Tag: سروسز اسپتال لاہور

  • محکمہ صحت پنجاب کو ساڑھے 3 کروڑ روپے کا نقصان

    محکمہ صحت پنجاب کو ساڑھے 3 کروڑ روپے کا نقصان

    لاہور: سروسز اسپتال کے ریڈیالوجی ٹاور کے افتتاح سے قبل ہی ساڑھے 3 کروڑ روپے کی فلورو اسکوپی مشین کو زنگ لگ گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کو حکام کی مبینہ غفلت کے باعث ساڑھے 3 کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑ گیا، سروسز اسپتال کے ریڈیالوجی ٹاور کے افتتاح سے قبل ہی ساڑھے 3 کروڑ روپے کی فلورو اسکوپی مشین زنگ آلود ہو گئی ہے۔

    ریڈیالوجی ٹاور کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کرنا ہے، ریڈیالوجی ٹاور کے لیے فلورو اسکوپی مشین ساڑھے 3 کروڑ روپے میں خریدی گئی تھی، معاملے پر ہیڈ آف ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ نے چیئرمین انسپکشن کمیٹی کو خط لکھ دیا۔

    چیئرمین انسپکشن کمیٹی وسیم حیات اور پروفیسر وارث فاروق کی سربراہی میں یہ مشین خریدی گئی تھی۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فلورو اسکوپی مشین فرانسیسی ساختہ ہے، اور مشین براہ راست اسپتال ہی پہنچائی گئی تھی، مشین پر ڈبل پیکنگ کی گئی تھی، تاہم مشین کے کور کے بڑے حصے پر زنگ واضح طور پر موجود ہے۔

    واضح رہے کہ اس مشین کی انسپکشن نیو ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ شمائلہ سیمیں ملک نے انسپکشن کمیٹی ارکان کی موجودگی میں گزشتہ ماہ 26 تاریخ کو کی تھی، انھوں نے اپنی رپورٹ میں واضح طور پر لکھ دیا تھا کہ باکس نمبر 5 کا کالم اور اسٹرکچر پرانا، استعمال شدہ اور زنگ آلود ہے، مشین میں خرابی بھی ہے اور کمپنی کے نمائندے کی جانب سے پارٹس بھی فراہم نہیں کیے گئے۔

    سروسز اسپتال لاہور کی پروفیسر شمائلہ سیمیں نے کہا کہ ان خرابیوں کے باعث یہ مشین مکمل طور پر تبدیل ہوگی اور اس کی جگہ نئی لائی جائے، مریضوں اور ادارے کے مفاد میں اس مشین کو کسی بھی طور قبول نہیں کیا جا سکتا۔

  • نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 55 ہزار، سفر کے امکانات روشن

    نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 55 ہزار، سفر کے امکانات روشن

    لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 50 ہزار سے زائد ہونے کے بعد سفر کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں، ذرایع میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ اس وقت ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 55 ہزار ہو چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میڈیکل بورڈ نے سفر کے لیے پلیٹ لیٹس 50 ہزار سے زائد ہونا ضروری قرار دیا تھا، اب ذرایع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 55 ہزار ہو گئی ہے۔

    نواز شریف سفر کریں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ میڈیکل بورڈ سے مشاورت کے بعد ہوگا۔

    قبل ازیں، لاہور میں نواز شریف کی طبیعت سے متعلق میڈیکل بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا تھا، جس کے بعد پروفیسر محمود ایاز نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 35 ہزار ہیں، جو آہستہ آہستہ روزانہ کی بنیاد پر 5 سے 6 ہزار بڑھیں گے، ان کا کہنا تھا کہ پلیٹ لیٹس اب قدرتی طور پر بڑھیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ نواز شریف کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے لیکن اسپتال سے ڈسچارج نہیں کیا جا سکتا۔

    تازہ ترین:  نواز شریف کو 8 نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم

    خیال رہے کہ آج نواز شریف کا سروسز اسپتال میں دسواں روز تھا، طبیعت بدستور ناساز ہے، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔

    گزشتہ روز میڈیکل بورڈ کے ذرایع نے بتایا تھا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 39 ہزار تک پہنچ گئی ہے، آئی وی آئی جی کی انجکشن تھراپی بھی روک دی گئی ہے، نواز شریف 30 ہزار پلیٹ لیٹس میں زندگی گزار سکتے ہیں، مزید بڑھانے کے لیے ادویات دی گئیں تو خطرہ ہو سکتا ہے۔

    بورڈ کے مطابق نواز شریف کو بلیڈنگ ہونے کے خطرات اب کم ہیں تاہم دل اور گردوں کے سنگین مسائل ہیں، جس کی وجہ سے ان کی حالت سنبھل نہیں رہی۔

    گزشتہ روز نیب افسروں کی جانب سے نواز شریف کو خون دینے کی خبریں بھی گردش کرنے لگی تھیں، جس پر نیب نے وضاحت جاری کی کہ ڈی جی نیب لاہور کے بیٹے، نیب افسر یا اہل کاروں نے نواز شریف کو خون نہیں دیا، نیب نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر خون کی فراہمی میں مدد کی تھی۔

    ادھر آج چوہدری شوگر ملز کیس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو 8 نومبر کو صبح 8 بجے پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے، سابق وزیر اعظم اس کیس میں ضمانت پر ہیں۔

  • نواز شریف کے بائیں گردے میں پتھری نکل آئی: اسپتال ذرائع

    نواز شریف کے بائیں گردے میں پتھری نکل آئی: اسپتال ذرائع

    لاہور: سزا یافتہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی سی ٹی اسکین ٹیسٹ رپورٹ آ گئی، نواز شریف کے بائیں گردے میں پتھری کی تشخیص کی گئی ہے۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق لاہور کے سروسز اسپتال میں نواز شریف کا سی ٹی اسکین سمیت گردے مثانے کا بھی ایکسرے کیا گیا۔

    [bs-quote quote=”نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے بھی آج اسپتال میں اپنے والد سے ملاقات کی۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رہنما ن لیگ نواز شریف کے بائیں گردے میں پتھری ہے۔

    خیال رہے کہ نواز شریف تا حال سروسز اسپتال میں موجود ہیں، پولیس کی تازہ دم نفری بھی اسپتال کے باہر پہنچا دی گئی ہے۔

    دریں اثنا نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے بھی آج اسپتال میں اپنے والد سے ملاقات کی، ان کے ہم راہ کیپٹن (ر) صفدر، بیٹا جنید بھی موجود تھے۔

    مریم نواز نواز شریف کے لیے ان کی پسند کا کھانا بھی لے کر گئیں، اور اپنے والد کے ساتھ کھانا بھی کھایا، ملاقات کے موقع پر اسپتال میں سخت سیکورٹی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  نوازشریف کو کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال پہنچا دیاگیا

    خیال رہے کہ نواز شریف کو گزشتہ روز کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا، ابتدائی ٹیسٹ رپورٹس کے مطابق انھیں دل کا عارضہ تھا۔

    میڈیکل بورڈ کی تجویز پر اسپتال میں نواز شریف کے مزید ٹیسٹ ہوئے، وہ مکمل علاج تک اسپتال میں ہی رہیں گے، انھیں اسپتال میں وی آئی پی کمرہ دیا گیا ہے۔