سرگودھا: صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں باپ نے جعلی عامل کے حکم پر عمل کرتے ہوئے ڈیڑھ سالہ بیٹی مبینہ طور پر قتل کردی، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں باپ مالی حالت بدلنے کے لیے جعلی عامل کے پاس گیا جس نے بیٹی کو قتل کرنے کا حکم دیا جس پر ظالم باپ نے اپنی لخت جگر سویرا کی زندگی میں اندھیرا کردیا، بھائیوں اور دیگر رشتہ داروں سمیت چھ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم باپ قتل تسلیم کرنے سے انکاری ہے اور کہہ رہا ہے کہ جنات نے بیٹی کو قتل کیا، پولیس ذرائع کے مطابق سیدھا سیدھا قتل کا کیس ہے کسی توہم پرستی کو نہیں مان سکتے۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان بچی کو قتل کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال سرگودھا لے کر پہنچے جہاں ڈاکٹروں نے ان کے مشکوک رویے پر پولیس کو اطلاع دی۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ معصوم بچی کے جسم پر چھری کے وار کے نشانات واضح تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم مطاہر رسول نے اپنی بیوی سندس کو چھ ماہ قبل طلاق دی تھی او روہ اس سے علیحدگی اختیار کرچکی تھی جبکہ بچی کو اس نے زبردستی اپنے اور اپنے اہل خانہ کے ساتھ رکھا ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی ماں سندس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، گرفتاریاں عمل میں لائی جاچکی ہیں اور بہت جلد حقائق منظر عام پر لائیں گے۔
سرگودھا : تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن میں نون لیگ کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز کی قبضہ شدہ زرعی اراضی واگزارکرا لی گئی, دانیال عزیز کے خاندان نے سلانوالی میں تین سو ایکڑ سے زائد پر قبضہ کر رکھا تھا۔
تفصیلات کے مطابق عدالتی فیصلوں اور دوسروں پر الزمات لگانے والے مسلم لیگ رہنما دانیال عزیز بھی قبضہ مافیا نکلے، سابق وفاقی وزیردانیال عزیز نے ایک نہیں دو نہیں بلکہ تین سو کنال زرعی زمین پر قبضہ کیا ہوا تھا۔
حکومت پنجاب نے کارروائی کرتے ہوئے سیکڑوں کنال اراضی واگزار کرالی، دانیال عزیز کے خٓندان نے انیس سو ساٹھ سے تین سو ایکٹر کے قریب زرعی اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا۔
لیز کینسل ہونے کے باوجود دانیال عزیز نے حکومتی اثر رسوخ استعمال کیا اور زمین حکومت کو واپس نہیں کی، موجودہ حکومت نے کیس اینٹی کرپشن کو بھیجا۔
اینٹی کرپشن نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس اورانتظامیہ کی مدد سے کی گئی تعمیرات گرادیں اوراراضی سرکاری قبضہ میں لے لی۔ اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق دانیال عزیز کی طرف سے قبضہ کردہ زمین کی مالیت اربوں روپے ہے۔
سرگودھا: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام نئے پاکستان کے پرانے نعروں سے مایوس ہیں، حکومت اصل مسائل سے توجہ ہٹا کر ڈرامہ بازی کرتی رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران سرگودھا کی عوام نے بڑی محبت دی، پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق آگے بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں حکومت مسلط کی گئی ہے، خان صاحب نے حکومت سے پہلے بلند و بانگ دعوے کیے تھے، خان صاحب کے حکومت میں آتے ہی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔
بلاول نے کہا کہ پاکستان کے عوام نئے پاکستان کے پرانے نعروں سے مایوس ہیں، گیس کی نئی قیمتوں سے غریبوں پر بوجھ بڑھے گا۔ حکومت اصل مسائل سے توجہ ہٹا کر ڈرامہ بازی کرتی رہے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف اور سہولت کاروں کو کلین چٹ دی گئی، پرویز مشرف ملک سے باہر اور سہولت کار اپنے عہدوں پر موجود ہیں، عدالتی فیصلے میں پرویز مشرف کو کلین چٹ دی گئی۔ فیصلے میں صرف 2 پولیس اہلکاروں کو سامنے لایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو اور بی بی شہید کو انصاف نہیں ملے گا تو عام آدمی کا کیا ہوگا، صورتحال دیکھنے کے لیے ہی آج عدالت گیا تھا۔ حلقے کی صورتحال پر مختلف پارٹیوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔
بلاول نے کہا کہ ضمنی بجٹ میں نوکریوں کا ذکر ہے نہ گھروں کا، سی پیک پر منفی بیانات سے ناقص خارجہ پالیسی ثابت ہوتی ہے۔ اسی طرح امریکی حکام سے گفتگو پر بھی امریکا سے ٹرانسکرپٹ آیا۔ ’خطے میں پاکستان کی اہم پوزیشن ہے، غلطیوں سے نقصان ہوگا‘۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے کہتی رہی ہے طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، افسوس آج عوام کے پاس کچھ نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی عوام کو دوبارہ طاقت دلانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
سرگودھا: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ وطن کے لیے جینے اور وطن پر نثار ہونے کے عہد کی پاسداری ہمارا اولین فرض ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلنس سرگودھا میں کمبیٹ کمانڈرز اسکول کے 50ویں فضائیہ کمانڈر کورس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پاک فضایہ کے سربراہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ برسوں کے تجربات سے ثابت ہوچکا ہے کہ بہترین تربیت یافتہ اور عزم و ہمت کی مالک فوج افرادی قوت اور ہتھیاروں کی کمی جیسے عوامل پر بھی قابو پالیتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کمبیٹ کمانڈرز اسکول پاک فضائیہ کی عسکری قیادت کی بے مثال عملی تربیت میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے، حب الوطنی کے جذبے پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ پاکستانی کی فضائی سرحدوں کی حفاظت میں بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
اس موقع پر گریجویٹنگ آفیسرز میں سرٹیفکیٹ اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کی گئیں، بہترین کمبیٹ کمانڈر کی چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافی ونگ کمانڈر فہد ساجد پیرزادہ نے حاصل کی جبکہ بہترین کمبیٹ کنٹرولر کی ایئر آفیسر کمانڈنگ ایئر ڈیفنس کمانڈ ٹرافی اسکواڈرن لیڈر طیب سعید قریشی نے حاصل کی۔
تقریب میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ کمانڈرز نے بھی شرکت کی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
سرگودھا: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جتنی تباہی پانچ سال میں پاکستان میں ہوئی اتنی کہیں نہین ہوئی، اسٹیٹس کو کی وجہ سے ملک میں تبدیلی نہیں آسکتی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے دوسری بار تباہی سے بچانے کا موقع دیا ہے، یہ الیکشن ملک کو تبدیل کردے گا، سخت مقابلہ ہونے جارہا ہے، یہ الیکشن پاکستان کا فیصلہ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج پیرسیالوی سے ملاقات کا موقع ملا، ان سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی، جبکہ جو بھی سیاسی جماعت انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی اس کو مسائل درپیش ہوں گے، جو اداروں کو مضبوط کرسکتا ہے وہی پاکستان کو ٹھیک کرسکتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان 27 ہزار ارب ڈالر کا مقروض ہے، پاکستان پر 90 ارب ڈالر بیرون ملک قرضے ہیں، ڈالر مہنگا ہوگیا، روپے کی قدر کم ہورہی ہے، قرضے بڑھتے جارہے ہیں، مہنگائی غریب کو غریب اور امیر طبقے کو مزید امیر کردیتی ہے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ امیدوار سڑکوں پر نکلیں، گلیوں میں جائیں لوگوں کو پیغام دیں، سندھ کی طرح سرگودھا میں کسان بے حال ہے، محنت کش طبقے کی تباہی پانچ سال میں سب سے زیادہ ہوئی ہے، کسانوں کو اس دلدل سے نکالنے کے لیے پروگرام لے کر آرہے ہیں، کسان خوشحال ہوگا تو ملک سے مسائل کا خاتمہ ہوگا۔
عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا منشور 5 سے 6 دن میں آرہا ہے، بدقسمتی سے ہم سب امیدواروں کو ٹکٹ نہیں دے سکتے تھے، ٹکٹ دیانت داری اور منصفانہ طریقے سے دیے ہیں، نظریاتی کارکنوں کے لیے پی ٹی آئی میں بڑی جگہ ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ملک بھر میں طوفانی دورے کو حتمی شکل دے دی گئی، پی ٹی آئی کا سونامی آج سرگودھا سے ٹکرائے گا جبکہ منگل اور بدھ عمران خان کراچی میں گزاریں گے۔
تفصیلات کے مطابق نئے پاکستان کیلئے بھرپور انتخابی مہم جاری ہے، عمران خان کے طوفانی دوروں کو حتمی شکل دے دی گئی، بنوں کے شاندار جلسے کے بعد کپتان آج سرگودھا میں رنگ جمائیں گے، اگلا پڑاؤ تین اور چار جولائی کو کراچی میں ہوگا۔
پانچ جولائی کو صوابی اور چارسدہ ، چھ جولائی کو سوات، سات جولائی کو جہلم اور گجرات، آٹھ جولائی کو ایبٹ آباد اور ہری پور، نو اور دس جولائی کو اندرون سندھ اور گیارہ جولائی کو رحیم یار خان میں جلسہ ہوگا۔
بارہ جولائی کو گوجرانوالہ اور قصور، تیرہ جولائی کو راولپنڈی، چودہ جولائی پشاور اور مردان، پندرہ جولائی کو سیالکوٹ اور فیصل آباد، سولہ جولائی میانوالی اور بنوں میں جلسہ ہوگا، اٹھارہ اور انیس جولائی عمران خان لاہور میں گزاریں گے۔
بیس جولائی کو بہاولپور اور ملتان، اکیس جولائی کو لاہور کے نو مقامات پر جلسے ہوں گے جبکہ 22 جولائی کا دن عمران خان کراچی میں گزاریں گے۔
دھواں دھار انتخابی مہم کے آخری دن 23 جولائی کو پی ٹی آئی کا فیصلہ کن انتخابی اجتماع اسلام آباد میں ہوگا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
سرگودھا : صوبہ پنجاب کے شہرسرگودھا میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے علاقے بھوال کے چک 11 میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے گھر کے سربراہ طفیل سمیت 5 افراد کو قتل کردیا۔
فائرنگ کے واقعے میں میاں بیوی سمیت 3 بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور لاشوں اور زخمی بچے کو اسپتال منتقل کردیا۔
ڈی ایس پی بھلوال کے مطابق شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق قتل ہونے والوں میں 50 سالہ محمد طفیل، 40 سالہ مجیدہ بی بی سمیت ان کے دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں جن کی عمریں 20،18 اور 16 سال ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبہ سندھ کے شہر دادو میں مری اور لاشاری قبیلے کے درمیان زرعی زمین کے تنازعے میں مسلح افراد کی فائرنگ سے چھ افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔
لاہور: صوبہ پنجاب کے شہرلاہور اور سرگودھا میں دو خوفناک ٹریفک حادثات میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہرسرگودھا میں فیصل آباد روڈ پرتیز رفتار ڈمپر نے رکشے کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا ضروری کارروائی کے بعد میتیں آبائی علاقوں میں منتقل کی جائیں گی۔
دوسری جانب لاہور کے بیدیاں روڈ پر لوڈ ٹرک نے رکشے کو ٹکر مار دی جس میں دو افراد جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ رواں ماہ 7 مئی کو صوبہ پنجاب کے شہرپاکپتن میں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالر نے موٹرسائیکل پرسوار خاندان کو کچل دیا تھا،حادثے کے نتیجے میں ماں جاں بحق اور باپ بیٹا شدید زخمی ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ 29 ستمبر 2017 کو صوبہ پنجاب کے شہرفیصل آباد میں ڈجکوٹ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اورویگن کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
سرگودھا : صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں کمسن بچوں سے زیادتی کی ویڈیو بنانے والے چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس نے سات نامزد اور پانچ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا کے علاقے لک موڑکے رہائشی نے کمپیوٹر کی دکان پر فحش ویڈیوزکاپی ہونے کی اطلاع پولیس کودی تھی لیکن مقامی پولیس تھانہ جھال چکیاں نے روایتی سستی کا مظاہرہ کیا ، جس پر شہری نے کچھ ویڈیوز ڈی پی اوسرگودھا کو بھجوائیں ۔
ڈی پی او کے حکم پر پولیس نے چھاپہ مارکر چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا اور وران کے قبضہ سے فحش اور عریاں ویڈیوز بھی برآمد کر لی گئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے اور بہت جلد اس سلسلہ میں حقائق سے پردہ اٹھایا جائے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان طویل عرصے سےبچوں سےزیادتی کی ویڈیوبناکربلیک میلنگ میں ملوث ہیں، اہل علاقہ نے الزام لگایاکہ پولیس ملزمان کو وی آئی پی پروٹوکول دے رہی ہے، مبینہ اسکینڈل میں ملوث ملزمان بااثر ہیں اور ان کے خلاف کوئی بھی گواہی دینے کو تیار نہیں۔
ذرائع کے مطابق واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے، جس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان سے 13 نوعمر لڑکوں سے زیادتی اور بدفعلی کی ویڈیوز ملی ہیں۔
پولیس نے مقامی شہری محمد سلیمان کی مدعیت میں سات نامزد اور پانچ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، ملزمان اسلحے کے زور پر بچوں کے ساتھ زیادتی کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اَپ لوڈ کرتے تھے۔
یاد رہے فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں لڑکوں سے زیادتی کا اسکینڈل سامنے آیا تھا، جس کے بعد کئی لڑکوں سے زیادتی کی تصویریں اور ویڈیوز سامنے آئی تھیں ، ملزمان کمسن لڑکوں سے زیادتی کے بعد ویڈیو بناتے اور پھر بلیک میل کرتے تھے۔
اس سے قبل قصور میں بھی لڑکوں سے زیادتی اور بلیک میلنگ کا انکشاف ہوا تھا کم از کم پانچ رکنی گروہ سال دو ہزارتیرہ سے یہ گھناؤنا کام کر رہا تھا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔
سرگودھا : وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس سے ملاقات عوامی مسائل کے حل کیلئے کی، مخالفین کو ملاقات سے بہت تکلیف ہورہی ہے، نیب کی عدالت سے ہمیں کسی انصاف کی توقع نہیں، جو سینیٹر پیسہ دے کر ایوان میں آئے ان کا ضمیر بھی ملامت کرتا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں ایک بہت بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سرگودھا کیلئے گیس فراہمی کے دو منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر اجتماع سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کےحل کیلئے نہ پرویز مشرف اور نہ ہی آصف زرداری نے کوئی کام کیا، پچھلے ادوار میں بجلی گھر بنے اور نہ ہی ڈیم بنائے گئے، سردیوں میں گیس نہیں ہوتی تھی، کارخانے بند تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مخالفین کو تکلیف ہے کہ میں نے چیف جسٹس سے ملاقات کی، معلوم نہیں مخالفین کو اس ملاقات سے کیوں تکلیف ہورہی ہے، میں عوام کی مشکلات کو دور کرنے کیلئے چیف جسٹس سے ملاتھا، مخالفین نے کہا کہ ملاقات تو ٹھیک ہے پر اس کی ٹائمنگ ٹھیک نہیں، یہ بہت مضحکہ خیز بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سے کوئی ذاتی بات نہیں کی صرف پاکستان کی بات کی، ہم کمروں میں بیٹھ جائیں بات نہ کریں تو ملک کیسے چلے گا، میں اس ملک کا فریادی بن کر چیف جسٹس کے پاس گیا تھا، میرے گواہ چیف جسٹس صاحب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف سرگودھا میں11ارب روپے کے گیس منصوبوں پر کام ہورہا ہے، جہاں جائیں گے ترقیاتی کام ن لیگ اور نوازشریف کے ہی ملیں گے، جب ہماری حکومت آئی تو مسائل آپ کے سامنے تھے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ جب وزیر پیٹرولیم بنا تو میاں صاحب نے کہا کہ سب سے پہلے گیس کا بندوبست کریں، جو منصوبہ بن رہا ہے اس کے بعد سرگودھا میں کبھی گیس کی کمی نہیں ہوگی، منصوبے کے بعد سرگودھا میں اب تین گنا گیس زیادہ آیا کرے گی، گیس کا کام دیکھ لیں، سڑکیں دیکھ لیں اسپتال اور اسکول کالج دیکھ لیں، پاکستان میں کہیں بھی جائیں کام ن لیگ اور نوازشریف کے ہی نظر آئیں گے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق فیصلے پر ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر جو الزامات لگائے گئے ان کی کوئی حقیقت نہیں، عدالت کا حکم آیا نواز شریف نے سیاہی خشک ہونے سے پہلے عہدہ چھوڑدیا، الزامات ایسے لگائے جاتے ہیں جن کا کوئی وجود نہیں ہوتا، تاریخ فیصلے کو کس طرح دیکھتی ہے یہ بھی وقت بتادے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیب کی عدالت سے ہمیں کسی انصاف کی توقع نہیں ،ایک اقامےکی بات جس کا نہ کوئی ثبوت ہے پھر بھی فارغ کردیا،5سال میں کبھی دھرنے ہوئے تو کبھی عدالتوں میں گھسیٹا گیا، ن لیگ کے ان5سالوں کا پچھلے65سالوں سے مقابلہ کرتا ہوں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 10400میگاواٹ بجلی ن لیگ کی حکومت لائی ان کے اثرات 20سال تک نظرآئیں گے، جب حکومت میں آئے تو بجلی کی لوڈشیڈنگ ہمارے لئے بڑا چیلنج تھا، ملک میں12،12 اور 16،16گھنٹےکی لوڈشیڈنگ ختم ہوچکی ہے، آج وہ لوگ تقریریں کررہےہیں جنہوں نے یہ مسائل پیداکئے، سندھ ، کےپی، بلوچستان میں ہر شخص یہی کہتا ہے کہ کام صرف پنجاب حکومت نے کیا ہے، کسی وزیراعلیٰ نے کام کیا ہے تو وہ شہبازشریف ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہمارے مخالفین بڑی تکلیف کا شکار ہیں کہتے ہیں کہ میں نے چیئرمین سینیٹ کیخلاف بیان دیا، جو پیسے دے کر چیئرمین سینیٹ بنے وہ پاکستان کی نمائندگی نہیں کرسکتا اور جو سیٹیں پیسے دے کر خریدی گئی ہوں عوام ان کو قبول نہیں کرتے، ہمیں برائی اور پیسے کی سیاست کو ختم کرنا ہے، ن لیگ واحد جماعت ہے جس نے سینیٹ الیکشن کیلئے ایک پیسہ خرچ نہیں کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور عمران خان میڈیا پر آکر کہہ دیں کہ چیئرمین سینیٹ پیسوں سے نہیں بنا اور ان کے ایم پی اے نہیں بکے، یا چیئرمین سینیٹ کہہ دے کہ وہ پیسے دے کر چیئرمین نہیں بنا،۔
ان کا کہنا تھا کہ عزت کرسی پر بیٹھنے سے نہیں کرپشن سے پاک سیاست سے آتی ہے، جو سینیٹر پیسے دے کر ایوان میں آئے ان کا ضمیر بھی ملامت کرتا ہوگا، ہماری تنقید سے ہونے والی تکلیف مخالفین کو برداشت کرنی پڑے گی۔