Tag: سرکاری پاور پلانٹس

  • سرکاری پاور پلانٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ مکمل، 3 میں سے صرف ایک کی بولی لگی

    سرکاری پاور پلانٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ مکمل، 3 میں سے صرف ایک کی بولی لگی

    سرکاری پیداواری یونٹس کے پاور پلانٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے اور تین پاور پلانٹس میں سے صرف ایک کی بولی لگی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سرکاری پیداواری یونٹس کے پاور پلانٹس کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ آج اسلام آباد میں مکمل ہو گیا۔ نیلامی میں تین پاور پلانٹس کو رکھا گیا تھا، تاہم صرف ایک سرکاری پلانٹ کی بولی لگی۔

    پاور ڈویژن حکام کے مطابق آج مجموعی طور پر 2362 میگا واٹ کے تین پاور پلانٹس نیلامی کے لیے پیش کیے گئے تھے۔ ان میں سے صرف 800 میگاواٹ والے جامشورو پاورپلانٹ کے لیے خریدار کمپنی سامنے آئی۔

    صدیق اینڈ سنز کمپنی نے جامشورو تھرمل پاور پلانٹ کی خریداری کیلیے بولی لگائی۔ حکومت نے جامشورو پاور پلانٹ کی ریزرو پرائس 9 ارب 97 کروڑ مقرر کی تھی۔

    پاور ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ جنکو ٹو کے 6 پاور پلانٹس کی نیلامی کا عمل مؤخر کردیا گیا ہے اور اب یہ نیلامی 30 مئی کو دوبارہ شروع کی جائے گی۔

    اس نیلامی میں جنکو تھری کیلیے کوئی بھی بولی دہندہ نیلامی میں شامل نہ ہوا۔ اس میں مظفر گڑھ اور فیصل آباد پاور اسٹیشن شامل ہیں اور دونوں پاور پلانٹس کی پیداواری صلاحیت 1482 میگاواٹ ہے۔ حکومت نے جنکو تھری پاور پلانٹس کی ریزرو پرائس 26 ارب 62 کروڑ مقرر کی تھی۔

    پاور ڈویژن کے مطابق پرانے پلانٹس کی بولی کا انتظام کیا تھا جس کا پہلا فیز مکمل ہوگیا تھا۔ پہلے فیز میں 9 ارب کی بولیاں موصول ہوئیں۔ نیسپاک نے بولی کے عمل میں معاونت کی جب کہ مظفر گڑھ اور فیصل آباد کیلیے کوئی بولی نہیں آئی۔

  • سرکاری پاور پلانٹس کو ڈھائی سو ارب روپے سے زائد ادائیگی کی منظوری

    سرکاری پاور پلانٹس کو ڈھائی سو ارب روپے سے زائد ادائیگی کی منظوری

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے سرکاری پاور پلانٹس کو ڈھائی سو ارب روپے سے زائد ادائیگی کی منظوری دیدی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نگران وزیر خزانہ ڈاکٹرشمشاد اختر کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سرکاری پاور پلانٹس کو 262 ارب روپے ادائیگی کی منظوری دیدی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ پاور پلانٹس کو آئی پی پیز کی طرز پر تکنیکی گرانٹ کے طور پر رقم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    کےالیکٹرک کے بقایاجات کی مد میں 57 ارب کی ایڈوانس سبسڈی بھی منظور کی گئی ہے۔ آئی ایم ایف شرائط کے تحت ایکسپورٹ فنانس اسکیم فیز آؤٹ کرنے کی منظوری

    نیکا ادارے کو سائنس و ٹیکنالوجی ڈویژن سے وزارت توانائی کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مقصد کیلئے 15 کروڑ 24 لاکھ روپےکی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ بھی منظور کی گئی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ آئی بی کو رواں مالی سال کے دوران 25 کروڑ روپے اضافی فنڈز فراہمی کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

    گندم کی امدادی قیمت، تمباکو کی فصل کی کم ازکم قیمت کے تعین کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ تاپی منصوبے سے متعلق وزارت پیٹرولیم کی سمری مؤخر کر دی گئی ہے۔