرسبز تحریک سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ ملک کو سرسبز و شاداب بنانے میں بلین ٹری سونامی منصوبہ اہمیت رکھتا ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں جنگلات کی سطح تشویش ناک حد تک کم ہو رہی ہے، ایسے میں وزیر اعظم عمران خان کا ٹری منصوبہ سنگ میل کی حیثیت اختیار کر گیا۔

    ان کا کہنا تھا خوش قسمتی کی بات یہ ہے کہ ملک کو صاف اور سرسبز بنانے اور گلوبل وارمنگ کے اثرات سے نمٹنے کے لیے موجودہ قیادت پر خلوص ہے۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ہمارے مذہب میں ماحول کی پاکیزگی پر بہت زور دیا گیا ہے، اسلام ہمیں روحانی اور جسمانی پاکیزگی کی تعلیم دیتا ہے۔

    انھوں نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملک میں سستی بجلی پیدا کرنے کے لیے توانائی کے متبادل ذرایع بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ جوہری اور آبی ذرایع توانائی کے سستے ترین ذرایع ہیں جب کہ بجلی کی پیداوار کے لیے پَون اور شمسی ذرایع کو بھی بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

    عارف علوی نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کو تقریباً پانچ سال پہلے شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا تھا اور اب وہ ایوان صدر کو شمسی توانائی پر منتقل کرنا چاہتے ہیں۔

    صدر عارف علوی نے توانائی کے متبادل ذرایع میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم بھی کیا۔

  • قبضے کی زمینیں چھڑا کر ان پر درخت لگائیں گے: مشیر ماحولیات

    قبضے کی زمینیں چھڑا کر ان پر درخت لگائیں گے: مشیر ماحولیات

    اسلام آباد: مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ تمام صوبوں میں قبضے کی زمینیں خالی کرائی جا رہی ہیں، جن پر درخت لگائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تمام صوبوں میں قبضے سے چھڑائی گئی زمینوں پر درخت لگائیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ 10 ملین ٹری منصوبے میں تمام صوبوں کو شامل کریں گے، وزیر اعظم کے کلین گرین پاکستان وژن کو ترویج مل رہی ہے۔

    ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے خیبر پختون خوا میں ایک ارب پودے لگائے گئے، کے پی کا بلین ٹری سونامی عالمی سطح کے منصوبوں میں شامل ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ :گھر بنانے والے ہر شہری کیلئے 2درخت لگانا لازمی قرار

    مشیر ماحولیات نے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی اس طرز کے منصوبے شروع کرنے جا رہے ہیں، وزیر اعظم کی ہدات پر ماحولیاتی تحفظ کے لیے خصوصی بجٹ مختص کیا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ معیشت، سماجی ترقی اور ماحولیاتی ترجیحات پائیدار ترقی کے لیے نا گزیر ہیں، ہم ماحولیات کے تحفظ کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

    یاد رہے کہ مئی میں لاہور ہائی کورٹ نے ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کو کنٹرول کرنے کے لیے نئی ہاؤسنگ سوسائیٹیز میں گھر بنانے والے ہر شہری کے لیے دو درخت لگانا لازمی قرار دے دیا تھا۔