Tag: سرکاری ملازمین

  • سرکاری ملازمین  ہوشیار ہوجائیں ، حکومت کا بڑا فیصلہ

    سرکاری ملازمین ہوشیار ہوجائیں ، حکومت کا بڑا فیصلہ

    پشاور : سیاسی سرگرمیوں کے حامل سرکاری ملازمین کی شامت آگئی ، خیبر پختون خواہ حکومت نے سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ملازمین کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

    تفصیلات کے  مطابق خیبر پختون خواہ حکومت نے سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ملازمین کےخلاف کارروائی کافیصلہ کرلیا اور محکمہ انتظامیہ نےتمام محکموں کے سیکریٹریز کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔

    مراسلے میں  سیاسی پارٹیوں میں عہدہ رکھنےوالےملازمین کےخلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ  محکمےسیاسی سرگرمیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کریں۔

    مراسلے کے مطابق سول سرونٹس رولزکےتحت سرکاری ملازمین کی سیاسی وابستگی پرپابندی ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کی ترقی کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 24 اہم منصوبوں کی منظوری دی تھی  جبکہ مختلف اضلاع کے لیے 90 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی تھی۔

    سوات موٹروے کی توسیع کیلئے 70 ارب روپے منظور کئے گئےتھے ،  جس سے سوات موٹر وے کو فتح پور تک توسیع کی جائے گی جبکہ ضلع کوہاٹ کو گیس کی رائلٹی کی مد سب سے زیادہ 15 ارب کے فنڈ کی منظوری دی گئی تھی ، 15 ارب روپے مختلف پروجیکٹس پر خرچ کئے جائیں گے۔

    7 پروجیکٹس حتمی منظوری کے لیے وفاق کو ارسال کر دیئے گئے ہیں ، جس میں قبائلی اضلاع اور بندوبستی علاقوں کے درمیان سڑکوں ، اسکولوں، اسپتالوں، ریسکیو سروسز، توانائی سمیت دیگر منصوبے بھی شامل ہیں۔

  • وزیراعظم نے احساس کفالت پروگرام کا افتتاح کر دیا

    وزیراعظم نے احساس کفالت پروگرام کا افتتاح کر دیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بی آئی ایس پی میں سرکاری ملازمین پیسہ وصول کر رہے تھے، بی آئی ایس پی سے 8 لاکھ غیرمستحق افراد کو باہر نکالا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان احساس کفالت پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ احساس کفالت پروگرام شروع کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشکل وقت تھا اس لیے حکومت پر مسلسل تنقید ہو رہی تھی، ہماری کوشش تھی عوام کی سہولت کے لیے جلد سے جلد پروگرام لائیں، مشکل حالات میں ہم نے بھی مشکل فیصلے کیے۔

    انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی میں سرکاری ملازمین پیسہ وصول کر رہے تھے، بی آئی ایس پی سے 8 لاکھ غیرمستحق افراد کو باہر نکالا گیا، شفاف پروگرام کےتحت اب مستحق اور کمزور طبقے کو مدد ملے گی۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعےمستحق افراد تک پیسہ پہنچے گا، بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے پیسوں کی چوری ممکن نہ ہوگی۔

    احساس پروگرام سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک اور پروگرام 2 ہفتے میں آئے گا، پروگرام کے تحت غریب خواتین کو گائے، بھینسیں دی جائیں گی، پروگرام کے تحت نادار خواتین کے بینک اکاؤنٹ سے پیسے چوری نہیں ہوسکیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ 5 لاکھ نوجوانوں کو ہنر کی تعلیم دیں گے تاکہ اپنا کاروبار کرسکیں، ہنرمند پروگرام کے تحت کوشش کریں گے جلدی ہنر دیں، نوجوانوں کو میرٹ پر قرض دے کر اپنا کاروبار پروگرام لائے ہیں۔

    وزیراعظم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان کاروبار کا آئیڈیا دے کر بینک کے ذریعے قرض حاصل کرسکیں گے، ہماری کوشش تھی کسی طرح اپنے کمزور طبقے کی مدد کی جائے، فلاحی ریاست کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔

  • سرکاری ملازمین  کے لئے نئی اسکیم متعارف ، تنخواہوں میں شاندار اضافہ

    سرکاری ملازمین کے لئے نئی اسکیم متعارف ، تنخواہوں میں شاندار اضافہ

    دبئی : اماراتی حکومت نے دبئی کے سرکاری ملازمین کے لئے نئی اسکیم متعارف کرادی ، جس کے تحت سرکاری ملازمین کی اوسط تنخواہوں میں 10 فیصد جبکہ پیشہ ورانہ اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں میں 9 سے 16 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ ہمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے حکومت کی جانب سے دبئی کے تمام سرکاری ملازمین کے لئے نئی اسکیم کا اعلان کردیا۔

    نئی اسکیم کا اطلاق یکم جنوری 2020 سے ہوگا، اس اسکیم کا مقصد حکومت کی کارکردگی کا معیار بلند کرنا، سرکاری محکموں اور اداروں کے ملازمین کی کارکردگی اور پیداواری صلاحیت میں بہتری لانا ہے۔

    نئی اسکیم کے تحت سرکاری ملازمین کی اوسط تنخواہوں میں 10 فیصد ہوگا جبکہ پیشہ ورانہ اداروں کے ملازمین کے لیے 9 سے 16 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ حکومت نے ملازمین کو بہتر زندگی فراہم کرنے کے لئے انہیں اوقات کار میں سہولت ، جزوقتی ڈیوٹی کی سہولت بھی دی ہے، جس کے بعد سرکاری ملازمین گھر بیٹھ کر بھی ڈیوٹی انجام دے سکیں گے۔

    دوسری جانب ولی عہد شہزادہ نے کیریئر گریڈ پلیسمنٹ کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دے دی، اس کمیٹی کی سربراہی دبئی گورنمنٹ ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل عبد اللہ الفالسی کریں گے۔

    کمیٹی میں دبئی کے محکمہ خزانہ کے ڈائریکٹر جنرل اور دبئی کی سپریم قانون سازی کمیٹی کے سکریٹری جنرل بھی شامل ہیں۔ کمیٹی نئی اسکیم میں بیان کردہ گریڈ اور تنخواہوں پر مبنی کیریئر گریڈ پلیسمنٹ لسٹوں کی منظوری دے گی۔

    حکومت دبئی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور گریڈز کا چارٹ بھی جاری کیا، اس موقع پر دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ تنخواہوں میں یہ تازہ ترین اضافہ دُبئی کے فرمانروا اور وزیر اعظم متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن راشد المکتوم کے دُبئی کو ترقی دینے کے ویژن کے تحت کیا جا رہا ہے۔

  • بے نظیر انکم سپورٹ سے فائدہ اٹھانے والے سرکاری افسران کے سر پر برطرفی کی تلوار لٹکنے لگی

    بے نظیر انکم سپورٹ سے فائدہ اٹھانے والے سرکاری افسران کے سر پر برطرفی کی تلوار لٹکنے لگی

    اسلام آباد: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے سرکاری افسران کے سر پر نوکری سے برطرفی کی تلوار لٹکنے لگی، مذکورہ افسران کو اظہار وجوہ  کے نوٹس جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے سرکاری افسران کے فراڈ کے معاملے پر حکومت نے ملوث سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا۔ ملوث سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے برطرفی کے لیے اظہار وجوہ کے (شوکاز) نوٹسز جاری کردیے گئے۔

    مذکورہ افسران کی جانب سے پروگرام میں اپنی بیگمات کو انرول کروانے پر جواب طلب کرلیا گیا ہے اور انہیں 10 روز کی مہلت دی گئی ہے۔ تسلی بخش جواب نہ دینے پر ملازمتوں سے بر طرفی عمل میں لائی جائے گی۔

    نوٹسز وصولنے والے ملازمین کی اکثریت اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات ہے۔

    خیال رہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں میں اعلیٰ سرکاری افسران کے شامل ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق گریڈ 17 سے 21 کے 2 ہزار 543 سرکاری افسران میں سے متعدد نے بیویوں کے نام پر پیسے وصول کیے، بلوچستان میں سب سے زیادہ سرکاری افسران پروگرام سے مستفید ہوئے۔

    سندھ میں گریڈ 18 کے 342 افسران نے پروگرام سے فائدہ اٹھایا جبکہ سندھ سے گریڈ 21 کے 3 افسران بھی شامل تھے۔

    بعد ازاں پروگرام میں کرپشن کی تحقیقات کے لیے نیب سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جوڈیشل ایکٹو ازم پینل نے چیئرمین نیب، ڈی جی، صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن منظرعام پر آچکی ہے، غریب اور مستحق لوگوں کی رقم کرپٹ اور منظور نظر افراد کو دی گئی۔

    خط میں مزید کہا گیا کہ نادرا کی حالیہ رپورٹ کے بعد معاملے میں ملوث افراد کی نشاندہی ضروری ہے اور استدعا کی گئی کہ چیئرمین نیب کرپٹ افراد کی نشاندہی کے لیے انکوائری کا حکم دیں۔

  • بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے سرکاری ملازمین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ

    بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے سرکاری ملازمین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ

    اسلام آباد: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والے سرکاری ملازمین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والے غیر مستحق سرکاری ملازمین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

    سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے بارے میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اس حوالے سے ایک انٹرویو میں کہا کہ متعلقہ سرکاری ملازمین کی تفصیلات ان کے شعبوں کو بھجوائی جائیں گی تاکہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جا سکے۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید شفاف بنایا جائے گا، حکومت نے خصوصی مہم میں ایسے 14 ہزار 730 سرکاری ملازمین کی شناخت کر لی ہے، مجموعی طور پر 8 لاکھ 20 ہزار 165 غیر مستحق خواتین کی شناخت ہو چکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ سے زائد افراد کو نکالنے کا فیصلہ

    دو دن قبل ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ 10 سال قبل سروے کے ذریعے مستحقین کا تعین کیا گیا تھا، 10 سال میں لوگوں کے حالات بدل جاتے ہیں، حکومت نے فیصلہ کیا کہ پروگرام سرکاری ملازمین کے لیے نہیں ہے، اس لیے 8 لاکھ سے زاید خواتین کو نکالنے کا فیصلہ کیا گیا، یہ اقدام مستحق افراد تک مالی امداد پہنچانے کے لیے اٹھایا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ غیر مستحق افراد کو 2011 سے ادائیگیاں کی جا رہی تھیں، ایسا شخص جس کے نام پر گاڑی ہو، پی ٹی سی ایل یا موبائل کا بل ایک ہزار سے زائد ہو، ایسے افراد اہل نہیں ہیں۔

  • سرکاری ملازمین حکومتی مشینری کا اہم حصہ ہیں، راجہ راشد حفیظ

    سرکاری ملازمین حکومتی مشینری کا اہم حصہ ہیں، راجہ راشد حفیظ

    لاہور: وزیر خواندگی و غیررسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ کا کہنا ہے کہ عوامی خدمات کے محکموں کے ملازمین اگر پوری ایمانداری، دیانت اور محنت کے ساتھ کام کریں تو یہ ان کے لیے دین اور دنیا دونوں حوالوں سے باعث اجرو ثواب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ سرکاری ملازمین حکومتی مشینری کا اہم حصہ ہیں جو حکومت کی پالیسی اور ترجیحات کے مطابق عوام الناس کو سہولیات پہنچانے میں بنیادی اور اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ملازمین کا فرض ہے کہ وہ اپنے ذمہ فرائض کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہ کریں اور اپنے اپنے متعلقہ شعبے میں عوام الناس کو بہترین سہولیات اور سروسز کی فراہمی میں اپنا کردار پوری ایمانداری ، محنت اور خلوص نیت کے ساتھ ادا کریں۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ عوامی خدمات کے محکموں کے ملازمین اگر پوری ایمانداری، دیانت اور محنت کے ساتھ کام کریں تو یہ ان کے لیے دین اور دنیا دونوں حوالوں سے باعث اجرو ثواب ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں عوام الناس کی فلاح وبہبود کے لیے بے لوث کام کر رہی ہے۔

  • پنجاب کے سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ جاری کئے جائیں گے، عثمان بزدار

    پنجاب کے سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ جاری کئے جائیں گے، عثمان بزدار

    لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ جاری کئے جائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ سرکاری ملازمین کو صحت انصاف کارڈ فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں اور متعلقہ امور جلد طے کر کے حتمی شکل دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کی فراہمی سے سرکاری ملازمین کو علاج معالجہ کی سہولت ملے گی۔سرکاری ملازمین ہسپتالوں میں تقریباً سوا 7لاکھ روپے تک علاج کی سہولت حاصل کرسکیں گے اور اس حد کو ضرورت پڑنے پر بڑھایا بھی جا سکے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو زندگی کے ہر طبقے کا احساس ہے۔سرکاری ملازمین کا احساس کرتے ہوئے انہیں صحت انصاف کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے اوریہ وہ کام ہیں جو 70سال میں اس سے قبل کسی حکومت نے نہیں کئے ۔

  • سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمرمیں توسیع کا معاملہ، وزیراعظم نے کمیٹی قائم کردی

    سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمرمیں توسیع کا معاملہ، وزیراعظم نے کمیٹی قائم کردی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمرمیں توسیع کے معاملے پر غور کے لئے کمیٹی قائم کردی ، کمیٹی ریٹائرمنٹ کی عمرمیں اضافہ کرنے یا نہ کرنے سے متعلق تجاویز دےگی۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمرمیں توسیع کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے غور کے لئے 7رکنی کمیٹی قائم کردی، وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی کےسربراہ ہوں گے جبکہ سیکریٹری خزانہ،اسٹیبلشمنٹ،دفاع،قانون،آڈیٹرجنرل کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی کمیٹی کےقیام سےمتعلق ٹی اوآرز واضح کردیئےگئے، کمیٹی ریٹائرمنٹ کی عمرمیں اضافہ کرنےیانہ کرنےسےمتعلق اور ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے پر قانونی،معاشی، انتظامی تجاویز دے گی۔

    ذرائع کے مطابق خصوصی کمیٹی وزیراعظم کو 3ہفتوں میں تجاویزپیش کرےگی جبکہ قابل عمل ہونے پر عملدرآمد سے متعلق پلان بھی تجویز کرے گی۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت سول سروس اصلاحات میں پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا تھا ، جس میں مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین کی وزیرِ اعظم کو سول سروس اصلاحات میں اب تک کی پیش رفت اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی تھی۔

    وزیرِ اعظم کو بتایا گیا تھا کہ سرکاری ملازمین کی بھرتیوں، پیشہ وارانہ تربیت، کارکردگی جانچنے کے معیار، ترقی کے طریقہ کار اور سینئر ترین عہدوں پر قابل افراد کی تعیناتی کے لئے موجودہ نظام کا جائزہ لے کر ان میں ضروری تبدیلیاں کی جا رہی ہیں جن کے بارے میں سفارشات جلد کابینہ کے سامنے پیش کر دی جائیں گی۔

    وزیرِ اعظم نے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ سیاسی ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ضروری ہے کہ سول سروس قابل اور پرعزم افرادی قوت پر مشتمل ہو جو عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو جبکہ ہدایت کی تھی کہ سول سروسز ریفارمز کے عمل کو تیز کیا جائے۔

  • سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری

    سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری

    پشاور: خیبرپختونخواحکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے بلاسود قرضے دینے کی منظوری دے دی، بلاسود قرضےگھر،گاڑی ،موٹرسائیکل خریدنے کے لیے فراہم کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری آگئی ، کے پی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے بلاسود قرضے دینے کی منظوری دے دی۔

    بلاسود قرضےگھر،گاڑی ،موٹرسائیکل خریدنے کے لیے فراہم کیےجائیں گے ، دستاویز کے مطابق گریڈ 1 سے17 تک کے ملازمین قرضے لینے کے اہل ہوں گے، کم سے کم 5 سال اور زیادہ سے زیادہ 10سال مدت ملازمت والے قرض لے سکیں۔

    یاد رہے جون میں خیبرپختونخوا حکومت نے ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا ، ذرائع کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت ریٹائرمنٹ کی عمر میں تین سال کا اضافہ کرے گی، جس کے بعد سرکاری ملازمین 60 کے بجائے 63 برس میں ملازمت سے سبکدوش ہوں گے۔

    فیصلہ ریٹائڑد سرکاری ملازمین کے پنشن اخراجات میں مسلسل اضافے کے پیش نظر کیا گیا تھا ، ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے سے حکومت پر پنشن کی مد میں پڑنے والا بوجھ کم ہو گا۔

    بعد ازاں وزیراعظم نے سیکریٹری خزانہ کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے معاملے پر مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب اور خیبر پختون خواہ کے وزرائے اعلی اور چیف سیکرٹریز سے بھی رائے طلب کی تھی۔

  • وفاقی وزرا کی تنخواہ میں 10 فی صد کمی کا فیصلہ

    وفاقی وزرا کی تنخواہ میں 10 فی صد کمی کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس نے سارے وفاقی وزرا کی تنخواہ میں 10 فی صد کمی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ نے تمام وفاقی وزرا کی تنخواہوں میں کمی کا فیصلہ کر لیا ہے، وزرا کی تنخواہوں میں دس فی صد کمی کی جائے گی۔

    کابینہ نے گریڈ 21 اور 22 کے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بھی نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا، وفاقی کابینہ نے بجٹ تجاویز کی بھی منظوری دے دی۔

    واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی میں سالانہ بجٹ پیش کیا جا رہا ہے، اس بجٹ میں سالانہ چار لاکھ سے زائد تنخواہ وصول کرنے والوں پر ٹیکس عاید کیے جانے کا امکان ہے، 4 لاکھ روپے سالانہ آمدنی پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔

    مالی سال کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس کی شرح میں تبدیلی کی جائے گی ، ایک بار پھر 4 لاکھ سے زائد کی رقم قابل ٹیکس آمدن قرار دیے جانے کا امکان ہے۔