Tag: سرمایہ کاری

سرمایہ کاری کا سادہ مطلب ہے کہ آپ اپنے موجودہ وسائل (مثلاً رقم) کو مستقبل میں زیادہ منافع کمانے کے لیے استعمال کریں۔ یہ ایک ایسا عمل ہے جس میں آپ اپنے پیسے کو کسی ایسی چیز میں لگاتے ہیں جس سے آپ کو مستقبل میں زیادہ پیسہ ملنے کی امید ہو۔

  • مستقبل کے لیے بچت: سرمایہ کاری آپ کو مستقبل کے لیے پیسہ بچانے کا ایک اچھا طریقہ فراہم کرتی ہے۔
  • مہنگائی سے بچاؤ:  آپ اپنے پیسے کی قدر کو مہنگائی سے بچا سکتے ہیں۔
  • آمدن کا اضافہ: آپ کی آمدن میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
  • مالی آزادی: سرمایہ کاری آپ کو مالی آزادی حاصل کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔
  • شہری اسٹاک مارکیٹ‌ میں سرمایہ کاری کیسے کریں؟

    شہری اسٹاک مارکیٹ‌ میں سرمایہ کاری کیسے کریں؟

    بچپن سے ہم ٹی وی کی خبروں میں سنتے آئے ہیں کہ اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ کاروبار ہوا یا مندی رہی، یا فلاں کمپنی کے حصص کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا۔

    اسٹاک مارکیٹ ایسا مقام ہے جو ملک کی مختلف کمپنیوں کے اسٹاک یا شیئرز کے خریداروں اور ان کے فروخت کنندگان کو ایک دوسرے سے منسلک کرتی ہے۔

    عام شہری اسٹاک ایکس چینج میں شیئر کی خرید و فروخت کیسے کرسکتے ہیں؟ یا اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں سابق ڈائریکٹر پاکستان اسٹاک ایکسچینج ظفر موتی نے ناظرین کو تفصیل سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اسٹاک ایکس چینج ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں سرمایہ کار نئی انڈسٹریاں لگانا چاہتے ہیں لیکن ان کے پاس اتنی رقم نہیں ہوتی کہ جس سے وہ اپنی کمپنی کو بہتر طریقے سے چلا سکیں جس کو کرنے کے دو طریقے ہیں کہ یا تو وہ کسی بینک سے قرضہ لیں یا چھوٹے چھوٹے شیئر ہولڈرز کا تعاون حاصل کرکے ان کو بھی اپنے منافع میں شامل کریں۔

    اس لیے بڑے ادارے بینکوں سے قرضہ لینے کی بجائے اپنے حصص کا کچھ حصہ چھوٹے سرمایہ کاروں کو فروخت کر دیتے ہیں، ان حصص یعنی شیئرز خریدنے والوں کو شیئر ہولڈرز کہتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اسٹاک ایکسچینج میں جس کمپنی کے شیئرز زیادہ خریدے جائیں تو ان کی قیمت بڑھ جاتی ہے اور جس کمپنی کے شیئرز زیادہ فروخت کیے جاتے ہیں تو ان کی قیمت کم ہو جاتی ہے۔

    اگر زیادہ کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ جائے تو اس سے انڈیکس میں تیزی دیکھنے میں آتی ہے اور وہ بڑھ جاتا ہے، اگر خریداری کم ہو اور شیئرز کی فروخت یا کاروبار نہ ہو تو انڈیکس گر جاتا ہے، جسے مندی کہتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج میں 700 کمپنیاں لسٹڈ ہیں ان میں سو کمپنیاں ایسی ہوتی ہیں جو پورے اسٹاک ایکسچینج کے کاروبار کے حالات کو ظاہر کرتی ہیں اور پورے دن کے کاروبار کا موازنہ کرتی ہیں جسے پی ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس کہا جاتا ہے۔

  • سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کو بڑھانے کیلئے حکومتی اقدام

    سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کو بڑھانے کیلئے حکومتی اقدام

    ریاض : سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کی بدولت پاک سعودی تعلقات کا نیا دور شروع ہوا ہے۔

    یہ بات انہوں نے ریاض میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی ان کا کہنا تھا کہ دونوں مملاک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں سے پاکستان کی معیشت پر مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب پاکستان میں توانائی، معدنیات، زراعت اور ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

    احمد فاروق نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی ایکسپورٹ میں چالیس فیصد اضافہ ہوا ہے، پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں سعودی عرب میں فروغ پا رہی ہیں، جس سے پچاس فیصد ریونیو میں اضافہ ہوا ہے۔

    اس کے علاوہ پرائیویٹ سیکٹر کی مصنوعات کو وسعت دینے اور براہ راست ایکسپورٹ کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہنر مند افرادی قوت کو بڑھانے پر بھی توجہ دی جارہی ہے، کوشش ہے کہ پاک سعودی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے جس کے لیے ثقافت، ادب، فلم، ٹی وی اور دیگر امور کو بڑھایا جا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں سعودی عرب کی میگا پاور اور تعمیراتی کمپنی الفنار کے سی ای او صباح المطلق نے کہا تھا کہ ہم اپنے آنے والے منصوبوں میں مزید پاکستانیوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

    صباح المطلق کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستانی افرادی قوت کے اعلیٰ معیار اور سعودی عرب میں ان کے تعاون سے بے حد متاثر ہیں۔

     

  • افغانستان: معدنیات میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے کتنے ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی؟

    افغانستان: معدنیات میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے کتنے ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی؟

    کابل: افغانستان کی وزارت معدنیات و پٹرولیم نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں نے معدنیات میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔

    وزارت مائنز اینڈ پیٹرولیم کے حکام مفتی حسام الدین صابری، ترجمان ہمایون افغان و دیگر کے مطابق گزشتہ ایک سال میں انھوں نے کان کنی کے ذریعے تقریباً 10.5 بلین افغانی ریونیو اکٹھا کیا ہے، جب کہ رواں سال کے پہلے پانچ ماہ میں ساڑھے چار ارب افغانی ریونیو جمع کیا گیا ہے۔

    حکام کے مطابق اس وقت معدنیات کی انڈسٹری میں ڈیڑھ لاکھ افراد کام کر رہے ہیں، گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ 8 صوبوں میں 13 بڑے اور 168 چھوٹے معدنی ذخائر میں کان کنی کے معاہدے کیے گئے ہیں، اور مجموعی طور پر چند ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ دس ارب ڈالر کے معاہدے کیے جا چکے ہیں۔

    حکام نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران 28 صوبوں میں کان کنی کے 647 علاقوں کا سروے کیا گیا، اور ارضیاتی نقشوں کی ڈیجیٹائزیشن کی گئی، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو 5.5 ملین ڈالر سے زائد مالیت کے 78,000 زمرد فروخت کیے گئے۔ اس وقت تقریباً 10 بلین افغانی مالیت کی 167 چھوٹی کانوں میں سرمایہ کاری کے معاہدے کیے گئے ہیں، جن میں ہزاروں افراد کو روزگار ملا ہے۔ گزشتہ سال کے دوران وزارت نے 52 کمپنیوں کو کان کنی کے لائسنس بھی دیے۔

    حکام کے مطابق صوبہ فاریاب کے ضلع اندخو میں 14 مربع کلومیٹر نمک کی کان 15 سال کے لیے 24 ملین ڈالر اور صوبہ تخار میں 500 ملین افغانی مالیت کے نمک کی کان کا معاہدہ ملکی کمپنیوں کے ساتھ کیا گیا۔

    غور، بدخشان، پنجشیر، قندھار، غزنی، لوگر، جوزجان، قندوز اور فاریاب صوبوں میں 12 اہم منصوبے زیر تعمیر ہیں، جب کہ غور، بادغیس، میدان وردگ، ہرات، پروان، بامیان، کاپیسا اور ننگرہار صوبوں میں کچھ اہم منصوبوں پر کام شروع کرنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ گزشتہ سال کے دوران ہرات، تخار، غور، پروان، کابل، بغلان، فاریاب اور ننگرہار صوبوں میں 13 بڑی کانیں نکالنے کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں، جن سے ہزاروں لوگوں کو روزگار ملا ہے۔

    حکام کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران صوبہ پنجشیر میں زمرد کی کانوں کے 1700 علاقوں کا سروے کیا گیا اور قانونی کان کنی کے لیے 575 لائسنس جاری کیے گئے، جس سے 15 ہزار افراد کو روزگار ملا۔ رواں سال کے پہلے پانچ مہینوں میں 6.1 ملین ڈالر مالیت کے سنگ مرمر بین الاقوامی منڈیوں میں برآمد کیے گئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال جن ضروری اقدامات کو اہم ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے، ان میں کانوں کا سروے، سرمایہ کاری کے لیے مواقع کی فراہمی، چھوٹی بڑی کانوں کا ٹینڈر، قانونی دستاویزات کی حتمی تشکیل شامل ہیں۔ کان کنی کا قانون، ہائیڈرو کاربن قانون اور ٹاپی پروجیکٹ کے قانونی امور پر نظرثانی اور منظوری کے لیے مجاز حکام کو بھیج دیا گیا ہے۔

    حکام نے کہا کہ گیس کے ذخائر کو ترقی دینے کے لیے صوبہ جوزجان کے علاقے یتیم طاق میں کنویں نمبر 33 اور 35 کی کھدائی کے لیے ایک ترک کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے۔ قشقری، انگوت اور آق دریا کے 21 علاقوں سے روزانہ تقریباً 1300 ٹن خام تیل نکالا جا رہا ہے جس کی وجہ سے 3000 افراد کو روزگار ملا ہے۔

  • چینی گروپ کی جانب سے سرمایہ کاری کا اعلان، لاکھوں پاکستانیوں کیلیے روزگار

    چینی گروپ کی جانب سے سرمایہ کاری کا اعلان، لاکھوں پاکستانیوں کیلیے روزگار

    اسلام آباد: چین کے ایک بڑے گروپ نے پاکستان میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جس سے لاکھوں پاکستانیوں کو روزگار ملنے کی امید ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین چیو یافو کی قیادت میں روئیی گروپ کے 9 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے ٹیکسٹائل شعبے میں سرمایہ کاری پر روئیی گروپ کی دلچسپی کو سراہا جبکہ چیو یافو نے شہباز شریف کے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب تیز رفتار ترقیاتی کاموں کا تذکرہ بھی کیا۔

    پاکستان اور چین کے درمیان ورکنگ گروپس قائم کرنے کا فیصلہ ہوا جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی میں وفاقی وزرا تجارت، سرمایہ کاری و نجکاری، ایس آئی ایف سی نمائندہ و دیگر شامل ہوں گے۔

    ملاقات کے دوران سرمایہ کاری بورڈ اور روئیی گروپ میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب بھی ہوئی۔

    اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا ایسا دوست ہے جو ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑا رہا، چین اور پاکستان کے درمیان معاشی تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، روئیی گروپ کے وفد کا پاکستان میں خیر مقدم کرتے ہیں، گروپ سی پیک کے تحت ساہیوال کول پاور پلانٹ کا اولین سرمایہ کار تھا۔

    چیئرمین روئیی گروپ چیو یافو کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار نہیں بلکہ دوست کی حیثیت سے پاکستان آئے ہیں، امید ہے اس بار بھی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں یہی رفتار دیکھنے کو ملے گی، روئیی گروپ سندھ اور پنجاب میں بین الاقوامی معیار کے ٹیکسٹائل پارکس قائم کرے گا۔

    چیو یافو نے بتایا کہ چین کے 100 کے قریب بڑی ٹیکسٹائل ملز کو سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی، پہلے مرحلے میں 2 بلین ڈالرز جبکہ دوسرے مرحلے میں 5 بلین ڈالرز کی برآمدات متوقع ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل پارکس سے 3 سے 5 لاکھ افراد کو روزگار ملے گا، ٹیکسٹائل پارکس کا سنگ بنیاد رواں سال کے آخر میں رکھا جائے گا جبکہ 3 سال میں مکمل ہوں گے، روئیی گروپ کراچی اور لاہور میں ایک ایک ہول سیل کموڈیٹی مراکز بھی قائم کرے گا۔

  • سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

    سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

    کراچی: ملک میں سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

    آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ سونا 400 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 66 ہزار 300 روپے کا ہوگیا ہے۔

    اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 343 روپے اضافے سے 2 لاکھ 28 ہزار 309 روپے کی بلند سطح پر پہنچ گئی۔

    عالمی صرافہ مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان رہا اور سونا 11 ڈالرز اضافے سے 2577 فی اونس ریکارڈ کیا گیا جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 2 ہزار 950 روپے پر مستحکم رہی۔

    واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔

    اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدتے ہیں۔

    پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

  • سرمایہ کاری زیادہ کی یا منافع زیادہ باہر منتقل کیا؟ غیر ملکی کمپنیوں سے متعلق رپورٹ

    سرمایہ کاری زیادہ کی یا منافع زیادہ باہر منتقل کیا؟ غیر ملکی کمپنیوں سے متعلق رپورٹ

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رپورٹ میں کہا ہے کہ غیر ملکی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری سے کہیں زیادہ ملنے والا منافع باہر منتقل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں غیر ملکی کمپنیوں نے سرمایہ کاری اتنی نہیں کی جتنی ان کمپنیوں نے کاروبار سے حاصل ہونے والا منافع ڈالرز میں بیرون ملک منتقل کیا۔

    اسٹیٹ بینک کی ایک دستاویز کے مطابق مالی سال 2023-24 میں غیر ملکی کمپنیوں نے 2 ارب 21 کروڑ ڈالر کا منافع پاکستان سے منتقل کیا، جب کہ اسی مالی سال میں غیر ملکی کمپنیوں میں پاکستان میں 1.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔

    مالی سال 2022-23 کے مقابلے میں غیر ملکی کمپنیوں نے 23 گنا زیادہ منافع پاکستان سے منتقل کیا، اسٹیٹ بینک کے مطابق جون 2024 میں غیر ملکی کمپنیوں نے پاکستان سے 41 کروڑ ڈالر کا منافع باہر منتقل کیا۔

    پاکستانی برآمدات میں بڑا بریک تھرو، امریکا سب سے بڑا برآمدی ملک بن گیا

    دستاویز کے مطابق سب سے زیادہ منافع فنانشل بزنس کی غیر ملکی کمپنیوں نے 64 کروڑ ڈالر باہر منتقل کیے۔ اور غیر ملکی کمپنیوں کا ڈالرز میں منافع باہر منتقل کرنا 6 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔

  • ایس آئی ایف سی کا سرمایہ کاری کیلئے متحدہ عرب امارات کی کنسلٹنٹ کمپنی سے معاہدہ

    ایس آئی ایف سی کا سرمایہ کاری کیلئے متحدہ عرب امارات کی کنسلٹنٹ کمپنی سے معاہدہ

    اسلام ٓآباد : ایس آئی ایف سی اور حکومت پاکستان نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے متحدہ عرب امارات کی کنسلٹنٹ کمپنی سے معاہدہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی معیشت میں بہتری لانے کی خاطر وزیراعظم پاکستان کے نظریے پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے، وزیر اعظم پاکستان کے نظریے کے مطابق براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے پیشہ ورانہ کنسلٹنسی فرم کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے۔

    ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری کے باعث وفاقی کابینہ کی طرف سے منظور شدہ کلیدی وزارتوں کیلئے متحدہ عرب امارات کی عالمی مینجمنٹ کنسلٹنگ فرم ”اے ٹی کیرنی مڈل ایسٹ لمیٹڈ“ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

    کیرنی ٹیم نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے ساتھ مل کر ایس آئی ایف سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر کے ساتھ ایک تفصیلی ملاقات کی، جس میں تعاون کے لیے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

    کیرنی ٹیم 18 ماہ کی مدت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو آگے بڑھانے کے لیے کئی اہم شعبوں پر توجہ مرکوزکرتے ہوئے مہارت فراہم کرے گی۔

    اس معاہدے سے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی حکمت عملی اورمنتخب منصوبوں کے لیے پیشگی فزیبلٹی سٹڈیز کا انعقاد شامل ہے، اس اقدام کا مقصد ریگولیٹری عمل کو ہموارکرنا، قابل عمل سرمایہ کاری کی حکمت عملی تیار کرنا اور نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے کے لیے فنڈز کا قیام شامل ہیں۔

    یہ اسٹرٹیجک اقدام ایس آئی ایف سی اور حکومت پاکستان کے آئی ٹی، زراعت، فوڈ سکیورٹی، سیاحت، صحت، تعلیم، معدنیات اور سمندری شعبوں میں نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

    اس اقدام سے عالمی سطح پر پاکستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیت کو ظاہر کرنے اور ابھرتے ہوئے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد ملے گی اور سرمایہ کاری کا ایک مضبوط اور پائیدار ماحولیاتی نظام تشکیل دے گا جس سے تمام سٹیک ہولڈرز کو فائدہ پہنچے گا۔

  • چینی کمپنی کا پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کا اعلان

    چینی کمپنی کا پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کا اعلان

    اسلام آباد : چائنہ انرجی انجینئرنگ کارپوریشن نے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کا اعلان کردیا، کمپنی کے ایم ڈی نے بتایا کہ فنانشل کلوز کیلئے حکومت سے بات چیت جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چائنہ انرجی انجینئرنگ کارپوریشن کا پاکستان میں مزیدسرمایہ کاری کا پلان سامنے آگیا، اس حوالے سے ایم ڈی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چین ہائیڈرو،قابل تجدیدتوانائی،ٹرانسمیشن لائن منصوبوں میں مزیدسرمایہ کاری کرے گا۔

    ایم ڈی چائنہ انرجی وانگ ہوئیوا کا کہنا تھا کہ 700 میگا واٹ کےآزادپتن ہائیڈروپاورمنصوبےپر1.5ارب ڈالرلاگت کاتخمینہ ہے، فنانشل کلوز کیلئے حکومت سے بات چیت جاری ہے۔

    وانگ ہوئیوا نے بتایا کہ 1.96 ارب ڈالر کا سکی کناری ہائیڈرومنصوبہ جلد آپریشنل ہوجائےگا، چائنہ انرجی کمپنی پاکستان میں 13ارب ڈالر سے زیادہ کے منصوبوں پرکام کررہی ہے جبکہ اس کی 16 ذیلی کمپنیاں بھی پاکستان میں کام کر رہی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مختلف منصوبوں سے پاکستان میں ایک لاکھ سے زیادہ مقامی ورکرز کو روزگار ملا ہے، داسو ہائیڈرو ، بھاشا ڈیم، بالا کوٹ اور مہمند ہائیڈرو پاور پر بھی کام جاری ہے، پاکستان میں ماحول دوست اور سستی توانائی کے لیے چین کی کمپنی بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

  • چینی کمپنی کا پاکستان میں موبائل بنانے کے یونٹ میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار

    چینی کمپنی کا پاکستان میں موبائل بنانے کے یونٹ میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار

    اسلام آباد : چینی کمپنی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں پاکستان میں موبائل بنانے کے یونٹ میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی ترانشیئن ہولڈنگزو چیئرمین ژوژاؤ جیانگ نے شینزن میں ملاقات کی، ملاقات میں چینی کمپنی نے پاکستان میں موبائل بنانے کے یونٹ میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

    وزیر اعظم سے اس ملاقات میں چینی کمپنی نے موبائل فونز تیاری، الیکٹرک بائیکس، جدید زراعت، فن ٹیک میں سرمایہ کاری پر بھی دلچسپی کا اظہار کیا، وزیراعظم نے وفاقی وزرا اور چینی سفیر کو ٹرانشیئن ہولڈنگز کے ساتھ ملکر لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں، پاکستان کے پاس ہر قسم کے وسائل ہیں، سب سے بڑی طاقت نوجوان افرادی قوت ہے۔

  • الیکشن پر اثر انداز ہونے کے لیے پی ٹی آئی کی امریکا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کا انکشاف

    الیکشن پر اثر انداز ہونے کے لیے پی ٹی آئی کی امریکا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کا انکشاف

    اسلام آباد: پاکستان میں الیکشن پر اثر انداز ہونے کے لیے پی ٹی آئی کی امریکا اور پاکستان میں سرمایہ کاری کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی منصوبہ بندی کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، اس مقصد کے لیے پی ٹی آئی کے اوورسیز ارکان اور مختلف کرداروں نے لاکھوں ڈالرز فراہم کیے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اس منصوبہ بندی کا مقصد پاکستان پر سفارتی و انسانی حقوق کے اداروں کا دباؤ بڑھانا ہے، اور اصل ہدف حکومت پر عالمی دباؤ بڑھا کر بانی پی ٹی آئی کے لیے رعایت حاصل کرنا ہے، سرمایہ کاری سے بیرونی حمایت حاصل کر کے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جائے گا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ساتھیوں کو مقدمات سے نکلوانا بھی اس منصوبے میں شامل ہے، انتخابات کو متنازع بنانا، پی ٹی آئی کو مقبول جماعت ظاہر کرنا اس منصوبے کا حصہ ہے، اہداف حاصل کرنے کے لیے اس منصوبے پر عمل درآمد کے ثبوت اداروں کو مل گئے ہیں، حکومت اور اداروں کی کردار کشی کے لیے انتہائی متعصبانہ دستاویزی فلم بھی تیار کروا لی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 9 مئی کو فالس فلیگ آپریشن ثابت کرنے کے لیے لابسٹ فرمز ہائر کر لی گئی ہیں، بیرون ملک بیٹھے افراد فنڈنگ سے گھوسٹ رائٹرز سے آرٹیکل لکھواتے ہیں، اور آرٹیکلز لکھوا کر عوام میں انتخابات سے متعلق مایوسی اور پروپیگنڈے کو ہوا دی جاتی ہے۔