Tag: سرچ انجن

  • گوگل کو کروم فروخت کرنا ہی ہوگا، امریکی محکمہ انصاف

    گوگل کو کروم فروخت کرنا ہی ہوگا، امریکی محکمہ انصاف

    واشنگٹن: امریکی پراسیکیوٹرز نے کہا ہے کہ گوگل کو سرچ کی اجارہ داری ختم کرنے کے لیے کروم کو فروخت کرنا ہوگا، محکمہ انصاف نے کہا کہ گوگل نے اپنے سرچ انجن مارکیٹ شیئر کو بڑھا کر حریفوں کو مواقع سے ’محروم‘ کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں امریکی محکمہ انصاف نے کہا الفابیٹ کے گوگل کو اپنا کروم براؤزر بیچنے اور حریفوں کے ساتھ ڈیٹا شیئر کرنے پر مجبور کیا جانا چاہیے، محکمہ انصاف نے دلیل دی کہ گوگل جو کہ تقریباً 90 فی صد آن لائن سرچ مارکیٹ کو کنٹرول کرتا ہے، کو 5 سال تک براؤزر مارکیٹ میں دوبارہ داخل ہونے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے اور اسے اپنا اینڈرائیڈ موبائل آپریٹنگ سسٹم فروخت کرنا چاہیے۔

    محکمہ انصاف نے کولمبیا کے ڈسٹرکٹ جج امیت مہتا سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ ڈیوائس بنانے والوں کے ساتھ گوگل کے اربوں ڈالر کے معاہدوں کو ختم کرے، جو اس کے سرچ انجن کو ٹیبلیٹ اور اسمارٹ فونز پر بہ طور ڈیفالٹ رکھ دیتے ہیں۔ استغاثہ نے کہا ’’گوگل کے غیر قانونی رویے نے حریفوں کو نہ صرف اہم ڈسٹری بیوشن چینلز سے محروم کر دیا ہے بلکہ ڈسٹری بیوشن پارٹنرز کو بھی محروم کر دیا ہے، جو بہ صورت دیگر جدت طرازی کے ساتھ مارکیٹس میں داخل ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘‘

    اگر ان تبدیلیوں کو جج امیت مہتا نے منظور کر لیا تو ان کے نتیجے میں بنیادی طور پر گوگل کو 10 سال کے لیے انتہائی ریگولیٹ کیا جائے گا، اسے واشنگٹن کی اسی وفاقی عدالت کی نگرانی کے تابع کر دیا جائے گا، جس نے اگست میں فیصلہ دیا تھا کہ کمپنی نے عدم اعتماد کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آن لائن تلاش اور متعلقہ اشتہارات میں غیر قانونی اجارہ داری برقرار رکھی ہے۔

    محکمہ انصاف نے اینٹی ٹرسٹ اتھارٹیز کی کوششوں کی مدد سے 2020 میں گوگل پر مقدمہ دائر کیا تھا تاکہ بڑی ٹیک کمپنیوں (بشمول میٹا جو فیسبک، انسٹاگرام، امیزون اور ایپل کی مالک ہے) کو چیلنج کر سکے، اگست میں امیت مہتا نے فیصلہ دیا تھا کہ گوگل نے اپنے سرچ انجن کے لیے ایک غیر قانونی اجارہ داری قائم کرنے کے لیے اربوں ڈالر خرچ کیے، اور مقابلے کو کچلا اور جدت کو روکنے کے لیے اپنے غلبے کا فائدہ اٹھایا۔

    مہتا نے اپنے 277 صفحات کے فیصلے میں لکھا ’’عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ گوگل ایک اجارہ دار ہے، اور اس نے اپنی اجارہ داری برقرار رکھنے کے لیے ایک اجارہ دار کے طور پر کام کیا۔‘‘ تاہم دوسری طرف گوگل کا استدلال ہے کہ اس کی مقبولیت صارفین کی اسی سرچ انجن کو استعمال کرنے کی خواہش سے پیدا ہوئی ہے، اور گوگل کا نام ہی آن لائن سرچنگ کا مترادف بن گیا ہے۔ گوگل نے کہا جو تجاویز دی گئی ہیں وہ امریکی صارفین اور کاروباری اداروں کو نقصان پہنچائیں گی اور ان سے AI میں امریکی مسابقت کو بھی نقصان پہنچے گا۔

    گوگل کو اب دسمبر میں مقابلہ بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کرنے کا موقع ملے گا۔ جب کہ محکمہ انصاف کی تجاویز پر فیصلے کے لیے سماعت اپریل میں ہونے والی ہے۔

  • گوگل پر یہ 7 چیزیں سرچ کرنے سے گریز کریں

    گوگل پر یہ 7 چیزیں سرچ کرنے سے گریز کریں

    دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن گوگل ایک کلک پر دنیا جہان کی معلومات فراہم کرسکتا ہے، چھوٹے سے پریشان کردینے والے سوال سے لے کر زندگی کے بڑے بڑے مسئلوں تک کا حل گوگل آپ کو بتا سکتا ہے۔

    لیکن بعض اوقات گوگل ہمیں مصیبت سے بھی دو چار کرسکتا ہے، ویسے تو بے شمار ایسی چیزیں ہیں جنہیں سرچ کرنے سے گریز کرنا چاہیئے، لیکن یہاں ہم آپ کو ان میں سے چند کے بارے میں بتا رہے ہیں۔

    بیماری کی علامات

    اگر آپ بیمار محسوس کر رہے ہیں تو ہرگز بیماری کی علامات گوگل نہ کریں، بعض اوقات گوگل مرض کی صحیح تشخیص نہیں کرتا، جب تشخیص غلط ہوگی تو آپ دوائیں بھی غلط استعمال کریں گے اور یہ بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے اگر آپ بیمار ہیں تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

    بم بنانے کی ترکیب

    گوگل پر جرائم، منشیات، بم یا کسی قسم کا ہتھیار بنانے کی ترکیب ڈھونڈنا آپ کو ناگہانی مشکلات میں ڈال سکتا ہے۔

    ملک کی سیکیورٹی ایجنسیاں اس طرح کے مواد پر نظر رکھتی ہیں اور آپ کے کمپیوٹر کا آئی پی ایڈریس ان کے ڈیٹا بیس میں آسکتا ہے، جس سے آپ نہ چاہتے ہوئے بھی مشکل میں پھنس سکتے ہیں۔

    اپنا نام

    گوگل پر اپنا نام ڈھونڈنے سے بھی گریز کریں، کیونکہ گوگل کے ڈیٹا بیس میں آپ کی پرانی تصاویر اور معلومات سامنے آئیں گی جو ہو سکتا ہے کہ آپ کے لیے زیادہ خوشگوار ثابت نہ ہو۔

    کھٹمل

    گھر میں کھٹمل ہوجائیں تو لوگ ان سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے ہر طریقہ آزماتے ہیں، اور بعض اوقات ان طریقوں کی تلاش میں گوگل کا سہارا بھی لیتے ہیں۔

    لیکن گوگل پر بیڈ بگز (کھٹمل) کو سرچ کرنا آپ کو وہم میں مبتلا کرسکتا ہے، گوگل پر موجود معلومات لوگوں کو اس بات پر بھی قائل کر سکتی ہے کہ 6 ٹانگوں والا یہ کیڑا آپ کے بستر میں چھپا ہوا ہے، چاہے ایسا نہ بھی ہو۔

    کھانے میں ملنے والی چیزیں

    اکثر ریستورانوں کی ناقص کارکردگی کے باعث کھانوں میں کچھ ایسی چیزیں نکل آتی ہیں کہ دیکھ کر ہمیشہ کے لیے دل اچاٹ ہوجائے، اگر آپ ان چیزوں سے جڑے واقعات کو پڑھ لیں گے تو آئندہ باہر کھانے کا سوچیں گے بھی نہیں۔

    ترجمہ

    اگر آپ کسی زبان کو سمجھنے کے لیے گوگل کا سہارا لیتے ہیں تو اس سے گریز کریں کیونکہ زیادہ امکان یہی ہے کہ آپ کے جملے کا مطلب بالکل بدل جائے گا۔

    مفت اینٹی وائرس ایپلی کیشنز اور سافٹ ویئر

    انٹرنیٹ پر بے شمار جعلی اینٹی وائرس ایپلی کیشنز اور سافٹ ویئرز موجود ہیں، اگر آپ کسی مستند ایپ یا سافٹ ویئر کی تلاش میں ہیں تو زیادہ امکان یہی ہوگا کہ اس کوشش میں آپ میل ویئر یا وائرسز انسٹال کرلیں گے۔

  • گوگل سرچ انجن میں تبدیلیوں کا اعلان

    گوگل سرچ انجن میں تبدیلیوں کا اعلان

    دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے سرچ انجن، الگورتھم اور کی ورڈ میں بنیادی تبدیلیاں کررہا ہے۔

    گوگل کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ ڈیجیٹل کانٹینٹ مینیجرز اور ایس ای او کے ماہرین اگلے کئی ہفتوں تک اپنی ویب سائٹ کی رینکنگ اور دیگر امور پر گہری نظر رکھیں گے۔

    گوگل نے باضابطہ طور پر کور سرچ کے تحت نئے الگورتھم اور پروٹوکولز متعارف کروائے ہیں۔

    اس کے تحت مشہور ویب سائٹ کی رینکنگ پر فرق بھی پڑسکتا ہے، 25 مئی کو گوگل سرچ بلاگ پر کہا گیا کہ ہم سال میں کئی مرتبہ گوگل سرچ کور کا اعلان کرتے ہیں اور اب اس کا اطلاق 26 مئی سے کررہے ہیں۔

    گوگل نے اس ضمن میں مزید تفصیلات نہیں دیں لیکن جب جب گوگل کے نظام پر نقب لگانے یا اس کے سرچ انجن پر اثرانداز ہونے کی بیرونی کوششیں کی جاتی ہیں تو گوگل اپنے پروٹوکول تبدیل کرتا رہتا ہے۔

    گوگل نے اپنی پوسٹ میں کہا ہے کہ سال میں کئی مرتبہ ہم اپنے رینکنگ کے عمل کو بہتر بناتے ہیں، اس عمل کو کور اپڈیٹس کہا جاتا ہے۔ یہ تبدیلیاں ویب کی بدلتی صورتحال کے تحت کی جاتی ہیں۔ تاہم ویب سائٹ کے مالکان اس فرق کو واضح طور پر محسوس کرسکیں گے۔

    گوگل نے کہا ہے کہ کور اپ ڈیٹس میں مخصوص صفحات اور ویب سائٹ کو نشانہ نہیں بنایا گیا ہے۔ مئی کے آخری ہفتوں کے بعد اگلے کئی ہفتوں تک اس کے واضح اثرات محسوس ہوں گے۔

  • خبردار، آپ کو گوگل سروسز استعمال کرنے کی اجازت نہیں

    خبردار، آپ کو گوگل سروسز استعمال کرنے کی اجازت نہیں

    دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے پرانے اینڈرائیڈ فونز کو سروسز دینے سے انکار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برسوں سے اینڈرائیڈ کے پرانے فونز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بری خبر ہے، بہت جلد یہ صارفین گوگل پر سائن ان نہیں کر سکیں گے۔

    27 ستمبر سے گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ 2.3.7 یا اس سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرنے والے فونز کے ذریعے گوگل اکاؤنٹ پر سائن اِن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    جو صارفین 27 ستمبر کے بعد ان ڈیوائسز پر جی میل، یوٹیوب اور میپس پر سائن اِن ہونے کی کوشش کریں گے تو ان کو یوزر نیم یا پاس ورڈ ایرر کا سامنا ہوگا، مگر اینڈرائیڈ 3.0 پر گوگل اکاؤنٹس کام کرتے رہیں گے۔

    گوگل کا انٹرنیٹ فری، خفیہ “گیم” جو سب کو نظر نہیں آتا

    واضح رہے کہ اینڈرائیڈ 2.3.7 آپریٹنگ سسٹم کو 10 سال قبل جاری کیا گیا تھا، اعداد و شمار کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 3 ارب سے زیادہ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کام کر رہی ہیں، اور اس طرح ہزاروں صارفین پر اس تبدیلی کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

    انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن (آئی ڈی سی) کی حالیہ رپورٹ کے مطابق اپریل سے جون 2021 کے دوران اسمارٹ فونز کی فروخت میں گزشتہ سال سے 13.2 فی صد اضافہ ہوا۔

  • مصدقہ معلومات کے لیے گوگل کا ایک اور اقدام

    مصدقہ معلومات کے لیے گوگل کا ایک اور اقدام

    دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ سرچ رزلٹس کے حوالے سے صارفین کو خبردار کرے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق گوگل نے اعلان کیا ہے کہ اب صارفین کو سرچ رزلٹس کے قابل اعتبار ہونے کے حوالے سے خبردار کیا جائے گا۔ یہ انتباہ کسی بریکنگ نیوز یا تیزی سے بدلتے موضوعات کے دوران صارفین کے سامنے آئے گا۔

    یہ پہلی بار ہے جب گوگل سرچ میں اس طرح کے فیچر کا اضافہ کیا جارہا ہے۔

    اس نوٹس میں لوگوں کو بتایا جائے گا کہ تیزی سے بدلتی صورتحال کے حوالے سے شاید مناسب حد تک تصدیقی تفصیلات آن لائن موجود نہیں۔

    اس انتباہ میں لکھا ہوگا کہ یہ نتائج تیزی سے بدل بھی سکتے ہیں، اگر یہ موضوع نیا ہے تو کئی بار قابل اعتبار ذرائع سرچ نتائج کا اضافہ کرنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔

    گوگل نے بتایا کہ سافٹ سسٹمز یہ فیصلہ کریں گے کہ کب ان وارننگز کو جاری کرنے کی ضرورت ہے۔

    گوگل کے بلاگ پوسٹ پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ ہماری جانب سے ایک نوٹس دکھایا جائے گا جس میں عندیہ دیا جائے گا کہ نتائج کو کچھ دیر بعد چیک کرنا ممکنہ طور پر بہتر ہوگا جب متعدد ذرائع سے زیادہ تفصیلات دستیاب ہوسکیں گی۔

    یہ نیا فیچر اس وقت متعارف کروایا گیا ہے جب گوگل کے ساتھ ساتھ فیس بک اور ٹوئٹر کو گمراہ کن تفصیلات اور دیگر مواد کے پھیلاؤ پر تنقید کا سامنا ہے۔

  • ہم سب کا دوست گوگل 21 سال کا ہوگیا

    ہم سب کا دوست گوگل 21 سال کا ہوگیا

    دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن گوگل آج اپنی 21 ویں سالگرہ منا رہا ہے، اپنی سالگرہ پر گوگل نے اپنے ڈوڈل پر ایک ناسٹلجک تصویر سجائی ہے۔

    گوگل کا قیام سنہ 1998 میں عمل میں آیا تھا، اس کے مالکان لیری پیج اور سرگئے برن نے اس کی بنیاد رکھی تھی اور آج گوگل ایپل کے بعد دنیا کی سب سے امیر ترین کمپنی ہے۔

    تاہم ایسا لگتا ہے کہ گوگل جو ساری دنیا کے بارے میں جانتا ہے اپنی سالگرہ کے اصل دن سے خود بھی واقف نہیں ہے۔ سنہ 2006 سے گوگل نے اپنی سالگرہ 27 ستمبر کو منانا شروع کی تاہم اس سے قبل گوگل اپنی سالگرہ 26 ستمبر کو منا رہا تھا۔

    صرف یہی نہیں بلکہ گوگل نے اپنی چھٹی سالگرہ 7 ستمبر کو منائی تھی اور اس سے پہلے یہ سالگرہ ستمبر کی 8 تاریخ کو منائی گئی تھی حالانکہ مذکورہ بالا میں سے کوئی بھی گوگل کی حقیقی سالگرہ نہیں ہے۔

    گوگل پر موجود اس کے اپنے کلینڈر کے مطابق کمپنی کا قیام ستمبر کی 4 تاریخ کو عمل میں لایا گیا تھا۔ یاد رہے کہ گوگل کی تشکیل اسٹین فورڈ یونی ورسٹی کے ریسرچ پراجیکٹ کے طور پر ہوئی تھی۔

    گوگل نے سنہ 2013 میں تسلیم کیا کہ اس نے چار مختلف تاریخوں پر سالگرہ منائی ہے تاہم اب یہ سالگرہ کئی سالوں سے 27 ستمبر کو ہی منائی جارہی ہے اور یہ وہ دن ہے جب گوگل نے 2002 میں پہلی بار اپنی سالگرہ کے لیے ڈوڈل کا استعمال کیا تھا۔

    آج اکیسویں سالگرہ کے موقع پر گوگل نے اپنے ڈوڈل کو پرانے کمپیوٹر سے سجایا ہے جس پر گوگل کا پرانا لوگو ہے۔

  • انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل بھی ورلڈ ٹی20کے بخار میں مبتلا

    انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل بھی ورلڈ ٹی20کے بخار میں مبتلا

    کراچی: پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف اپنا پہلا گروپ میچ کل کھیلے گا لیکن میچ کے لیے گوگل نے اپنا ڈوڈل ابھی سے بدل دیا۔

    کرکٹ فیور صرف شائقین کو ہی نہیں چڑھا ، گوگل بھی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بخار میں مبتلا ہو گیا ۔

    گوگل لوگو جسے ڈوڈل کہا جاتا ہے، ہراہم موقع کی مناسبت سے بدلتا ہے، اس بار گوگل پر میگا ایونٹ کا رنگ چھا گیا۔

    پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف اپنا پہلا گروپ میچ کل کھیلے گا لیکن میچ کے لیے گوگل نے اپنا ڈوڈل ابھی سے بدل دیا ہے ۔

    واضح رہے کہ اس قبل بھی گوگل نے استاد نصرت فتح علی خان کی سالگرہ کے موقع پراپنا ڈوڈل استاد نصرت فتح علی خان کے نام سے منسوب کیا تھا۔