Tag: سرفراز احمد

  • جو ہوا وہ ماضی کا حصہ ہے اب صرف پی ایس ایل کی بات کی جائے، سرفراز احمد

    جو ہوا وہ ماضی کا حصہ ہے اب صرف پی ایس ایل کی بات کی جائے، سرفراز احمد

    کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ جو کچھ ہوا وہ ماضی کا حصہ بن گیا اب صرف پی ایس ایل کی بات کی جائے، ہم چاہتے ہیں کہ فائنل کراچی میں کھیلیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پی ایس ایل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ میں جو کچھ ہوا اب وہ ماضی کا قصہ ہے۔

    میری تمام تر توجہ پی ایس ایل اور ورلڈ کپ پر مرکوز ہے، لہٰذا پی ایس ایل آرہا ہے اس حوالے سے ہی بات کی جائے، پی ایس ایل کے پاکستان میں8میچز ہوں گے، چاہتے ہیں کہ فائنل میچ کراچی میں کھیلیں۔

    ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ میرے پسندیدہ کھلاڑی عمران خان ہیں، عمران خان کے پاس جو ٹیم تھی وہ اسٹارز پر مشتمل تھی، موجودہ کھلاڑی ورلڈ کپ میں کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: سرفراز احمد کوورلڈ کپ 2019 کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

    کوشش یہی ہوگی اچھا کھیلیں اور چیمپئن بنیں، کھلاڑیوں کا پول تیارہے اور ایک اچھی ٹیم تیار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ سے سیریز اور میگا ایونٹ جیسے مشکل چیلنجز کیلیے جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط ہونا ضروری ہے۔

  • معین خان نے سرفراز احمد کو کپتان بنانے کے فیصلے پر خاموشی توڑ دی

    معین خان نے سرفراز احمد کو کپتان بنانے کے فیصلے پر خاموشی توڑ دی

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان معین خان نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ بہت اچھا ہے.

    ان خیالات کا اظہار  انھوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی جانب سے فیصلہ بہت تاخیر سے کیا گیا.

    سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ اب تمام کھلاڑیوں کو معلوم ہے کہ کس کی قیادت میں کھیلنا ہے، ڈریسنگ روم کی خبریں باہر نہیں آنی چاہییں، اس سے منفی اثر پڑتا ہے،جو ڈریسنگ روم کی خبریں باہر کرتے ہیں، مستقبل میں خود باہرہو جاتے ہیں.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی سے پوچھ گچھ ہونی چاہیے، غلطیوں سے سیکھنےکاموقع ملتا ہے، کرکٹ بورڈ کا سلیکٹرز کو بلانا اور مشاورت کرنا اچھا عمل ہے.

    سابق ٹیسٹ کرکٹر معین خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کارکردگی دکھانا ہوگی کہ ورلڈکپ کھیلنےکی اہلیت رکھتے ہیں، ورلڈ کپ بڑا مقابلہ ہے.

    مزید پڑھیں: ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں: چیئرمین پی سی بی

    یا د رہے کہ جنوبی افریقا کے دورے کے دوران سرفراز احمد کو نسل پرستانہ جملے کی وجہ سے پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد یہ بحث چھڑ گئی  کہ میگا ایونٹ‌ میں کون کپتانی کرے گا.

    البتہ گذشتہ دونوں پی سی بی کی جانب سے سرفراز احمد کو ٹیم کا کپتان بنانے کا اعلان کیا گیا.

  • ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں: چیئرمین پی سی بی

    ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں: چیئرمین پی سی بی

    لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ جب تک کوئی دوسرا نہیں مل جاتا سرفراز ہی کپتان رہیں گے، آسٹریلیا سیریز اور ورلڈ کپ میں سرفراز احمد کپتانی کریں گے۔ ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی اور کپتان قومی ٹیم سرفراز احمد نے میڈیا بریفنگ کی۔ چیرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد سے بہت عرصہ پہلے ملاقات ہوئی تھی، سرفراز احمد میں بہت عرصہ پہلے لیڈر شپ دیکھی تھی۔

    احسان مانی نے کہا کہ سرفراز کی کپتانی پہلی بار 2006 جونیئر ورلڈ کپ میں دیکھی تھی، اس ورلڈ کپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی۔ سرفراز کی اس دن اور آج کی کپتانی ویسی ہی ہے۔ ان کی کپتانی دیکھ کر شہریار خان کو خط بھی لکھا تھا۔

    مزید پڑھیں: سرفراز کو ورلڈ کپ 2019 کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

    انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی دوسرا نہیں مل جاتا سرفراز ہی کپتان رہیں گے، جب بھی کوئی ایونٹ آتا ہے قیاس آرائیاں شروع ہوجاتی ہیں۔ آسٹریلیا سیریز اور ورلڈ کپ میں سرفراز احمد کپتانی کریں گے۔ پورا بورڈ سرفراز احمد کے ساتھ ہے۔

    چیئرمین پی سی بی  کا کہنا تھا کہ ہم سب سرفراز احمد کو بطور کپتان سپورٹ کرتے ہیں۔ سرفراز احمد کی کپتانی میں ہم کامیابی حاصل کریں گے۔ پاکستان جنوبی افریقہ سیریز میں ہارا ہے اس میں شک نہیں، نیوزی لینڈ سیریز سے دیکھ لیں وہاں کامیابی بھی ملی ہے۔ ہار سے سبق ملتا ہے، اسی طرح پرفارمنس میں بہتری آتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہا ہوں ایک ہی کپتان ہیں اور وہ سرفراز احمد ہیں۔ ریویو ہم ضرور کرتے ہیں، ٹیم مینیجمنٹ تمام معاملات دیکھتی ہے۔ کوئی سیاسی مداخلت نہیں، سرفراز احمد ہی ورلڈ کپ میں کپتانی کریں گے۔ ’انشا اللہ اس بار ورلڈ کپ لے آئیں گے‘۔

    احسان مانی نے مزید کہا کہ حفیظ اور شعیب دونوں نے اعلان کیا ہے کہ یہ ان کا آخری ورلڈ کپ ہے۔ جب کسی کو کپتان منتخب کیا جاتا ہے تو وہ آخر تک کپتان ہی ہوتا ہے۔ کسی کو یہ نہیں کہا جاتا کہ آپ ایک یا دو سال کے لیے کپتان بنے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہے کپتان موجود نہیں تو سینئر کھلاڑی ٹیم کو دیکھتے ہیں، اس میں کوئی وجہ نہیں کہ سرفراز کی غیر موجودگی میں شعیب دیکھتے ہیں۔ پلیئرز کھیل کر بنتے ہیں ایک ہی رات میں نہیں بنتے۔ سرفراز کی پرفارمنس دیکھ لیں میرٹ کا پتہ چل جائے گا۔

    قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی کا مشکور ہوں انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا ہے۔ میرے لیے فخر کی بات ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کر رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے شروع سے مجھ پر اعتماد کیا جس سے حوصلہ بڑھا، کوشش کریں گے پاکستان ٹیم بہترین پرفارمنس پیش کرے۔ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی سے 3 مرتبہ معذرت کی، بات نکل گئی جس پر معذرت کی اب آگے بڑھنا چاہیئے۔۔

    سرفراز کا کہنا تھا کہ کوئی کراچی یا لاہور والا نہیں، سب پاکستانی ہیں۔ ٹیم کے نائب کپتان کے حوالے سے بورڈ سے بات کروں گا۔ کسی کرکٹر کو پسند نہیں ہے کہ اس پر تنقید ہو، کرکٹ پر تنقید کریں گے تو ٹھیک ہے، ذاتی ہونا مسئلہ ہوتا ہے۔

  • سرفراز احمد کوورلڈ کپ 2019  کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

    سرفراز احمد کوورلڈ کپ 2019 کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

    لاہور : سرفراز احمد کوورلڈ کپ کےلیےکپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا، چیئرمین پی سی بی احسان مانی پریس کانفرنس میں باقاعدہ اعلان کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی سی بی احسان مانی اورسرفراز احمد کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں احسان مانی نے سرفراز پر اعتماد کا اظہار کیا اور سرفراز احمد کوورلڈ کپ کےلیےکپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی پریس کانفرنس میں باقاعدہ اعلان کرسکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے میچ میں جنوبی افریقا کھلاڑی پر نسل پرستانہ جملے کسے تھے جس کے بعد سوشل میڈیا پر تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔

    بعدازاں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقی کھلاڑی پھلوکوایو پر نسل پرستانہ جملے کسنے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر معافی مانگ لی تھی۔

    نسل پرستانہ ریمارکس پر معافی مانگنے کے باوجود آئی سی سی کی جانب سے کپتان سرفراز احمد پر چار میچز کی پابندی عائد کی گئی تھی، جس کے بعد بورڈ نے سرفراز کو وطن واپس بلا کر شعیب ملک کو ٹیم کا کپتان بنایا تھا۔

    مزید پڑھیں : آئی سی سی نے سرفرازاحمد پر4 میچوں کی پابندی لگا دی

    آئی سی سی نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ سرفراز احمد کے خلاف نسل پرستانہ جملوں پر کارروائی کی اور  وہ آئی سی سی اینٹی ریس از کوڈ کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔

    سابق کپتان اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے بھی سرفراز کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹانے کا اب کوئی وقت نہیں ہے، سرفراز سے غلطی ہوگئی، پابندی بھی لگ گئی اب پی سی بی صحیح فیصلے کرے۔

    خیال رہے وطن واپسی پر کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا تھا میں نے غلطی کی، اسے تسلیم کیا، وکٹ کے پیچھے بولنا میری عادت ہے، میری نیچرتبدیل نہیں ہوسکتی، کوشش کروں گا جوچیزیں ہوگئیں وہ پھرنہ ہوں، ایک لفظ کو لے کراتنا بڑا ایشو بنا دیا گیا۔

    مزید پڑھیں : کپتانی کے لیے گرین سگنل پہلے بھی تھا، امید ہے آگے بھی ہوگا‘ سرفرازاحمد

    سرفراز احمد نے کہا کہ کپتان نے کہا کہ ٹیم کا کپتان کوئی بھی ہو پاکستان کے لیے کھیلتے رہیں گے، پی سی بی نے بہت سپورٹ کیا ،عوام کی بھی سپورٹ رہی، کپتانی کے لیے گرین سگنل پہلے بھی تھا، امید ہے آگے بھی ہوگا۔

  • شاید پی سی بی نے ڈپریشن سے بچانے کے لئے سرفراز احمد کو واپس بلایا: محسن خان

    شاید پی سی بی نے ڈپریشن سے بچانے کے لئے سرفراز احمد کو واپس بلایا: محسن خان

    ‌لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر  اور پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین محسن خان نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کو  واپس بلانے کا فیصلہ بہت اچھا تھا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ شاید پی سی بی نے ڈپریشن سے بچانے کے لئے سرفراز احمد کو واپس بلایا.

    ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد بہت اچھا کھلاڑی ہے، واپس جائے گا، تو فریش اسٹارٹ ملے گا، پاکستان کی کرکٹ کے لئے جو  بہتر ہوگا، ہم وہی تجاویز دیں گے.

    کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ سلیکشن پر ہمارے تحفظات ہیں،ٹیم سلیکشن میں خامیوں کا جائزہ لے رہے ہیں.

    انھوں نے کرکٹ‌ ٹیم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی فیلڈنگ میں بہتری آئی ہے، بابراعظم نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی، نوجوان کھلاڑی بہت محنت کر رہے ہیں.

    مزید پڑھیں: بہترین کھیل پیش کیا لیکن افسوس کہ ہم میچ نہ جیت سکے: شعیب ملک

    یاد رہے کہ اس وقت پاکستانی ٹیم جنوبی افریقا کے دورے پر ہے، جہاں اسے شدید مشکلات کا سامنا ہے. پاکستان ٹیسٹ اور ون ڈے کے بعد ٹی 20 سیریز بھی ہار چکا ہے.

    خیال رہے کہ اسی سیریز کے دوران سرفراز احمد کی جانب سے متنازع کومنٹ کا مسئلہ سامنا آیا، جس کی وجہ سے انھیں پابندی کا سامنا کرنا پڑا.

  • سرفراز احمد پر پابندی، احسان مانی آئی سی سی پر برہم

    سرفراز احمد پر پابندی، احسان مانی آئی سی سی پر برہم

    لاہور: سرفراز احمد پر پابندی پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی آئی سی سی پر برہم ہوگئے، چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ معافی کے باوجود سرفراز احمد پر پابندی سمجھ سے بالاتر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر 4 میچز کی پابندی پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے آئی سی سی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرفراز کے معاملے پر بیورو کریسی حاوی ہوئی ہے۔

    احسان مانی نے کہا کہ سرفراز احمد نے اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بعد جنوبی افریقی کھلاڑی سے معافی بھی مانگ لی تھی اس کے باوجود آئی سی سی کا سزا دینا سمجھ سے بالاتر ہے۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں اور بورڈ میں معاملہ حل ہوگیا تھا اس کے بعد آئی سی سی میدان میں آگیا، اگر یہ صلح آئی سی سی رولز کے تحت نہیں ہوئی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ صلح نہیں ہوئی، جنوبی افریقی کپتان ڈوپلیسی نے اس معاملے کو ختم کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں: شعیب اختر مجھ پر ذاتی حملے کررہے ہیں، سرفراز احمد

    انہوں نے کہا کہ سرفراز نے جو کچھ بولا، وہ کلچر کا فرق تھا پاکستان میں ایسے الفاظ کو سنجیدہ نہیں لیا جاتا ہے اور سرفراز نے جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا ہے۔

    واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقی کھلاڑی فلک کوائیو کو جملے کسنے پر سرفراز احمد پر آئی سی سی کی جانب سے 4 میچز کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو 4 میچز کی پابندی کے بعد وطن واپس بلالیا تھا، سرفراز احمد کا وطن واپسی پر کہنا تھا کہ معافی مانگی پھر بھی مجھے سزا ملی۔

  • سوئنگ کے سلطان ایک بار پھر سرفراز کے دفاع میں‌ سامنے آگئے

    سوئنگ کے سلطان ایک بار پھر سرفراز کے دفاع میں‌ سامنے آگئے

    کراچی: سابق کپتان اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹانے کا اب کوئی وقت نہیں ہے، سرفراز سے غلطی ہوگئی، پابندی بھی لگ گئی اب پی سی بی صحیح فیصلے کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ سیریز ٹو سیریز کپتان نہیں بنایا جاتا ہے، پی سی بی نے سیریز ٹو سیریز کپتان کا پیغام دیا ہے تو میں اس کے خلاف ہوں۔

    وسیم اکرم نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی ابھی نئے ہیں انہیں صورت حال سمجھنے میں وقت لگے گا، ہم سے مشورے مانگیں گے تو ضرور دیں گے، اس بار پی ایس ایل سے اچھے کھلاڑی ملیں گے۔

    پی ایس ایل کی 4 فرنچائز کا معروف کمپنی کے پراڈکٹ اسپرائٹ سے معاہدہ

    دوسری جانب پی ایس ایل کی 4 فرنچائز کا معروف کمپنی کے پراڈکٹ اسپرائٹ سے معاہدہ ہوا ہے، کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی کا جوش اسپرائٹ بڑھائے گا، وسیم اکرم نے کہا کہ ملٹی برانڈ کا 4 فرنچائز سے جڑنا ایک بڑا کارنامہ ہے۔

    کرکٹ بورڈ معاملہ لٹکائے نہیں، اعلان کردے کپتان کون ہوگا، ظہیر عباس

    سابق کرکٹر ظہیر عباس نے کہا کہ کرکٹ بورڈ معاملہ لٹکائے نہیں، اعلان کردے کپتان ہوگا، بہتر وقت یہی ہے سرفراز احمد کا بطور کپتان اعلان کردیا جائے۔

    ظہیر عباس نے کہا کہ آئی سی سی نے فیصلہ دیا ہے تو سوچ سمجھ کر ہی دیا ہوگا، سرفراز احمد کو بھی آرام کا موقع مل گیا ہے تاہم سرفراز احمد کپتان ہیں، انہیں سوچ سمجھ کر بولنا چاہئے۔

  • پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں نمبرون ٹیم ہے، ہم ضرورجیتیں گے‘ امام الحق

    پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں نمبرون ٹیم ہے، ہم ضرورجیتیں گے‘ امام الحق

    لاہور: نوجوان بلے باز امام الحق کا کہنا ہے کہ کپتان تبدیل نہیں ہوا صرف سرفرازاحمد پر4 میچوں کی پابندی لگی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوجوان کھلاڑی امام الحق نے کہا کہ اپنے کھیل پربھرپور توجہ دے رہا ہوں، شارٹ بال کھیلنے مشکل نہیں ہے۔

    نوجوان بلے باز نے کہا کہ دبئی میں زیادہ میچ کھیلتے ہیں، دوسرے ممالک کی وکٹیں مختلف ہوتی ہیں۔

    امام الحق نے کہا کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں نمبرون ٹیم ہے، ہم ضرور جیتیں گے، لڑکے اچھا پرفارم کررہے ہیں۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق نے کہا کہ ورلڈکپ سے پہلے بھی سیریزکھیلنی ہیں، یہ ورلڈکپ کی تیاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کپتان تبدیل نہیں ہوا صرف سرفرازاحمد پر4 میچوں کی پابندی لگی ہے۔

    پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان اور جنوبی افریقہ آج آمنے سامنے ہوں گے

    واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹوئنٹی میچز پرمشتمل سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا۔

    پاکستانی ٹیم مسلسل 11 ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناقابل شکست رہی ہے، شاہینوں نے جنوبی افریقہ کو سات سال پہلے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہرایا تھا۔

  • سرفراز مستقبل میں کپتان ہوں گے یا نہیں، فیصلہ پی ایس ایل کے بعد ہوگا، پی سی بی

    سرفراز مستقبل میں کپتان ہوں گے یا نہیں، فیصلہ پی ایس ایل کے بعد ہوگا، پی سی بی

    لاہور: سرفراز احمد کی کپتانی سے متعلق پی سی بی کے بیان نے گتھی الجھا دی ہے، پی سی بی کا کہنا ہے کہ سرفراز کی کپتانی کا فیصلہ پی ایس ایل کے بعد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سرفراز احمد کی کپتانی کے حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کا کپتان سیریز ٹو سیریز ہوتا ہے، کپتان کا اعلان پی ایس ایل کے بعد ہوگا۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز مارچ کے آخر میں شیڈول ہے۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ سرفراز احمد ہی ورلڈ کپ تک کپتان ہوں گے لیکن پی سی بی کے بیان سے خدشات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    یہ پڑھیں: شعیب اختر مجھ پر ذاتی حملے کررہے ہیں، سرفراز احمد

    سابق کرکٹرز نے بھی بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس غیریقینی صورت حال کو ختم کرنے کے لیے جتنی جلدی ورلڈ کپ کے لیے کپتان کا اعلان کردے اتنا ہی ٹیم کے لیے بہتر ہوگا۔

    یاد رہے کہ نسل پرستانہ ریمارکس پر معافی مانگنے کے باوجود آئی سی سی کی جانب سے کپتان سرفراز احمد پر چار میچز کی پابندی عائد کی گئی تھی، جس کے بعد بورڈ نے سرفراز کو وطن واپس بلا کر شعیب ملک کو ٹیم کا کپتان بنایا ہے۔

    گزشتہ روز کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ غلطی کا اعتراف کیا پھر بھی مجھے سزا ملی، مستقبل میں واپس آکر اپنی کارکردگی مزید بہتر بناؤں گا۔

  • شعیب اختر مجھ پر ذاتی حملے کررہے ہیں، سرفراز احمد

    شعیب اختر مجھ پر ذاتی حملے کررہے ہیں، سرفراز احمد

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کیپ ٹاؤن سے کراچی پہنچ گئے، سرفراز احمد کو آئی سی سی کی جانب سے چار میچز کی پابندی کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد نے ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غلطی کا اعتراف کیا پھر بھی مجھے سزا ملی ہے، سابق فاسٹ بولر شعیب اختر مجھ پر ذاتی حملے کررہے ہیں۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ آئی سی سی نے مجھے سزا دی ہے، مستقبل میں واپس آکر اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بناؤں گا، لوگوں کی جو محبت ملی اس کا شکر گزار ہوں۔

    کپتان قومی کرکٹ ٹیم سرفراز احمد نے کہا کہ پی سی بی نے معاملے کو اچھے سے ہینڈل کیا۔

    مزید پڑھیں: وسیم اکرم نے سرفراز احمد کی کپتانی کے حق میں آواز اٹھا دی

    واضح رہے کہ سرفراز احمد کو جنوبی افریقی کھلاڑی فلک کوائیو پر جملے کسنے پر آئی سی سی کی جانب سے چار میچز کی پابندی کا سامنا ہے، آئی سی سی کے فیصلے کے بعد پی سی بی نے سرفراز احمد کو وطن واپس بلایا ہے۔

    سرفراز احمد کی غیرموجودگی میں شعیب ملک ٹیم کی قیادت کررہے ہیں، پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پانچواں ون ڈے کل کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

    جو سچ ہے، جو حقیقت ہے، یہی دنیا ہے

    قبل ازیں سرفراز احمد نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر بچے کی وائرل ہونے والی ویڈیو شیئر کی۔