Tag: سری لنکا

  • انٹرپول کا سری لنکا میں دھماکوں کی تحقیقات کیلئے ماہرین بھیجنے کا اعلان

    انٹرپول کا سری لنکا میں دھماکوں کی تحقیقات کیلئے ماہرین بھیجنے کا اعلان

    کولمبو : سری لنکا میں حملوں کے بعد ساری ریاستی سیکیورٹی کو تبدیل کیا جا رہا ہے, انٹرپول نے دھماکوں کی تحقیقات کے لیے ماہرین کی ٹیم سری لنکا بھیجنے کا بھی اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر دنیا بھر کی طرح سری لنکا میں بھی مسیحی برادری خوشیاں منارہی تھی جو اس وقت غم میں تبدیل ہوگئیں جب دہشت گردوں نے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں دھماکے کیے جس کے نتیجے میں 360 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سری لنکن حکام نے نیشنل توحید جماعت پر حملوں کا الزام لگایا ہے، حکومت نے مقامی تنظیم کو ذمہ دارٹھہراتے ہوئے مشتبہ خودکش بمبار کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی ہے۔

    دوسری جانب انتہا پسند تنظیم داعش نے سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں پر کیے گئے 8 دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی تھی تاہم حکومت اپنے موقف پر قائم ہے کہ کارروائی نیشنل توحید جماعت کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حملوں میں مرنے والوں کی تعداد 360 ہو گئی۔ سری لنکا میں بدترین حملوں کے بعد سربراہان مملکت نے سیکیورٹی اداروں کے سربراہان کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    صدر سری سینا کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کے سربراہان 24 گھنٹوں میں تبدیل ہو جائیں گے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان کا مزید کہنا تھا جن آفیشلز نے ان کے ساتھ خفیہ معلومات شیئر نہیں کیں ان کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔

    دوسری جانب وزیراعظم نے کہا کہ حملوں کے تانے بانے بیرون ملک سے ملتے ہیں جس میں داعش کا ایک گروپ ملوث ہو سکتا ہے، انٹرپول نے دھماکوں کی تحقیقات کے لیے ماہرین سری لنکا بھیجنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

    غیر ملکی خب رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سری لنکن حکام نے اب تک 58 مشتبہ افراد کو دھماکوں میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق داعش نے سری لنکا میں ایسٹر کے تہوار پر گرجا گھروں اور ہوٹلوں پر دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے تاہم دعوے کے ثبوت میں خود کش بمبار کے نام اور دیگر تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

    داعش کی نمائندہ خبر ایجنسی ہونے کے دعویدار ’عمق‘ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سری لنکا امریکی اتحادی ہے جہاں کیے گئے خود کش دھماکے داعش جنگجوﺅں نے کیے تاہم پریس ریلیز میں دعوے کے ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔

    دوسری جانب سری لنکا کی حکومت تاحال اپنے سابقہ موقف پر قائم ہے جس میں مقامی شدت پسند تنظیم التوحید کو دھماکوں کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا اور خود کش بمباروں کے سری لنکن شہری ہونے کا دعوی کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ عمق کی جانب سے داعش کی نمائندگی کا دعویٰ کیا جاتا ہے تاہم اس دعوے کا کوئی مستند ثبوت نہیں نا ہی داعش رہنماﺅں نے کبھی عمق کو اون کیا ہے۔ سری لنکا حکومت کی جانب سے خود کش بمباروں کی شناخت ظاہر کرنے کے بعد عمق یا حکومتی دعوﺅں میں سے کسی ایک کی تصدیق ہوسکے گی۔

  • سری لنکا میں دھماکوں کی تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہے، جیسنڈا ایرڈن

    سری لنکا میں دھماکوں کی تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہے، جیسنڈا ایرڈن

    ولنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کا کہنا ہے کہ کوئی معلومات نہیں سری لنکا میں دھماکے کرائسٹ چرچ حملوں کے جواب میں تھے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کا کہنا ہے سری لنکا میں دھماکوں سے متعلق انٹیلی جنس نہیں تھی۔

    جیسنڈا ایرڈن نے کہا کہ کوئی معلومات نہیں دھماکے کرائسٹ چرچ حملوں کے جواب میں تھے، سری لنکا میں دھماکوں کی تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہاپسندی کی مخالفت کرتا ہے، کرائسٹ چرچ میں مساجد حملے کے پیش نظر پرتشدد افراد کے خلاف سخت مذمت سامنے آئی اور اس واقعے کے بعد دنیا بھر میں امن کا پیغام دیا گیا جس کی وجہ سے ہم سب متحد ہوئے۔

    سری لنکا دھماکے، ہلاکتوں کی تعداد 359 ہوگئی

    سری لنکن وزیردفاع روان وجے وردن نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ جو سری لنکا میں ہوا وہ کرائسٹ چرچ میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والے حملے کا بدلہ تھا۔

    یاد رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر میں سفید فام دہشت گرد آسٹریلوی شہری نے 2 مساجد میں حملہ کرکے 50 سے زائد افراد کو شہید کردیا تھا۔

  • سری لنکا میں سوگ ، دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد310 تک جا پہنچی

    سری لنکا میں سوگ ، دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد310 تک جا پہنچی

    کولمبو : سری لنکا میں تین روزکا سوگ منایا جارہا ہے، دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد تیس سودس ہوگئی جبکہ دھماکوں میں ملوث ہونے کے شبے میں چالیس افراد کوگرفتارکرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں ایسٹر کے موقع گرجا گھروں اورہوٹلوں میں ہونے والے دھماکوں کی تحقیقات جاری ہے ، دھماکوں سے تعلق کے شبے میں چالیس افراد کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ملک بھرمیں سوگ منایا جارہا ہے، یومِ سوگ کے موقع پر ملک بھر میں پرچم سرنگوں رہے جبکہ دھماکوں میں مرنے والوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تین منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔

    سری لنکا میں ایمرجنسی نافذ ہے اور کولمبومیں رات آٹھ بجے سے صبح چاربجے تک کرفیونافذ ہے جبکہ دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد تیس سودس تک جا پہنچی ہے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے متوقع دھماکوں کے بارے میں پولیس کوپہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا، سری لنکا دھماکوں میں پانچ سوسے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ دھماکے 7 خود کش بمبار نے کئے۔

    مزید پڑھیں : سری لنکا میں دہشت گردی، تحقیقات میں بین الاقوامی پولیس مدد فراہم کرے گی

    یاد رہے سری لنکا میں ہونے والی اس دہشت گردی کی تفتیش کے لیے بین الاقوامی پولیس انٹرپول کی جانب سے تفتیشی ماہرین کی ایک وفد بھیجا جارہا ہے، انٹرپول کا وفد مقامی تحقیقاتی اداروں کے ساتھ مل کر تفتیش میں شریک ہوگا، ان میں وہ ماہرین بھی شامل ہیں جو کسی تباہی کے بعد ہلاک شدگان کی شناخت کرتے ہیں۔

    واضح رہے سری لنکا میں اتوار کے روز چرچ میں جاری ایسٹر تقریبات پر اور ہوٹلز میں 8 دھماکے ہوئے تھے، دھماکوں کے بعد ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی ، سری لنکن صدر نے سیکیورٹی حکام کو مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا مکمل اختیار بھی دے دیا تھا جبکہ پورے ملک میں سیکیورٹی سخت ہے اور سوشل میڈیا پر  پابندی تاحال برقرار ہے۔

    سری لنکا کے دارالحکومت میں یکے بعد دیگرے 8 دھماکوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں چار پاکستانی شہری بھی شامل تھے ، زخمی ہونے والے پاکستانیوں میں ماہین حسن زوجہ حسن محمود، مزنہ ہمایوں ولد چوہدری محمد ہمایوں، عاتکہ عاطف زوجہ چوہدری عاطف شریف شامل ہیں جبکہ ایک پاکستانی بچہ بھی معمولی زخمی ہوا ۔

  • سری لنکا میں دہشت گردی، تحقیقات میں بین الاقوامی پولیس مدد فراہم کرے گی

    سری لنکا میں دہشت گردی، تحقیقات میں بین الاقوامی پولیس مدد فراہم کرے گی

    کولمبو: سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر ہونے والی بڑی دہشت گردی کی تحقیقات میں بین الاقوامی پولیس(انٹرپول) مدد فراہم کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور 4 ہوٹلوں میں دھماکے ہوئے جبکہ مضافات میں دو مسیحی عبادت گاہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 290 افراد ہلاک جب کہ 500 سے زائد زخمی ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں ہونے والی اس دہشت گردی کی تفتیش کے لیے بین الاقوامی پولیس انٹرپول کی جانب سے تفتیشی ماہرین کی ایک وفد بھیجا جارہا ہے۔

    انٹرپول کا وفد مقامی تحقیقاتی اداروں کے ساتھ مل کر تفتیش میں شریک ہوگا، ان میں وہ ماہرین بھی شامل ہیں جو کسی تباہی کے بعد ہلاک شدگان کی شناخت کرتے ہیں۔

    حکام نے دھماکوں کے بعد امن و امان کی صورت حال قائم کرنے کے لیے مختصر وقت کے لیے کرفیو نافذ کرکے عارضی طور پر سوشل میڈیا پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

    سری لنکن صدر میتھری پالاسری سینا کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ مجھے حملوں سے شدید رنج پہنچا ہے، عوام صبر کریں۔

    خیال رہے کہ سری لنکا کے دارالحکومت کے گرجا گھروں و ہوٹلوں میں یکے بعد دیگرے 8 دھماکوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں چار پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔

    سری لنکا دھماکے، 290 افراد ہلاک، 500 سے زائد زخمی، ملک میں کرفیو نافذ

    زخمی ہونے والے پاکستانیوں میں ماہین حسن زوجہ حسن محمود، مزنہ ہمایوں ولد چوہدری محمد ہمایوں، عاتکہ عاطف زوجہ چوہدری عاطف شریف شامل ہیں جبکہ ایک پاکستانی بچہ بھی معمولی زخمی ہوا ہے۔

  • دہشت گردی کے خلاف عزم مستحکم ہے،  جیسنڈا ایرڈن

    دہشت گردی کے خلاف عزم مستحکم ہے، جیسنڈا ایرڈن

    ولنگٹن: نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن کا کہنا ہے کہ گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں لوگوں کو نشانہ بنانا ہولناک عمل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈن نے سری لنکا دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ ہر طرح کی انتہا پسندی کو مسترد کرتا ہے۔

    جیسنڈا ایرڈن کا کہنا تھا کہ ہماری سرزمین پر15 مارچ کے حملوں کے بعد دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم مستحکم ہوچکا ہے۔

    نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں لوگوں کو نشانہ بنانا ہولناک عمل ہے۔

    جیسنڈا ایرڈن کا مزید کہنا تھا کہ ہم مذہبی آزادی کی حمایت کرتے ہیں، ایسے پُرتشدد واقعات کو روکنے کے لیے ہم سب کو اجتماعی کوششیں کرنی ہوں گی۔

    سری لنکا دھماکے، 290 افراد ہلاک، 500 سے زائد زخمی، ملک میں کرفیو نافذ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور چار ہوٹلوں میں یکے بعد دیگرے آٹھ دھماکے ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں 290 افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے۔

    سری لنکن وزیراعظم نے ملک میں ہونے والے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دیا تھا۔

    سری لنکا کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت صورت حال پرقابوپانے کے لیے اقدامات کررہی ہے، عوام مشکل وقت میں متحد رہیں، افواہوں پرکان نہ دھریں۔

  • سری لنکا دھماکے، 290 افراد ہلاک، 500 سے زائد زخمی، ملک میں کرفیو نافذ

    سری لنکا دھماکے، 290 افراد ہلاک، 500 سے زائد زخمی، ملک میں کرفیو نافذ

    کولمبو : سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور چار ہوٹلوں میں یکے بعد دیگرےآٹھ دھماکے ہوئے، جس کے نتیجے میں 290 افراد ہلاک جب کہ سینکڑوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور 4 ہوٹلوں میں دھماکے ہوئے جبکہ مضافات میں دو مسیحی عبادت گاہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 290  افراد ہلاک جب کہ 500 سے زائد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 8 میں  سے 3 حملے خودکش تھے، پولیس نے 7 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

    دھماکوں کے بعد کولمبو میں فوج طلب کر لی گئی، ملک میں منگل کی شام چھ بجے تک کرفیو نافذ کر دیا گیا، سوشل میڈیا کو بند کر دیا گیا، سری لنکن وزیر اعظم نے عوام سے افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کر دی، پولیس نے گیارہ اپریل کو گرجا گھروں پر حملے کی وارننگ دی تھی۔

    غیر ملکی خبر  رساں ادارے کے مطابق کو چیکاڈے، سینٹ سیبسٹن اور بیٹیکولا چرچ میں دھماکے اس وقت ہوئے جب لوگ عبادت میں مصروف تھے۔

    کولمبو میں شانگری ہوٹل اور سینیمین گراؤنڈ میں بھی دھماکے ہوئے، دھماکوں کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حکومت نے متعدد دھماکوں کے بعد امن و امان کی صورتحال قائم کرنے کےلیے مختصر وقت کےلیے کرفیو نافذ کرکے عارضی طور پر سوشل میڈیا پر بھی پابندی عائد کردی۔

    سری لنکن صدر میتھری پالاسری سینا کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ مجھے  حملوں سے شدید رنج پہنچا ہے، عوام صبر کریں۔

    سری لنکن پولیس کے مطابق دھماکوں میں 290 افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 35 غیر ملکی بھی شامل ہیں، جن میں امریکی، برطانوی اور نیدر لینڈز کے شہری شامل ہیں۔

    سری لنکن وزیراعظم نے ملک میں ہونے والے دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ اقدام قرار دے دیا۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت صورت حال پرقابوپانے کے لیے اقدامات کررہی ہے، عوام مشکل وقت میں متحد رہیں، افواہوں پرکان نہ دھریں۔

    دنیا بھرمیں مسیحی برادری آج ایسٹرکا تہوار منارہی ہے

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں آج مسیحی برادری اپنا مذہبی تہوار ایسٹر عقیدت واحترام کے ساتھ منا رہی ہے۔

    ویٹی کن سٹی کے سینٹ پیٹرز بسیلیکا چرچ میں ایسٹر کی مرکزی تقریب ہوئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

    کیتھولک مسیحوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مایوسی کو پیچھے چھوڑیں اور امید کو دفن نہ ہونے دیں جو چیزیں گزر گئی ہیں ان میں زندگی کے معنی تلاش نہ کریں۔

  • پاکستان کی سری لنکا میں دھماکوں کی شدید مذمت

    پاکستان کی سری لنکا میں دھماکوں کی شدید مذمت

    اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے سری لنکا میں دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان دہشت گردی کے خلاف سری لنکا کے ساتھ کھڑی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے
    اپنے پیغام میں ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں ہونے والے دھماکوں کی مذمت کی ہے۔

    ڈاکٹر محمد فیصل نے چرچ، ہوٹلوں میں دھماکوں سے قیمتی جانوں کے نقصان پراظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ مشکل گھڑی میں پاکستان حکومت سری لنکا کے ساتھ کھڑی ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان حکومت دہشت گردی کے خلاف سری لنکا کے ساتھ کھڑی ہے۔

    واضح رہے کہ سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور تین ہوٹلوں میں دھماکے کے نتیجے میں 70 افراد ہلاک ہوگئے۔

    ویٹی کن سٹی کے سینٹ پیٹرز بسیلیکا چرچ میں ایسٹر کی مرکزی تقریب ہوئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

    کیتھولک مسیحوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مایوسی کو پیچھے چھوڑیں اور امید کو دفن نہ ہونے دیں جو چیزیں گزر گئی ہیں ان میں زندگی کے معنی تلاش نہ کریں۔

  • ورلڈ کپ 2019، جنوبی افریقا اور سری لنکا کی 15 رکنی ٹیموں کا اعلان

    ورلڈ کپ 2019، جنوبی افریقا اور سری لنکا کی 15 رکنی ٹیموں کا اعلان

    دبئی: آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے جنوبی افریقا اور سری لنکا کی 15 رکنی ٹیموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے جنوبی افریقا اور سری لنکا کی جانب سے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت فاف ڈوپلیسی، سری لنکن ٹیم کی قیادت ڈیموتھ کرونارتنے کریں گے۔

    آئندہ ماہ برطانیہ میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے ہاشم آملہ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    جنوبی افریقی ٹیم میں فاف ڈوپلیسی، ایڈن مرکرام، کوئنٹن ڈی کاک، ہاشم آملہ، رسی وینڈرسن، ڈیوڈ ملر، فلکوایو، جے پی ڈومینی، ڈیوائن پریٹورئیس، ڈیل اسٹین، کاگیسو ربادا، لنگی نگیدی، آنرچ نورٹج، عمران طاہر اور تبریز شمسی شامل ہیں۔

    سری لنکن ٹیم میں ڈیموتھ کرونارتنے، ملندا سری وردانا، جیون مینڈس، نوان پردیپ، انجیلو میتھیوز، کشال پریرا، لہیرو تھریمانے، تھسارا پریرا، اوشکا فرننڈو، کشال مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، لیستھ ملنگا، جیفری ویندرسے، ایسورو یودانا اور سرنگا لکمل شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2019 کا باقاعدہ آغاز 30 مئی کو میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ سے ہوگا۔

    ورلڈ کپ کے لیے اب تک پاکستان، نیوزی لینڈ، بھارت، بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی جانب سے ٹیموں کا اعلان کیا جاچکا ہے۔

  • پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن، سری لنکا نے گرین سگنل دے دیا

    پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن، سری لنکا نے گرین سگنل دے دیا

    لاہور: پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن ہوگئے، سری لنکا نے گرین سگنل دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی اب خواب نہیں. پاکستان میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہونے جارہی ہے.

    سری لنکا نے رواں سال ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے دو میچز پاکستان آکر کھیلنے کی ہامی بھرلی، ٹیسٹ میچز کی میزبانی لاہور اور کراچی کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق بنگلا دیش کے ساتھ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے میچز پاکستان آکر کھیلنے کے لئے مذاکرات جاری ہیں.

    مزید پڑھیں: کیا یونس خان پاکستانی جونیئر ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے والے ہیں؟

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ مقابلے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے درمیان ہوں‌ گے، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 9 ممالک کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی. حکام کی کوشش ہے کہ سری لنکا کے بعد بنگلا دیش بھی پاکستان کا دورے کرے.

    خیال کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں‌ آئی پی ایس نے کلیدی کردار ادا کیا، دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے ایک محفوظ ملک ہے.

    یاد رہے کہ پاک بھارت تنازع کے باوجود پی سی ایل کے آٹھ میچز کراچی میں‌ ہوئے، جن میں‌ انٹرنیشنل کرکٹ کے بڑے ستاروں نے شرکت کی.

  • پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے دی

    پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے دی

    کولمبو: پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے سری کو شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

    سری لنکا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، میزبان ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا۔

    پاکستانی ٹیم نے ہدف 34ویں اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پرحاصل کیا، قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے نثار 121 ، راشد 83 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    پاکستان اور سری لنکا کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے درمیان سیریز کا آخری میچ 25 فروری کو کھیلا جائے گا۔

    بلائنڈ کرکٹ سیریز، پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے دی

    یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستانی بلے باز بدر منیر کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دی تھی۔

    سری نے پاکستان کو جیت کے لیے 217 رنز کا ہدف دیا تھا جو قومی کرکٹ ٹیم نے 18.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔

    پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم 21 فروری سے سری لنکا کے دورے پر ہے ، جہاں پر وہ ایک روزہ سیریز کھیل رہی ہے اور اس کے بعد ٹی 20 میچ کی سیریز بھی سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔