ایشیا کپ کے میچز میں جب بھی سری لنکا اور پاکستان مدمقابل آئے فتح زیادہ تر آئی لینڈرز کو ہی ملی، ایونٹ میں ایشیائی حریف کے خلاف گرین شرٹس کی جیت کا تناسب 30 فیصد سے بھی کم ہے۔
ایشیا کپ کے میچز میں پاکستان کا ریکارڈ سری لنکا کے خلاف کافی خراب ہے، ایونٹ میں آئی لینڈرز کے خلاف گرین شرٹس کی جیت کا تناسب 30 فیصد سے بھی کم ہے۔
جمعرات کو ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا آمنے سامنے آئیں گے جس کی حیثیت اب سیمی فائنل کی ہو چکی ہے، جو بھی ٹیم اس میچ میں کامیابی حاصل کرے گی وہ بھارت سے فائنل کھیلنے کی حقدار ہوگی۔
حیران کن بات یہ ہے کہ اب تک ایشیائی ایونٹ میں پاکستان کا ریکارڈ سری لنکا کے خلاف تشویشناک ہے۔ آئی لینڈرز نے ٹورنامنٹ میں اب تک پاکستان کیخلاف 17 میچز کھیل کر 12 میں کامیابی اپنے نام کی ہے۔ قوی ٹیم محض 5 مقابلے ہی جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔
1984 میں شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں سری لنکا کا پلڑا ہمیشہ سے گرین شرٹس کے خلاف بھاری رہا ہے۔ آخری بار بھی سری لنکا نے ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان ٹیم کو شکست دے کر ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
مجموعی ریکارڈ کا جائزہ لیں تو پاکستان کا ریکارڈ کافی بہتر ہے۔ دونوں ٹیمیں 155 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جہاں گرین شرٹس نے 92 میچز میں فتح اپنے نام کی۔ سری لنکن ٹیم 58 مقابلے جیت پائی۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بارش کے 86 فیصد امکانات ہیں جب کہ پاکستان کو ایونٹ کے فائنل میں رسائی کے لیے آئی لینڈرز کے خلاف لازمی فتح درکار ہے۔