Tag: سرمایہ کاری

سرمایہ کاری کا سادہ مطلب ہے کہ آپ اپنے موجودہ وسائل (مثلاً رقم) کو مستقبل میں زیادہ منافع کمانے کے لیے استعمال کریں۔ یہ ایک ایسا عمل ہے جس میں آپ اپنے پیسے کو کسی ایسی چیز میں لگاتے ہیں جس سے آپ کو مستقبل میں زیادہ پیسہ ملنے کی امید ہو۔

  • مستقبل کے لیے بچت: سرمایہ کاری آپ کو مستقبل کے لیے پیسہ بچانے کا ایک اچھا طریقہ فراہم کرتی ہے۔
  • مہنگائی سے بچاؤ:  آپ اپنے پیسے کی قدر کو مہنگائی سے بچا سکتے ہیں۔
  • آمدن کا اضافہ: آپ کی آمدن میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
  • مالی آزادی: سرمایہ کاری آپ کو مالی آزادی حاصل کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔
  • عمان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بڑی خبر

    عمان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بڑی خبر

    مسقط (21 اگست 2025): عمان نے ہائیڈروجن کی تیسری نیلامی کے دوران سرمایہ کاروں کو اضافی بجلی فروخت کرنے کی اجازت دے دی۔

    سلطنت عمان کی گرین ہائیڈروجن حکمتِ عملی کے ماسٹر پلانر ’ہائیڈروم‘ نے خوش خبری دی ہے کہ عمان میں گرین ہائیڈروجن کے تیسرے مرحلے کی نیلامی میں حصہ لینے والے سرمایہ کاروں کو اجازت ہوگی کہ وہ پیدا ہونے والی اضافی قابلِ تجدید بجلی کو مارکیٹ میں فروخت کر سکیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اس اجازت سے بجلی سے متعلق منصوبوں کی تجارتی افادیت بڑھ جائے گی، راؤنڈ 3 منصوبوں کے تحت تجارت کو وسیع کیا جائے گا، جس کا مرکز دوقم میں خصوصی اقتصادی زون کے قریب 300 کلومیٹر رقبے پر محیط ہے۔

    سعودی عرب میں موسم کی پیشگوئی پر ڈیڑھ لاکھ ریال کے جرمانے

    ہائیڈروم کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالعزیز الشیذانی نے کہا کہ اس تبدیلی سے سرمایہ کاروں کو بینکوں سے قرض کے حصول میں آسانی ہو جائے گی، اور مالیاتی معاہدوں میں بہتری آئے گی، انھوں نے کہا ’’ہم سمجھتے ہیں کہ جب ہائیڈروجن کی پیداوار کے لیے مقرر کردہ اہداف حاصل ہو جائیں، تو اضافی بجلی مارکیٹ میں فروخت کرنے سے سرمایہ کاروں کے مالیاتی معاملات بہتر ہو جائیں گے۔‘‘

    خیال رہے کہ پہلے اور دوسرے مرحلے میں ترقیاتی اداروں کو صرف ہائیڈروجن کی پیداوار کے لیے قابلِ تجدید توانائی استعمال کرنے کی پابندی تھی، تاہم تیسرے مرحلے کے سرمایہ کار اب اس اضافی گرین بجلی کو منافع کے لیے فروخت بھی کر سکیں گے۔

    عمان کا مقصد ہے کہ بجلی کی مارکیٹ کو آزاد کیا جائے، اور بجلی پیدا کرنے والوں اور صارفین کے درمیان دو طرفہ تجارت کا راستہ ہموار کیا جائے، اس ترقیاتی مرحلے کے دوران فیس میں 50 فی صد کمی بھی کی گئی ہے، اور رائلٹی کی شرح کو 3 فی صد سے کم کر کے 1 فیصد تک لایا جا رہا ہے، اور 2032 تک آپریشنل ہونے والے منصوبوں کے لیے مراعات میں پانچ سالہ اضافی ٹیکس چھوٹ بھی شامل ہے۔

  • امریکا کے لیے ایپل کا بڑا اعلان

    امریکا کے لیے ایپل کا بڑا اعلان

    کیلیفورنیا (07 اگست 2025): ایپل نے امریکی معیشت میں مزید 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے امریکا میں مینوفیکچرنگ پروگرام شروع کرنے کے ساتھ ساتھ امریکا میں اپنی مجموعی سرمایہ کاری کو 600 بلین ڈالر تک بڑھانے کا عزم کیا ہے۔

    اس وقت امریکا میں ایپل کی سرمایہ کاری کا حجم پانچ سو ارب ڈالر ہے جو آئندہ چار برسوں میں اب چھ سو ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا، گزشتہ روز کے اعلان میں نیا امریکن مینوفیکچرنگ پروگرام (AMP) شامل ہے، جس کے تحت امریکا میں ایپل کی مزید جدید مینوفیکچرنگ اور مزید سپلائی چَین لائی جائے گی۔ اس پروگرام کے ذریعے ایپل پورے امریکا میں اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کرے گا، جس سے عالمی کمپنیوں کو امریکا میں مزید اہم اجزا تیار کرنے کی ترغیب ملے گی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایپل کے سی ای او ٹم کک
    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایپل کے سی ای او ٹم کک

    اس وقت تمام 50 امریکی ریاستوں میں ایپل ہزاروں سپلائرز اور شراکت داروں کے ساتھ 450,000 سے زیادہ ملازمتوں کی حامل کمپنی ہے، جب کہ ایریزونا، کیلیفورنیا، آئیووا، کینٹکی، نیواڈا، نیویارک، شمالی کیرولینا، اوریگون، ٹیکساس اور یوٹاہ میں ایپل نے خود کو نمایاں طور پر توسیع دی ہے۔


    50 فی صد ٹیرف کے 8 گھنٹے بعد ٹرمپ نے بھارت کو ایک اور بڑی دھمکی دے دی


    اگلے چار سالوں میں ایپل امریکا میں براہ راست 20,000 لوگوں کی خدمات حاصل کرے گا، جنھیں R&D، سلیکون انجینئرنگ، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، اور AI اور مشین لرننگ کے شعبوں میں ہائر کیا جائے گا۔

    ٹرمپ اور ٹم کک وائٹ ہاؤس میں


    اس سلسلے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایپل کے سی ای او ٹم کک نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بھی گفتگو کی، امریکی صدر نے کہا بگ بیوٹی فل بل کی منظوری سے معیشت میں بہتری آ رہی ہے، ٹیک کمپنیاں ملک میں سینکڑوں ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی اور تنخواہوں میں اضافہ ہو رہا ہے، ایک سال پہلے امریکا کو دیوالیہ قرار دیا جاتا تھا، آج امریکی اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ ٹرمپ نے کہا انھوں نے سرمایہ کاری کے لیے خلیجی ممالک سمیت کئی ملکوں کے دورے کیے، اور ایپل سمیت امریکی کمپنیاں واپس امریکا لوٹ رہی ہیں۔

  • پاکستان کی ریٹیل انڈسٹری میں انقلاب: اے آر وائی گروپ کا چیس ریٹیل اسٹورز میں سرمایہ کاری کا اعلان

    پاکستان کی ریٹیل انڈسٹری میں انقلاب: اے آر وائی گروپ کا چیس ریٹیل اسٹورز میں سرمایہ کاری کا اعلان

    پاکستان کے سب سے بڑے اور کامیاب کاروباری گروپس میں سے ایک اے آر وائی نے چیس ریٹیل اسٹورز میں سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔

    پاکستان کی ریٹیل انڈسٹری میں نئی تبدیلی آ گئی ہے۔ پاکستان کے سب سے بڑے اور کامیاب کاروباری گروپس میں سے ایک، اے آر وائی گروپ، جو مشرق وسطیٰ، یورپ اور شمالی امریکا میں بھی اپنی مضبوط موجودگی رکھتا ہے، نے چیس ریٹیل اسٹورز میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

    چیس، جو پاکستان کے قدیم اور معروف ریٹیل اسٹور چینز میں سے ایک ہے، اس شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کرے گا اور بین الاقوامی سطح پر اپنی موجودگی کو بڑھائے گا، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود ہے۔

    اے آر وائی گروپ کے سی ای او سلمان اقبال نے اس اشتراک کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ہم چیس کو ایک نئے اور بڑے پیمانے پر لے جانا چاہتے ہیں تاکہ اسے پاکستان کی سب سے بڑی ریٹیل چین بنایا جائے اور بین الاقوامی سطح پر بھی پھیلایا جائے۔

    چیس پہلے ہی برمنگھم میں موجود ہے، اور جہاں جہاں اے آر وائی اور پاکستانی کمیونٹی ہے، ہم وہاں بھی پہنچنا چاہتے ہیں۔ اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہم ان اسٹورز کو ریبرانڈ کر کہ اےآروائی چیس (ARY Chase) کا نام دیا ہے”۔

     

    چیس ریٹیل اسٹورز کے مالک، فراز اقبال نے اس شراکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ چیس کے لیے ایک بہت مثبت قدم ہے۔ اے آر وائی گروپ کی سرمایہ کاری کے ساتھ، ہم مقامی اور بین الاقوامی سطح پر ایک وسیع کسٹمر بیس کو خدمات فراہم کر سکیں گے۔ اس اشتراک میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جو مستقبل میں ہمارے صارفین کو زبردست فائدے پہنچائے گی۔‘‘

    چیس نے 1984 میں اپنا پہلا ریٹیل اسٹور قائم کیا تھا اور اپنی اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور مناسب قیمتوں کی وجہ سے صارفین میں مقبولیت حاصل کی ہے۔

    چیس کا شمار پاکستان کی معروف ریٹیل چینز میں ہوتا ہے، اور اس کی موجودگی برطانیہ میں بھی ہے۔

    اے آر وائی گروپ اور چیس نے ابتدائی طور پر پاکستان کے بڑے شہروں اورعلاقوں میں 100 نئے اسٹورز کھولنے کا منصوبہ بنایا ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر بھی توسیع کی جائے گی۔ اس حکمتِ عملی کا مقصد صارفین کو زیادہ سہولت فراہم کرنا، خریداری کے بہترین مواقع مہیا کرنا اور ریٹیل انڈسٹری میں نئے معیارات قائم کرنا ہے۔

    یہ شراکت پاکستان کی ریٹیل انڈسٹری میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، جو صارفین کو بہتر سہولیات، ملازمت کے نئےمواقع اور پاکستانی برانڈز کو عالمی سطح پر ایک نئی پہچان فراہم کرے گی۔

  • پاکستان کا سرمایہ کاری کیلئے متحدہ عرب امارات کو 5 اہم معدنی منصوبے پیش کرنے پر غور

    پاکستان کا سرمایہ کاری کیلئے متحدہ عرب امارات کو 5 اہم معدنی منصوبے پیش کرنے پر غور

    اسلام آباد : پاکستان کی جانب سے سرمایہ کاری کیلئےمتحدہ عرب امارات کو 5 اہم معدنی منصوبے پیش کرنے پر غور جاری ہے، جس میں چاغی، وزیرستان، گوادر اور بلوچستان منرل ریسورسز لمیٹڈ کےکاپربلاکس شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کے ترجیحی شعبے کان کنی اور معدنیات کی ترقی و خوشحالی ملکی معیشت کے استحکام کی ضامن ہے ، حکومت کا 8 ٹریلین ڈالر مالیت کے معدنی وسائل سے استفادہ، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اپریل میں معدنی کانفرنس منعقد ہوگی۔

    ایس آئی ایف سی کے تعاون سے ریکوڈک منصوبہ 2028 تک فعال ہوگا، منصوبے میں 5.5 بلین ڈالر سرمایہ کاری ہوگی، جبکہ سالانہ 2.8 بلین ڈالر کی برآمدات متوقع ہے۔

    سرمایہ کاری کے لیے متحدہ عرب امارات کو پانچ اہم معدنی منصوبے پیش کرنے پر غور جاری ہے ، چاغی، وزیرستان، گوادر اور "بلوچستان منرل ریسورسز لمیٹڈ” کے کاپر بلاکس سمیت 80 ہزار ٹن سالانہ پیداواری صلاحیت کا پر اسمیلٹر منصوبہ پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

    ایس آئی ایف سی کی معاونت سے گوادر اور چاغی کو ریل نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا منصوبہ، معدنی نقل و حمل میں بہتری متوقع ہے۔

    ماڑی پٹرولیم اور حکومت بلوچستان کا معدنی شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے مشاورت کا عمل جاری ہے ، معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے ایس آئی ایف سی ملکی معیشت کے استحکام کے لیے کوشاں ہیں۔

  • ڈیجیٹل پرائزبانڈز میں  سرمایہ کاری ، پاکستانیوں کے لے اہم خبر

    ڈیجیٹل پرائزبانڈز میں سرمایہ کاری ، پاکستانیوں کے لے اہم خبر

    اسلام آباد : ڈیجیٹل پرائز بانڈز میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بڑی خبر آگئی ، بانڈز میں کتنی اور کیسے سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے؟

    تفصیلات کے مطابق ڈیجیٹل پرائزبانڈز میں لامحدود سرمایہ کاری کی اجازت دے دی گئی ، وزارت خزانہ نے ڈیجٹیل پرائزبانڈز رجسٹرڈ ڈرافٹ رولزکانوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ ڈیجٹل پرائز بانڈزکی لین دین موبائل ایپ کےذریعےکی جائےگی، انعامی رقم پر ٹیکس لگےگا تاہم زکوة لاگو نہیں ہوگی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

    نوٹیفکیشن میں کہنا تھا کہ ڈیجٹیل بانڈزمیں زیادہ سےزیادہ سرمایہ کاری کی کوئی حدنہیں ہوگی، ہر پاکستانی بالغ شہری بانڈزکے لیے اہل ہوگا۔

    بانڈزکے ٹرانسفر آف اوونرشپ اورپلیجنگ کی اجازت نہیں ہوگی، سرمایہ کارکی وفات کی صورت میں قانونی ورثاکو رقم ادا کی جائے گی تاہم مرحوم کےبانڈ کی رقم جانشینی کے سرٹیفکیٹ کے مطابق اد اکی جائے گی۔

  • پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سرمایہ کاری و تجارتی تعاون میں نئی پیشرفت

    پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سرمایہ کاری و تجارتی تعاون میں نئی پیشرفت

    اسلام آباد : پاکستان اور ترکیہ کے مابین 5 ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کے حصول کیلئےعملی اقدامات جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان اور ترکیے کے درمیان سرمایہ کاری وتجارتی تعاون میں نئی پیشرفت سامنے آئی۔

    حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے مربوط حکمت عملی تیارکرلی ، دونوں ممالک پانچ ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کے حصول کیلیے سیاحت، تعلیم، آئی ٹی، انفراسٹرکچراور دفاعی شعبے سمیت جدید ٹیکنالوجی میں منتقلی پرمزید تعاون کو فروغ دیں گے۔

    پاکستانی کھیلوں کے سامان اور جراحی آلات کے ذریعے برآمدات میں اضافے اور تجارتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا عزم کیا ہے۔

    مشترکہ تاریخ وثقافت کی بدولت دونوں ممالک نے طلبا کے تبادلے کے ذریعے تعلیمی و برادرانہ بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور دوطرفہ و عالمی امور پر مشاورت اور ہم آہنگی کے لیے دونوں ممالک کا ’’شورائےاخوت‘‘کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔

    فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے تحت پاکستان اور ترکی نے مزید اشیا کی تجارت کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا اعلان کیا۔

    ترکی نے سی پیک سے منسلک ہونے کا خواہش کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی انضمام اور تجارتی روابط کے فروغ پر زور دیا۔

    تجارت کے فروغ کیلئے پاکستان اور ترکی نے تجارتی نمائشوں کا انعقاد کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستانی تاجروں کو ترکی میں کاروباری مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔.

    ترک کمپنیوں کے لیے کاروباری عمل کو آسان بنانے میں ایس آئی ایف سی کے کلیدی کردار کی تعریف کی گئی۔

    اسلام آباد،استنبول مال بردارٹرین کی بحالی پر کام جاری ہے ، دونوں ممالک تجارتی روابط میں استحکام لانے کے خواہاں ہیں۔

    ایس آئی ایف سی کی جانب سے عالمی برادری کے اعتماد کی بحالی کے ذریعے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔

  • ہانگ کانگ گروپ کا  پاکستان میں 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

    ہانگ کانگ گروپ کا پاکستان میں 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

    اسلام آباد : ہانگ کانگ کے گروپ ہچیسن پورٹس نے پاکستان میں 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان میں جدید بندرگاہی انفراسٹرکچر کی ترقی میں اہم پیش رفت سامنے آئی۔

    ایس آئی ایف سی پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

    ہانگ کانگ کے گروپ ہچیسن پورٹس نے پاکستان میں جدید بندرگاہی انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

    ہچیسن پورٹس گروپ کے دوبڑے ٹرمینلز 25 سال سے پاکستان میں فعال ہیں، جو 5000 ملازمتیں اور 225 ارب روپے سے زائد آمدنی پیدا کر چکے ہیں۔

    سرمایہ کاری کا مقصد موجودہ ٹرمینلز کی جدت، آپریشنل صلاحیت میں بہتری، لاجسٹکس کنیکٹیویٹی میں اضافہ اور جدید خودکار نظام کا نفاذ ہے، خود کار نظام کی بہتری میں ریموٹ کرینز ، الیکٹرک ٹرکس، ڈیجیٹل گیٹ آپریشنز اور سمندری ماہرین کی تربیت بھی شامل ہے۔

    کراچی میں 52 ہیکٹر پر مشتمل جدید لاجسٹکس پارک کے قیام کا منصوبہ، جدید سہولیات اور عالمی معیار کے انفراسٹرکچر کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔

    متوقع طور پر یہ سرمایہ کاری آئندہ 25 سالوں میں کم از کم 4 ارب ڈالر کا ریونیو فراہم کرے گی تاہم ایس آئی ایف سی اپنی موٴثر پالیسیوں اور انفراسٹرکچر کی ترقی سے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں مصروف عمل ہیں۔

  • ٹریڈنگ  اور سرمایہ کاری کے نام پر 12 ارب کا فراڈ کرنے والا گروہ گرفتار

    ٹریڈنگ اور سرمایہ کاری کے نام پر 12 ارب کا فراڈ کرنے والا گروہ گرفتار

    ملتان : ٹریڈنگ اور سرمایہ کاری کے نام پر 12 ارب کا فراڈ کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان نے 200 سے زائد افراد سے منافع کے جھوٹے وعدے کیے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبرکرائم ملتان نے ملکی تاریخ کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے ٹریڈنگ اور سرمایہ کاری کے نام پر 12 ارب کا فراڈ کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے 200 سے زائد افراد سے منافع کے جھوٹے وعدے کیے تھے، زاہد نامی ملزم بیرون ملک فرار کی کوشش میں لاہورایئرپورٹ سے گرفتار ہوا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ نشاندہی پرمزید2ملزمان کوماڈل ٹاؤن ملتان سےگرفتار کیا گیا جبکہ ملوث کمپنی کے 12 ڈائریکٹرز کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیے گئے ہیں۔

  • سعودی عرب نے غیر ملکیوں کو خوشخبری سنادی

    سعودی عرب نے غیر ملکیوں کو خوشخبری سنادی

    سعودی عرب کی جانب سے مکہ اور مدینہ کی جائیداد میں غیرملکیوں کو سرمایہ کاری کی اجازت دے دی گئی ہے۔

    عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کار اب مکہ اور مدینہ میں جائیداد کی مالک سعودی لسٹڈ کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔

    عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری صرف لسٹڈ کمپنیوں کے حصص یا قابل تبدیلی قرضے تک محدود ہے۔ فیصلے کا مقصد سعودی وژن 2030 کے تحت سرمایہ کاری بڑھانا اور معیشت کو تقویت دینا ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ کی جانب سے آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے نسک پلیٹ فارم پر مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریاض الجنہ کے پرمٹ کے لیے نیا آپشن متعارف کرایا گیا ہے۔

    وزارت حج و عمرہ نے مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آنے والے ایسے زائرین جو مسجد کی حدود میں ہوتے ہوئے نسک یا توکلنا پلیٹ فارم کے ذریعے ریاض الجنہ کے لیے پرمٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں انہیں مزید سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔ زیارت کے لیے اپائنٹمنٹ نہ ملنے پر ویٹ لسٹ آپشن کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

    قبل ازیں نسک پلیٹ فارم کے ذریعے فوری پرمٹ حاصل کرنے کا آغاز کیا گیا تھا تاہم اب اس میں مزید اضافہ کرتے ہوئے ’ویٹنگ‘ کا آپشن بڑھا دیا گیا ہے۔

    سعودی عرب: 7 شہریوں کو سزائے موت سنا دی گئی

    ویٹنگ کا آپشن منتخب کرنے سے یہ ہوگا کہ سسٹم میں جیسے ہی سلاٹ دستیاب ہوگا ویٹنگ لسٹ میں رجسٹر زائر کو پرمٹ جاری کردیا جائے گا۔

  • ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تشویشناک خبر

    ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تشویشناک خبر

    اسلام آباد: پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کی سرمایہ کاری میں مسلسل دوسرے سال کمی آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیلی کام سیکٹر کی سرمایہ کاری 3 سال میں ڈیڑھ ارب سے 76 کروڑ ڈالر پر آ گئی ہے، گزشتہ مالی سال ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری اتحادی حکومت کے مقابلے میں بھی کم ہو گئی ہے۔

    مالی سال 2023۔24 میں ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کم ہو کر 76 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہ گئی، مالی سال 2022۔23 میں ٹیلی سیکٹر میں سرمایہ کاری کا حجم 77 کروڑ ڈالرز تھا۔

    مالی سال 2021۔22 میں ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری ایک ارب 65 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز تھی، مالی سال 2020۔21 میں ٹیلی سیکٹر میں سرمایہ کاری ایک ارب 21 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز تھی۔

    5 ماہ میں ملک میں کتنی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی؟ اعدادو شمار جاری

    مالی سال 2019۔20 میں ٹیلی سیکٹر میں سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب 14 کروڑ ڈالرز تھا۔

    دوسری طرف اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں مالی سال کے 5 ماہ میں ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 31 فی صد اضافہ ہوا ہے، نومبر2024 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 21 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی جب کہ نومبر میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 13 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھی۔

    رواں مالی سال 5 ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری 1 ارب 12 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی گزشتہ مالی سال 5 ماہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 85 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہی تھی۔