Tag: سری لنکا

  • ساف ویمن فٹ بال چیمپئن شپ:سری لنکا نے پاکستان کو ہرا دیا

    ساف ویمن فٹ بال چیمپئن شپ:سری لنکا نے پاکستان کو ہرا دیا

    اسلام آباد :تیسری ساف ویمن فٹ بال چیمپئن شپ کا آغاز ہو گیا ایونٹ کے افتتاحی میچ میں سری لنکا نے میزبان پاکستان کو دو ایک گولز سے ہرا دیا۔اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں تیسری ساف ویمن فٹ بال چیمپئن شپ کا افتتاح وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کیا۔

    افتتاحی میچ سری لنکا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ پہلے ہاف کے تینتسویں منٹ میں سری لنکا نے گول اسکور کرکے برتری حاصل کی۔ جو ہاف کے اختتام تک برقرار رہی ۔

    دوسرے ہاف کے اکیاسیویں منٹ سری لنکا نے ایک اور گول برتری کو ڈبل کرلیا۔ میچ ختم ہونے سے چند منٹ قبل پاکستان کی کپتان حاجرہ نے گول کرکے حریف ٹیم کا خسارہ کم کیا۔ سری لنکا نے ایک کے مقابلے دو گول سے کامیابی سمیٹ کر ایونٹ کا کامیاب افتتاح کیا۔

  • تیسرا ون ڈے، بھارت نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دےدی

    تیسرا ون ڈے، بھارت نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دےدی

    حیدرآباد : بھارت نے سری لنکا کو تیسرے ون ڈے میں چھ وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔

    حیدرآباد میں دکن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز کھیلے بغیر ہی د وسو بیالیس رنز پر ڈھیر ہوگئی، جے وردھنے ایک سو اٹھارہ اور دلشان نے ترپن رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    اومیش یادیو نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، دو سو تینتالیس رنز کے تعاقب میں بھارت نے شیکھر دھون اور ویرات کوہلی کی نصف سنچریوں کی بدولت مطلوبہ ہدف پینتالیسویں اوور میں چار وکٹوں پر حاصل کرلیا۔

    شیکھر دھون اکانوے رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔سیریز کا چوتھا میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔

  • دوسرا ون ڈے،بھارت نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

    دوسرا ون ڈے،بھارت نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

    احمدآباد :بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔

    سردار پٹیل اسٹیڈیم احمدآباد میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹوں پر دو سو چوہتر رنز اسکور کیے۔

    کپتان اینجلو میتھوز بانوے اور کمار سنگاکارا اکسٹھ رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ بھارت کیلئے اکشر پٹیل،اومیش یادوو اور روی چندرن ایشون نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔

    جواب میں بھارتی ٹیم نے ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ امباتی رایودو نےایک سو اکیس رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ شیکھر دھاون اناسی اور ویرات کوہلی نے اننچاس رنز بنائے۔ سیریز کا تیسرا میچ نو نومبر کو حیدرآباد دکن میں کھیلا جائیگا۔

  • سری لنکا: بارشوں اور لینڈسلائیڈنگ , 100 افراد کی اموات کا خدشہ

    سری لنکا: بارشوں اور لینڈسلائیڈنگ , 100 افراد کی اموات کا خدشہ

    کولمبو: خبر رساں ادارے کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ سری لنکا کےدارالحکومت کولمبو سے دو سو کلومیٹر دور واقع میریا بیدا نامی علاقے میں پیش آیا، مون سون کی شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ میں سو افراد جابحق ہوچکے ہیں اور تین سو سے زائد افراد لاپتہ ہیں جبکہ ایک سو پچاس سے زائد مکانات بھی اس دوران تباہ ہوئے۔

    ڈیساسٹر مینجمنٹ سینٹر کے مطابق اب تک 10 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ دیگر کی تلاش کا کام جاری ہے۔سری لنکن حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شدید بارشوں کی وجہ سے مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں تقریبا تین سے زائد افراد جن میں اکثریت بچوں کی بھی شامل ہوسکتی ہے لاپتہ ہیں۔

    حکام نے بھی دس افراد کی موت کی تصدیق کی ہے، سری لنکا کے صدر نے ٹوئٹر پیغام میں فوجی اور دیگر ملحقہ اداروں کو ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت جاری کی۔

  • سعید اجمل کا ایکشن درست ہوسکتا ہے، مرلی دھرن

    سعید اجمل کا ایکشن درست ہوسکتا ہے، مرلی دھرن

    کولمبو: سری لنکا کے لیجنڈ آف اسپنر مرلی دھرن کا کہنا ہے کہ اگر ثقلین مشتاق محنت کریں تو سعید اجمل کا ایکشن درست ہوسکتاہے۔ایک انٹرویو میں سری لنکا کے سابق مایہ ناز آف اسپنر مرلی دھرن کا کہنا تھا کہ تمام بولرز کو آئی سی سی کے قوانین کے تحت بولنگ کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کبھی پندرہ ڈگری سے زیادہ گیند نہیں کرائی۔

    مرلی نے کہا کہ سعید اجمل ورلڈ کلاس بولر ہیں۔ ان کا ایکشن درست ہوسکتا ہے لیکن اس کے لئے محنت کی ضرورت ہے۔ ثقلین مشتاق سعید اجمل کا ایکشن درست کرسکتے ہیں۔ ایک سوال پرمرلی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنی سرزمین پربین الاقوامی کرکٹ نہ ہونے کا نقصان ہورہا ہے۔ آئی سی سی بولنگ ایکشن ٹیسٹ میں ناکام ہونے کے سبب سعید اجمل پرپابندی عائد کی گئی تھی۔ اجمل آسٹریلیا سیریزمیں ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

  • تمام کوچز سری لنکا تفریح کرنے گئے ہیں، سابق کوچ محسن خان

    تمام کوچز سری لنکا تفریح کرنے گئے ہیں، سابق کوچ محسن خان

    لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ محسن حسن خان نے آئی لینڈرکیخلاف وائٹ واش شکست کا ذمہ دار کوچز کو ٹہراتے ہوئے کہا کہ تمام کوچز سری لنکا تفریح کرنے گئے تھے۔

    پاکستان ٹیم کے سابق کوچ محسن خان نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ سیریز میں منصوبہ بندی کا فقدان نظر آیا، سری لنکا سے سیریز میں ناکامی کا ذمہ دار کوچز کو قرار دیتے ہوئے محسن خان نے کہا کہ اتنے بڑے کوچز اسٹاف کے باوجود نتائج زیرو رہے، مشتاق احمد سمیت تمام کوچز سری لنکا تفریخ کرنے گئے ہیں، مین آف دی سیریز رنگانا ہیراتھ کے بارے میں سابق کوچ نے کہا کہ جس طرح سے ہیراتھ کو وکٹیں دی گئی اس پر شین وارن اور مرلی دھرن بھی پریشان ہونگے، گیم پلان نہ ہونے سبب سعید اجمل اور عبدالرحمان سیریز میں پرفارم نہ کرسکے، سرفراز احمد سے بلے بازوں کو کچھ سیکھنا چاہے، سرفراز اس سیریز میں پاکستان کا ہیرو ہے۔

  • کولمبو ٹیسٹ: سری لنکا نے سیریز 0-2 سے جیت لی

    کولمبو ٹیسٹ: سری لنکا نے سیریز 0-2 سے جیت لی

    کولمبو : کولمبو ٹیسٹ میں بھی پاکستانی بیٹنگ لائن فلاپ ہوگئی، سری لنکا نے میچ میں ایک سو پانچ رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز میں کلین سوئپ کردیا، سری لنکا کے تجربہ کار بیٹسمین مہیلا جے وردھنے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے۔

    گال کے بعد کولمبو میں بھی پاکستانی بیٹنگ لائن زمین بوس ہوگئی، رنگانا ہیراتھ کی گھومتی گیندوں نے پاکستانی بیٹسمینوں کو گھمادیا، ہیراتھ نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرڈالا، کولمبو کے میدان میں ہیراتھ نے چودہ اور سیریز میں مجموعی طور پر تئیس وکٹیں حاصل کیں۔

    سرفراز احمد کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین سیریز میں سری لنکن بولرز کا ڈٹ کر سامنا نہ کرسکا، کولمبو ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں سرفراز نصف سینچری بنا کر آؤٹ ہوئے، سیریز میں پاکستانی وکٹ کیپر نے ایک سینچری اور تین نصف سینچریاں بنائیں۔

    سرفراز بیٹنگ قومی ٹیم دوسری اننگز میں صرف ایک سو پینسٹھ رنز بناسکی، جنید خان انجری کے سبب بیٹنگ کے لئے نہیں آئے ، سری لنکا نے دو میچز کی سیریز میں پاکستان کو کلین سوئپ کردیا۔۔

    میزبان بیٹسمین مہیلا جے وردھنے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے، میچ کے اختتام پر سری لنکن کھلاڑیوں نے جے وردھنے کو کاندھوں پر اٹھالیا۔

  • کولمبو ٹیسٹ: سری لنکن ٹیم دو سو بیاسی رنزپرآؤٹ

    کولمبو ٹیسٹ: سری لنکن ٹیم دو سو بیاسی رنزپرآؤٹ

    کولمبو ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی بولرز نے سری لنکن ٹیم کو دو سو بیاسی رنز پر آؤٹ کردیا۔ جیت کیلئے پاکستان کو دو سو اکہتر رنز کا ہدف ملا ہے۔ کولمبو ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے نامکمل دوسری اننگز دو وکٹ پر ایک سو ستتر رنز سے دوبارہ شروع کی۔ پہلی سیشن میں ہی سعید اجمل نے تین کھلاڑیوں کو پویلین پہنچا دیا ۔

    کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کے درمیان تیسری وکٹ پر بننے والی ایک سو سات رنز کی پارٹنر شپ توڑی اور تھرمانے کو بھی آؤٹ کیا۔ سنگاکارا انسٹھ اور کیرئیر کا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے جے وردھنے چون رنز کی اننگز کھیل سکے۔ تھرمانے دس رنز پر آؤٹ ہوئے۔

    فاسٹ بولر وہاب ریاض بھی تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ سری لنکن ٹیم دوسو بیاسی رنز بناسکی اور پاکستان کو جیت کیلئے دو سو اکہتر رنز کا ہدف ملا ہے،اب تک کی تازہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی اوپنر خرم منظور دس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اور پاکستان کا مجموعی اسکور سترہ رنز ایک کھلاڑی آؤٹ ہے

  • گال :پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کل سے شروع ہوگی

    گال :پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کل سے شروع ہوگی

    گال  :پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل سے گال میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے کپتان کامیابی کے لئے پرعزم ہیں۔ گال میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میدان سجنے کو ہے۔ تیاریاں جاری  ہیں ۔ ایشیا کی دو بہترین ٹیموں میں گھسمان کی جنگ ہوگی ۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے کی خوبیوں اور خامیوں سےبخوبی واقف ہیں ۔

    میزبان ٹیم کو ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کا ایڈوانٹیج ہوگا تو پاکستان کو بھی سری لنکن وکٹوں پر کھیلنے کا تجربہ حاصل ہے۔ پاکستان سری لنکا کو سبق سکھانے کے لئے بے تاب  ہے۔ ادھر سری لنکن کھلاڑیوں نے بھی  کمر کس لی ہے۔ سری لنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے کیرئیر کی آخری ٹیسٹ سیریز کھیل رہے ہیں۔

    گال میں پاکستانی کھلاڑیوں نے خوب نیٹ پریکٹس کی ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سولہ ٹیسٹ سیریز ہوچکی ہیں۔ سات میں پاکستان اور چار میں سری لنکا کامیاب رہا۔ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے درمیان چھیالیس ٹیسٹ میچز کھیلے جاچکے ہیں۔

    پاکستان نے سترہ اور سری لنکا نے گیارہ میں کامیابی حاصل کی۔ اٹھارہ میچز ڈرا رہے۔ قومی ٹیم دوہزار بارہ کے بعد سری لنکا کے دورے پر ہے۔ رواں سال دونوں ٹیموں کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز ڈرا رہی تھی۔

  • گال:پاک سری لنکا کی ٹیموں کی بھرپور نیٹ پریکٹس

    گال:پاک سری لنکا کی ٹیموں کی بھرپور نیٹ پریکٹس

    گال :پاکستان کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹیسٹ سے قبل گال کرکٹ میں بھرپور ٹریننگ کی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ بدھ سے شروع ہوگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کھیلنے کے لئے سری لنکا میں پڑاؤ ڈال لیا ہے۔پہلے ٹیسٹ سے قبل کھلاڑی گال میں خوب نیٹ پریکٹس کررہے ہیں ۔ سری لنکا نے پاکستان کو قابو کرنے کے لئے حکمت عملی ترتیب دینا شروع کردی ہے۔

    میزبان ٹیم پہلے ٹیسٹ  میں ایک اسپنر کے ساتھ میدان میں اترنے کی تیاری کررہی ہے۔ رنگانا ہیراتھ اوردلررواں پریرا میں سے ایک اسپنر ٹیم کا حصہ ہوگا۔ پاکستانی بلے بازلیفٹ آرم اسپنر ز کو مشکل سے کھیلتے ہیں ایسے میں رنگا نا ہیراتھ ٹیم میں جگہ برقرار رکھ سکتے ہیں ۔

    ہیراتھ نے جنوبی افریقہ کے خلاف کولمبو ٹیسٹ میں نو وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ قومی ٹیم دوہزار بارہ کے بعد سری لنکا کے دورے پر ہے۔ رواں سال دونوں ٹیموں کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز ڈرا رہی تھی۔