Tag: سرکاری ٹی وی

  • سرکاری ٹی وی پر پیٹرول چرانے کا طریقہ بتایا جانے لگا

    سرکاری ٹی وی پر پیٹرول چرانے کا طریقہ بتایا جانے لگا

    ایتھنز: یونان میں سرکاری ٹی وی پر پیٹرول چرانے کا طریقہ بتایا جانے لگا جس پر لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی، یونان میں اس وقت پیٹرول کی قیمت آسمان پر جا پہنچی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق یونان کا سرکاری ٹی وی چینل اس وقت لوگوں کی تنقید کا نشانہ بن گیا جب ایک پروگرام میں دکھایا گیا کہ ایک پائپ سے کسی کی گاڑی سے پیٹرول کیسے نکالا جاسکتا ہے۔

    یہ پروگرام اس وقت نشر ہوا جب یونان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

    ای آر ٹی نامی چینل میں 22 جون کو مارننگ شو میں رپورٹر نے بتایا کہ یہ بہت زیادہ مشکل کام نہیں، درحقیقت آپ کو کسی خصوصی ٹیوب کی بھی ضرورت نہیں، ایک عام پائپ سے بھی ایسا کیا جاسکتا ہے۔

    گاڑی سے پیٹرول کو نکالنے کے طریقہ کار کا مظاہرہ کرنے کے بعد ایک مکینک نے ان جگہوں کی نشاندہی بھی کی جہاں سے گاڑی کے پیٹرول ٹینک سے ایندھن کو چرایا جاسکتا ہے۔

    اس پروگرام پر لوگوں نے سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹویٹر پر بہت زیادہ تنقید کی۔

    ایک صارف نے کہا کہ کیا آپ لوگ پاگل ہوگئے ہیں جو لوگوں کو پیٹرول چرانے کے طریقے بتا رہے ہیں۔

    ایک اورصارف نے کہا کہ پیٹرول کو آسانی سے چرانے کے 2 طریقوں کے بعد اب ای آر ٹی کی جانب سے یہ سکھایا جائے گا کہ کس طرح تالوں کو کھولا جاسکتا ہے اور بٹوے چرائے جاسکتے ہیں۔

    یونان کی ایک ویب سائٹ پر اس ویڈیو کو 23 جون تک 1 لاکھ 70 ہزار بار سے زیادہ دیکھا جاچکا تھا جبکہ ہزاروں افراد نے ٹویٹر پر بھی اسے دیکھا۔

    خیال رہے کہ یونان میں حالیہ مہینوں میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اس وقت ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 2.37 یورو ہے۔

  • پی ٹی وی نے 4 ارب روپے کا ریونیو ٹارگٹ حاصل کیا ہے: فواد چوہدری

    پی ٹی وی نے 4 ارب روپے کا ریونیو ٹارگٹ حاصل کیا ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن نے 4 ارب روپے کا ریونیو ٹارگٹ حاصل کیا ہے، پی ٹی وی جب ہمیں ملا تھا مکمل دیوالیہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن نے 4 ارب روپے کا ریونیو ٹارگٹ حاصل کیا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ سرکاری ٹی وی کی تاریخ کا سب سے بڑا ریونیو ہے۔ پی ٹی وی جب ہمیں ملا تھا مکمل دیوالیہ تھا، اس مختصر عرصے میں دو چینلز ڈیجیٹل کیے اور پی ٹی وی کا بزنس ماڈل دیا۔

    انہوں نے کہا کہ آج پی ٹی وی ان اداروں میں شامل ہے جو منافع میں ہیں۔

  • اداکارہ سیمی راحیل سرکاری ٹی وی کا بھیجا گیا چیک دیکھ کر سخت افسردہ

    اداکارہ سیمی راحیل سرکاری ٹی وی کا بھیجا گیا چیک دیکھ کر سخت افسردہ

    پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ سیمی راحیل نے سرکاری ٹی وی چینل کی جانب سے 1400 روپے ادا کیے جانے پر شدید برہمی اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیمی راحیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اس چیک کی تصویر شیئر کی جو انہیں پی ٹی وی کی جانب سے موصول ہوا، سیمی راحیل نے یوم آزادی کے موقع پر پی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی تھی جس کا معاوضہ انہیں اب موصول ہوا۔

    ٹی پروگرام میں شرکت کرنے پر بطور معاوضہ بھیجا جانے والا یہ چیک 1400 روپے کا ہے جسے دیکھ کر سیمی سخت صدمے کا شکار ہوگئیں۔

    اپنے انسٹاگرام پر اداکارہ نے لکھا کہ یہ چیک اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری ریاست اپنے فنکاروں سے کس قدر محبت کرتی ہے، 4 دہائیوں کے بعد بھی یہ عمل واقعی خوفناک اور پریشان کن ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Simiraheal (@simi_raheal_official)

    ایک نجی خبر رساں ادارے سے اسی معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے سیمی راحیل کا کہنا تھا کہ لوگ ہم سے سوال کرتے ہیں کہ آپ سرکاری ٹی وی چینل پر کام کیوں نہیں کرتیں، ہمارا سرکاری ٹی وی پرائیوٹ ٹی وی چینلز سے مقابلے کرنے کا دعویٰ تو بہت کرتا ہے لیکن وہاں سینئر فنکاروں کے ساتھ جو سلوک کیا جاتا ہے اس کا اندازہ اس چیک سے ہوجاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سرکاری ٹی وی صرف اپنے پسندیدہ فنکاروں کی ہی عزت کرتا ہے جبکہ باقی فنکاروں کے ساتھ ایسا ہی سلوک کیا جاتا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سرکاری ٹی وی سینیئر اداکار راشد محمود کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بن چکا ہے جنہوں نے اپنے چیک کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی۔

    راشد محمود کو محرم الحرام میں مرثیہ پڑھنے پر صرف 620 روپے کا چیک بھیجا گیا تھا جس کے بعد راشد محمود نے سرکاری ٹی وی چینل پر مزید کام نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    ان کی پوسٹ کے بعد متعدد فنکاروں نے ان کی حمایت کی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے اسے ایک غلطی قرار دیا تھا۔ بعد ازاں پی ٹی وی نے اس غلطی پر معذرت کرتے ہوئے راشد محمود کو 9 ہزار 600 روپے کا چیک بھیجا تھا۔

  • فواد چوہدری کی سرکاری ٹی وی اور ریڈیومیں ڈگریوں کی تصدیق کے لیے بورڈ بنانے کی ہدایت

    فواد چوہدری کی سرکاری ٹی وی اور ریڈیومیں ڈگریوں کی تصدیق کے لیے بورڈ بنانے کی ہدایت

    اسلام آباد : وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سرکاری ٹی وی اور ریڈیومیں 2008 کے بعد تعینات ہونے والے ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سرکاری ٹی وی اور ریڈیو میں ڈگریوں کی تصدیق کے لیے بورڈ بنانے کی ہدایت کردی۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ 2008 کے بعد تعینات ہونے والے ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق کی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ تین رکنی بورڈ ڈگریوں کی تصدیق کا کام سرانجام دے گا، ڈگریوں کی تصدیق کا عمل ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔

    وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ ایچ ای سی کا نمائندہ بھی بطورمعاون شریک ہوگا، آغاز سینئر افسران سے ہوگا تمام ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق ہوگی۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ جن کی ڈگریوں کی تصدیق نہیں ہوگی، وہ وصول تنخواہیں واپس کریں گے، غیرتصدیقی اسناد پربھرتیاں کرنے والوں کو بھی نوٹس جاری کیے جائیں گے۔

    بیوروکریسی کو منتخب نمائندوں کی بات ماننا پڑے گی‘ فواد چوہدری

    ‌یاد رہے کہ دو روز قبل وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ صاف شفاف انتخابات دیکھ کرن لیگ والوں کے ہاتھ پھولے ہوئے ہیں۔

  • سعودی حکام نے سرکاری ٹی وی پر خاتون نیوز کاسٹر متعارف کروا دی

    سعودی حکام نے سرکاری ٹی وی پر خاتون نیوز کاسٹر متعارف کروا دی

    ریاض : سعودی عرب کی حکومت نے ریاست کے سرکاری نشریاتی پر پہلی مرتبہ خاتون نیوز کاسٹر کو خبرنامہ پڑھنے کے لیے متعارف کروادیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے تحت گذشتہ برس خواتین کو ڈرائیونگ کرنے کی اجازت دی گئی تھی، جس کے بعد خواتین کی میراتھن ریس سمیت مملکت کے دیگر شعبوں میں بھی خواتین کو شامل کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری نشریاتی ادارے پر خاتون نیوز کاسٹر کو متعارف کروایا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سرکاری ٹی وی خبرنامہ پڑھنے والی پر ویم الدخیل نامی خاتون کو ریاست کی پہلی نیوز کاسٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہوگا۔

    عرب میڈیا کے مطابق ویم الدخیم سعودیہ ٹی وی پر مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے کا خبرنامہ مرد نیوز کاسٹر کے ہمراہ نشر کریں گی۔

    عرب خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے شہریوں نے جب سرکاری نشریاتی ادارے پر مرد اینکر کے ساتھ خاتون کو خبر نشر کرتے دیکھا تو حیران ہوئے اور حکام کے مذکورہ اقدام کا خیر مقدم کیا۔

    سعودی عرب کے بعض شہریوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سرکاری ٹی وی پر خاتون نیوز کاسٹر کی تعیناتی کو خواتین کے لیے سنگ میل قرار دیا۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل شہزادی ریما بنت بندر السعود کا کہنا ہے کہ سعودی عرب ایک بین الااقوامی معاشرے کا حصہ ہے ، سعودی عرب میں بات اب صرف عورتوں کے حقوق کی نہیں بلکہ صنفی غیر جانبداری کی ہے، اسی لئے سعودی عرب اس وقت مثبت تبدیلی سے گزر رہا ہے۔

    حال ہی میں سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کو اسٹیڈیم میں جا کر میچ دیکھنے کی اجازت ملی جبکہ سعودی عرب کے سینما گھروں میں بھی فلموں کی نمائش کی گئی ۔

    سال 2016 کے وسط میں سعودی حکومت نے وژن 2030 کے تحت خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کے اہم فیصلے کے بعد طالبات کو یونیورسٹیوں میں موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت بھی دی جبکہ حکومت نے روشن خیالی کی سمت ایک اور قدم آگے بڑھاتے ہوئے سرکاری چینل پر عرب لیجنڈ گلوکارہ ام کلثوم کا میوزک کنسرٹ نشر کیا تھا۔

  • پشاور: سرکاری ٹی وی سینٹرمیں لگی آگ پرقابوپالیا گیا

    پشاور: سرکاری ٹی وی سینٹرمیں لگی آگ پرقابوپالیا گیا

    پشاور: سرکاری ٹی وی کے پشاور سینٹرمیں لگنے والی آگ پرقابوپا لیا گیا، آگ عمارت کے گراؤنڈ فلورپر لگی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کینٹ کے علاقے میں سرکاری ٹی وی کی عمارت میں لگنے والی آگ پر 4 گھنٹے کی جدوجہد کےبعد قابو پا لیا گیا تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے۔

    ترجمان ریسکیو کے مطابق ریسکیوآپریشن میں فائربریگیڈ کی آٹھ گاڑیوں، دو واٹرباؤزر، تین ایمبولینسوں اور چالیس فائرفائٹرزنے حصہ لیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق آگ عمارت کے نچلی حصے میں لگی، جس پر قابو پانے کا آپریشن مکمل کرنےمیں چار گھنٹے کا وقت لگا۔

    ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ آتشزدگی سے دو اسٹوڈیواوراوپروالا ہال متاثر ہوا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کےباعث لگی۔

    ریسکیو حکام کےمطابق آگ بجھانے کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے جبکہ طبی امداد کے لیے 3 ایمبولینس بھی موقع پر موجود ہیں۔


    پشاور، سوات اورگردونواح میں زلزلےکےجھٹکے


    خیال رہے کہ آج صبح صوبہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور، چترال، سوات اور گرد ونواح میں آج صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کوئی جانی جانی ومالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔