Tag: سریش رائنا

  • معروف بھارتی کرکٹر سے متعلق بڑا انکشاف، تحقیقات کے لیے طلب

    معروف بھارتی کرکٹر سے متعلق بڑا انکشاف، تحقیقات کے لیے طلب

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق جارح مزاج بلے باز سریش رائنا کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سٹے بازی ایپ کے معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے 13 اگست کو طلب کرلیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ انکوائری دہلی میں ای ڈی ہیڈکوارٹر میں کی جائے گی، سریش رائنا کے علاوہ کئی دیگر کرکٹرز اور بالی ووڈ کی مشہور شخصیات بھی اس معاملے میں زیر تفتیش ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق یہ معاملہ آن لائن بیٹنگ ایپ 1xBET کی تشہیر سے متعلق ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ سریش رائنا اس ایپ کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ سابق بھارتی کرکٹر کچھ اشتہارات کے ذریعے اس ایپ سے منسلک ہیں۔

    ایجنسی کی جانب سے غیر قانونی بیٹنگ ایپس سے متعلق ایسے بہت سے معاملات کی تحقیقات کی جارہی ہے، جن پر کئی لوگوں اور سرمایہ کاروں کو کروڑوں روپے کا دھوکہ دینے یا ٹیکس کی بھاری رقم چوری کرنے کا الزام ہے۔

    سابق بھارتی کرکٹر نے بھارت کے لیے 18 ٹیسٹ، 221 ون ڈے اور 78 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگز کے لیے بھی اپنی خدمات فراہم کرچکے ہیں۔

    محمد رضوان کی کپتانی اور بیٹنگ زوال کا شکار کیوں ہوئی ؟

    کئی مشہور شخصیات پر بھی غیر قانونی بیٹنگ ایپس کو فروغ دینے کا الزام لگایا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے تلنگانہ پولیس نے رانا دگوبتی اور پرکاش راج سمیت 25 مشہور اداکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ مگر دونوں اداکاروں نے کسی غلط کام کی تردید کی اور کہا کہ وہ اب ایسے پلیٹ فارمز کی حمایت نہیں کرتے۔اس کے باوجود انہیں پوچھ گچھ کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔

  • کیا پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا سیمی فائنل کھیلے گا؟ سریش رائنا کا حیران کُن جواب

    کیا پاکستان چیمپئنز ٹرافی کا سیمی فائنل کھیلے گا؟ سریش رائنا کا حیران کُن جواب

    سابق بھارتی کرکٹر سریش رائنا نے چیمپئنز ٹرافی کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں سے پاکستان کو باہر کردیا۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز کل سے کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہوگا، سابق کرکٹرز نے میگا ایونٹ کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیش گوئی کی ہے۔

    تاہم سابق بھارتی کرکٹر سریش رائنا کی پیش گوئی نے کرکٹ شائقین میں نئی بحث چھیڑ دی۔

    سریش رائنا، انگلینڈ کے سابق کرکٹر کیون پیٹرسن، آکاش چوپڑا کے ساتھ ٹاپ فور ٹیموں کا نام بتادیا۔

    پیٹرسن نے پاکستان، بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی سیمی فائنل کھیلنے کی پیش گوئی کی وہیں رائنا نے بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقا اور افغانستان کا نام لیا۔

    سریش رائنا کی پیش گوئی اس وقت زیر بحث آگئی کہ ان کی منتخب کردہ چاروں ٹیموں میں سے تین کا تعلق گروپ بی سے ہے، آسٹریلیا، جنوبی افریقا اور افغانستان گروپ بی میں موجود ہیں۔

    ٹورنامنٹ کے فارمیٹ میں ہر گروپ سے صرف دو ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی اس لیے ان کا انتخاب سمجھ سے بالاتر ہے۔

    واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

    گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان شامل ہیں۔

    ہندوستان، سیاسی تناؤ کی وجہ سے اپنے تمام میچ یو اے ای میں کھیلنے کا انتخاب کرتے ہوئے، 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا، جس کے بعد 23 فروری کو دبئی میں پاکستان کے ساتھ بہت زیادہ متوقع مقابلہ ہوگا۔

    ان کا گروپ مرحلے کا سفر 2 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔

  • ’ٹائیگر ابھی زندہ ہے!‘ سریش رائنا نے دھونی کو نیا خطاب کیوں دیا؟

    ’ٹائیگر ابھی زندہ ہے!‘ سریش رائنا نے دھونی کو نیا خطاب کیوں دیا؟

    گجرات ٹائٹنز کے خلاف میچ میں ایم ایس دھونی کے شاندار کیچ پر سریش رائنا بھی حیران رہ گئے اور انھیں ٹائیگر کا خطاب دے ڈالا۔

    آئی پی ایل میں چنئی سپر کنگ اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان ہونے والے مقابلے میں اننگز کے 8 ویں اوور میں دھونی نے اسٹمپ کے پیچھے اپنی پرانی فٹنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک سنسنی خیز کیچ پکڑا جس نے ان کے سابق ساتھی ساتھی سریش رینا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

    چنئی سپر کنگز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان مقابلہ کافی دلچسپ مرحلے میں تھا۔ جی ٹی کے آل راؤنڈر وجے شنکر نے 12 رنز پر بیٹنگ کرتے ہوئے ڈیرل مچل کی گیند پر ڈرائیو کرنے کی کوشش کی۔

    گیند نے باہر کا کنارہ لے لیا اور اسی وقت دھونی نے کیچ پکڑنے کے لیے فوری برق رفتاری کا مظاہرہ کیا اور وکٹ کے پیچھے گیند کو تھام لی جس نے نہ صرف گراؤنڈ میں موجود شائقین بلکہ کمنٹیٹرز کو بھی دنگ کردیا۔

    رائنا جنھوں نے اپنے کیریئر کے دوران دھونی کے ساتھ کئی یادگار لمحات شیئر کی ہیں وہ اس کیچ پر اپنے جوش پر قابو نہیں رکھ سکے۔

    اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر انھوں نے اس کیچ کا کلپ شیئر کیا اور ساتھ میں لکھا، ’یہ بات یاد رکھیں سر ٹائیگر ابھی زندہ ہے، بھائی ہمیشہ مضبوط رہیں اور آس پاس کے ہر ایک کو متاثر کرتے رہیں۔‘

    اس سے قبل رائل چیلنجرز بنگلورو کے خلاف پہلے میچ میں، دھونی نے اسٹمپ کے پیچھے ایک اور کمال دکھاتے ہوئے شاندار رن آؤٹ کیا تھا جس نے مداحوں کو دھونی کے ابتدائی دنوں کی یاد دلا دی تھی۔

  • بھارتی کرکٹر نے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

    بھارتی کرکٹر نے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

    بھارتی کرکٹر سریش رائنا نے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے انڈین کرکٹر سریش رائنا کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے ریٹائر ہو گئے ہیں۔

    انھوں نے منگل کو اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، سریش رائنا نے 18 ٹیسٹ، 226 ون ڈے اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھارت کی نمائندگی کی۔

    بھارتی کرکٹر نے ٹوئٹر پر اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ اپنے ملک اور ریاست اتر پردیش کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

    بھارتی کرکٹر نے لکھا میں اب کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں، کیرئیر میں سپورٹ کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    یاد رہے کہ رائنا نے اگست 2020 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ اب انھوں نے آئی پی ایل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لے لی۔ خبر تھی کہ 2022 کے سیزن سے باہر ہونے کے بعد وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے ریٹائر ہونے والے ہیں، انھوں نے اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی بتا دیا تھا۔

    چنئی سپر کنگز کی جانب سے انھیں برقرار نہ رکھا گیا اور کوئی بولی لگانے والا نہ ملنے کے بعد وہ میگا نیلامی میں فروخت نہ ہو سکے تھے۔

    ٹیسٹ میچز: سریش رائنا نے اپنے کیرئیر کے 18 ٹیسٹ میچوں میں 768 رنز اسکور کیے، جب کہ 13 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

    ون ڈے انٹرنیشل: رائنا نے 226 ایک روزہ میچز کھیلے جس میں انھوں نے مجموعی طور پر 5 ہزار 615 رنز بنائے، اس کے علاوہ انھوں نے ان میچوں میں 36 وکٹیں حاصل کیں۔

    ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل: 78 ٹی ٹوئنٹی میں سریش رائنا نے 1604 رنز کیے جب کہ 13 وکٹیں اپنے نام کیں۔

    رائنا اپنے ٹی 20 کیریئر میں 6 ہزار رنز کے ساتھ ساتھ 8 ہزار رنز بنانے والے پہلے بھارتی کھلاڑی تھے، وہ آئی پی ایل میں بھی 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے کرکٹر ہیں۔

    سریش رائنا کرس گیل کے بعد دوسرے اور آئی پی ایل میں 100 چھکے لگانے والے پہلے بھارتی کھلاڑی ہیں۔