Tag: سرچ آپریشن

  • کراچی کے پوش علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف سرچ آپریشن

    کراچی کے پوش علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف سرچ آپریشن

    کراچی : شہر قائد کے پوش علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی تلاش میں سرچ آپریشن کیا، کارروائی کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے پوش علاقوں میں منشیات کی فروخت اور اس کے استعمال کو روکنے کیلئے پولیس نے کارروائیاں کیں۔

    پولیس حکام کے مطابق ڈیفنس، کلفٹن کے اطراف چائے خانوں، کافی شاپس اور عوامی مقامات پر سرچ آپریشن کیا گیا۔

    سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، مشکوک افراد کو تھانے منتقل کرکے قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس موقع پر بخاری کمرشل، بدرکمرشل، راحت کمرشل اور سحر کمرشل میں قائم ہوٹلوں کی چیکنگ کی گئی۔

    سرچ آپریشن کے دوران مشتبہ افراد کے کوائف کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے، سرچ آپریشن کے دوران خصوصی ڈیوائس کا استعمال کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ کراچی کے نوجوان مصطفیٰ عامر کے اغوا اور قتل کیس میں تحقیقات کے نتیجے میں پولیس کو شہر میں منشیات فروشی سے متعلق متعدد انکشافات ہوئے ہیں۔

    جس کے بعد شہر میں منشیات فروشوں اور منشیات استعمال کرکے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے ان کیخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : مصطفی عامر قتل کیس، مشہور ٹی وی اداکار کا بیٹا گرفتار

    اس سلسلے میں مشہور ٹی وی اداکار ساجد حسن کے بیٹے سمیت 4 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، ساجد حسن کے بیٹے سے بھاری مقدار میں لاکھوں مالیت کی منشیات بھی برآمد ہوئی۔

    اعلیٰ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروخت کرنے، خریدنے اور استعمال کرنیوالوں کیخلاف آپریشن جاری ہے اور ملزمان سے مصطفیٰ اور ارمغان کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

  • ڈی آئی خان: سرچ آپریشن کیلئے جانے والے پولیس قافلے پر حملہ، 2 اہلکار زخمی

    ڈی آئی خان: سرچ آپریشن کیلئے جانے والے پولیس قافلے پر حملہ، 2 اہلکار زخمی

    ڈی آئی خان:  ٹانگ روڈ پر سرچ آپریشن کیلئے جانے والے پولیس قافلے پر حملے کے نتیجے میں کوئیک ری ایکشن فورس کا ڈرائیور اور کانسٹیبل زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے ٹانک روڈ پر نامعلوم افراد نے سرچ آپریشن کیلئے جانے والے پولیس قافلے پر حملہ کردیا، ملزمان نے سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی دھماکے کے بعد فائرنگ کی۔

    پولیس کے مطابق اس حملے میں کیو آر ایف کا ڈرائیور اور ایک کانسٹیبل زخمی ہوا جسے فوری اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ جوابی فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔

    پولیس نے بتایا کہ ڈی ایس پی کلاچی سرکل اور ایس ایچ او تھانہ پنیالہ بھی اسکواڈ میں شامل تھے، آئی ای ڈی حملے اور فائرنگ سے ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔

  • غیر ملکیوں کے انخلا کیلئے سپرہائی وے جمالی گوٹھ میں پولیس کا سرچ آپریشن

    غیر ملکیوں کے انخلا کیلئے سپرہائی وے جمالی گوٹھ میں پولیس کا سرچ آپریشن

    کراچی: غیرملکیوں کے انخلا کیلئے سپرہائی وے جمالی گوٹھ میں پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آپریشن میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے مختلف تھانوں کی پولیس نفری نے حصہ لیا، جبکہ پولیس لیڈی سرچر بھی سرچ آپریشن میں حصہ لے رہی تھیں۔

    ایس پی سہراب گوٹھ عزیراحمدکا کہنا تھا کہ زیرحراست افراد کو حاجی کیمپ منتقل کیا جا رہا ہے، اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ رضاکارانہ وطن واپسی کیلئے غیرقانونی غیرملکیوں کی بڑی تعدادچمن، طورخم بارڈر پر موجود ہے، 10 نومبر کو 3605 غیرقانونی غیر ملکی اپنے ملک واپس چلے گئے۔

    3605 غیر ملکیوں میں 1175مرد، 848 خواتین، 1582 بچے اپنے ملک جاچکے ہیں، 312 گاڑیوں میں 577 خاندانوں کی اپنے وطن واپس روانگی عمل میں لائی گئی۔ اب تک کل 2 لاکھ 14 ہزار 398 غیرقانونی غیرملکیوں کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے۔

  • صوبے میں دہشت گردی، رینجرز اور پولیس کا بڑی جیلوں میں آپریشن

    صوبے میں دہشت گردی، رینجرز اور پولیس کا بڑی جیلوں میں آپریشن

    کراچی: شہر قائد سمیت سندھ میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر رینجرز اور پولیس نے سندھ کی 3 بڑی جیلوں میں سرچ آپریشن کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق رینجرز اور پولیس کی ٹیموں نے سندھ کی 3 بڑی جیلوں میں سرچ آپریشن کیا ہے، ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ حالیہ دہشت گردی اور درپیش خطرات کے پیش نظر جیلوں میں آپریشن کیا گیا ہے۔

    رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ سندھ کی جن تین جیلوں میں آپریشن کیا گیا ان میں سینٹرل جیل کراچی، حیدر آباد اور سکھر جیل شامل ہیں۔

    ترجمان کے مطابق اس آپریشن میں رینجرز کے مختلف ونگز نے حصہ لیا، آپریشن کے دوران تینوں جیلوں کے تمام قیدیوں، بیرکس اور سیلز کی تلاشی لی گئی، آپریشن میں بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سونگھنے والے سراغ رساں کتوں کی مدد بھی لی گئی۔

    تلاشی کے دوران جیلوں سے مختلف ممنوعہ اشیا برآمد کی گئیں، ترجمان کا کہنا تھا کہ قیدیوں سے ٹیلی ویژن، چاقو، قینچی، یو ایس بی، میموری کارڈ ملے، ایم پی فائیو، لائٹرز، ناخن تراش اور ہیٹر بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    سندھ رینجرز کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران جیلوں کے داخلی و خارجی راستوں کو چیک کیا گیا، سیکورٹی سے متعلق جیلوں کے دیگر انتظامات بھی چیک کیے گئے۔

  • کراچی:شارع فیصل پولیس کا اپارٹمنٹ میں سرچ آپریشن، زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ برآمد

    کراچی:شارع فیصل پولیس کا اپارٹمنٹ میں سرچ آپریشن، زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ برآمد

    کراچی: شہر قائد میں شارع فیصل پولیس نے اپارٹمنٹ میں سرچ آپریشن کے دوران زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ برآمد کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں شارع فیصل پولیس نے اپارٹمنٹ میں گرینڈ سرچ آپریشن کے دوران 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے زیر زمین چھپایا گیا اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔

    ایس ایس پی ایسٹ تنویر عالم اوڈھو نے بتایا کہ برآمد کیے گئے اسلحے میں ایل ایم جی،مشین گن،شارٹ گن،12بور،ٹرپل ٹو رائفل شامل ہیں۔آپریشن کے دوران چھینی وچوری شدہ25 موٹرسائیکل،4 کاریں بھی برآمد ہوئی ہیں۔

    تنویر عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کو تھانے منتقل کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے گلستان جوہر موسمیات کے قریب 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 5 مسلح ڈاکوگھر میں داخل ہوئے۔ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر گھر والوں کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کی۔

    ڈاکو طلائی زیورات ،نقدی،پرائز بونڈ اور دیگر قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہوئے۔گھرمیں ڈکیتی کا مقدمہ سچل پولیس اسٹیشن میں درج کرلیا گیا۔

  • مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم، مزید 2 کشمیری شہید

    مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم، مزید 2 کشمیری شہید

    سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی عروج پر ہے، ضلع بڈگام میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 کشمیری شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے ضلع بڈگام کا محاصرہ کرلیا اور گھر گھر تلاشی لی۔ اس دوران انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند کردی گئی۔

    کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فوج کی تلاشی کے دوران فوج نے فائرنگ بھی کی جس سے 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔

    وادی میں شہادتوں کے خلاف حریت قیادت نے ہڑتال کی کال دے دی جس کے بعد مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال ہے۔

    یاد رہے کہ رواں ہفتے بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے، بھارتی فورسز نے نام نہاد آپریشن کے نام پر 5 کشمیریوں کو شہید کردیا۔

    اس کے اگلے ہی روز شوپیاں میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا اور اس دوران مزید ایک اور کشمیری کو شہید کردیا گیا۔

    ایک رپورٹ کے مطابق سال 2018 میں قابض بھارتی فوج نے حاملہ خواتین، بچوں اور اسکالرز سمیت 355 شہری شہید کردیے۔

    دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کشمیر میں ایک لاکھ 8 ہزار بچے یتیم ہو چکے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے لوگ مسلسل بے رحم قابض کے ظلم کا شکار ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ قابض افواج ریپ کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں، بھارت تمام کشمیریوں کو دہشت گرد سمجھتا ہے، مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی پامالی کی جاری ہے۔

  • مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج نے کشمیری نوجوان کے گھر کو آگ لگا دی

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج نے کشمیری نوجوان کے گھر کو آگ لگا دی

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فوج نے کشمیری نوجوان کے گھر کو آگ لگا دی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، پلواما میں بھارتی فوج نے ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن کے دوران ایک گھرکو آگ لگا دی۔

    مقبوضہ کشمیرمیں گزشتہ روز 18 نوجوانوں کی شہادتوں کے خلاف حریت رہنماؤں کی کال پرمکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال تھی، ٹرانسپورٹ اور کاروباری مراکز بند رہے۔

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ‘ 6 کشمیری شہید


    خیال رہے کہ دو روز قبل مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران 6 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔

    پاکستان کی کشمیری رہنما حفیظ اللہ میر کے قتل کی شدید مذمت


    ترجمان دفترخارجہ نے کشمیری رہنما میرحفیظ اللہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیری رہنما کا قتل افسوس ناک ہے۔

    یاد رہے کہ کشمیری رہنما میرحفیظ اللہ گزشتہ ماہ ہی بھارتی قید سے آزاد ہو کرپہنچے تھے اورانہیں مسلسل نامعلوم نمبرز سے دھمکی آمیز کالز موصول ہو رہی تھیں۔

    کشمیری میڈیا کے مطابق 20 نومبر کو میرحفیظ اللہ کو ان کے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

  • کراچی میں پولیس اوررینجرزکی کارروائیاں ‘ 7 ملزمان گرفتار

    کراچی میں پولیس اوررینجرزکی کارروائیاں ‘ 7 ملزمان گرفتار

    کراچی : شہرقائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے کارروائیاں کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ماڑی پور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اٹھارہ ہزار کلو چھالیا برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم سے برآمد ہونے والی چھالیا کی قیمت لاکھوں روپے بتائی جاتی ہے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے ڈاکس سلطان آباد، مچھر کالونی، پاپوش نگر اور قائد آباد میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان سے اسلحہ، ہیروئن، چرس، مسروقہ موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔

    ادھر کراچی کے مختلف علاقوں لائنزایریا پریڈی اسٹریٹ ، دھوبی گھاٹ، پارکنگ پلازہ ، شہاب الدین مارکیٹ کے اطراف میں رینجرز نے سرچ آپریشن کیا۔

    رینجرز آپریشن میں بیس سے زائد رینجرز کی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں شامل رہیں، آپریشن میں مشکوک افراد اور مشکوک گھروں کی تلاشی لی گئی۔

    سرچ آپریشن میں بائیومیٹرک مشین اور شناختی کارڈ کے ذریعے مشکوک افراد کو چیک کیا گیا، آپریشن چہلم کے جلوس اور کراچی میں امن وامان کے حوالے سے کیا گیا۔

    کراچی: مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیاں‘ 4 ملزمان گرفتار

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا تھا۔

  • کراچی میں پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن

    کراچی میں پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن

    کراچی: شہرقائد میں گڈاپ کوچی کیمپ میں منشیات فروشوں کے خلاف پولیس آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں گڈاپ کوچی کیمپ میں منشیات فروشوں کے خلاف پولیس نے آپریشن کیا جس کے دوران منشیات فروشوں نے پولیس پرفائرنگ کردی۔

    ایس ایس پی ملیر شیراز نذیر نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ منشیات فروشوں نے پولیس پرپتھراؤ بھی کیا، جس سے 4 اہلکار زخمی ہوئے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران 3 منشیات فروش زخمی ہوئے جبکہ دو کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی ملیر کے مطابق زخمی حالت میں فرارہونے والے منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کردی گئی ہے۔

    شیراز نذیر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 14 سالہ نوجوان بلال جاں بحق ہوا۔ سپرہائی وے پرجاں بحق نوجوان کی لاش کے ہمراہ علاقہ مکینوں کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔

    اے آئی جی امیرشیخ نے پولیس کی مبینہ فائرنگ کا نوٹس لے کر واقعے کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی کی نگرانی میں تحقیقاتی ٹیم بنادی۔

    انہوں نے واقعے کی فوری انکوائری اور ذمہ داروں کا تعین کرکے رپورٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔

  • دیامر میں اسکولز جلانے والے دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن،  10 مشتبہ افراد گرفتار

    دیامر میں اسکولز جلانے والے دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن، 10 مشتبہ افراد گرفتار

    گلگت : دیامر میں اسکول جلانے والے دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سیکیورٹی فورسز نے مختلف مقامات پرسرچ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع دیامرمیں دیامر میں اسکول جلانے والوں کی تلاش کے لئے مختلف علاقوں میں پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران اب تک 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ چلاس داریل وتانگیر میں شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، علاقے کے داخلی وخارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    دوسری جانب چیف جسٹس آف پاکستان نے دیامر میں اسکولوں کو جلانے کے واقعے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری گلگت بلتستان سے 48 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    اس سے قبل ایف سی این اے ہیڈکوارٹرمیں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا تھا ، جس میں پاک فوج، پولیس، انتظامیہ ودیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تعلیمی اداروں کی فول پروف سیکیورٹی اور دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا۔


    مزید پڑھیں : چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکول نذر آتش


    گذشتہ روز گلگت بلتستان کے ضلع دیامرکے علاقے چلاس میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نامعلوم تعلیم دشمن شر پسندوں نے 12 اسکولوں میں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے آگ لگا دی تھی۔

    دہشت گردوں نے لڑکیوں کے دو پرائمری اسکول بھی بارود سے اڑائے دیے تھے۔

    خیال رہے کہ علم روشنی سے خوفزدہ دشمن پہلے بھی خیبرپختونخوامیں لڑکیوں کے کئی اسکول تباہ اوردھماکوں سے اڑا چکےہیں۔