Tag: سرکاری افسر

  • کراچی : جعلی سرکاری افسر پولیس کے ہتھے چڑھ گیا

    کراچی : جعلی سرکاری افسر پولیس کے ہتھے چڑھ گیا

    کراچی میں جعلی سرکاری افسر اصلی پولیس کے ہتھے چڑھ گیا، ملزم رعب جمانے کیلیے اپنے ساتھ سیکیورٹی گارڈ بھی رکھتا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن سے پولیس نے جعلی سرکاری افسر کو گرفتار کیا ہے، ملزم سبز رنگ کی نمبر پلیٹ کی گاڑی میں پولیس لائٹ لگا کر گھومتا تھا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم خود کو سرکاری افسر ظاہر کرتا تھا اور لوگوں پر رعب جمانے کیلیے سیکیورٹی گارڈ بھی ساتھ رکھتا تھا۔

    پولیس حکام کا بتانا ہے کہ ملزم کے ساتھ اس کے سادہ لباس سیکیورٹی اہلکار کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان کی شناخت بابر خان نیازی اور نبی بخش کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    ملزمان سے سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی اور رائفل برآمد کرلی گئی۔ ملزم بابر خان نیازی اپنے آپ کو سرکاری افسر ظاہر کرتا رہا۔

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ دسمبر میں کراچی کے علاقے گلشن معمار سے جعلی پولیس افسر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم پولیس یونیفارم پہن خود کو اے ایس آئی بتا رہا تھا۔

    پولیس کے مطابق جعلی پولیس افسر اشفاق دکاندار سے جھگڑا کررہا تھا کہ اس موقع پر پولیس پہنچ گئی، پولیس نے شبہ ہونے پر پوچھا تو ملزم اپنی پوسٹنگ کا واضح جواب نہیں دے سکا اور کہا درخشاں تھانے میں تعینات ہے اس کے بعد بولا کہ ڈیفنس تھانے میں تعینات ہے۔

  • سرکاری افسر کو ٹریلر سے کچل کر ہلاک کرنے والا ڈرائیور گرفتار

    سرکاری افسر کو ٹریلر سے کچل کر ہلاک کرنے والا ڈرائیور گرفتار

    کراچی: پولیس نے 3 روز قبل سرکاری افسر کو ٹریلر سے کچل کر ہلاک کرنے والے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ماڑی پور تفتیشی ٹیم نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے 3 روز قبل سرکاری افسر کو ٹریلر سے کچل کر ہلاک کرنے والا ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی انویسٹی کیشن نے بتایا کہ ٹریلر کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ ملزم بخت زمین فرار ہوگیا تھا، ماڑی پور تھانے میں نامعلوم ملزم کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    دوسری جانب لاہور کے ٹکسالی گیٹ میں حملہ آور نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو شہید کردیا جس کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔

    مقدمہ مقتول کے بیٹے مستنصر کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل ہے، پولیس کانسٹیبل کو پہلے سے گھات لگائے شوٹر نے فائرنگ کر کے نشانہ بنایا۔

  • بس آج کی رات ہے زندگی: گانے پر رقص کرنے والا سرکاری افسر اچانک گر کر دم توڑ گیا

    بس آج کی رات ہے زندگی: گانے پر رقص کرنے والا سرکاری افسر اچانک گر کر دم توڑ گیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک سرکاری افسر رقص کرتے ہوئے اچانک دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارت کی ریاست مدھیا پردیش کے شہر بھوپال میں ایک تقریب کے دوران سرکاری افسر ڈانس کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔

    پوسٹل ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سریندرا کمار ڈکشٹ ایک تقریب کے دوران ڈانس کر رہے تھے کہ اچانک گر پڑے اور چل بسے، سریندرا کمار ڈکشٹ کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔

    ٹویٹر پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سریندرا کمار ڈکشٹ ہندی فلموں کے مشہور گانے بس آج کی رات ہے زندگی، کل ہم کہاں، تم کہاں پر ڈانس کر رہے ہیں۔

    ڈانس کرتے کرتے وہ اچانک گر پڑتے ہیں جس کے بعد تقریب میں موجود افراد انہیں سہارا دینے کی کوشش کرتے ہیں۔

    اس سے قبل اندور میں ٹھنڈے موسم کے دوران 16 سالہ لڑکی اسکول میں اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئی تھی۔

    گیارہویں جماعت میں پڑھنے والی ویرندا ٹرپاتھی نامی طالبہ اسکول میں یوم جمہوریہ کی تقریب کے لیے ریہرسل کرنے گئی تھی جہاں وہ بے ہوش ہو کر گر گئی اور پھر چل بسی۔

  • سکھر میں ڈاکو راج، دن دیہاڑے سرکاری افسر اغوا کرلیا گیا

    سکھر میں ڈاکو راج، دن دیہاڑے سرکاری افسر اغوا کرلیا گیا

    صوبہ سندھ کے ضلع سکھر میں لاقانونیت کا راج ، دن دیہاڑے سرکاری افسر کو اغواکرلیا گیا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق سکھربس ٹرمینل کے قریب سے نامعلوم افراد انکم ٹیکس کے اسسٹنٹ کمشنر غلام شبیرشیخ کو اغوا کرکے لئے گئے۔

    پولیس کے مطابق غلام شبیر شیخ ڈیوٹی کےبعد واپس اپنے گھر لاڑکانہ گھرجارہےتھے کہ بس ٹرمینل کے قریب رنگ روڈ پرکارمیں سوارملزمان نے ان کی گاڑی روکی اور اسسٹنٹ کمشنر، ان کے اسٹینوگرافراور گارڈ کوساتھ لےگئے۔

    پولیس ذرائع نے بتایا کہ مسلح ملزمان نے کچھ دورجانے کےبعد اسٹینو گرافراورگارڈ کو چھوڑدیا جنہوں نے تھانے پہنچ کر پولیس کو اطلاع دی۔

    یہ بھی پڑھیں: سندھ میں درجنوں کرپٹ سرکاری افسران کے خلاف انکوائری ہوگی

    واضح رہے کہ سندھ کے شہر شکارپور کے کچے میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس کا آپریشن جاری ہے کئی ماہ سے جاری آپریشن میں پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت کئی اہلکار شہید ہوچکے ہیں جبکہ متعدد ڈاکو بھی اپنے انجام کو پہنچے،مگر یہ طویل آپریشن ابھی تک اپنے منطقی انجام کو نہیں پہنچا۔

    یاد رہے کہ سکھر خیرپور اور شکارپور کے محلقہ علاقوں سے اغوا کئے افراد کو شکارپور کے کچے میں بھیج دیا جاتا ہے جہاں سے یہ ڈاکو مغوی کے اہل خانہ سے تاوان وصول کرتے ہیں۔

  • شہر قائد کا ایڈمنسٹریٹر تبدیل ہوگا یا نہیں؟حتمی فیصلہ کچھ دیربعد ہوگا

    شہر قائد کا ایڈمنسٹریٹر تبدیل ہوگا یا نہیں؟حتمی فیصلہ کچھ دیربعد ہوگا

    کراچی: پاکستان کے  سب سے بڑے شہر کراچی کا ایڈمنسٹریٹر تبدیل ہوگا یا نہیں؟حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ ہاؤس سے کچھ دیربعد جاری ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس میں پیپلزپارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس شروع جاری ہے، اجلاس کی صدارت وزیر اعلیٰ  سندھ مراد علی شاہ کررہے ہیں۔

    اجلاس میں ناصر حسین شاہ، وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن، وزیر محنت سعید غنی، وزیر خوراک مکیش چاولہ سمیت  ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی شریک ہیں۔

     اجلاس میں پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کے مطالبات پرغور کررہی ہے، اس کے علاوہ مرتضیٰ وہاب کا استعفیٰ منظوری کیا جائے یا نہیں اس پر بھی غور  کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سندھ حکومت ایم کیو ایم کے نامزد کردہ سیاسی یا سرکاری ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کی منظوری دے گی، سیاسی ایڈمنسٹریٹر کے طور پر رہنماء ایم کیو ایم عبد الوسیم کا نام پیپلز پارٹی کو بھجوادیا گیا ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ سرکاری افسر کو ایڈمنسٹریٹر بنانے کی صورت میں ڈاکٹر سیف الرحمان کا انتخاب ہو سکتا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبے پر ایک ضلعی میونسپل ایڈمنسٹریٹر کو بھی آج تبدیل کیے جانے کا امکان ہے، ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ایسٹ میں ایم کیو ایم کا نامزد کردہ افسر ایڈمنسٹریٹر مقرر ہو گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا تھا کہ کراچی کا اگلا ایڈمنسٹریٹر ایم کیو ایم سے مشاورت کے بعد ہی تعینات کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب 2 ماہ قبل وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو استعفیٰ دے چکے ہیں، مرتضیٰ وہاب نے دیا ہوا استعفیٰ واپس نہیں لیا ہے۔

  • کراچی میں سرکاری افسر کے گھر میں کروڑوں روپے کی ڈکیتی: ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل

    کراچی میں سرکاری افسر کے گھر میں کروڑوں روپے کی ڈکیتی: ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل

    کراچی : شاہ لطیف ٹاوٴن میں سرکاری افسر کے گھرمیں کروڑوں روپے کی ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے شاہ لطیف ٹاوٴن میں سرکاری افسر کے گھر میں ڈکیتی کے معاملے پر پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی۔

    ٹیم میں انویسٹی گیشن اور آپریشن کے افسران شامل ہیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ترافسران سی سی ٹی وی ، جیو فینسگ سےتفتیش کوآگے بڑھا رہے ہیں، تاحال ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جاسکا۔

    حکام نے بتایا کہ اس سے پہلےاتنی بڑی واردات اس علاقے میں نہیں ہوئی۔

    گذشتہ روز کراچی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کے گھر ڈھائی کروڑ سے زائد کی واردات کی گئی تھی، جس میں 1 کروڑ 70 لاکھ کیش 55 تولہ سونا 20 لاکھ کے پرائز بانڈ لوٹے گئے تھے۔

  • بھارت: گھر کی پائپ لائن سے پانی کی جگہ لاکھوں روپے نکل آئے (ویڈیو)

    بھارت: گھر کی پائپ لائن سے پانی کی جگہ لاکھوں روپے نکل آئے (ویڈیو)

    کرناٹک: بھارت میں ایک سرکاری افسر کے گھر کی پائپ لائن سے لاکھوں روپے برآمد کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع کلبرگی میں پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے ایک افسر شانتھا گاؤدا برادر نے کرپشن کی رقم چھپانے کے لیے اپنے گھر میں خصوصی طور پر ایک الگ پائپ لائن بنائی تھی۔

    تاہم، پی ڈبلیو ڈی کے انجینئر کی یہ چالاکی کام نہ آ سکی، جب اینٹی کرپشن بیورو کے حکام نے خفیہ اطلاع پر چھاپا مارا تو گھر کی اچھی طرح تلاشی کے بعد آخر کار چھپائی گئی رقم برآمد کر لی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق انجینئر شانتھا گاؤدا نے پائپ لائن میں 25 لاکھ روپے کے نوٹ چھپا رکھے تھے، پائپ لائن توڑی گئی تو اس میں سے بڑی مقدار میں سونا بھی نکل آیا۔

    اینٹی کرپشن کے حکام نے تلاشی کے دوران جب معلوم کیا کہ نوٹ پائپ لائن میں ہیں، تو ایک پلمبر کو بلایا گیا، جس نے پائپ لائن کھول کر پیسے برآمد کر لیے۔

    چھاپے کے دوران بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حکام اور پلمبر پائپوں کے حصے ہٹا رہے ہیں اور اندر سے نوٹوں کی گڈیاں نکل رہی ہیں، بظاہر یہ پائپ دکھاوے کے لیے تھے تاکہ غیر قانونی رقم چھپائی جا سکے۔

  • سندھ میں بغیر سفارش آنے والے اسسٹنٹ کمشنر کی تقرری سزا بن گئی

    سندھ میں بغیر سفارش آنے والے اسسٹنٹ کمشنر کی تقرری سزا بن گئی

    کراچی: صوبہ سندھ میں بغیر سفارش اور کوٹے کے، میرٹ پر آنے والے اسسٹنٹ کمشنر کی تقرری سزا بن گئی، اسسٹنٹ کمشنر کا 10 ماہ میں 10 بار تبادلہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے اسسٹنٹ کمشنر امتیاز منگی کو فٹبال بنا دیا گیا، گزشتہ 10 ماہ میں امتیاز منگی کا 10 بار تبادلہ کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو موصول شدہ دستاویز کے مطابق امتیاز منگی کے تبادلوں کا سلسلہ 21 فروری 2020 سے شروع ہوا، اس کے بعد 11 مارچ، 20 مارچ، 9 جون، 18 جولائی، 5 اگست، 11 اگست، 20 اکتوبر اور آخری تبادلہ یکم جنوری 2021 کو کیا گیا۔

    متواتر تبادلوں سے تنگ اسسٹنٹ کمشنر نے چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کو ایک خط لکھا ہے اور درخواست کی ہے کہ ان کی عمر اور صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں سکون سے اپنی ملازمت کرنے دی جائے۔

    ذرائع کے مطابق امتیاز منگی کا شمار قابل افسران میں ہوتا ہے اور وہ بغیر سفارش کے صرف میرٹ کی بنیاد پر اس عہدے تک پہنچے ہیں۔ ان کا تعلق لاڑکانہ کے ایک غریب خاندان سے ہے۔

  • سرکاری افسر پر کیچڑ اچھالنے کے الزام میں رکن کانگریس گرفتار

    سرکاری افسر پر کیچڑ اچھالنے کے الزام میں رکن کانگریس گرفتار

    مہاراشٹر : بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کی پولیس نے ممبئی گووا ہائی وے پر کام کا جائزہ لینے والے ڈپٹی انجینئر پر گدلے پانی سے حملہ کرنے پر کانگریس کے رکن اسمبلی نتیش رینے کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلیٰ نارائن رینے کے بیٹے نتیش رینے کی جانب سے ممبئی گووا ہائی وے کی خراب حالت پر احتجاج کرتے ہوئے سرکاری انجینئر پر گدلا پانی انڈیلنے کی ویڈیو سامنے آئی۔

    رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد نتیش کے خلاف ان کے حلقے کانکاؤلی میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرادی گئی، سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ڈکشٹ گیدام کا کہنا تھا کہ انہیں مذکورہ کیس میں پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

    رکن اسمبلی کی جانب سے سرکاری انجینئر پر گدلا پانی انڈیلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا میں وائرل ہوئی جس میں نتیش اور کانکاؤلی میونسپل کونسل کے صدر سمیر نالاواڈے کو ڈپٹی انجینئر پراکاش خیدکار پر مٹی سے بھرے گدلے پانی کی بالٹی انڈیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ نتیش اور ان کے حامیوں کے خلاف سرکاری ملازم پر تشدد کی سیکشن 353 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    نتیش کی جانب سےسرکاری عہدیدار سے نامناسب رویہ اختیار کرنے پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید پر سابق وزیر اعلیٰ نارائن رینے نے اپنے بیٹے کی کردار پر معذرت بھی کرلی تھی۔

    مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے بیٹے کی جانب سے سرکاری عہدیدار پر گدلا پانی پھینکنے پر میں معذرت خوا ہوں، یہ احتجاج علاقے کے لوگوں کے لیے تھا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما کیلاش ویجیاوارگیے کے بیٹے اور رکن اسمبلی آکاش کی جانب سے ایک سرکاری ملازم پر کرکٹ کے بلے سے تشدد کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔