Tag: سرگودھا

  • سرگودھا میں‌ تاجروں‌ کی پولیس رویے کے خلاف ہڑتال

    سرگودھا میں‌ تاجروں‌ کی پولیس رویے کے خلاف ہڑتال

    سرگودھا: تاجروں نے پولیس کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر ضلع بھرمیں شٹرڈاؤن ہڑتال کی کال دے دی اور مطالبہ کیا ہے کہ ساٹھ تاجروں کے خلاف درج کیے گئے بے بنیاد مقدمات خارج کیے جائیں۔

    انجمن تاجران سٹی شاپنگ سینٹر خوشاب روڈ کے تاجروں نے پولیس کے رویہ کے خلاف تیسرے روز احتجاجی کیمپ لگایا۔ تاجروں نے اپنی دکانیں بند رکھیں۔ انجمن تاجران نے اعلان کیا کہ اگر پولیس نے انتقامی کارروائی بند نہ کی تو ضلع بھر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کریں گے۔

    خوشاب روڈ کے تاجروں نے اپنے مطالبات کے حق میں کچھ عرصے قبل احتجاج کیا تھا جس پرتھانہ فیکٹری ایریا اور تھانہ سٹی پولیس نے 60 تاجروں کے خلاف دو الگ الگ مقدمات درج کیے۔

    انجمن تاجران کے مرکزی صدر خواجہ احمد حنیف نے اعلان کیا ہے کہ اگر پولیس نے غنڈہ گردی بند نہ کی تو ہم احتجاج کا دائرہ کار وسیع کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجربرادری کے ساتھ کوئی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی، فی الفور تاجروں کے خلاف درج مقدمات خارج کیے جائیں۔

  • داعش کے 17کارندے گرفتار، اینکر پرسنز کی فہرست برآمد

    داعش کے 17کارندے گرفتار، اینکر پرسنز کی فہرست برآمد

    اسلام آباد : حساس اداروں نے داعش کے خلاف ملک گیر کارروائیاں کرتے ہوئے 17 افراد کو گرفتار کرکے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کے خلاف ملک گیر کارروائیاں جاری ہیں جس میں ملک کے مختلف علاقوں کراچی، نوشہرہ، سرگودھا، لاہور اور ڈی آئی خان سے دہشت گرد گرفتار کیے گئے ہیں۔

    حساس اداروں کے مطابق گرفتار شدہ افراد سے اینکر پرسنز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فہرست برآمد ہوئی ہے۔

    ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ اس فہرست پر کام کرتے ہوئے تمام افراد کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھےاور وہ داعش کے لیے اب تک 15 لاکھ روپے سے زائد بھتے کی رقم وصول کرچکے ہیں۔ گرفتار افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے اسلام آباد میں واقع نجی ٹیلی ویژن کے دفتر پر حملہ بھی کیا۔

    گرفتار افراد میں عاصم عرف اسامہ، امیر اسلم عرف چھوٹو اور مجتبیٰ عرف شاکر شامل ہیں جن میں سے ایک شخص نے بیرون ملک سفر کیا اور داعش کی قیادت سے ہدایات لے کر واپس آیا۔

  • امریکی ڈرون حملے کےخلاف سرگودھاکےشہری بھی سراپااحتجاج

    امریکی ڈرون حملے کےخلاف سرگودھاکےشہری بھی سراپااحتجاج

    سرگودھا: بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے کے خلاف سرگودھاکے شہری بھی سراپااحتجاج،امریکہ کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی.

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا کے شہری بھی بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے انصاف فاؤنڈیشن کی جانب سے امریکہ مخالف ریلی نکالی گئی.

    ریلی شاہین چوک سے شروع ہوئی اور مختلف بازاروں سے ہوتی ہوئی خوشاب روڈپر اختتام پذیرہوئی،ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرزا ور پلے کارڈزاٹھارکھے تھے جن پر امریکہ اور حکومت مخالف نعرے درج تھے.

    مظاہرین کا کہناتھاکہ امریکہ پاکستانی حدودمیں بمباری کرکے بارباردہشت گردی کا مرتکب ہورہاہے حکمرانوں کو چاہیے کہ پاکستانیوں کے جذبات کومدنظررکھتے ہوئے امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی جائے اور اب انہیں نومورکاواضح پیغام دیاجائے.

    یاد رہے گذشتہ روزامریکی ڈرون حملے کے خلاف بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیےگئےاور ریلیاں نکالنے کے علاوہ کئی مقامات پرامریکی جھنڈا نذرآتش کیا گیا۔

    امریکی ڈرون حملوں کے خلاف بلوچستان میں احتجاجی مظاہرے

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ امریکی ڈرون حملہ ملکی خود مختاری اور سالمیت کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے،بلوچستان میں امریکی حربے برداشت نہیں کیے جائیں گے.

  • سرگودھا میں دہشتگردی کا بڑامنصوبہ ناکام، بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد

    سرگودھا میں دہشتگردی کا بڑامنصوبہ ناکام، بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد

    سرگودھا : پولیس نے سرگودھا میں دہشت گردی کا بڑامنصوبہ ناکام بنادیا، اسلحہ کے کاروبارکی آڑمیں ناجائز اسلحہ کا دھندہ کرنے والا ملزم فرار جبکہ اس کا ساتھی گرفتار کرلیا گیا۔

    تلاشی لینے پرکارسے بھاری مقدارمیں ناجائز اسلحہ برآمد ہوا،مذکورہ اسلحہ قبائلی علاقہ سے لایاگیا تھا، ڈی ایس پی سٹی شاہدنذیرنے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تھانہ سٹی کے اے ایس آئی اعجاز کو کارخانہ بازار سے گزرنے والی ایک کارپر شک ہوا۔

    انہوں نے کار کو روکنے کا اشارہ کیا تو تواس میں موجود دوافراد نے دوڑ لگادی جن میں سے ایک عبداللہ جان پٹھان کو گرفتارکرلیاگیا۔

    تلاشی لینے پر کارسے39موزر30بور،22میگزین شاٹ گن،16تیس بورپسٹل ،بارہ بورریپیٹر، چارمیگزین اورچارہزارگولیاں برآمدہوئیں۔

    پولیس نے کاراور اسلحہ قبضہ میں لے کر مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ ڈی ایس پی سٹی نے مزید بتایا کہ فرارہونے والا سرگودھا کا رہائشی عامرنامی شخص بھی جلد گرفتارکرلیاجائے گا ۔

    ملزم کی گرفتاری کے بعد یہ بات واضح طور پر سامنے آجائے گی کہ یہ اسلحہ کہاں سے آیااور کن لوگوں کو کن مقاصد کے تحت فروخت کیا جانا تھا۔ اس موقع پر انہوں اے ایس آئی اعجازکے اکیلے ہونے کے باوجود کارکردگی کو بھی سراہا۔

     

  • تین فٹ کے بدمعاش پرساڑھے پانچ فٹ کی خاتون کےاغواء کاالزام

    تین فٹ کے بدمعاش پرساڑھے پانچ فٹ کی خاتون کےاغواء کاالزام

    سرگودھا : سرگودھامیں چھوٹے قدکے بدمعاش نے دھوم مچادی ۔میڈیکل کے لئے اسپتال لایاگیاتوسب حیران پریشان رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ ڈیرہ سکیسرکے تین فٹ قد والے نوجوان عنصرعباس پر ساڑھے پانچ فٹ قدرکھنے والی شادی شدہ خاتون کوگن پوائنٹ پراغواء کرنے کاالزام ہے.

    ملزم عنصرعباس پر تھانہ جھال چکیاں میں مقدمہ درج کیاگیا اور پولیس نے چالان مکمل کرکے عدالت میں پیش کیااوراسے جیل بھیج دیاگیا۔

    تین فٹ قد والے عنصرعباس کوساتھی سمیت جب میڈیکل کے لئے ہسپتال لایاگیاتواس چھوٹے قدوالے بدمعاش کے اسٹائل ہی نرالے تھے اور نہ صرف عام پولیس بلکہ ایلیٹ فورس کے جوان کو بھی اس کی نگرانی پر معمورکیاگیاتھا اور اسے سنگل نہیں بلکہ ڈبل ہتھکڑی لگائی گئی.

    اس موقع پراسپتال آنے والے مریض ان کے لواحقین اپنی پریشانیاں بھول کر اس بچہ نمابدمعاش کو دیکھتے رہے۔تاہم میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ہی پتہ چل سکے گاکہ اس بدمعاش کی حقیقی عمرکیاہے۔

  • پاک فضائیہ کا جاسوسی طیارہ فنی خرابی کے باعث سرگودھا میں گرگیا

    پاک فضائیہ کا جاسوسی طیارہ فنی خرابی کے باعث سرگودھا میں گرگیا

    سرگودھا : فضائیہ کا ڈرون طیارہ جہان آبادکے قریب کھیتوں میں گرکرتباہ ہوگیا،جاسوس طیارہ فنی خرابی کے باعث گراکوئی جانی نقصان نہیں ہوا،واقعہ کے بعد علاقہ کو سخت سیکورٹی کے حصارمیں لے لیاگیا۔

    ذرائع  کے مطابق پاک فضائیہ کا ڈرون طیارہ سرگودہاکے دیہی علاقہ جہان آبادکے قریب گرکرتباہ ہوگیا۔ یہ جاسوس طیارہ معمول کی پروازپرتھاکہ فنی خرابی کے باعث جہان آباد کے قریب کھیتوں میں گرکرتباہ ہوگیا۔

    یہ بغیر پائلٹ کا طیارہ تھاجس کے گرنے پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واقعہ کی اطلاع پر پاک فضائیہ اورپولیس کے جوانوں نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر سیل کردیا۔

    پاک فضائیہ حکام اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرون طیارے کے ملبے کا جائزہ لینے شروع کر دیاہے جبکہ شواہد بھی اکھٹے کیے جار ہے ہیں، ڈرون گرنے کے بعدلوگوں کی بڑی تعدادجمع ہوگئی اور دورکھڑے ہوکرطیارے کو دیکھتی رہی۔

  • پیپلزپارٹی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نہیں جاسکتی، سراج الحق

    پیپلزپارٹی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نہیں جاسکتی، سراج الحق

    سرگودھا : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے اسٹیبلشمنٹ کی بڑی خدمت کی ہے وہ آج ان کے خلاف کیسے جاسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے پیپلزپارٹی اور اور اس کی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اسٹیبلشمنٹ کی بڑی خدمت کی ہے آج وہ ان کے خلاف کیسے جاسکتی ہے۔ امیرجماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ عام پاکستانیوں کی طرح لیڈربھی دباؤ کاشکار ہیں ۔

    قانون کی بالادستی کیلئے احتساب کاعمل بڑوں سےشروع ہونا چاہئیے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ رمضان میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے وعدے کے باوجود لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، آج کا سب سے بڑا مسئلہ لوڈ شیڈنگ ہے۔

    انہوں نے کہاکہ حکومت نان ایشوز میں پھنس کر عوامی مسائل کو فراموش کر چکی ہے اور چند اشرافیہ نے پورے ملک کے پر قبضہ کر رکھا ہے۔

  • شہدکی مکھیوں نےموٹرسائیکل پرقبضہ کرکےچھتّہ بنالیا

    شہدکی مکھیوں نےموٹرسائیکل پرقبضہ کرکےچھتّہ بنالیا

    سرگودھا : شہدکی مکھیوں کا کارنامہ،سرگودھا میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا،جہاں بھرے بازارمیں شہد کی مکھیوں نے موٹرسائیکل پر قبضہ کرکے اپنا گھر بنالیا۔

    تفصیلات کے  مطابق سرگودھا کے مصروف ترین کاروباری بازارسٹی روڈپر ایک مٹھائی کی دکان کے باہرایک شہری نے موٹرسائیکل پارک کی اور خریداری کی غرض سے چلاگیا۔

    اسی اثناء میں شہد کی مکھیوں نے موٹرسائیکل پر بیٹھناشروع کردیااور دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں کی تعداد میں شہدکی مکھیاں موٹرسائیکل پر جمع ہوگئیں اوراپنا چھتّہ بنانا شروع کردیا۔

    خداکی اس قدر ت کو دیکھنے کیلئے لوگوں کی بڑی تعدادوہاں جمع ہوگئی، لیکن مکھیاں ہرخطرےسے بے خبر اپناگھر بنانے میں مصروف تھیں۔

  • راولپنڈی، سرگودھا، میانوالی اور اٹک میں 4مجرموں کو پھانسی دیدی گئی

    راولپنڈی، سرگودھا، میانوالی اور اٹک میں 4مجرموں کو پھانسی دیدی گئی

    راولپنڈی: ملک کے مختلف شہروں میں سزائےموت پانے والوں چار مجرموں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔

    ملک میں سزائے موت کی سزاؤں پرعمل درآمد کا سلسلہ جاری ہے، ملک بھر میں سزائے موت پانے والے چار مزید مجرمان اپنے انجام کو پہنچ گئے، ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں اغوا برائے تاوان کے مجرم اکرام الحق کو پھانسی دیدی گئی، مجرم اکرام الحق نے سن دو ہزار دو میں تین سالہ بچی کو تاوان کےلیے اغوا کیا تھا۔

    میانوالی سینٹرل جیل میں سزائے موت کے قیدی حب دار شاہ کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا، مجرم حب دار شاہ نے سن دو ہزار میں معمولی تنازع پردو افراد کو قتل کیا تھا۔

    سرگودھا جیل میں سزائے موت کے منتظر محمد ریاض کو صبح سویرے پھانسی گھاٹ پر لٹکا دیا گیا، مجرم محمد ریاض نے سن دو ہزارمیں دوران ڈکیتی دو افراد کو قتل کیا تھا۔

    راولپنڈی اڈیالہ جیل میں سزائے موت کے قیدی کو پھانسی دیدی گئی، مجرم امین نے سن انیس سو اٹھانوے میں ایک شخص کو قتل کیا تھا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں سزائے موت پر عملدرآمد کی بحالی کے بعد سے اب تک سزائے موت پانے والے مجرموں کی تعداد پینسٹھ ہوگئی ہے۔

  • سرگودھا: سرکاری اسکول میں بم کی افواہ، شہریوں کا احتجاج

    سرگودھا: سرکاری اسکول میں بم کی افواہ، شہریوں کا احتجاج

    سرگودہا:  نواحی بستی حیدرآبادٹاؤن کے گورنمنٹ گرلزہائرسیکنڈری اسکول میں بم دھماکہ کی افواہ سینکڑوں مردخواتین بچوں اور والدین کا اسکول کے باہراحتجاجی مظاہرہ ،عوامی احتجاج پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی ،بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سراغ رساں کتے طلب ،اسکول کا سرچ آپریشن،اسکول کی ناقص سیکورٹی پرمظاہرین کی انتظامیہ اور حکومت  کے خلاف نعرے بازی ۔

    تفصیلات کے مطابق سرگودہاکی نواحی بستی حیدرآبادٹاؤن کے گورنمنٹ گرلزہائرسیکنڈری اسکول میں بم دھماکہ کی افواہ پر سینکڑوں مردخواتین اور بچے دھاڑیں مارتے ہوئے اسکول کے باہر جمع ہوگئے۔

    اپنی بچیوں کے لئے فکرمند والدین اوراہل علاقہ نے پولیس اور انتظامیہ کے تاخیرسے پہنچنے پراحتجاج شروع کردیا، سیکورٹی دواور گونوازگوکے نعرے لگاتے ہوئے اہل علاقہ نے بتایاکہ اس اسکول انتظامیہ کو چندروزقبل سے دھمکی آمیز پیغامات موصول ہورہے تھے لیکن انتظامیہ نے اسکول کی سیکورٹی کیلئے خاطرخواہ انتظامات نہیں اٹھائے۔

    لوگوں کے احتجاج پر پولیس کی بھاری نفری اسکول پہنچی جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈبھی طلب کرلیاگیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ، سراغ رساں کتوں اور پولیس کی مددسے سرچ آپریشن مکمل کرلیاگیاہے۔

    والدین اور اہل علاقہ کا کہناہے کہ اس اسکول کو پہلے بھی دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ہیں لیکن انتظامیہ اور پولیس نے سنجیدگی سے حفاظتی اقدامات پر توجہ نہ دی۔

    اہل علاقہ اور والدین اسکول میں بم دھماکہ کی افواہ سنتے ہی علاقہ بھرمیں کہرام مچ گیا،ماؤں کا کہناہے کہ جہاں بچیوں کی حفاظت نہیں ہم اپنی بچیوں کو ایسے اسکول میں نہیں پڑھائیں گی۔

    ڈی ایس پی صدرکاکہناہے کہ صبح پرنسپل کو دھمکی آمیزکال وصول ہوئی کہ یہاں دھماکہ کیاجائے گا،اس پر انکوائری کررہے ہیں۔