Tag: سرفراز نواز

  • سرفراز نواز کی بیماری! سابق فاسٹ بولر کا اہم ویڈیو بیان

    سرفراز نواز کی بیماری! سابق فاسٹ بولر کا اہم ویڈیو بیان

    پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز کی گزشتہ روز اسپتال سے وائرل ہونے والی تصویر نے ان کے پرستاروں کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔

    پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کرکٹ میں ریورس سوئنگ کے موجود سرفراز نواز کی گزشتہ روز اسپتال سے ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ اس تصویر میں وہ اسپتال کے بستر پر ہیں اور ان کے جسم پر آلات لگے ہوئے ہیں۔

    یہ تصویر وائرل ہوتے ہی ان کے پرستاروں سمیت شائقین کرکٹ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور وہ سابق فاسٹ بولر کی بیماری سے متعلق جاننے کے لیے بے چین ہو گئے۔

    تاہم اب سرفراز نواز نے اپنی وائرل تصویر کے حوالے سے ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔ اس بیان میں انہوں نے اپنی صحت سے متعلق بھی اپنے پرستاروں کو بتایا ہے۔

    سابق قومی کرکٹر نے اپنے وضاحتی ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جو میری تصویر وائرل ہوئی ہے، وہ میرے دل کے سالانہ چیک اپ کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سالانہ چیک تو ہمیشہ ہوتا ہے۔ تاہم پریشانی کی کوئی بات نہیں، میری صحت ٹھیک ہے۔

     

    واضح رہے کہ سرفراز نواز کو کرکٹ میں ریورس سوئنگ کا بانی کہا جاتا ہے، جس سے آنے والے وقت میں بولرز نے بڑا نام کمایا۔ 70 اور 80 کی دہائی میں پاکستان کے یہ عظیم فاسٹ بولر مخالف بلے بازوں کے لیے دہشت کی علامت سمجھے جاتے تھے۔

  • ’نجم سیٹھی نے اوورسیز کوچز کو رکھ کر غلطی کی‘

    ’نجم سیٹھی نے اوورسیز کوچز کو رکھ کر غلطی کی‘

    لندن: سابق کرکٹر سرفراز نواز نے کہا ہے کہ نجم سیٹھی نے اوورسیز کوچز کو رکھ کر غلطی کی، انھوں نے کرکٹ کے فیصلے سیاسی طور پر کیے۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق کرکٹر سرفراز نواز نے کہا کہ ذکا اشرف نے پاکستان سپر لیگ شروع کی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی ڈیپارٹمنٹ کرکٹ ختم کر کے کھیل تباہ کر گئے ہیں، وزیر اعظم کی ہدایت کے باوجود اداروں کی کرکٹ بحال نہیں ہو سکی۔

    انھوں نے کہا نجم سیٹھی نے کرکٹ کے فیصلے سیاسی طور پر کیے، اور اوورسیز کوچز کو رکھ کر غلطی کی، فاسٹ بالنگ کے حوالے سے میں نئے کرکٹرز کو لیکچر دینے کو تیار ہوں۔

    سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دل بڑا کر کے بھارت ٹیم بھیجنی چاہیے، کرکٹ کے معاملات عدالت میں جانے سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوگی، چیف جسٹس کرکٹ کے معاملے پر سوموٹو نوٹس لیں۔

    انھوں نے کہا کرکٹ کے معاملات پر حکم امتناع سے معاملات بگڑیں گے، اہم ٹورنامنٹس سے قبل چیئرمین کی تقرری پر تنازعہ افسوسناک ہے۔

  • ٹی 10 کوئی کرکٹ لیگ نہیں، ایسے فارمیٹ سے مطمئن نہیں، سابق کرکٹرز

    ٹی 10 کوئی کرکٹ لیگ نہیں، ایسے فارمیٹ سے مطمئن نہیں، سابق کرکٹرز

    اسلام آباد: سابق پاکستانی کرکٹر آصف اقبال نے کہا ہے کہ کھیل میں کرپشن کے معاملات پر کھلاڑیوں کو ایجوکیٹ کرنا چاہئے، اگر اس قسم کی لیگز ہوتی ہیں تو انہیں آئی سی سی کو مانیٹر کرنا چاہئے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سابق کرکٹر آصف اقبال نے کہا کہ رجسٹرڈ لیگز کھیلنے والوں کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جاتا ہے، غیر رجسٹرڈ لیگز کھیلنے والوں کا کوئی ریکارڈ مرتب نہیں کیا جاتا۔

    انہوں نے کہا کہ لیگز کھیلنے والے پلیئرز کی بولنگ، بیٹنگ کا ریکارڈ مستقبل میں کام آتا ہے، ٹی ٹین کوئی کرکٹ لیگ نہیں، ایسے فارمیٹ سے مطمئن نہیں ہوں، آئی سی سی کو اس قسم کی کرکٹ لیگز کو دیکھنا چاہئے، اس قسم کی کرکٹ لیگز سے ورلڈ کلاس لیگز کو نقصان ہوتا ہے، کل تو کوئی بھی کسی بھی قسم کی لیگ شروع کراسکتا ہے۔

    آصف اقبال نے کہا کہ اس قسم کی کرکٹ لیگز سے کھلاڑیوں کو تو فائدہ ہوتا ہے، کھلاڑی تو پیسے بناتے ہیں لیکن اوریجنل کرکٹ کو نقصان ہوتا ہے، فل ممبرز بورڈ نہ ہونے سے میچ فکسرز بھی اس قسم کی لیگز سے فائدہ اُٹھاتے ہیں۔

    دوسری جانب سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز نے آئی سی سی سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ کرکٹ اینٹی کرپشن یونٹ نے ٹی ٹین لیگ پر کیا کام کیا ہے۔

    واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ اس طرح کی لیگز میں ہمارے کھلاڑی غلط استعمال ہوسکتے ہیں، ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں کو تحفظ دینا ضروری ہے۔

  • پی سی بی کا سرفرازنواز کے معاہدے کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ

    پی سی بی کا سرفرازنواز کے معاہدے کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز کے معاہدے کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    سرفراز نواز پی سی بی اسلام آباد ریجن میں بولنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں اور ان کا معاہدہ رواں ماہ ختم ہونا ہے۔

     ورلڈ کپ کے ابتدائی میچوں میں شکست کے بعد پی سی بی آفیشلز پر میچ فکسنگ کے الزامات لگانے کے بعد پی سی بی کی جانب سے سرفراز نواز کو قانونی نوٹس بھیجا گیا تھا اور اس کے بعد ان کی معاہدے کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔