Tag: سرکاری اسکول

  • وزیرتعلیم سندھ نےاپنی بیٹی کوسرکاری اسکول میں داخل کرادیا

    وزیرتعلیم سندھ نےاپنی بیٹی کوسرکاری اسکول میں داخل کرادیا

    کراچی: وزیرتعلیم سندھ سردار شاہ نے اپنی بیٹی کو سرکاری اسکول میں داخل کرادیا اور کہا کہ بہتری کی شروعات اپنےآپ سےاپنےگھرسےہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرتعلیم سندھ سردار شاہ نے اسمبلی میں اعلان پرعمل کر دکھایا اور اپنی بیٹی سمیت 2بھتیجیوں کو سرکاری اسکول میں داخل کروادیا۔

    سردارشاہ کی بیٹی کا گورنمنٹ گرلز میراں اسکول میں داخلہ ہوا، 9سال کی بیٹی چوتھی جماعت کی طالبہ ہے۔

    وزیرتعلیم کا کہنا ہے کہ بہتری کی شروعات اپنے آپ سے اپنے گھر سے ہوتی ہے۔

    خیال سردارشاہ نے اپنی بیٹی کوسرکاری اسکول میں داخل کرانے کا اعلان کیا تھا جبکہ رکن سندھ اسمبلی باری پتافی نے بھی ایسا ہی اعلان کرچکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : میں اپنی بیٹی کو سرکاری اسکول میں تعلیم دلواؤں گا، وزیرتعلیم سندھ

    یاد رہے 29 ستمبر کو وزیرتعلیم سندھ سردارشاہ نے سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں اپنی بیٹی کوسرکاری اسکول میں تعلیم دلواؤں گا،بچوں کے روشن مستقبل کیلئے ڈوبتی کشتی کو کنارے لگانا ہوگا۔

    سردارشاہ کا کہنا تھا کہ تعلیمی نظام کو سیاسی مصلحتوں سے ہٹ کر اون کرنا ہوگا محکمہ تعلیم کوجادوکی چھڑی سےٹھیک کرنا بس میں نہیں ، تعلیم کو بہتر کرنے کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

  • سرکاری اساتذہ کے بچے سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کریں گے

    سرکاری اساتذہ کے بچے سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کریں گے

    پشاور: خیبرپختونخواہ حکومت نے معیار تعلیم بہتر بنانے کے لیے انقلابی فیصلہ کرلیا ، اساتذہ کے بچے اب اسکولوں میں تعلیم حاصل کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں کا معیار بہتر بنانے کے لیے خیبر پختوانخواہ میں نئی پالیسی بنائی جارہی ہے جس کے تحت سرکاری اساتذہ پابند ہوں گے کہ ان کے بچے سرکاری اسکولوں میں ہی تعلیم حاصل کریں۔

    مشیر تعلیم ضیا ء اللہ بنگش کا کہنا ہے کہ اساتذہ کے بچے سرکاری اداروں میں آنے سے صوبےمیں تعلیم کا معیار بہتر ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ جن اساتذہ کے بچے سرکاری اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے نہیں آتے ان کے لیے سزاؤں کا تعین کیا جارہا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پالیسی پر عمل در آمد کے لیے ڈائریکٹر تعلیم کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے ، یہی کمیٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ کی سزا کا بھی تعین کرے گی۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ نے تعلیم کی اہمیت کو بڑھانے سے متعلق ’بستہ اٹھاؤ، اسکول آؤ‘ مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کے سرکاری اسکولوں کا نظام اور یہاں کا معیار تعلیم بہت اچھا ہوگیا ہے ، اس لیے اب میں اپنے بچوں کو بھی گورنمنٹ اسکول بھیجوں گا۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ گزشتہ پانچ برس میں خیبرپختونخواہ کا تعلیمی نظام دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہت بہتر ہوا اور آج تعلیمی اداروں حالت بھی اچھی ہے، صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔

  • لودھراں، سرکاری اسکولوں میں بچوں سے سیکیورٹی گاڑدز کا کام لیا جانے لگا

    لودھراں، سرکاری اسکولوں میں بچوں سے سیکیورٹی گاڑدز کا کام لیا جانے لگا

    لودھراں: ڈپٹی کمشنر نے اے آر وائی نیوز کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے اسکول ہیڈ ماسٹر کو بچوں سے گارڈ کی ڈیوٹی لینے سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لودھراں گورنمنٹ اسکول پپلی والا میں طالب علموں سے گارڈز اور نائب قاصد کا کام لیا جا رہا تھا اور طالب علموں سے یہ کام مذکورہ اسکول کے ہیڈ ماسٹر لے رہے تھے۔

    اے آر وائی نیوز نے اطلاع ملنے کے بعد اس معاملے کو اُٹھایا جس پر ڈپٹی کمشنر نے نوٹس لیتے ہوئے اسکول کے سرابراہان کو طالب علموں سے نائب قاصد اور گارڈز کے کام لینا سے روکتے ہوئے فوری طور پر نائب قاصد اور گارڈز بھرتی کرنے کے احکامات جاری کیے۔

    ڈپٹی کمشنر نے اسکول سربراہان کو ہدایات جاری کیں کہ اسکول کے بچوں سے کسی بھی قسم کی ڈیوٹیاں ہرگز نہ لیں اور آئندہ ایسی خبریں ملنے پر سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

    دوسری جانب خبر نشر ہونے اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ایکشن لینے کے بعد سے اسکولوں میں میڈیا کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    واضح رہے سرکاری اسکولوں میں طالب علموں سے مشقت لیے جانے کی خبریں عام رہی ہیں جن میں بچوں سے اسکول کی صفائی ستھرائی کروانا اور مزدورں کی طرح مدد لینا بھی شامل ہے تاہم طالب علموں سے بہ طور نائب قاصد اور گارڈ کے ڈیوٹی لینے کا یہ منفرد واقعہ ہے جو محمکہ تعلیم کی بد انتظامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

  • سرکاری اسکول میں گائے اور بھینسوں کا ڈیرہ

    سرکاری اسکول میں گائے اور بھینسوں کا ڈیرہ

    لاہور: پنجاب حکومت کا پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب کا نعرہ جانوروں کو اسکول میں لے آیا، جلال پور بھٹیاں کے اسکول میں بچے اور مویشی ایک ساتھ داخل ہیں،4 برس سے قائم سرکاری اسکول میں استاد تعینات نہ ہو سکا۔


    Animals admitted in Punjab’s govt school by arynews

    دی گئی ویڈیو کے مناظر مویشیوں کے باڑے کے نہیں بلکہ جلال پور بھٹیاں کے گورنمنٹ پرائمری سکول کے ہیں جہاں ننھے بچوں کو پڑھانے کے لیے کوئی استاد ہے نہ مناسب کلاس رومز،اسکول کی حالتِ زار دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ اسکول بچوں کے لیے نہیں بلکہ گائے اور بھینسوں کو پڑھانے کے لیے قائم کیا گیا ہے ۔

    اسکول کی چار دیواری میں ہر جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہیں، بچوں کے کھیل کے میدان میں فصلیں کاشت کی جا رہی ہیں، کلاس رومز کے باہر بھینسیں چارہ کھا رہی ہیں جو تھوڑی جگہ بچ گئی ہے وہاں بیٹھ کر بچے اپنے قاعدے کا رٹا لگا لیتے ہیں۔

    لوگوں نے حکومت پنجاب سے اس اسکول کی حالت زار کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کے تمام کیڈرز تبدیل کیے جارہے ہیں، فضل اللہ پیچوہو

    سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کے تمام کیڈرز تبدیل کیے جارہے ہیں، فضل اللہ پیچوہو

    کراچی : سندھ کے سیکریٹری تعلیم ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو نے کہا ہے کہ سندھ میں پری پرائمری سے لیکر ہائی اسکول سطح تک اساتذہ کے تمام کیڈرز تبدیل کیے جارہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں تعلیمی بجٹ پر منعقد ہ ورکشاپ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ سے اراکین سندھ اسمبلی شہریار مہر، غزالہ سیال اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

    فضل اللہ پیچوہو کا کہنا تھا کہ سندھ میں اسکولوں کے تمام بچوں کی نادرا رجسٹریشن کرانے کی درخواست کی ہے ،تاہم نادرا نے سندھ کے بچوں کی رجسٹریشن کرنے سے انکار کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسکولوں کی لاتعداد عمارتوں پر بااثر لوگوں نے قبضے کررکھے ہیں ،اسکولوں کی عمارت میں قبضے کیلئے سیوریج کا پانی چھوڑاجاتا ہے۔

    تاریخی این جے وی اسکول کے اندر قبضہ کرکے مسجد تعمیر کی جارہی ہے ، اسکولوں کی عمارتوں پر قبضے کے خلاف اعلیٰ حکام کو لکھا ہے۔

    سیکریٹری تعلیم نے کہا کہ سندھ میں اساتذہ کا کیڈر تبدیل کررہے ہیں، کلاس یکم سے پانچویں تک خواتین ٹیچر پڑھائیں گی اور ہائی اسکول کے ٹیچر کا کیڈر بھی تبدیل کیا جارہا ہے۔

     

  • خیبر پختونخواہ میں پرائیوٹ اسکول کے بجائے سرکاری اسکول والدین کی پہلی ترجیح بن گئے

    خیبر پختونخواہ میں پرائیوٹ اسکول کے بجائے سرکاری اسکول والدین کی پہلی ترجیح بن گئے

    پشاور: حال ہی میں کیے گئے سروے کے مطابق خیبرپختونخواہ میں سرکاری اسکولوں کے بڑھتے ہوئے معیار کے باعث والدین اپنے بچوں کوپرائیوٹ اسکولوں سے اُٹھوا کر سرکاری اسکول میں داخل کروارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت کی جانب سے تعلیمی میدان میں کیے جانے والے انقلابی اقدامات کے ثمرات سامنے آنے لگے ہیں،خیبر پختونخواہ کے سرکاری اسکول والدین کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور اب والدین اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے پرائیوٹ اسکولوں کے بجائے سرکاری اسکولوں کا رخ کرنے لگے ہیں۔

    اس سلسلے میں محکمہ پرائمری سکینڈری اسکول ایجوکیشن نے بین الاقوامی انعام یافتہ ادارے ایڈم اسمتھ انٹرنیشنل کے ذریعے سروے کروایا ہے،سروے میں حاصل شدہ اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2015 سے مارچ 2016 کے دوران 34 ہزار بچوں کا پرائیوٹ اسکولوں سے نکلوا کر سرکاری اسکولوں میں داخلہ کروا گیا ہے۔

    سروے کے مطابق خیبر پختونخواہ کے 66 فی صد والدین نے رضارارانہ طور پراپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے پرائیوٹ اسکولوں کے بجائے سرکاری اسکولوں کو پہلی ترجیح کے طور پر چنا ہے،اور اسکی وجہ تعلیمی معیار میں اضافہ بتایا ہے۔

    بین الاقوامی طور پر مانے جانے والے مستند اور بااعتبار ادارے ایڈم اسمتھ انٹرنیشنل کی جانب سے کیے گئے سروے کے مطابق ایک سال کے دوران اپنے بچوں کو پرائیوٹ اسکولوں سے اُٹھا کر سرکاری اسکول میں داخلہ کروانے والدین میں سے 96 فی صد والدین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دوسرے بچوں کو بھی سرکاری اسکولوں میں داخل کروائیں گے۔

    حالیہ سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں تعلیم کا معیار نہ صرف بلند ہوا ہے بلکہ اس نے پرائیوٹ اسکولوں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے،اور اب خیبر پختونخواہ کے بچے معیاری تعلیم سستے سرکاری اسکولوں میں حاصل کر سکیں گے۔

  • اسکولوں میں قرآنی تعلیم کو لازمی قرار دینے کیلئےکوشاں ہیں، بلیغ الرحمان

    اسکولوں میں قرآنی تعلیم کو لازمی قرار دینے کیلئےکوشاں ہیں، بلیغ الرحمان

    اسلام آباد : وفاقی وزیرتعلیم انجینئر محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر کےتمام سرکاری اسکولوں میں قرآنی تعلیم کو لازمی قرار دیے جانے کے لیے کوششیں کررہی ہے۔

    اس مرحلے کا آغاز تمام صوبوں سے بین الصوبائی وزراء تعلیم کی کانفرنس کے پلیٹ فارم پر مشاورت کے بعد شروع کیا گیا ہے۔

    الہادی انٹرنیشل اسکول کے زیر اہتمام چوتھی سالانہ کانفرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوفاقی وزیربرائے تعلیم بلیغ الرحمان نے کہا کہ قرآن کی تعلیم کو بہت جلد ملک بھر کے تمام سرکاری اسکولوں میں دسویں کلاس تک لازمی کیاجائے گا۔

    پہلی جماعت سے پانچویں جماعت تک ناظرہ قرآن کی تعلیم دی جائے گی جبکہ چھٹی جماعت سے دسویں جماعت تک کے طالب علموں کو سرکاری اسکولوں میں قرآن کی تعلیم ترجمے کے ساتھ دی جائے گی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بچے ہمارے ملک کا قومی اثاثہ ہیں۔ ہمیں ملکی وسائل کو بہترین اندازمیں بروئے کارلاتے ہوئے انہیں معاشرے کا اچھا انسان بنانا ہے تاکہ یہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکیں۔

    وفاقی وزیرکا مزید کہنا تھا کہ تعلیم اور تحقیق دونوں ہمارے مذہب میں ضروری ہیں، ہمیں نصاب پر انحصار کرنے کے ساتھ ساتھ بچوں کو تحقیق کے میدان میں حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دیگر مضامین میں نئے خیالات دریافت کئے جاسکیں۔

    پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں بہتری آرہی ہے اور ہم سب کو مل کر اسے مزید بہتر بنانا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے نجی اسکولوں کے کردار کوسراہتے ہوئے کہا کہ نجی اسکول تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں جو قابل تعریف ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: سرکاری اسکول پر دہشت گردوں کا حملہ، چوکیدار قتل

    ڈیرہ غازی خان: سرکاری اسکول پر دہشت گردوں کا حملہ، چوکیدار قتل

    ڈیرہ غازی خان: سرکاری اسکول پردہشت گردوں نے حملہ کرکے سیکیورٹی گارڈ کو قتل کردیا، حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

    ڈیرہ غازی خان کا علاقہ درآمہ بوائز ہائی اسکول سرور والی گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا، دو مسلح دہشت گردوں نےاسکول میں گھس کر سیکیورٹی گارڈ کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری نے اسکول پہنچ گئی۔

    دہشت گردوں کے فرار کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔

    پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے ذاتی دشمنی کے بناء پر چوکیدار کو قتل کیا، حملے کے وقت اسکول کی چھٹی ہوچکی تھی، واقعے کے بعد علاقے میں خصوصاً بچوں اور والدین میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

  • سندھ میں سرکاری اسکولوں کی حالت زار قابل رحم

    سندھ میں سرکاری اسکولوں کی حالت زار قابل رحم

    کراچی :صوبہ سندھ میں متعدد سرکاری اسکول حکومت کی عدم توجہی کے باعث یا تو غیر فعال ہیں تو کہیں ان کانام صرف کاغذوں تک ہی محدود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ بھرمیں چھ ہزار سات سو اکیس سرکاری اسکول غیر فعال جبکہ دوہزارایک سواکیاسی صرف کاغذوں میں آبادہیں۔

    کراچی میں گھوسٹ اسکولوں کی تعدادپچیاسی ہے، علم کی روشنی جہالت کےاندھیرےمٹاتی ہے،حکومت سندھ نے اس حکایت کوکچھ اس طرح سمجھاکہ صوبے بھرمیں گھوسٹ اور غیر فعال درسگاہوں کا انبارلگا دیا۔

    اعدادوشمار کے مطابق صوبہ سندھ میں چھ ہزار سات سو اکیس سرکاری اسکول غیر فعال جبکہ دوہزارایک سو اکیاسی اسکولز صرف کاغذوں میں موجود ہیں ۔

    صرف یہی نہیں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گھوسٹ اسکولز کی تعداد پچاسی ہے جن میں سےضلع جنوبی میں اننچاس، ضلع شرقی میں تیس،اورضلع غربی میں چاراسکول غیرفعال ہیں۔

    ضلع وسطی میں دو اسکولوں کی عمارتوں پر قبضہ ہے۔رپورٹ کے مطابق سندھ بھرمیں اڑتالیس ہزاردوسوستائیس سرکاری اسکول قائم ہیں۔

    ان اسکولوں میں سے ساڑھے چارہزار اسکولوں کی عمارتیں تو ہیں مگر درس دینے کیلئے معلم سمیت کوئی بندوبست نہیں، جبکہ سواپانچ سو اسکولوں کی عمارتوں کو مویشیوں کے باڑے میں تبدیل کردیاگیا۔

  • گورنرسندھ نے سرکاری اسکول مسمارکرنیکا نوٹس لے لیا

    گورنرسندھ نے سرکاری اسکول مسمارکرنیکا نوٹس لے لیا

    کراچی : شاہ فیصل کالونی میں واقع سرکاری اسکول کو مسمار کرکے گھر تعمیر کرنے کا گورنر سندھ نے نوٹس لے لیا۔ سرکاری اسکول پر چند ماہ قبل بھی قبضہ کیا گیا تھا۔

    جس کی ایف آئی آر ڈائریکٹر عبدالوہاب عباسی نے کئی ماہ قبل درج کرائی تھی، دو افراد کو نامزد بھی کیا گیا تھا تاہم ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    موسم سرما کی تعطیلات کے بعد جب دوبارہ اسکول کھلے تو اسکول کی عمارت مسمار ہوچکی تھی ، طلبہ و طالبات کھلے آسمان تلے پتھروں پر بیٹھے ہوئے تھے۔

    گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے شاہ فیصل کالونی مین واقع سرکاری اسکول کا تفصیلی معائنہ کیا ،گورنر سندھ کے ساتھ کمشنر کراچی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

    گورنر سندھ کاکہنا تھا کہ فوری طور پر اسکول سے قبضہ ختم کرایا جائے، اور اسکول کو فوری طور پر دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔

    اسکول کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کاکہنا تھا کہ اسکول کی عمارت سے قبضہ ختم کرانے کے احکامات جاری کردیے ہیں ۔

    کوشش ہوگی کہ کل سے ہی تعمیراتی کام کا آغازکردیا جائے، انہوں نے کہا کہ محکمہ ورکس ڈپارٹمنٹ کے مطابق ز مین محکمہ تعلیم کی ملکیت ہے۔تعطیلات کے دوران اسکول کی عمارت پر قبضہ کیا گیا ۔

    گورنرسندھ کاکہنا تھا کہ سرکاری اسکول پر قبضہ ناقابل برداشت ہے، گورنر سندھ نے کہا کہ اگر کسی کو کوئی اعتراض تھا تو وہ عدالت سے رجوع کرتا تاہم یہ طریقہ غلط ہے کہ بچوں کو تعلیم سے محروم کردیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات ہوگی اور اساتذہ کرام اس موجودہ ماحول میں بھی تدریس جاری کرنے کو تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ اے آروائی نیوز ساڑھے پانچ ماہ قبل اسکول پر قبضے کی نشاندھی کرچکا ہے ۔اے آروائی پر خبر نشر ہونے کے بعد ڈائریکٹر اسکولز عبدالوہاب عباسی نے قبضہ مافیا کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔