Tag: سرمایہ کاری

سرمایہ کاری کا سادہ مطلب ہے کہ آپ اپنے موجودہ وسائل (مثلاً رقم) کو مستقبل میں زیادہ منافع کمانے کے لیے استعمال کریں۔ یہ ایک ایسا عمل ہے جس میں آپ اپنے پیسے کو کسی ایسی چیز میں لگاتے ہیں جس سے آپ کو مستقبل میں زیادہ پیسہ ملنے کی امید ہو۔

  • مستقبل کے لیے بچت: سرمایہ کاری آپ کو مستقبل کے لیے پیسہ بچانے کا ایک اچھا طریقہ فراہم کرتی ہے۔
  • مہنگائی سے بچاؤ:  آپ اپنے پیسے کی قدر کو مہنگائی سے بچا سکتے ہیں۔
  • آمدن کا اضافہ: آپ کی آمدن میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
  • مالی آزادی: سرمایہ کاری آپ کو مالی آزادی حاصل کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔
  • سی اے اے ملازمین کے پنشن فنڈ کی غیرقانونی سرمایہ کاری

    سی اے اے ملازمین کے پنشن فنڈ کی غیرقانونی سرمایہ کاری

    کراچی : سول ایوی ایشن (سی اے اے) ملازمین کے پنشن فنڈ کی نجی بینک میں سرمایہ کاری کا معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا، اے آر وائی نیوز کی خبر پر ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن کے ملازمین کے پینشن فنڈ کی نجی بینک میں سرمایہ کاری کی شفافیت کے حوالے سے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے سوالات اٹھا دیئے۔

    سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن کو لکھےگئے خط کی کاپی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، مذکورہ خط ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کو موصول شکایت پرسیکریٹری کوارسال کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق خط کے متن میں سیکریٹری ایوی ایشن سے جانچ پڑتال کی درخواست کی گئی ہے، پنشن فنڈز سے4ارب روپے کی سرمایہ کاری میں قواعد نظرانداز کئے گئے، سرمایہ کاری کیلئے قوانین کے مطابق بولیاں طلب نہیں کی گئیں۔

    سرمایہ کاری کیلئے3بینکوں سےبولی طلب کرناضروری تھا۔ قوانین کے مطابق سرمایہ کاری کے لئے تین بینکوں سے بولی طلب کرنا ضروری تھا، کل رقم کا 20 فیصد غیر سرکاری سیکورٹیز، ٹی ایف سی میں سرمایہ کاری کی لازمی شرط کو نظر انداز کیا گیا۔

    خط میں مزید کہا گیا ہے کہ قوانین کے مطابق دس ملین سے زائد ورکنگ بیلنس حامل کی انٹرپرائزز50 فیصد ورکنگ بیلنس ایک بینک میں نہیں رکھ سکتی، پنشن فنڈ سے ایک ارب روپے کی اسی بینک میں دوسری سرمایہ کاری غیرقانونی اور قوانین کے خلاف ہے۔

  • سعودی عرب: تعلیم اور صحت میں‌ سرمایہ کاری، غیر ملکیوں کو بڑی سہولت

    سعودی عرب: تعلیم اور صحت میں‌ سرمایہ کاری، غیر ملکیوں کو بڑی سہولت

    ریاض: سعودی عرب نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تعلیم اور صحت کے شعبہ جات میں سو فیصد مالکانہ حقوق کے ساتھ کمپنیاں کھولنے کی اجازت دیتے ہوئے سعودی کمپنی کو شراکت دار بنانے کی شرط ختم کردی۔

    گلف نیوز کے مطابق یہ اعلان سعودی عربین جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کیا گیا ہے۔

    سعودی عرب میں نافذ قانون کے تحت کسی بھی شعبے میں رقم لگاتے وقت یا کاروبار کرتے وقت غیر ملکی سرمایہ کار اس بات کے پابند ہیں کہ وہ جوائنٹ وینچر کے ذریعے سرمایہ کاری کریں گے اور اس میں ایک سرمایہ کار مقامی یعنی سعودی ہوگا۔

    حالیہ اعلان کے مطابق یہ شرط صرف تعلیم اور صحت کے دو شعبہ جات سے ختم کردی گئی ہے تاہم بقیہ شعبہ جات میں عائد رہے گی۔

    سعودی عربین جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی کے گورنر ابراہیم العمر نے عالمی خبر رساں ادارے رائٹر کو بتایا کہ ہم سو فیصد مالکانہ حقوق پر تعلیمی ادارے کھولیں گے جس میں ہر قسم کی تعلیم شامل ہے بشمول پرائمری اسکول، یہ سعودیہ عرب میں ایک نیا قدم ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اسی طرح شعبہ صحت میں وزارت صحت مزید خدمات فراہم کرنے کے بجائے صرف ریگولیٹری اتھارٹی بن کر صحت کے مراکز کی نگرانی کرے گی، ہمارے اس اقدام سے اگلے پانچ برس میں 180 ارب ڈالر (660.6 ارب ریال) کے سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تعلیم و صحت کے شعبہ جات میں یہ چھوٹ کس تاریخ سے ملے گی تاہم امکان ہے کہ چند دنوں بعد اس ضمن میں نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔

  • کراچی میں نیا شپنگ ٹرمینل تکمیل کے قریب

    کراچی میں نیا شپنگ ٹرمینل تکمیل کے قریب

    کراچی : شہر قائد میں چینی کمپنی کی جانب سے تیار کردہ شپنگ ٹرمینل تکمیل کے قریب ہے جہاں بڑے بحری جہازوں کی رسائی ممکن ہو گی.

    تفصیلات کےمطابق پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی مرکز کراچی میں بننے والا یہ ہیچیسن ٹرمینل اس سال کے اختتام سے قبل ہی کام شروع کر دے گا.

    کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ساتھ کیے گئے ایک معاہدے کے مطابق چینی کمپنی یہاں سرمایہ کاری کرے گی.

    یہ سب چین کے چین پاک اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان میں توانائی اور سڑکوں کی تعمیر کے لیے 46 ارب ڈالر کے منصوبوں کا حصہ ہے.

    کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق زیادہ تر کام مکمل ہو چکا ہے اور افتتاح سے قبل سڑک بھی مکمل کر لی جائے گی.

    یاد رہے کہ پاکستان کی مجموعی تجارت کا نصف جہازوں سے لایا یا لے جایا جاتا ہے،جبکہ پاکستان کی بندرگاہ پر اس وقت 20 فٹ کے 10 لاکھ کنٹرنرز کو ہینڈل کیا جاتا ہے.

    واضح رہے کہ رواں برس اکتوبر میں ہیچیسن کے نئے ٹرمینل پر کام کا آغاز ہو جائے گا اور یہاں ایک اندازے کے مطابق پہلے برس ڈھائی لاکھ یونٹس ہینڈل کیے جائیں گے.

  • ملک میں چینی سرمایہ کاری میں دوگنا اضافہ

    ملک میں چینی سرمایہ کاری میں دوگنا اضافہ

    اسلام آباد: ایک سال کے دوران پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کا حجم دوگنا ہوگیا۔ زیادہ تر سرمایہ کاری توانائی کے شعبے میں ہورہی ہے۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں چینی سرمایہ کاری کا حجم 131 فیصد بڑھ گیا۔ سال 2015 کے دوران چین نے پاکستان میں 25 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

    سال 2016 کے دوران یہ حجم 59 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہوگیا۔ توانائی کے شعبہ میں بیرونی سرمایہ کاری بھی 150 فیصد بڑھ چکی ہے۔

    اس سے قبل جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 5 فیصد اضافہ ہوا۔

    غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب ڈالر سے زائد رہا۔ جولائی تا اپریل غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم ایک ارب ایک کروڑ 63 لاکھ ڈالر رہا۔

    ان 10 ماہ کے دوران آنے والی غیر ملکی سرمایہ کاری میں سے نصف چین کی جانب سے ہوئی جبکہ دیگر ممالک سے آنے والی سرمایہ کاری میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سعودی عرب، جرمنی اور مصر نے پاکستان سے اپنا سرمایہ نکال لیا۔

  • چینی سرمایہ کاری پر بھارت واویلا نہ کرے، شہباز شریف

    چینی سرمایہ کاری پر بھارت واویلا نہ کرے، شہباز شریف

    لاہور : وزیرا علیٰ پنجاب شہباز شریف نےکہا ہےکہ دنیاکےکسی ملک نے ایک دن میں کسی ملک کیلئےاتنی بڑی سرمایہ کاری نہیں کی۔ جتنی چین نے پاکستان میں کی ہے۔

    یہ بات انہوں نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پروگرام میں پنجاب کیلئے ساڑھے چار ارب جبکہ سندھ کیلئےنو ارب ڈالر کےمنصوبےہیں۔

    ایوان وزیراعلیٰ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر بنانا وزیراعظم نواز شریف کا خواب رہا ہے۔چینی سرمایہ کاری پر بھارت کو واویلا نہیں کرناچاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہو گا کہ ہم چین کے دوست بننا چاہتے ہیں یا بھارت کابغل بچہ، شہباز شریف نے کہا کہ بیس اپریل کادن پاکستان کیلئےتاریخی اہمیت کاحامل ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ قوموں کی زندگیوں میں ایسے دن بہت کم آتے ہیں،چینی سرمایہ کاری پروزیراعظم مبارکباد کےمستحق ہیں۔

    شہبازشریف نے کہا کہ اب ہماری ذمہ داری ہےان منصوبوں کوتکمیل تک پہنچائیں،اربوں ڈالرکی چینی سرمایہ کاری پاکستانی قیادت پراعتماد کا اظہارہےجو پاکستان کی تقدیر بدل دے گی۔

  • غیر ملکی سرمایہ کاری میں ڈیڑھ فیصد کی کمی ریکارڈ

    غیر ملکی سرمایہ کاری میں ڈیڑھ فیصد کی کمی ریکارڈ

    کراچی : رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں ڈیڑھ فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جولائی تا جنوری غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم چوون کروڑ چوون لاکھ ڈالر رہا ۔

    اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کےحجم میں اٹھتر لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔

    جنوری کے مہینے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم ایک کروڑ تریسٹھ لاکھ ڈالر رہا، سب سے زیاد ہ غیر ملکی سرمایہ کاری دھاتی مصنوعات اور سب سے زیادہ کمی فارماسیوٹیکلز اور اوور دا کاؤنٹر پروڈکٹس میں ریکارڈ کی گئی۔

  • گیس کے بحران نے سرمایہ کاری خطرے میں ڈال دی

    گیس کے بحران نے سرمایہ کاری خطرے میں ڈال دی

    کراچی: ملک میں جاری گیس بحران کے باعث ایک ارب بیس کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری خطرے میں پڑگئی۔ الطوارقی اسٹیل ملز نے پلانٹ بند کر نے دھمکی دے دی۔

    کمپنی ذرائع کےمطابق سالانہ جنرل میٹنگ میں طوارقی اسٹیل ملز کےمستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔تفصیلات کے مطابق اس پلانٹ پر سعودی عرب اور جنوبی کوریا کے سر مایہ کاروں نے چونتیس کروڑ ڈالرکا سرمایہ لگایا ہوا ہے۔

    لیکن ایک سال سے پلانٹ گیس کی عدم فراہمی کے باعث بند پڑا ہے ۔ اس صورت حال کے پیش نظر کمپنی نے سر مایہ نکالنے اور پلانٹ کو بند کرنے پر غورشروع کر دیاہے۔کمپنی ذرائع کا کہنا ہے گیس ملی تو پلانٹ میں نواسی کروڑ کی مزید سرمایہ کاری کی جائے گی۔

  • چین ایل این جی پائپ لائن منصوبہ میں سرمایہ کاری کریگا

    چین ایل این جی پائپ لائن منصوبہ میں سرمایہ کاری کریگا

    اسلام آباد: چین گوادرسے نوابشاہ تک بچھائی جانے والی ایل این جی پائپ لائن کیلئے پچاسی فیصد سرمایہ کاری فراہم کرے گا,تفصیلات کے مطابق یہ ڈیل بھی چین کی جانب سے کی جانے والی بیالیس ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پروگرام کا حصہ ہے ۔

    اس منصوبے میں ایل این جی ٹرمینل اور پائپ لائن شامل ہیں۔ تین ارب ڈالر مالیت کے اس منصوبے میں ایک ارب ڈالر پائپ لائن کیلئے جبکہ دو ارب ڈالر ٹر مینل کی تعمیر کیلئے درکار ہونگے۔

    چین گودار سے نوابشاہ تک بچھائی جانے کیلئے پچاسی فیصد فنانسنگ فراہم کرے گا۔اس پائپ لائن سے پچاس کروڑ کیوبک فیٹ گیس کی یومیہ ترسیل ہوسکے گی۔

  • غیرملکی کمپنیوں نے گیارہ کروڑ چھیاسٹ لاکھ ڈالرمنافع منتقل کیا

    غیرملکی کمپنیوں نے گیارہ کروڑ چھیاسٹ لاکھ ڈالرمنافع منتقل کیا

    کراچی:رواں مالی سال پہلے دو ماہ کے دوران ملک میں سرمایہ کاری کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں نے گیارہ کروڑ چھیاسٹ لاکھ ڈالر کے منافع جات اپنے  ممالک کو منتقل کئے۔

    اسٹیٹ بینک کی جاری رپورٹ کے مطابق صرف اگست کے دوران غیر ملکی اداروں کی جانب سے پانچ کروڑ چونسٹھ لاکھ ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے ماہ اگست کے مقابلہ میں چھتیس فیصد کم ہے۔

    اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2013-14ءکے دوران پاکستان میں کام کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کے منافع کی منتقلی ہوئی تھی جو مالی سال 2012-13ءکے مقابلہ میں 12.6 فیصد زائد تھی۔

    مالی سال 2012-13ءمیں تقریباً ایک ارب ڈالر کے منافع جات منتقل کئے گئے تھے، رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ جولائی اور اگست کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے ملک میں 87 ارب 10 کروڑ روپے کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی جس اس عرصہ میں منتقل کئے جانے والے منافع کے 74.7 فیصد کے مساوی تھی ۔

    جبکہ صرف اگست کے دوران براہ راست 63.1 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی اور اس دوران ایف ڈی آئی کے مقابلہ میں 89.4 فیصد کے منافع جات /ڈیویڈینڈز وغیرہ کی بیرون ملک منتقلی کی گئی۔

    گزشتہ مالی سال میں ملک میں ایک ارب 60 کروڑ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی جبکہ دوران سال ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کے منافع جات بیرون ملک منتقل کئے گئے۔

  • غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں، وزیراعظم

    غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں، وزیراعظم

    اسلام آباد: پاکستان کے دارلخلافہ السلام آباد میں دو روزہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس شروع ہو گئی۔ وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ پیداواراور توانائی کےدرمیان خلیج بڑھ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بورڈ آف انوسٹ منٹ کے زیر اہتمام دو روزہ سرمایاکاری کانفرنس  منعقد ہو ئی جس سے خطاب کے دروان غیرملکی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ توقع ہے اس قسم کی مزید سرمایہ کاری کانفرنسز ہوں گی۔ وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ پا کستان سرمایاکاری کیلئے موزوں ترین ملک ہے۔

    وزیر اعظم نواز شریف نے سرمایاکاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جغرافیائی لحاظ اور افرادی قوت سےمتعلق سرمایاکاری کیلئے بھی موزوں ترین ملک ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کی پالیسیز سرمایا کار دوست ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی مؤثراقتصادی پالیسی کےباعث پاکستانی روپیہ مستحکم، زمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوا جبکہ معاشی شرح نمو کا ہدف چار سے چھ فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ نوز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے جس سے توانائی کی پیداواراور طلب کےدرمیان کی خلیج ختم ہوجائے گی۔

    کانفرنس کے اختتام پر وزیر اعظم نواز شریف نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ دھرنوں سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، ترقی میں رکاوٹ ڈالنےوالےسوچیں ملک کی کیا خدمت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ ہمیں سیاسی پختگی کا ثبوت دینا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ دھرنےدھرنے ہی رہ جائیں گےملک آگےنکل جائےگا۔