Tag: سرکاری دفاتر

  • متحدہ عرب امارات میں سرکاری دفاتر کل سے کھل جائیں گے

    متحدہ عرب امارات میں سرکاری دفاتر کل سے کھل جائیں گے

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں کل بروز اتوار سے سرکاری ادارے اور سرکاری محکمے کھل جائیں گے، سرکاری اداروں کے ملازمین کی مرحلہ وار واپسی ہوگی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں وزارتیں، سرکاری ادارے اور سرکاری محکمے اتوار سے کھل جائیں گے البتہ صرف 30 فیصد ملازمین ڈیوٹی دیں گے، وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں کے ملازمین کی مرحلہ وار واپسی ہوگی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ جن ملازمین کو پہلے دفاتر آنے سے استثنیٰ دیا گیا تھا، انہیں اب بھی استثنیٰ ہوگا اور وہ گھر سے کام کرتے رہا کریں گے۔

    حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جن ملازمین کو اب بھی گھر سے کام کرنے کی اجازت ہے ان میں حاملہ خواتین، معذور افراد، وہ ملازمین جن کا مدافعتی نظام کمزور ہے، وہ ملازمین جو مستقل بیماریوں میں مبتلا ہیں اور وہ جنہیں معمر کہا جاتا ہے، شامل ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ایسی خواتین جن کے بچوں کی عمریں 9 سال سے کم ہیں اور جنہیں نگہداشت کی ضرورت ہے، یا جن کے بچے بیمار یا معذور ہیں انہیں بھی گھر سے کام کرنے کی اجازت ہے۔

    تمام سرکاری اداروں میں ملازمین کی کل تعداد کے حساب سے صرف 30 فیصد ملازمین کو ڈیوٹی پر بلایا جارہا ہے، باقی ملازمین گھر سے کام کرتے رہیں گے۔ ملازمین کے دفتر آنے کی شرح وقت کے ساتھ بڑھا دی جائے گی۔

  • سعودی عرب: رمضان المبارک کے دوران سرکاری و نجی دفاتر کے اوقات کار کا اعلان

    سعودی عرب: رمضان المبارک کے دوران سرکاری و نجی دفاتر کے اوقات کار کا اعلان

    ریاض: رمضان المبارک کے پیش نظر سعودی عرب میں سرکاری و نجی دفاتر کے اوقات کار کا اعلان کردیا گیا، سرکاری دفاتر 5 جبکہ نجی دفاتر 6 گھنٹے کام کریں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت ہیومن ریسورسز نے رمضان المبارک کے دوران سرکاری و نجی شعبے کے ڈیوٹی اوقات جاری کر دیے ہیں۔

    وزارت نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران وزارتیں، سرکاری محکمے اور اداروں میں 5 گھنٹے ڈیوٹی ہوا کرے گی۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکاری محکموں کے ملازمین صبح 10 بجے ڈیوٹی کا آغاز کریں گے جبکہ دوپہر 3 بجے ڈیوٹی ختم ہوجائے گی۔ نجی شعبے کے ملازمین ڈیوٹی کے ایام میں روزانہ 6 گھنٹے کام کریں گے۔

    حکام نے کہا ہے کہ ہر ادارہ اپنے ملازمین کے ڈیوٹی اوقات کا آغاز اور اختام اپنی سہولت کے مطابق طے کرے گا۔

    دوسری جانب سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے ماہ رمضان کے دوران بینکوں، ترسیل زر کے مراکز اور ایکسپریس سروس کے اوقات کار کا بھی اعلان کردیا ہے۔

    ساما کا کہنا ہے کہ رمضان کے دوران بینکوں کی شاخیں صبح 10 سے دوپہر 2 بجے تک کھلی رہیں گی جبکہ ترسیل زر کے مراکز روزانہ صبح 7 سے سہ پہر 4 بجے تک کھولے جائیں گے۔

  • سرکاری دفاتر کے اوقات کار تبدیل ،  نوٹیفیکشن جاری

    سرکاری دفاتر کے اوقات کار تبدیل ، نوٹیفیکشن جاری

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے سرکاری دفاتر کے لیے نئے اوقات کار مقرر کر دئیے، تمام سرکاری دفاتر میں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک کام ہوگا، جس کا نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری دفتری کے اوقات کار تبدیل کردئیے گئے،جس کے بعد تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری اداروں میں دفتری اوقات صبح 9 سے شام 5 بجے تک ہوں گے ۔

    یاد رہے کہ 24 اگست کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ سرکاری دفاتر کے اوقات صبح 8 بجے سے لے کر 4 بجے کی بجائے صبح 9 بجے سے لے کر 5 بجے تک ہوں گے۔

    اس سے قبل وفاقی کابینہ نے سرکاری دفاتر میں ہفتہ وار دو تعطیلات ختم کر کے اسے ایک کرنے کی سمری تیار کی اور ملازمین کی ڈیوٹی کے اوقات صبح 8 سے دوپہر 3 بجے تک کرنے کی سفارش بھی کی تھی۔

    ذرائع کے مطابق سمری میں سفارش کی گئی تھی کہ سرکاری دفاتر میں دی جانے والی ہفتے کے روز کی چھٹی ختم کرنے کے لیے کابینہ منظوری دے۔

    دوسری جانب وزارت داخلہ نے ملک بھر میں ہفتہ وار چھٹی کم کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ 2011 میں وزارت پانی و بجلی کی سفارش پر دو چھٹیوں کا فیصلہ کیا گیا تھا، ہفتے میں 2چھٹیوں کا مقصد توانائی بحران پر قابو پانا اور بجلی کی بچت ہے۔

    سمری کے مطابق 7 دنوں میں ایک تعطیل بڑھانے کے باوجود ہفتے وار کام کے اوقات کار 40 گھنٹے جبکہ اگر 6 دن کام ہوتا ہے تب بھی اتنا ہی وقت لگے گا۔

    سمری میں کہا گیا تھا کہ ہفتے کی چھٹی ختم کرنے سے اداروں کی کارکردگی پر خاطر خواہ اثر نہیں پڑے گا، وفاقی کابینہ کی مرضی ہے ہفتے کی چھٹی ختم کرنی ہے یا جاری رکھنی ہے۔