Tag: سری لنکا

  • سری لنکن ٹیم کی آمد کرکٹ کے میدان میں ہوا کا تازہ جھونکا ہے،عثمان بزدار

    سری لنکن ٹیم کی آمد کرکٹ کے میدان میں ہوا کا تازہ جھونکا ہے،عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم کھیلوں خصوصاً کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہے، سری لنکن ٹیم کی آمد کرکٹ کے میدان میں ہوا کا تازہ جھونکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کی آمد سے انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے، سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں، مینجمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستانی قوم کھیلوں خصوصاً کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہے، سری لنکن ٹیم کی آمد کرکٹ کے میدان میں ہوا کا تازہ جھونکا ہے، شائقین کرکٹ ٹیسٹ میچوں سے محظوظ ہوں گے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ کرکٹ کے میدان آباد ہونے سے دنیا کو مثبت پیغام جائے گا، امید ہے سری لنکن ٹیم کے بعد دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔

    سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سری لنکا کی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے اسلام آباد پہنچی تھی۔ پاکستان میں 10 سال بعد کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کا آغاز 11 دسمبر سے ہوگا جہاں سری لنکن ٹیم اپنے ورلڈ چیمپئن شپ میچز کھلیے گی۔

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 19 سے 23 دسمبر تک کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔

  • سری لنکن ٹیم پریکٹس کے لیے اسٹیڈیم پہنچ گئی، احسان مانی بنگلا دیشی ٹیم کے دورے کے لیے پرامید

    سری لنکن ٹیم پریکٹس کے لیے اسٹیڈیم پہنچ گئی، احسان مانی بنگلا دیشی ٹیم کے دورے کے لیے پرامید

    راولپنڈی: پاکستان میں 10 سال بعد انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کی رونقیں بحال ہو گئی ہیں، سری لنکن ٹیم پریکٹس سیشن کے لیے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود ہے، تاہم گراؤنڈ پر اس وقت گہرے بادلوں کے ڈیرے ہیں، اور بارش کا امکان ہے۔

    دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسانی مانی نے بنگلا دیشی ٹیم کے پاکستان کے دورے کے لیے امید کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ سطح رابطوں کے بعد بنگلا دیشی ٹیم پاکستان ضرور آئے گی۔

    اس وقت کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں سری لنکن ٹیسٹ ٹیم پریکٹس کے لیے موجود ہے، آئی سی سی میچ آفیشلز بھی اسٹیڈیم میں موجود ہیں، پاکستان، سری لنکن ٹیمیں کل پہلا ٹیسٹ اسی اسٹیڈیم میں کھیلیں گی، قبل ازیں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے اسٹیڈیم میں پچ کا معائنہ کیا، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور سری لنکن ٹیم ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی معائنے کے وقت ان کے ہم راہ تھے۔

    دریں اثنا، چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ بنگلا دیش کے دورے سے متعلق مثبت جواب کا امکان ہے، وزیر اعظم عمران خان نے بنگلا دیشی وزیر اعظم کو فون کیا تھا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی بنگلا دیشی وزیر خارجہ سے مل چکے ہیں، بنگلا دیش نے دورے سے منع کیا تو وجہ بتانا ہوگی، بنگلا دیشی سیکورٹی وفد کی رپورٹ بھی مثبت ہے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ وہ پُر امید ہیں کہ بنگلا دیش کی ٹیم ضرور پاکستان آئے گی، 2021 میں انگلینڈ، 2022 میں آسٹریلیا کے دورۂ پاکستان کے لیے بھی پُر امید ہوں، پاکستان آئی سی سی کے اضافی ٹورنامنٹس کے حق میں ہے، بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے آئی سی سی کے 2 ٹورنامنٹس کی مخالفت کی، تاہم آئی سی سی کے اضافی ٹورنامنٹس سے ممبر ممالک کو 700 ملین ڈالرز کا فائدہ ہو سکتا ہے۔

  • سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز: 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

    سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز: 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

    لاہور: سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، اظہر علی ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ فواد عالم کی 10 سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے بریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 10 سال بعد ٹیسٹ سیریز کی واپسی ہورہی ہے، سری لنکا ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آ رہا ہے۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ون مین شو کے حوالے سے جو باتیں چل رہی ہیں وہ غلط ہیں۔ 6 سلیکٹرز ہیں فیصلہ سب کی مشاورت سے ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ بنا لیا، ہر کھلاڑی سے متعلق مکمل معلومات ہیں۔ ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہ کر کے تسلسل لانا چاہتے ہیں۔ وہی تبدیلیاں کی جاتی ہیں جو ضروری سمجھی جائیں۔

    انہوں نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا بھی اعلان کیا۔ اسکواڈ میں 10 سال بعد فواد عالم کی قومی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی۔ اسکواڈ میں اظہر علی کپتان، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان سینئر، محمد عباس اور محمد رضوان شامل ہیں۔

    کاشف بھٹی، نسیم شاہ، شاہین شاہ، شان مسعود، یاسر شاہ اور عثمان شنواری بھی اسکواڈ میں شامل ہیں۔

    مصباح الحق کا کہنا تھا کہ فواد عالم بہت اچھی فارم میں ہیں، عثمان شنواری بولنگ میں بہتری لا رہے ہیں۔ محمد موسیٰ ٹیم کے ساتھ ہوں گے، اسکواڈ کا حصہ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا سب سے بڑا مسئلہ بولنگ کا ہے۔ میرے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں جس سے سب کچھ ٹھیک کردوں۔ صرف کھلاڑی نہیں ہم بھی جواب دہ ہیں۔

    مصباح کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ان کھلاڑیوں میں شامل ہو چکے ہیں جو میچ ونر ہوتے ہیں، پاکستان ٹیم ٹیسٹ کرکٹ بہت لمبے عرصے بعد کھیلتی ہے۔ کھلاڑی کو پرفارمنس کے لیے وقت چاہیئے ہوتا ہے۔ ایسا نہیں کہ میں بیٹھا رہوں اور قومی ٹیم کا ستیاناس ہوجائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک کی پرفارمنس کو اہمیت دیتے ہیں، جو پرفارمنس دیتا ہے اسے موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ مجھ پر اعتماد نہیں ہے تو کوئی بھی عہدہ نہیں ہونا چاہیئے۔ صحیح طریقے سے کام نہیں کرتا تو کسی بھی عہدے کا جواز نہیں بنتا۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نو منتخب سری لنکن صدر سے ملاقات

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نو منتخب سری لنکن صدر سے ملاقات

    کولمبو: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سری لنکا کے نو منتخب صدر گوٹا بایا راجا پاکسا سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان سے عسکری تربیت حاصل کرنے والی شخصیت سری لنکا کی صدارت سنبھالے ہوئے ہے۔ آپ کے منصب سنبھالنے کے بعد دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ صدارتی سیکریٹریٹ کولمبو پہنچے۔ صدارتی سیکریٹریٹ آمد کے موقع پر وزیر خارجہ کی سری لنکا کے نو منتخب صدر گوٹا بایا راجا پاکسا سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر ترجمان دفتر خارجہ اور سری لنکا میں موجود پاکستانی ہائی کمشنر بھی موجود تھے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گوٹا بایا راجا پاکسا کو سری لنکن صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے سری لنکن صدر کو صدر عارف علوی کا تہنیتی خط بھی دیا۔ خط میں سری لنکن صدر کو مبارک باد کے ساتھ دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سے عسکری تربیت حاصل کرنے والی شخصیت سری لنکا کی صدارت سنبھالے ہوئے ہے، قابل مسرت ہے کہ 70 کی دہائی میں آپ نے عسکری تربیت حاصل کی تھی۔ آپ کے منصب سنبھالنے کے بعد دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سری لنکن عوام نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جو قابل تحسین ہے۔ قدرتی آفت میں بھی پاکستان کے عوام سری لنکن بھائیوں کے شانہ بشانہ نظر آئے۔

    شاہ محمود قریشی نے سری لنکن صدر کو پاکستان کی طرف سے معاشی سفارت کاری سے بھی آگاہ کیا۔

    سری لنکن صدر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سری لنکا آمد پر خوش آمدید کہا جبکہ تہنیتی پیغامات اور دورہ پاکستان کی دعوت پر صدر پاکستان اور اعلیٰ قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 2 روزہ دورے پر سری لنکا میں موجود ہیں۔ 2 روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیر خارجہ سری لنکا کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    شاہ محمود نے کولمبو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خصوصی پیغام لے کر سری لنکا آیا ہوں، سری لنکا کے نو منتخب صدر اور وزیر اعظم سے ہماری گہری شناسائی ہے اور وہ پاکستان کے دوست ہیں۔

    اس سے قبل سری لنکن وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ اور گہرے مراسم ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ دونوں ممالک نے باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے کو درپیش خطرات سے بھی آگاہ کیا۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سری لنکن ہم منصب سے ملاقات

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سری لنکن ہم منصب سے ملاقات

    کولمبو: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سری لنکن ہم منصب سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ اور گہرے مراسم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سری لنکا کے نئے مقرر کردہ وزیر خارجہ ڈائنش گناور دینا سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سری لنکن ہم منصب کو بطور وزیر خارجہ تقرری پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین دیرینہ اور گہرے مراسم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کی۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے کو درپیش خطرات سے بھی آگاہ کیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے عالمی کرکٹ بحال ہوئی، پاکستان میں 2 ٹیسٹ میچز کے لیے سری لنکن ٹیم کی آمد کے منتظر رہیں گے۔

    انہوں نے سری لنکن ہم منصب کو اپنی طرف سے تہنیتی خط بھی دیا جس میں پاکستان تشریف لانے اور بدھ مذہب کا تاریخی ورثہ دیکھنے کی دعوت دی گئی۔

    ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ 2 روزہ دورے پر سری لنکا میں موجود ہیں۔ 2 روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیر خارجہ سری لنکا کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    شاہ محمود نے کولمبو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خصوصی پیغام لے کر سری لنکا آیا ہوں، سری لنکا کے نو منتخب صدر اور وزیر اعظم سے ہماری گہری شناسائی ہے اور وہ پاکستان کے دوست ہیں۔

  • وزیر خارجہ 2 روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے

    وزیر خارجہ 2 روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے

    کولمبو: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی گزشتہ رات یکم دسمبر کو 2 روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا کے شہر کولمبو پہنچ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچ گئے ہیں، ایئرپورٹ پر سری لنکن وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری نے ان کا خیر مقدم کیا، پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام بھی موجود تھے جنھوں نے وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا۔

    دو روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سری لنکا کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    شاہ محمود نے کولمبو ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں وزیر اعظم عمران خان اور صدر ڈاکٹر عارف علوی کا خصوصی پیغام لے کر سری لنکا آیا ہوں، سری لنکا کے نو منتخب صدر اور وزیر اعظم سے ہماری گہری شناسائی ہے، اور وہ پاکستان کے دوست ہیں۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک عرصے سے دیرینہ مضبوط مراسم ہیں، دونوں ممالک کے پاس ایک دوسرے سے مستفید ہونے کے مواقع ہیں، پاکستان اور سری لنکا نے باہمی طور پر ہمیشہ ایک دوسرے کی معاونت کی، بین الاقوامی سطح پر بھی دونوں ممالک نے ایک دوسرے کو سپورٹ کیا ہے۔

    شاہ محمود نے میڈیا کو بتایا کہ وہ آج سری لنکا کے صدر، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

  • پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے سری لنکن اسکواڈ کا اعلان

    پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے سری لنکن اسکواڈ کا اعلان

    کولمبو: سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، سری لنکن ٹیم کی قیادت کرونارتنے کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میدان سجے گا جہاں قومی ٹیم سری لنکن ٹیم سے ٹکرائے گی، سری لنکا کی جانب سے کون کون ان ایکشن ہوگا، بورڈ نے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

    کرونارتنے کی کپتانی میں اوشاکافرنینڈو، کوشال مینڈس، اینجلومیتھیوز ٹیم میں شامل ہیں۔ جبکہ دنیش چندیمل، کوشال پریرا، لہیرو تھریما کو بھی اسکواڈ کا حصہ رکھا گیا ہے۔

    دھننجیا ڈی سلوا، ڈیک ویلا، دلروان پریرا، امبلدینیا، سورنگا لکمل، وشوافرنینڈو بھی، لہرو کمارا، لکشن سنداکن اور کاسن رجیتھا بھی 16رکنی اسکواڈ میں شامل ہیں۔ شائقین کرکٹ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی دس سال بعد بحالی پر بے حد خوش ہیں۔

    10 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی

    قومی کرکٹ ٹیم سیریز میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلے گی، سری لنکا ٹیسٹ کرکٹ ٹیم دسمبر میں پاکستان آئے گی، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچز راولپنڈی اور کراچی میں ہوں گے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 11سے 15دسمبر تک راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 19سے23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے بعد ہی ٹیسٹ شیڈول بھی زیرغور تھا۔

  • سری لنکا میں صدارتی انتخابات، مسلم ووٹرز کی بسوں پر فائرنگ

    سری لنکا میں صدارتی انتخابات، مسلم ووٹرز کی بسوں پر فائرنگ

    کولمبو: سری لنکا میں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے، ملک کے شمال مغربی علاقے میں مسلم ووٹرز کی بسوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق صدارتی انتخابات کے لیے آج سری لنکا میں ووٹنگ شروع ہو گئی ہے، جس میں صدر میتھری پالاسری سینا کے جانشین کا انتخاب کیا جائے گا، ووٹ ڈالنے کے لیے نکلنے والے مسلمان ووٹرز کی بسوں پر فائرنگ کے واقعے نے سیکورٹی کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

    یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب سری لنکا میں اقلیتی مسلم ووٹرز سو سے زائد بسوں کے ایک کانوائے کی صورت میں قریبی قصبے میں ووٹ ڈالنے جا رہے تھے۔ مسلح افراد نے سڑک پر ٹائر جلا کر راستہ بند کر دیا تھا۔ کانوائے پہنچنے پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے دو بسیں متاثر ہوئیں، بسوں پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔

    تازہ ترین:  موریطانیہ کے ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں نے مدد کی اپیل کر دی

    مقامی پولیس کے حوالے سے غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ مسلح حملہ آوروں کو بھی نہیں پکڑا جا سکا ہے۔

    واضح رہے کہ سری لنکا کی 70 فی صد آبادی بدھ مت سے تعلق رکھتی ہے جب کہ مسلمانوں کی تعداد 2 کروڑ ہے جو کل آبادی کا 10 فی صد ہیں۔ تامل بھی سری لنکا کا اقلیتی قبیلہ ہے۔ نئے صدر کے انتخابات کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ راجا پکسے قبیلہ ایک بار پھر صدارت کی کرسی پر براجمان ہو سکتا ہے، جنھوں نے تامل ٹائیگرز کو کچل دیا تھا جس کی وجہ سے ان کی حمایت کی جا رہی ہے۔

    انتخابات میں سابق وزیر دفاع 70 سالہ گوٹا بایا راجا پکسے اور حکمراں جماعت کے امیدوار 52 سالہ سجیت پریما داسا میدان میں ہیں جب کہ نیشنل پیپلز پاور اتحاد کے قائد انورا کمارا دسانائیکے بھی ایک مضبوط امیدوار ہیں۔

  • دورہ پاکستان کیلئے سری لنکا کی 16 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان آج متوقع

    دورہ پاکستان کیلئے سری لنکا کی 16 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان آج متوقع

    لاہور: دورہ پاکستان کے لیے سری لنکن کرکٹ بورڈ 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان آج کرسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 11 دسمبر سے راولپنڈی اور 19 دسمبر سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹیسٹ میچز کھیلنے کا شیڈول ہے، جس کے لیے سری لنکن بورڈ آج ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کرے گا۔

    سری لنکن میڈیا کے مطابق مجوزہ ٹیم میں تمام سینئر کھلاڑی بھی شامل ہوں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 11دسمبر سے راولپنڈی اور 19 دسمبر سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹیسٹ میچز کھیلنے کا شیڈول لنکن بورڈ کے حوالے کیا جاچکا ہے، تاہم باضابطہ اعلان چند روز میں ہوگا۔

    دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے آنے والی سری لنکن ٹیم کا کیمپ 18 نومبر سے کولمبو میں شیڈول کیا گیا، دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس اہم سیریز کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے، میڈیا کے ایکریڈیشن کارڈز کا مرحلہ بھی جلد شروع ہورہا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سری لنکن ٹیم دورہ پاکستان پر تھی، جہاں سری لنکا نے پاکستان کو ٹی ٹوینٹی سیریز میں شکست دی تھی جبکہ پاکستان نے ون ڈے سیریز میں 2-0 سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔

    سری لنکن ٹیم نجی ائیرلائن سے براستہ دبئی وطن روانہ ہوگئی

    خیال رہے کہ دورہ سری لنکا سے پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے مزید دروازے کھلے، عالمی سطح اس سیریز کو پذیرائی ملی جبکہ دنیا کو یہ واضح پیغام گیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں کھیلوں سے متعلق بے پناہ صلاحتیں موجود ہیں۔

  • سری لنکا نے پاکستان نہ آنے والے 4 کھلاڑیوں کو سزا دے دی

    سری لنکا نے پاکستان نہ آنے والے 4 کھلاڑیوں کو سزا دے دی

    کولمبو: سری لنکا نے دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹی 20 ٹیم کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر نے دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹی ٹوینٹی ٹیم کا اعلان کردیا ہے، آئی لینڈرز بورڈ نے پاکستان نہ آنے والے 4 کھلاڑیوں کو سزا دے دی۔

    سری لنکن سابق کپتان اینجلیو میتھیوز، آل راؤنڈر تھیسارا پریرا، دھنن جیا دی سلوا، اور فاسٹ بولر سرنگا لکمل کو ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔

    دورہ آسٹریلیا کے لیے سری لنکن ٹیم میں پاکستان کو 3-0 سے شکست دینے والی ٹیم کے 12 کھلاڑی برقرار ہیں۔

    سری لنکن ٹیم کی قیادت سینئر فاسٹ بولر لستھ ملنگا کریں گے، سری لنکن ٹیم کینگروز کے خلاف تین ٹی 20 میچز کھیلے گی۔

    مزید پڑھیں: سری لنکن آل راؤنڈر تھیسارا پریرا نے پاکستان نہ آنے کی وجہ بتادی

    واضح رہے کہ سری لنکا کے سینئر کرکٹرز نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد کہا جارہا تھا کہ بھارت نے آئی پی ایل سے باہر کرنے کی دھمکی دی جس کی وجہ سے سری لنکن کرکٹرز پاکستان نہیں آئے۔

    تھیسا پریرا 2017 میں ورلڈ الیون کی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستان آئے تھے اور لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں تین میچز کھیلے تھے۔

    پریرا نے وضاحت دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا تھا کہ انہیں کیریبئن لیگ کے دوران ڈینگی ہوگیا تھا جس کی وجہ سے وہ کہیں بھی نہیں جاسکے تھے، لوگ کچھ بھی باتیں بنانے لگتے ہیں۔

    یاد رہے کہ سری لنکا نے پاکستان کو ٹی ٹوینٹی سیریز میں شکست دی تھی جبکہ پاکستان نے ون ڈے سیریز میں 2-0 سے کامیابی اپنے نام کی تھی۔