Tag: سرفراز احمد

  • سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا

    سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا

    لاہور: پی سی بی نے سرفراز احمد کو ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی کی کپتانی سے ہٹاتے ہوئے اظہرعلی کو ٹیسٹ جبکہ بابراعظم کو ٹی ٹوینٹی کا کپتان مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو قومی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹاتے ہوئے اظہر علی کو قیادت سونپ دی ہے جبکہ ٹی ٹوینٹی کی کپتانی نوجوان بلے باز بابر اعظم کے سپرد کردی گئی ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری اعلامیے کے مطابق اظہرعلی آسٹریلیا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچزمیں قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ اسی دورے میں کھیلے جانے والے 3 ٹی ٹوینٹی میچز میں بابراعظم ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

    پی سی بی کی جانب سے اعلامیے میں بتایا گیا کہ سیزن 20-2019 میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچز میں اظہر علی ہی پاکستانی ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ آئندہ سال 2020 میں آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ میں بابراعظم قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق اظہرعلی آج قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کریں گے جبکہ سیریز کے لیے نائب کپتان کا تقرر جلد کر دیا جائے گا۔

    کپتانی سے ہٹائے جانے کے بعد سرفراز احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی قیادت کرنا اعزاز کی بات تھی، اظہر علی اور بابراعظم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

    سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اس سفر میں ساتھ دینے پر کوچز، ساتھ کھلاڑیوں، سلیکٹرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    واضح رہے کہ سرفراز احمد نے 2016 سے 2019 تک قومی ٹی ٹوینٹی ٹیم کی کپتانی کی۔ انہوں نے 2017 سے 2019 تک قومی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کی۔ سرفراز احمد کو چیمپئنزٹرافی کی کامیابی پر ٹیسٹ کی قیادت سونپی گئی تھی۔

  • سرفراز کی کپتانی خطرے میں پڑگئی، پی سی بی نے اشارہ دے دیا

    سرفراز کی کپتانی خطرے میں پڑگئی، پی سی بی نے اشارہ دے دیا

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی جس کا اشارہ پی سی بی نے دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو برطانوی شاہی جوڑے کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور آمد پر مدعو نہیں کیا گیا۔

    سرفراز احمد انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی جتوا کر دنیا بھر میں مقبول ہوئے مگر سری لنکا سے سیریز ہار کر وہ ناقابل قبول ہوگئے۔

    دورہ آسٹریلیا کے لیے سرفراز احمد کی کپتانی خطرے میں ہے جس کا اشارہ پی سی بی نے فیصل آباد سے لاہور انہیں نہ بلا کر دے دیا ہے۔

    مزید پڑھیں: شاہی جوڑا بھی کرکٹ کا شوقین، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کے جوہر

    واضح رہے برطانوی شاہی جوڑا آج نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچا تھا جہاں سرفراز احمد کو نہیں بلایا گیا، تقریب میں احسان مانی، وسیم خان، شاہین شاہ آفریدی، حسن علی، ثنا میر ودیگر موجود تھے۔

    برطانوی شاہی جوڑے نے کرکٹ اکیڈمی میں کرکٹ بھی کھیلی شاہین شاہ آفریدی اس موقع پر وکٹ کیپر بنے جبکہ حسن علی کی گیند پر شہزادہ ولیم نے چھکا بھی رسید کیا۔

    خیال رہے کہ فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ کے مقابلے جاری ہیں جس میں کمر درد کے سبب فاسٹ بولر حسن علی کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

  • نیشنل ٹی 20، سندھ نے خیبرپختونخوا کو شکست دے دی

    نیشنل ٹی 20، سندھ نے خیبرپختونخوا کو شکست دے دی

    فیصل آباد: اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے نیشنل ٹی 20 میچ میں سندھ نے فاسٹ بولر کی مدد سے خیبرپختونخوا کو ہرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی 20 کے گروپ میچ میں سندھ نے خیبرپختونخوا کو 8 رنز سے شکست دے دی، فاسٹ بولر انور علی نے تین اور محمد حسنین نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    خیبرپختونخوا کی ٹیم 177 رنز کے تعاقب میں 168 رنز بناسکی، سندھ کے احسن علی8 چوکوں، 3 چھکوں کے ساتھ 64 رنز بنا کر مین آف دی میچ قرار پائے۔

    قبل ازیں سندھ کی ٹیم کے اوپنرز خرم منظور اور احسن علی نے شاندار 83 رنز کا آغاز فراہم کیا، خرم منطور 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

    دوسرے اینڈ پر احسن نے اپنی جارحانہ اننگز کا سلسلہ جاری رکھا، احسن نے 8 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

    سعد علی نے 20 رنز بنائے، خیبرپختونخوا نے پانچ بولرز سے اوورز کرائے اور سب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی 2 وکٹیں جلد گرگئیں، فخر زمان 15 اور محمد حسین بغیر کوئی رن بنائے محمد حسنین کا نشانہ بنے۔

    کپتان محمد رضوان اور افتخار احمد کے درمیان 52 رنز کی شراکت قائم ہوئی، رضوان آخری اوور میں 70 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    سندھ کے فاسٹ بولر انور علی نے اپنے تین اوورز میں 30 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

  • سری لنکا سے شکست، مصباح الحق اور کھلاڑیوں میں اختلافات بڑھنے لگے

    سری لنکا سے شکست، مصباح الحق اور کھلاڑیوں میں اختلافات بڑھنے لگے

    کراچی: سری لنکا سے ہوم سیریز میں شکست کے بعد ہیڈ کوچ مصباح الحق اور کھلاڑیوں میں اختلافات بڑھنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا سے ہوم سیریز میں شکست نے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات پیدا کردئیے، مصباح الحق نے ناکامی کا سارا ملبہ کھلاڑیوں پر ڈال دیا۔

    مصباح نے ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کو شکایت لگائی کہ کچھ کھلاڑی سنجیدہ نہیں، پلان پر عملدرآمد نہیں کررہے ہیں، ٹریننگ کے دوران کھلاڑی جان چھڑاتے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں وہاب ریاض، عماد وسیم اور حارث سہیل کے نام لیے جارہے ہیں جبکہ سرفراز احمد نے بحیثیت کپتان ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کیا جس کی وجہ سے ہیڈ کوچ کو مایوسی ہوئی۔

    مزید پڑھیں: نیا ڈومیسٹک اسٹرکچر، محمد حفیظ کی پی سی بی پر شدید تنقید

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مصباح کو یہ شکوہ ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کی ہدایات پر عمل نہیں کیا جاتا ہے۔

    ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ جو کھلاڑی مکمل فٹ اور فارم میں نہیں ان کی جگہ نئے نوجوان کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے، خواہ حریف بڑی ٹیم ہی کیوں نہ ہو۔

    اس سلسلے میں مصباح الحق فیصل آباد پہنچ رہے ہیں جہاں وہ نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔

    دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اختلاف کی باتیں بے بنیاد ہیں کوچ اور کھلاڑی ایک پیج پر ہیں۔

  • قومی ٹیم کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، سرفراز احمد

    قومی ٹیم کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، سرفراز احمد

    فیصل آباد: قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیم کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ کی چمچماتی ٹرافی کی فیصل آباد میں رونمائی کی گئی، نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔

    نیشنل ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ کل سے فیصل آباد میں شروع ہورہا ہے، ٹورنامنٹ کے انعقاد سے قبل تمام ٹیموں کا اعلان کردیا گیا ہے، سرفراز احمد سندھ کی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹوینٹی میں اچھا پرفارم کرکے کھلاڑی دورہ آسٹریلیا اور پی ایس ایل میں سلیکشن کے مضبوط امیدوار بن سکتے ہیں۔

    نیشنل ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں روبن فارمیٹ کے تحت مدمقابل آئیں گی، ہر ٹیم دوسرے ریجن کی ٹیم سے میچ کھیلے گی، ایک ٹیم ٹوٹل پانچ میچ کھیلے گی، ٹاپ دو ٹیمیں فائنل میچ میں 14 اکتوبر کو مدمقابل آئیں گی۔

    نیشنل ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ میں آمدنی میں 100 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے، گزشتہ سال فائنل کی انعامی رقم 25 لاکھ تھی جسے اب بڑھا کر پچاس لاکھ کردیا گیا ہے۔

    ایونٹ کے بہترین بیٹسمین، بولر اور وکٹ کیپر کو 1،1 لاکھ کی انعامی رقم دی جائے گی، قومی ٹی 20 کپ کا بہترین کھلاڑی بھی ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم وصول کرے گا۔

    پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق پلیئر آف دی فائنل کو 35 ہزار روپے انعام دیا جائے گا، ایونٹ کے دوران مین آف دی میچ کے لیے 25 ہزار روپے بہ طور انعام مقرر کیے گئے ہیں۔

    پلیئنگ الیون میں شامل ہر کھلاڑی 40 ہزار روپے بہ طور میچ فیس وصول کرے گا، نان پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑی 16 ہزار روپے میچ فیس وصول کریں گے۔

  • دورہ آسٹریلیا، سرفراز احمد کو ٹی ٹوینٹی کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

    دورہ آسٹریلیا، سرفراز احمد کو ٹی ٹوینٹی کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

    لاہور: قومی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے لیے سرفراز احمد کو ٹی ٹوینٹی کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیسٹ اور ٹی ٹوینٹی ٹیم کے لیے مشاورت جاری ہے، ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی کو دئیے جانے کا امکان ہے جبکہ سرفراز احمد کو ٹی ٹوینٹی کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز میں ناکام ہونے والے عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ٹی ٹوینٹی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔

    تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک اور محمد حفیظ کی ٹیم میں واپسی کارکردگی سے مشروط ہوگی۔

    دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم کا اعلان نیشنل ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کے اختتام پر کردیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، کینگروز ٹیم کی قیادت ایرون فنچ کریں گے۔

    آسٹریلوی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی، ایرون فنچ کپتان، ایشٹن اگر، ایلکس کیری، پیٹ کمنز، گلین میکسویل، بین میکدورمٹ، کین رچرڈسن، اسٹیو اسمتھ، بیلی اسٹین لیک، مچل اسٹارک، ایشٹن ٹرنر، اینڈریو ٹائی، ڈیوڈ وارنر اور ایڈم زمپا۔

    یاد رہے پاکستان اور آسٹریلیا کے پہلا ٹی ٹوینٹی میچ 3 نومبر کو کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں دوسرے اور تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ 5 اور 8 جون کو مدمقابل ہوں گی۔

    دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز 21 نومبر سے ہوگا، پہلا ٹیسٹ گابا برسبین اور دوسرا ٹیسٹ ایڈیلیڈ اوول میں 29 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

  • سری لنکن ٹیم ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں اپ سیٹ کرسکتی ہے، سرفراز احمد

    سری لنکن ٹیم ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں اپ سیٹ کرسکتی ہے، سرفراز احمد

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں اپ سیٹ کرسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن ٹیم نے دوسرے ون ڈےمیں اچھا کم بیک کیا، سری لنکن ٹیم کو کسی بھی طرح سے آسان نہیں سمجھ رہے ہیں۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں پہلے ہی نمبر چار پر کھیل رہا ہوں، شاداب خان اور عماد وسیم ہمارے اہم بولرز ہیں، شاداب خان میرے خیال میں اب بھی میچ ونر بولر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کے ہوتے ہوئے اپنی کپتانی پر کوئی خدشہ نہیں ہے، پی سی بی جس کو مناسب سمجھے گا کپتان بنائے گا۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی ٹوینٹی میچ میں ٹاس دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہوگا، جو اچھا کھیلے گا وہ ٹیم میں رہے گا، حسنین کو سیریز میں موقع دینے کی کوشش کی تھی، حسنین آنے والے وقت میں اسٹار بولر بن سکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں لاہور پہنچ گئیں

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ لاہور کے شہری بھی سری لنکن ٹیم کا شاندار استقبال کریں گے، عمر اکمل اور احمد شہزاد کو ٹیم میں واپسی پر مبارک باد دیتے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ کل لاہور میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹی ٹوینٹی 7 اور تیسرا اور آخری ٹی ٹوینٹی میچ 9 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں 2-0 سے شکست دی تھی، ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بارش کے سبب منسوخ کردیا گیا تھا۔

  • کیا ٹیسٹ سیریز کیلئے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھا جائے گا؟

    کیا ٹیسٹ سیریز کیلئے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھا جائے گا؟

    کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے واضح کیا ہے کہ ٹیسٹ سیریز کیلئے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کرکٹ کمیٹی کی سفارش پر ہوگا۔

    ایک انٹرویو میں احسان مانی کا کہنا تھا کہ سری لنکن کھلاڑیوں کو کوئی اضافی رقم نہیں دی جائے گی، پی ایس ایل کی پاکستان سے منتقلی کا کوئی امکان نہیں، لیگ اچھی ساکھ کی حامل ہے، امید ہے غیرملکی اسٹارز بھی آئیں گے، ایونٹ کیلئے ملتان اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمزوقت پر تیار ہو جائیں گے۔

    احسان مانی نے کہا کہ فی الحال سرفرازکو سری لنکا سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے ذمہ داری سونپی ہے، اس سوال پر کہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستانی ٹیم نمبر ون ہے کیا ورلڈکپ میں سرفراز ہی کپتان ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ابھی اس حوالے سے فیصلہ نہیں ہوا البتہ آج تک وہی کپتان ہیں، اس سوال پر کہ کوچز کا تقرر تین سال کیلئے ہوا مگر کپتان کو صرف ایک سیریز کیلئے ذمہ داری سونپی گئی، سرفراز 32سال کے ہو چکے ہم کسی نوجوان کھلاڑی کو بھی گروم کرنا چاہتے ہیں اسی لیے بابر اعظم کو نائب کپتان مقرر کیا۔

    پاک سری لنکا سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ آج نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

    چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم کو پاکستان میں سربراہ مملکت کے برابر سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، ان پر دورہ نہ کرنے کیلئے کافی دبا تھا لیکن ہم نے قائل کیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر رابطہ ہوا اور میں نے اپنے تعلقات کا بھی استعمال کیا، میں پیسے دے کر کسی ٹیم کو بلانے کا قائل نہیں اس سے کرپشن کو فروغ ملتا ہے، ہم نے سری لنکنز کو کوئی رقم نہیں دی۔

  • کپتان سرفراز احمد کس نمبر پر بیٹنگ کریں گے؟

    کپتان سرفراز احمد کس نمبر پر بیٹنگ کریں گے؟

    کراچی: قومی ٹیم کے قائد سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ہوم گراؤنڈ میں کپتان کی حیثیت سے میری پہلی سیریزہوگی، کوشش ہوگی ٹیم میں پانچویں نمبرپربیٹنگ کروں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا. سرفراز  احمد کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے محنت کی، شائقین کرکٹ کھیل سے بھرپورلطف اندوز ہوں گے.

    پچ کا ابھی معائنہ نہیں کیا، سری لنکا سے سیریزمیں اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، بہت محنت کررہے ہیں.

    انھوں‌ نے کہا کہ سری لنکا کو  آسان حریف نہیں لیں گے، کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی، میں اپنی انفرادی کارکردگی کو اچھا کرنا چاہتا ہوں، کپتانی کو لے کر کوئی پریشانی نہیں، رضوان ٹیم میں بطور مڈل آ آرڈر بلے باز کھیل رہے ہیں.

    کپتانی کی مدت کے اعلان سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پاکستان میں کرکٹ کھیلناخوش قسمتی کی بات ہے، کراچی کےکراؤڈ نے ہمیشہ کرکٹ کوسپورٹ کیا ہے.

    ورلڈ کرکٹ سپورٹ کرے گی، تو پاکستان میں جلدکرکٹ بحال ہوگی، انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی کےخلاف بھی ریلیکس نہیں ہوسکتے، سری لنکاکی کرکٹ ٹیم پاکستان آئی ہے، ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں.

    پچ سے متعلق سوال

    پریس کانفرنس میں اس وقت دل چسپ صورت حال پیدا ہوگئی، جب سرفراز احمد سے پچ سے متعلق سوال کیا گیا.

    سرفرزا حمد نے مسکراتے ہوئے جواب میں کہا کہ جب بارش ہوتی ہے، تو پانی آتا ہے.

    اس جواب پر کانفرنس ہال میں قہقہے بلند ہوئے. یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے ایک بار بارش سے متعلق ایسا ہی دلچسپ جواب دیا تھا.

    ایک سوال کے جواب میں انھوں‌ نے کہا کہ امام الحق جذباتی نوجوان ہے، ابھی سیکھ رہا ہے.

  • ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹ لینے والے بولرز کی تلاش ہے، سرفراز احمد

    ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹ لینے والے بولرز کی تلاش ہے، سرفراز احمد

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹ لینے والے بولرز کی تلاش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قائد اعظم ٹرافی کے میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ میں مطمئن تھا جو ہوگا اچھا ہوگا، ہیڈ کوچ مصباح الحق سے اچھے تعلقات ہیں۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ امید ہے مل کر اچھا کام کریں گے، بابر اعظم کا نائب کپتان بننا خوش آئند ہے، بابر اعظم بہترین کھلاڑی ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھا تھا اور بابر اعظم کو نائب کپتان کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: پی سی بی کا سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے کپتان و نائب کپتان کا اعلان

    احسان مانی نے کہا کہ امید ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم ضرور پاکستان آئے گی، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آرہی ہے یہ بڑی بات ہے، دوسرے وینیو کا اب وقت نہیں ہے۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بابر اعظم سیریز میں نائب کپتان ہوں گے، پہلی مرتبہ انہیں موقع دیا جارہا ہے، فیصلہ سازی میں بابر اعظم کی مشاورت بھی شامل ہوگی، دیکھا جائے گا کہ بابراعظم نائب کپتانی کو کیسے ہینڈل کرتے ہیں، کرکٹ کی بہتری کے لیے جو بھی ہوسکا وہ کریں گے۔

    واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ، ٹی ٹوینٹی سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہے گی، سرفراز احمد 2017 سے تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔