Tag: سرکاری گندم

  • سرکاری گوداموں میں لاکھوں ٹن گندم خراب ہونے کا انکشاف

    سرکاری گوداموں میں لاکھوں ٹن گندم خراب ہونے کا انکشاف

    راولپنڈی: فلورمل مالکان نے مہنگی سرکاری گندم خریدنے سے انکارکردیا،پرانی گندم کافی من سرکاری ریٹ 4700 روپے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کے سرکاری گوداموں میں لاکھوں ٹن گندم خراب ہونے کا انکشاف سامنے آیا۔

    ذرائع محکمہ خوراک نے بتایا کہ فلورمل مالکان نے مہنگی سرکاری گندم خریدنے سے انکارکردیا، سرکاری گوداموں میں گزشتہ سال کی ہزاروں ٹن گندم خراب ہونے لگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ زیادہ ریٹ اور کوالٹی خراب ہونے کے باعث فلورملز نے گندم اٹھانے سے انکار کر دیا۔

    فلورملزمالکان نے کہا ہے کہ پرانی گندم کافی من سرکاری ریٹ 4700 روپے ہے،کوالٹی بھی ٹھیک نہیں، نئی گندم کا فی من سرکاری ریٹ 3900روپے ہے۔

    مالکان کا کہنا تھا کہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی نئی بمپر کراپ آئی ہے، اوپن مارکیٹ میں فی من قیمت 3 ہزار روپے ہے کوالٹی بھی سرکاری گندم سے اچھی ہے، مہنگی سرکاری گندم خرید کر اپنا نقصان نہیں کرسکتے۔

  • سرکاری گندم میں مٹی ملانے کے کیس کا مقدمہ مزدوروں کیخلاف درج

    سرکاری گندم میں مٹی ملانے کے کیس کا مقدمہ مزدوروں کیخلاف درج

    چوک اعظم: سرکاری گندم میں مٹی ملانے کے کیس کا مقدمہ مزدوروں کیخلاف درج کرلیا گیا، فتح پورفوڈسینٹر پرگندم کی بوریوں سے مٹی برآمد ہوئی تھی۔

    پنجاب کے ضلع لیہ کی تحصیل چوک اعظم میں سرکاری گندم میں مٹی ملانے کے کیس کا مقدمہ مزدوروں کیخلاف درج کرلیا گیا، مقدمے میں 3 نامزد اور 6 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

    فتح پورفوڈسینٹر پرگندم کی بوریوں سےمٹی برآمدہوئی تھی ، رپورٹ میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر،فوڈ انسپکٹر ودیگرنےمٹی ڈالنے کے احکامات کا اعتراف کیا۔

    3 افسران رانا یعقوب،محمد سرور اور اعزادار حسین کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی جبکہ نگران ، بیلدار اور چوکیدار کو بھی معطل کرکے کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔

  • اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن، سرکاری گندم میں مٹی ملانے والا افسر معطل

    اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن، سرکاری گندم میں مٹی ملانے والا افسر معطل

    جیکب آباد: اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے سیشن کورٹ جیکب آباد نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو طلب کرلیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز اے آر وائی نیوز نے صوبہ سندھ کے ضلع جیکب آباد کی خبر نشر کی تھی جس میں ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرجیکب آباد کی سرپرستی میں سرکاری گندم میں مٹی ملائی جارہی تھی۔

    محکمہ خوراک کی جانب سے جیکب آباد کے گودام میں چھاپہ مارا گیا تھا جہاں فوڈ سپروائزرغلام مصطفی گندم میں مٹی ملاتے ہوئےرنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق گندم میں بڑی مقدار میں مٹی ملانے کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ واقعے کے ویڈیو شواہد بھی موجود ہیں،واقعے میں ملوث فوڈ سپر وائزرغلام مصطفی انڑ کو سرکاری گندم میں مٹی ملانے کے الزام میں معطل کیا جاچکا ہے۔

    تاہم اب جیکب آباد کی مقامی عدالت نے اے آر وائی نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کوطلب کرلیاہے، سیشن کورٹ نے حکم دیا ہے کہ فوڈ کنٹرولر جیکب آباد خادم شر 29 مئی کو عدالت کے روبرو پیش ہوں۔

    ڈی جی فوڈ سندھ سید امداد شاہ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ متعلقہ کیس میں ڈپٹی ڈائریکٹرفوڈ لاڑکانہ کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے رپورٹ کے بعد پر فوڈ سپروائزرغلام مصطفی انڑ کیخلاف مزید کارروائی ہوگی۔

  • سندھ کی تاریخ میں سرکاری گندم کی سب سے بڑی چوری کا انکشاف

    سندھ کی تاریخ میں سرکاری گندم کی سب سے بڑی چوری کا انکشاف

    کراچی : سندھ کی تاریخ میں سرکاری گندم کی سب سےبڑی چوری کاانکشاف ہوا ،سندھ کے سرکاری گوداموں سے ایک لاکھ 68 ہزارمیٹرک ٹن گندم چوری کی گئی، محکمہ اینٹی کرپشن کو تحقیقات کیلئے درخواست دے دی ہے۔

    آروائی نیوز کے نمائندہ ارباب چانڈیو کے مطابق سندھ میں سرکاری گندم کی اربوں روپے کی چوری کا انکشاف سامنے آیا ، محکمہ خوراک سندھ نے سرکاری گوداموں سے ہونےوالے اس چوری کی تصدیق کردی ہے۔

    محکمہ خوراک سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ کے سرکاری گوداموں سے ایک لاکھ اڑسٹھ ہزارمیٹرک ٹن گندم چوری کی گئی، اس کی مالیت اوپن مارکیٹ میں سات ارب روپے بتائی جارہی ہے۔

    محکمہ خوراک کےمطابق اس کےعلاوہ ایک ارب پانچ کروڑ روپے کی گندم نوری آباد کے بعدکراچی آتے آتے غائب ہوگئی، چیف سیکریٹری نے محکمہ خوراک کی گندم چوری کرنے والے ملازمین، ٹھیکیداروں اور ملوث ملز اونر کیخلاف تحقیقات کی سفارش پرانکوائری اینٹی کرپشن کو سونپ دی ہے۔

    گذشتہ روز محکمہ خوراک سندھ نے 14 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا ہدف رکھا اور اس حوالے سے سخت احکامات بھی جاری کرتے ہوئے کہا ریجنل ڈپٹی ڈائریکٹرز،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز گندم کی خریداری کے حوالے سے کوششیں تیز کر دیں ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدف مکمل کرنے کے لیے سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ افسران گندم کے ہدف کے حصول کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔