Tag: سرگودھا

  • سرگودھا میں خاتون کے ہاں بیک وقت 6 بچوں کی پیدائش

    سرگودھا میں خاتون کے ہاں بیک وقت 6 بچوں کی پیدائش

    سرگودھا: پنجاب کے شہر سرگودھا میں خاتون کے ہاں بیک وقت 6 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے نجی اسپتال میں غزالہ نامی خاتون نے بیک وقت 6 بچوں کو جنم دیا ہے، نومولود بچوں میں 4 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خوش نصیب والدین کے ہاں 7 سال بعد پہلی اولاد ہوئی ہے، تمام بچے اور ان کی والدہ صحت مند ہیں۔

    بچوں کی پیدائش کے بعد پورے اہل خاندان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور خاندان کے لوگ ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلاتے اور مبارکباد دیتے رہے۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق سرگودھا میں بیک وقت چھ بچوں کی پیدائش کا پہلا واقعہ ہے اس سے قبل اسی اسپتال میں ایک خاتون نے ایک ہی وقت میں پانچ بچوں کو جنم دیا تھا۔

    مزید پڑھیں: لاہور: شادی کے 4 سال بعد ایک ساتھ 4 بچوں کی پیدائش

    واضح رہے کہ یکم ستمبر کو لاہور کے شہر ڈسکہ میں شادی کے چار سال بعد رہائشی علی رضا کے بیک وقت 4 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی، پورا خاندان اس موقع پر خوشی سے جھوم اٹھا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال جون میں بھی لاہور میں نجی اسپتال میں خاتون کے ہاں 4 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔

    لاہور کے علاقے جلوموڑ کے رہائشی محمد قیصر کی اہلیہ نے 4 بچوں کو جنم دیا تھا، جن میں 2 لڑکیاں اور 2 لڑکے شامل ہیں۔

  • سرگودھا میں گھریلو جھگڑا 7 افراد کی جان لے گیا

    سرگودھا میں گھریلو جھگڑا 7 افراد کی جان لے گیا

    سرگودھا: صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں ذہنی مریض نے فائرنگ کرکے اپنے خاندان کے 7 افراد کو موت کے گھاٹ اتار کر خود بھی خودکشی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا کی تحصیل ننکانہ صاحب میں گھریلو جھگڑا 7 افراد کی جان لے گیا، قتل کی لرزہ خیز واردات نواحی علاقے لکسیاں میں پیش آئی، نوردین نامی شخص نے اپنے پیاروں پر گولیاں برسادیں۔

    رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں بھائی، دو بھتیجے، اور تین بھابیاں شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گھریلو جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا، مقتولین اور ملزم ایک ہی خاندان سے ہیں۔

    مزید پڑھیں: سرگودھا: ٹیچر کا 8 سالہ طالبہ پر تشدد، سر کے بال کاٹ دیے

    افسوسناک واقعے میں جاں بحق افراد میں سے دو کی شناخت 50 سالہ محمد طفیل، 40 سالہ مجیدہ بی بی کے ناموں سے ہوئی ہے، دیگر افراد کی عمریں 16 سے 20 برس کے درمیان ہیں۔

    ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشوں کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

    ڈی پی او سرگودھا کا کہنا ہے کہ قاتل نور دین ذہنی مریض ہے، آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کرلی۔

  • قوم عید الاضحیٰ پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کررہی ہے، عثمان بزدار

    قوم عید الاضحیٰ پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کررہی ہے، عثمان بزدار

    سرگودھا: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قوم عید الاضحیٰ پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مودی سرکار کے ظلم کے باعث کشمیری عید کی خوشیاں نہیں مناسکے ہیں، بھارت جتنا ظلم کرلے، کشمیریوں کی آزادی کی منزل قریب آچکی ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، میں لاہور میں کشمیر ریلی کی قیادت کروں گا۔

    دوسری جانب عثمان بزدار نے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کانسٹیبل کے اہلخانہ سے ملاقات کی، عثمان بزدار نے کہا کہ شہید کانسٹیبل انصر جاوید نے فرض کی ادائیگی میں اپنی قیمتی جان قربان کی ہے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان نے بھارت کی مکاری کا پردہ فاش کردیا،عثمان بزدار

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہادت کا رتبہ پانے والے پولیس کانسٹیبل کو سلام پیش کرتے ہیں، شہدا کے لواحقین کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں، ہمیں آج شہدا کے اہلخانہ کو بھی یاد رکھنا چاہئے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سرگودھا میں صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آلائشوں کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگایا جائے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب قوم کی آواز ہے، عمران خان نے بھارت کی مکاری کا پردہ فاش کردیا اور دنیا کو امن کا پیغام دیا ہے۔

  • وزیراعظم کا اسپتال کا اچانک دورہ، والدین نے اپنے نومولود بچے کا نام ’عمران خان‘ رکھ دیا

    وزیراعظم کا اسپتال کا اچانک دورہ، والدین نے اپنے نومولود بچے کا نام ’عمران خان‘ رکھ دیا

    اسلام آباد: سرگودھا میں وزیراعظم عمران خان نے سرکاری اسپتال کا اچانک دورہ کیا جس کے دوران وہاں موجود والدین نے اپنے نومولود بچے کا نام عمران خان رکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سرگودھا میں سرکاری اسپتال کے اچانک دورے کی خوشی میں اسپتال میں موجود والدین نے اپنے نومولود بچے کا نام عمران رکھ دیا۔

    اس موقع پر بچے کے والد کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے ہامی ہیں اور اسی وجہ سے بچے کا نام عمران خان رکھا ہے۔

    وزیراعظم نے ننھے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    مزید پڑھیں: وزیر اعظم کا عوامی سہولتوں کی براہ راست نگرانی کا فیصلہ، مختلف اسپتالوں کا دورہ

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کا دورہ کیا، وزیراعظم کو دیکھ کر اسپتال میں موجود لوگ حیران ہوگئے اور ان کے لیے نعرے بھی لگائے۔

    وزیر اعظم نے مریضوں کی تیمار داری کی اور اسپتال میں سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے براہ راست مریضوں سے سہولتوں سے متعلق پوچھا جبکہ مریضوں سے علاج و معالجے کا بھی دریافت کیا۔

    انہوں نے ڈاکٹرز کو بہترین علاج و معالجہ فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔ لوگوں نے وزیر اعظم کے اچانک دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیر اعظم نے مشیر برائے قومی صحت کو فوری طور پر سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں جا کر مریضوں کی عیادت بھی کی۔

  • وزیر اعظم کا عوامی سہولتوں کی براہ راست نگرانی کا فیصلہ، مختلف اسپتالوں کا دورہ

    وزیر اعظم کا عوامی سہولتوں کی براہ راست نگرانی کا فیصلہ، مختلف اسپتالوں کا دورہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مقامی سطح پر فراہم کی جانے والی تمام سہولتوں کی براہ راست نگرانی کا فیصلہ کرتے ہوئے مختلف سرکاری اسپتالوں اور تھانے کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے مقامی سطح پر فراہم کی جانے والی سہولتوں کی براہ راست نگرانی کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد وزیر اعظم ملک بھر میں کہیں بھی اچانک دورے کریں گے۔ اس دوران وہ اسپتالوں، اسکولوں، تھانوں، پناہ گاہوں اور مختلف منصوبوں کا جائزہ لیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان مختلف شہروں میں جائیں گے اور عوام سے ملیں گے جبکہ وہ عوام کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا بھی جائزہ لیں گے۔

    اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے پہلا دورہ سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کا کیا جہاں وہ بغیر پروٹوکول پہنچے۔ وزیر اعظم کو دیکھ کر اسپتال میں موجود لوگ حیران ہوگئے اور ان کے لیے نعرے بھی لگائے۔

    اپنے اچانک دورے کے دوران وزیر اعظم نے مریضوں کی تیمار داری کی اور اسپتال میں سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے براہ راست مریضوں سے سہولتوں سے متعلق پوچھا جبکہ مریضوں سے علاج و معالجے کا بھی دریافت کیا۔

    انہوں نے ڈاکٹرز کو بہترین علاج و معالجہ فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔ لوگوں نے وزیر اعظم کے اچانک دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

    اس کے بعد وزیر اعظم ڈی ایچ کیو اسپتال خوشاب پہنچے، یہاں بھی انہوں نے اسپتال کا معائنہ کیا اور مریضوں سے سہولتوں سے متعلق پوچھا۔

    وزیر اعظم نے اسپتال کے ایم ایس سے پوچھا کہ یہ اسپتال نیا لگ رہا ہے کب کھلا؟ جس پر ایم ایس نے بتایا کہ یہ اسپتال 3 ماہ پہلے کھلا، 125 بیڈ پر مشتمل ہے تاہم اوور لوڈنگ کی وجہ سے 200 بیڈز تک انتظام کردیا کردیا گیا۔

    وزیر اعظم نے بچوں کے وارڈز کا بھی دورہ کیا جہاں نرس نے بچوں کے وارڈز میں سہولتوں کی عدم دستیابی کی شکایت کردی۔ نرس کا کہنا تھا کہ ہمیں 3 سے 4 بچے ایک بیڈ پر لانا پڑتے ہیں۔ اوور لوڈنگ کے باعث مریضوں کو انتظار کرنا پڑتا ہے۔

    وزیر اعظم نے مشیر برائے قومی صحت کو فوری طور پر سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں جا کر مریضوں کی عیادت بھی کی۔

    وزیر اعظم کا تھانے کا دورہ

    اسپتالوں کے بعد وزیر اعظم عمران خان تلہ گنگ تھانے پہنچ گئے جہاں انہوں نے پولیس افسران کی حاضری کا ریکارڈ طلب کر لیا۔

    انہوں نے لاک اپ میں قید افراد سے متعلق بھی دریافت کیا۔ وزیر اعظم نے تھانے میں بند قیدیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا مسئلہ ہے کس جرم میں لایا گیا؟ ایس ایچ او نے بتایا کہ ڈکیتی کے کیس میں لایا گیا، آج ہی ریمانڈ لیا گیا۔

    وزیر اعظم نے تھانے میں بند گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا جائزہ لیتے ہوئے دریافت کیا کہ تھانے میں اتنی گاڑیاں کیوں کھڑی ہیں؟ انہوں نے ایف آئی آر کے اندراج سے متعلق تھانے کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔

    وزیر اعظم کے اچانک دوروں سے انتظامیہ اور افسران بھی لاعلم ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے کراچی کا دورہ کیا تھا، ایک روزہ دورے کے دوران انہوں نے گورنر ہاؤس میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدرات کی تھی۔

    وزیر اعظم نے شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ افطار ڈنر میں بھی شرکت کی تھی جہاں شوکت خانم اسپتال کے لیے 24 کروڑ روپے چندہ جمع ہوا۔

  • سرگودھا: ٹیچر کا 8 سالہ طالبہ پر تشدد، سر کے بال کاٹ دیے

    سرگودھا: ٹیچر کا 8 سالہ طالبہ پر تشدد، سر کے بال کاٹ دیے

    سرگودھا: صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں اسکول ٹیچر نے تیسری جماعت کی 8 سالہ طالبہ کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اس کے بال کاٹ دیے، محکمے کے افسران نے والد کی شکایت سننے سے انکار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق افسوسناک واقعہ سرگودھا کے علاقے شاہ پور میں پیش آیا، جہاں گرلز اسکول میں ٹیچر نے تیسری جماعت کی طالبہ کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے بچی کے بال کاٹ دیے۔

    ذرائع کے مطابق متاثرہ بچی کی عمر 8 سال ہے جو نواحی گاؤں بھاگڑ پنڈی کے رہائشی سکندر حیات کی بیٹی ہے۔ عائشہ کو ٹیچر نے تشدد کا نشانہ بنایا اور استفسار پر ٹیچر نے بچی پر دوبارہ تشدد کرتے ہوئے اس کے بال بھی کاٹ دیے۔

    والد کی جانب سے شکایت پر ہیڈ ماسٹر نے انہیں دھمکیاں دیں جبکہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر زنانہ نے معاملہ کی تحریری درخواست پر بھی کوئی نوٹس نہیں لیا۔ طالبہ کے والد سکندر حیات نے ضلعی انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے واقعہ کی تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ طلبا پر تشدد کا یہ پہلا واقعہ نہیں، پاکستان میں‌ طلبا پر تشدد قانوناً جرم ہے اس کے باوجود اس نوع کے واقعات میں کمی واقع نہیں ہوئی۔

    گزشتہ ماہ لاہور میں رائیونڈ گورنمنٹ ایلمنٹری اسکول دربار بابا رحمت شاہ میں بھی ایک ٹیچر نے بچی پر بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے اس کے سر پر ڈنڈا دے مارا تھا، جس سے طالبہ بے ہوش ہوگئی۔

    حالت غیر ہونے پر اساتذہ نے 9 سال کی سحرش کو فوری طورپر مقامی اسپتال منتقل کر دیا تھا، والدین کے اسپتال پہنچنے پر اسکول انتظامیہ بچی کو چھوڑ کر چلی گئی تھی۔

  • بیورو کریسی کو غیر سیاسی اور پبلک سروس ڈیلیوری یقینی بنانا ہمارا منشور ہے: وزیر اعظم

    بیورو کریسی کو غیر سیاسی اور پبلک سروس ڈیلیوری یقینی بنانا ہمارا منشور ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بیورو کریسی کو غیر سیاسی اور پبلک سروس ڈیلیوری یقینی بنانا ہمارا منشور ہے، سرکاری اہلکاروں کی جانب سے عوام کی مشکلات میں اضافے کی روش قبول نہیں۔

    تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم عمران خان سے سرگودھا ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کرنے والے ارکان میں ملک عمر اسلم خان، ملک محمد احسان اللہ، امجد علی خان، ثنا اللہ مستی خیل، ڈاکٹر افضل خان، چوہدری عامر سلطان چیمہ اور جویریہ ظفر آہیر شامل تھے۔

    ملاقات کے موقع پر نعیم الحق، ارشد داد اور ترجمان ندیم افضل گوندل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے رکن قومی اسمبلی چوہدری عامر سلطان کو رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

    ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی نے سرگودھا کے عوام کو درپیش مسائل، انتظامیہ اور پولیس سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بیورو کریسی کو غیر سیاسی اور پبلک سروس ڈیلیوری یقینی بنانا ہمارا منشور ہے، سرکاری اہلکاروں کی جانب سے عوام کی مشکلات میں اضافے کی روش قبول نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بدعنوانی اور رشوت خوری میں ملوث عناصر کی نشاندہی کی جائے، منتخب نمائندے مسائل کی نشاندہی اور ان کا حل یقینی بنائیں۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سرکاری میٹنگز کی آڑ میں عوام کو انتظار کروانے کی روش بھی برداشت نہیں، سرکاری افسران عوام کے لیے اوپن ڈور پالیسی پر عمل یقینی بنائیں۔ مستحق افراد کی مدد و معاونت کے لیے مفصل پروگرام کا اعلان جلد ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر سکھانے اور زراعت کی ترقی ترجیحات میں شامل ہیں۔

    ملاقات میں ارکان اسمبلی نے مظفر گڑھ میانوالی شاہراہ کا انتظام این ایچ اے کے حوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ ملاقات میں سرگودھا ڈویژن میں پارٹی کے تنظیمی معاملات بھی زیر غور آئے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل ایک میٹنگ کے دوران عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی سے کہا تھا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں عوام سے رابطے کر کے ان کے مسائل حل کریں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے عوامی مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ہدایات جاری کیں تھی کہ ارکان قومی اسمبلی عوام کو درپیش مسائل کی نشاندہی کر کے انہیں ترجیحی بنیاد پر جلد حل کیا جائے۔

  • سرگودھا : 70سالہ دلہے کو بڑا دھچکا، دلہن لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

    سرگودھا : 70سالہ دلہے کو بڑا دھچکا، دلہن لاکھوں روپے لوٹ کر فرار

    سرگودھا :ستر سال کے دلہے کو اس کی28سالہ نوبیاہتا دلہن نے ہی لوٹ لیا، دلہن نے دودھ میں نشہ ملا کر گھر کا صفایا کردیا، نوشے میاں سہرا سر پر سجائے قانونی کارروائی کے لیے تھانے پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بڑی عمر میں شادی کرنے کا سہانا سپنا ڈراؤنا خواب بن گیا، سرگودھا کے علاقے چک69کے رہائشی70سالہ محمد مصطفیٰ کی شادی خود سے آدھی عمر سے بھی کم 28سالہ نجمہ سے گزشتہ روز ہوئی تھی۔

    نوشے میاں کو شادی کی پہلی رات دلہن نے دودھ میں جانے کیا ملا کر پلادیا کہ موصوف کو اپنا ہوش ہی نہ رہا، آنکھ کھلی تو صبح ہوچکی تھی اور جب تک دنیا لٹ چکی تھی، دلہن ساڑھے تین لاکھ روپے کی نقدی اور زیورات لوٹ کر فرار ہوگئی۔

    عمر رسیدہ دلہا محمد مصطفیٰ سہرا سر پر سجائے قانونی کارروائی کے لیے تھانہ صدر پہنچ گیا، پولیس کو دی گئی درخواست میں اس کا مؤقف ہے کہ ایک منظم سازش کے تحت مجھے پھنسایا گیاہے۔

    بھلوال کی نوسر باز خاتون نے اس کی شادی کروائی تھی،  مجھ سے شادی عوض 70 ہزار روپے اور دیگر سامان بھی لیا گیا، بعد میں معلوم ہوا کہ نکاح خواں اور گواہان بھی جعلی تھے، ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • سرگودھا: پی ٹی آئی امیدوار 12028 ووٹ لے کر کام یاب، غیر سرکاری نتائج

    سرگودھا: پی ٹی آئی امیدوار 12028 ووٹ لے کر کام یاب، غیر سرکاری نتائج

    سرگودھا: این اے 91 کے 20 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کام یاب قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں این اے 91 کے 20 پولنگ اسٹیشنز میں ری پولنگ کے غیر سرکاری نتائج آ گئے، نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے میدان مار لیا۔

    پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار عامر سلطان چیمہ نے 12028 ووٹ لے کر ن لیگی امیدوار کو شکست دے دی۔

    غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی 3134 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    خیال رہے کہ عام انتخابات میں ن لیگ کے ذوالفقار بھٹی 87 ووٹوں سے کام یاب ہوئے تھے، لیکن ری پولنگ میں انھیں بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    پی ٹی آئی امیدوار کی فتح پر وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شاہینوں کے شہر سرگودھا سے پی ٹی آئی کے لیے ایک اور قومی نشست کا تحفہ مل گیا ہے۔

    فواد چوہدری نے ٹویٹ میں کہا کہ سرگودھا سے پی ٹی آئی کی جیت وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔

    وزیرِ اطلاعات نے لکھا ’عامر چیمہ اور تحریکِ انصاف کی قیادت کو مبارک ہو، انور چیمہ کی روح مطمئن ہوگی کہ بیٹے کو حلقے سے نمائندگی کا اعزاز ملا۔‘

  • سرگودھا:حلقہ این اے 91 کے 20 پولنگ اسٹیشنزپردوبارہ ووٹنگ جاری

    سرگودھا:حلقہ این اے 91 کے 20 پولنگ اسٹیشنزپردوبارہ ووٹنگ جاری

    سرگودھا : الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 91 کے 20 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے حلقہ این اے 91 کے 20 پولنگ اسٹیشنزپر صبح آٹھ بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے پولنگ کا عمل جاری رہے گا۔ پی ٹی آئی کےعامرسلطان چیمہ اور ن لیگ کے ڈاکٹرذوالفقارعلی بھٹی کے درمیان کانٹنے کا مقابلہ متوقع ہے۔

    حلقے میں امن وامان کے لیے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے اور پولیس، رینجرز اور ایلیٹ فورس کو سیکیورٹی پرتعینات کیا گیا ہے۔

    قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 91 میں 28 ہزار 718 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔

    سرگودھا کے حلقہ این اے 91 سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر سلطان چیمہ منتخب ہوئے تھے جبکہ مسلم لیگ ن کے ذوالفقار بھٹی نے نتائج کو چیلنج کیا تھا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقے کے 20 پولنگ اسٹیشنز میں ووٹ ٹمپرنگ پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔

    یاد رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں این اے 91 سے تحریک انصاف کے عامر سلطان چیمہ منتخب ہوئے تھے

    بعدازاں جیت کے ووٹ کا مارجن انتہائی کم ہونے پر ن لیگی امیدوار ذوالفقار علی بھٹی نے دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی جس میں وہ صرف 87 ووٹوں کی برتری سے کامیاب قرار پائے تھے۔