Tag: سرگودھا کے اسپتال

  • اسپتال سے نومولود کا اغوا ، اہم انکشاف سامنے آگیا

    اسپتال سے نومولود کا اغوا ، اہم انکشاف سامنے آگیا

    سرگودھا : ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال سے نومولود بچے کے اغوا میں اغوا کار خاتون کی جانب سے اسپتال عملے کو رقم دے کر جانے کا انکشاف سامنے آیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال سے نومولود کےاغوا کے معاملے پر اسپتال کے عملے کو رقم دے کر بچہ لے جانے کا انکشاف ہوا‌۔

    بینہ اغوا کار خاتون کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، اسپتال سے اغوا بچے کو چار روز بعد بھی تلاش نہیں کیا جا سکا۔

    سوشل میڈیا پر مبینہ اغوا کار خاتون کی وائرل فوٹیج نے بھانڈا پھوڑ دیا، ،فوٹیج میں عملےکو رقم دینے کے بعد خاتون کوبچہ لے کرجاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    واضح فوٹیج کے باوجود پولیس خاتون تک پہنچنے میں ناکام ہے، ایم ایس اور اسپتال انتظامیہ اس حوالے کچھ بھی بتانےسےقاصر ہے، دوسری جانب بچے کے رشتےداروں نے اسپتال کے باہرمظاہرہ کیا۔

    یاد رہے 18 جولائی کو سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال سے دو دن کا نومولود غائب ہوگیا تھا، محنت کش باپ علاج کے لیے نومولود کو اسپتال لایا تھا، عملے نے چیک اپ کے بعد ٹیگ لگا کر بچہ وارڈ میں منتقل کیا۔

    والد نے کچھ دیر بعد بچے کا پوچھا تو کہا گیا بچہ وارڈ میں نہیں ہے، والد کا کہنا تھا کہ عملے نے بچے کو وارڈ میں داخل کرکے ہمیں باہر نکال دیا تھا، واقعے کی اطلاع پولیس کو دی ہے لیکن ابھی تک بچے کا کچھ پتا نہیں چل سکا ہے۔