Tag: سرکاری اور نجی کوٹہ

  • حج پالیسی 2026 کی منظوری، سرکاری اور نجی کوٹہ سے متعلق بڑا فیصلہ

    حج پالیسی 2026 کی منظوری، سرکاری اور نجی کوٹہ سے متعلق بڑا فیصلہ

    اسلام آباد (30 جولائی 2025): وفاقی کابینہ نے نئی حج پالیسی برائے سال 2026 کی منظوری دیتے ہوئے سرکاری وپرائیوٹ کوٹہ سے متعلق بڑا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ کابینہ نے آئندہ برس 2026 کے لیے نئی حج پالیسی کی منظوری دے دی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ کابینہ نے نئی حج پالیسی کے لیے سرکاری کوٹے میں اضافہ اور پرائیوٹ کوٹے میں کمی کی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے حج 2026 کے لیے سرکاری کوٹہ 70 فیصد اور پرائیوٹ کوٹہ 30 فیصد کر دیا ہے۔

    کابینہ اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ حکام نے بتایا کہ حج کوٹہ سرکاری اور نجی سیکٹر میں 70 اور 30 فیصد کے تناسب سے تقسیم کیا جائے گا۔

    حج پالیسی میں آئندہ برس ایک ہزار نشستیں ہارڈ شپ کیسز کے تحت مختص کی گئی ہیں جب کہ کسی بھی نجی کمپنی کے لیے حاجیوں کی کم از کم تعداد دو ہزار رکھی گئی ہے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ برس حج آپریشن کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیر آئی ٹی کو وزارت مذہبی امور کے ساتھ مل کر حج آپریشن کی مکمل ڈیجیٹائزیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

    وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور کو حج پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام کو ہر قسم کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ آئندہ برس 2026 میں سرکاری حج پر ساڑھے 11 لاکھ سے ساڑھے 12 لاکھ روپے تک اخراجات آئیں گے۔

    دریں اثنا وفاقی وزیر سردار یوسف کے مطابق حج 2026 کے لیے 29 جولائی تک 313,000 افراد نے اپنی رجسٹریشن کرا لی ہے۔

    حج 2026: اخراجات کیلیے کب اور کتنی رقم وصول کیے جانے کا امکان ہے؟

    واضح رہے کہ ہر سال سعودی عرب سے پاکستان کو ملنے والے حج کوٹے کو سرکاری اور نجی ٹور آپریٹرز کے درمیان مساوی 50، 50 فیصد تقسیم کیا جاتا ہے۔

    تاہم رواں برس پاکستان کی تاریخ میں حج کا سب سے بڑا اسکینڈل سامنے آیا اور نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعہ حج پر جانے والے 67 ہزار عازمین اس سال حج پر جانے سے محروم رہ گئے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/67000-pilgrims-at-risk-na-standing-committee-scandal/