Tag: سری لنکا

  • ایران سے تیل خریدنے کے لیے سری لنکا کا اہم قدم

    ایران سے تیل خریدنے کے لیے سری لنکا کا اہم قدم

    کولمبو: روسی تیل خریدنے کے بعد سری لنکا نے ایران سے بھی تیل خریدنے کے لیے بات چیت شروع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس کے موقع پر اتوار کو سری لنکن اور ایرانی وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ امور پر اہم بات چیت ہوئی۔

    منگل کو سری لنکن وزیر خارجہ علی صابری نے برطانوی ٹیبلوئیڈ اخبار دی مرر کو فون پر بتایا کہ یو این جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائن ملاقات میں ان کی ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے خام تیل کی خریداری سمیت کئی اہم امور پر گفتگو ہوئی۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ خام تیل کی خریداری ان اہم شعبوں میں سے ایک ہے جس پر تبادلہ خیال کیا گیا، سری لنکا حکومتی سطح کے معاہدے پر ایران سے خام تیل خریدنا چاہتا ہے، اس طرح ثالثوں کے بغیر لین دین ہو سکے گی۔

    واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے سخت پابندیاں عائد ہونے کی وجہ سے ایران کے ساتھ تجارت ممنوع ہے۔

    ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق اتوار کو ہونے والی اس ملاقات کے حوالے سے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کہا کہ ایرانی کمپنیاں سری لنکا میں انفرا اسٹرکچر کے منصوبوں کو انجام دینے اور اس جنوبی ایشیائی ملک کے ساتھ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہیں۔

  • ایشیا کپ: بھارت آج سری لنکا سے ہار گیا تو …

    ایشیا کپ: بھارت آج سری لنکا سے ہار گیا تو …

    دبئی: ایشیا کپ 2022 کے ایونٹ میں آج بھارت اور میزبان سری لنکا ٹکرائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ فائنل کھیلنے کے مشن میں آج بھارت اور سری لنکا کے درمیان اہم میچ ہوگا، شکست کی صورت میں بھارتی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی۔

    فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لیے بھارت کو آج کا میچ جیتنا ضروری ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دبئی میں شام 7 بجے شروع ہوگا۔

    سپر فور میں سری لنکا نے افغانستان کو ہرایا، جب کہ انڈیا کو پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    کرکٹ کا اصل مزہ پاک بھارت میچ دیکھنے میں ہے، انگلش کرکٹر

    ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں بھارت آئی لینڈرز سے آگے ہے، 25 میچوں میں 17 جیتے 7 ہارے، ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ ایشیا کپ میں دونوں ٹیموں کا ریکارڈ برابر ہے، 20 میچ ہوئے، دس دس میچ جیتے۔

    بھارتی ٹیم کی بیٹنگ مضبوط ہے تو دوسرسی طرف سری لنکا کی بولنگ کسی بھی وقت میچ کا پانسا پلٹ سکتی ہے۔

  • سری لنکن صدر کا پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس

    سری لنکن صدر کا پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے سری لنکا کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، سری لنکن صدر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے سری لنکا کے صدر رانیل وکرم سنگھ کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

    سری لنکا کے صدر نے سیلاب سے ہونے والی تباہی پر اظہار افسوس کیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے آزمائش کی اس گھڑی میں اظہار ہمدردی پر سری لنکن صدر سے اظہار تشکر کیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا۔

    خیال رہے کہ نیشنل فلڈ رسپانس کو آرڈی نیشن سینٹر کے مطابق 14 جون سے اب تک سیلاب اور بارشوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی کل تعداد 12 سو 90 ہوچکی ہے۔

    جاں بحق ہونے والوں میں 570 مرد، 259 خواتین اور 453 بچے شامل ہیں، مختلف حادثات میں 12 ہزار 588 افراد زخمی ہوئے۔

  • سری لنکا کے نئے وزیر اعظم نے حلف اٹھا لیا

    سری لنکا کے نئے وزیر اعظم نے حلف اٹھا لیا

    کولمبو: دنیش گناوردینا سری لنکا کے نئے وزیر اعظم بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے قائد ایوان اور سابق وزیر دنیش گناوردینا نے وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    سری لنکن ذرائع ابلاغ کے مطابق 73 سالہ دنیش گناوردینا نے جمعہ کی صبح فلاور روڈ پر واقع وزیر اعظم دفتر میں نو منتخب صدر رانیل وکرما سنگھے کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

    دنیش گناوردینا سابق وزیر اعظم مہیندا راجاپاکسے کے قریبی ساتھی ہیں، وہ راجا پاکسے کے سیاسی خاندان کے حلیف ہیں، انھیں حال ہی میں ملک کے صدر بننے والے رانیل وکرماسنگھے نے وزیر اعظم مقرر کیا تھا۔

    دنیش گناوردینا پانی کی فراہمی اور نکاسئ آب، تعلیم اور خارجہ امور کی وزارتوں میں کام کر چکے ہیں، وہ صدر وکرما سنگھے کے اسکول کے دوست ہیں اور ان کا تعلق مشہور سیاسی خاندان سے ہے۔

    ملک کی معاشی تباہی پر راجا پاکسے سے ناراض مظاہرین 104 دنوں سے کولمبو میں صدارتی محل کے قریب مرکزی احتجاجی کیمپ پر بیٹھے ہوئے تھے، جنھیں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خالی کرنے کے چند گھنٹوں کے بعد نئے وزیر اعظم نے حلف اٹھایا۔

    فوج اور پولیس کے اہل کار نصف شب کے قریب ٹرکوں اور بسوں میں پہنچے، اور خیمے اور احتجاجی بینرز اکھاڑ دیے، انھوں نے کیمپ کی طرف جانے والی سڑکوں کو بند کر دیا اور بڑی بڑی رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔ سیکیورٹی فورسز نے کئی مظاہرین کو گرفتار بھی کیا ہے اور تشدد کے دوران صحافیوں کو بھی مارا پیٹا گیا۔

    یاد رہے کہ سری لنکا کے عوام مہینوں سے سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں اور اپنے رہنماؤں سے اس معاشی بحران پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے سری لنکا کے 22 ملین افراد کو ادویات، خوراک اور ایندھن جیسی ضروری اشیا کی شدید قلت ہو گئی ہے۔

    مظاہروں نے گزشتہ ہفتے سابق صدر گوتابایا راجا پاکسے کو بھی اقتدار سے ہٹا دیا تھا، جن کے خاندان نے گزشتہ دو دہائیوں میں سے زیادہ سری لنکا پر حکومت کی۔

  • سری لنکا: عبوری صدر نے آتے ہی ایمرجنسی نافذ کر دی

    سری لنکا: عبوری صدر نے آتے ہی ایمرجنسی نافذ کر دی

    کولمبو: سری لنکا کے عبوری صدر نے بھی آتے ہی ایمرجنسی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا میں ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا گیا، قائم مقام صدر رانیل وکرمے سنگھے نے ملک میں جاری معاشی بد حالی کے درمیان عوام کے غصے سے بچنے اور امن و امان کی صورت حال کو قابو رکھنے کے پیشِ نظر ملک میں ایک بار پھر سے ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔

    سری لنکا گزشتہ کئی مہینوں سے شدید اقتصادی اور سیاسی بحران سے نبرد آزما رہا ہے، ملک خوراک، ایندھن اور ادویات سمیت دیگر ضروری اشیا کی شدید قلت جیسے مسائل سے دو چار ہے، ان وجوہ کے سبب ملک میں اب بھی شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

    مشکلات کی وجہ سے عوام میں سیاسی قیادت کے خلاف اس قدر غم و غصہ اور ناراضی ہے کہ اس کے نتیجے میں صدر گوٹابایا راجا پاکسے کو ملک سے فرار ہونے پر مجبور ہونا پڑا۔

    سری لنکا میں معاشی بحران؛ ہوٹل کا مالک پاپڑ فروخت کرنے پر مجبور

    گزشتہ ہفتے ملک سے فرار ہونے کے بعد انھوں نے پارلیمنٹ کو اپنا استعفیٰ بھیجا، جسے گزشتہ جمعے کے روز تسلیم کر لیا گیا، ان کے استعفے کے بعد وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دینے والے وکرمے سنگھے نے عبوری صدر کے طور پر حلف اٹھایا ہے۔

    سری لنکن عوام اب نئے صدر رانیل کو بھی گھر بھیجنے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔

  • سری لنکا کا اگلا صدر کون ہوگا؟

    سری لنکا کا اگلا صدر کون ہوگا؟

    کولمبو: سری لنکا میں صدر کے عہدے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کے نام کا اعلان کردیا گیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سری لنکا کی بائیں بازو کی جماعت جاتھیکا جنبل ویگیا کے رہنما انورا کمارا دسانائیکے کو صدارتی عہدے کے انتخاب کے لیے ان کا نام تجویز کیا ہے۔

    انورا کا نام اپوزیشن لیڈر ساجتھ پریماداسا کے ذریعہ کل شام اسی عہدے کے لیے اپنی امیدواری کے اعلان کے بعد آیا ہے۔

    پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف ساجتھ پریماداسا نے کہا کہ ووٹنگ 225 ایم پیز تک محدود ہے، جس میں گوٹابایا راجا پاکسے اتحاد کا غلبہ ہے، اگرچہ یہ ایک سخت لڑائی ہے، مجھے یقین ہے کہ سچائی کی جیت ہوگی۔

    پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ہفتے کے روز کہا کہ نئے صدر کے انتخاب کا عمل 8 دن کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔

    پارلیمنٹ کے سکریٹری جنرل نے آج باضابطہ طور پر پارلیمنٹ کو مطلع کیا کہ سابق صدر راجا پاکسے نے 14 جولائی سے صدارتی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

    سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم مہندا راجا پاکسے اور سابق وزیر خزانہ باسل راجا پاکسے کو بغیر اجازت 28 جولائی تک ملک چھوڑنے پر پابندی بھی عائد کر دی ہے۔

  • گال ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم مشکل میں، 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 100 رنز

    گال ٹیسٹ: پاکستانی ٹیم مشکل میں، 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 100 رنز

    سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی آدھی ٹیم 73 رنز پر پویلین لوٹ گئی، کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 104 رنز بنا لیے ہیں۔

    گال ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 24 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو اظہر علی اور بابر اعظم وکٹ پر موجود تھے۔

    کھیل کے آغاز سے ہی سری لنکن اسپنرز نے پاکستانی بیٹرز کو دباؤ میں رکھا اور وقفے وقفے سے پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

    دوسرے روز پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اظہر علی تھے جو 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان لیگ سائڈ پر وکٹوں سے باہر جاتی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 19 رنز کی اننگز کھیلی۔

    پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والی سلمان علی آغا بھی صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور جے سوریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے تاہم کپتان بابر اعظم 34 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

    پاکستان کو اب پہلی اننگز میں مزید 118 رنز درکار ہیں۔

    خیال رہے کہ گال ٹیسٹ کے پہلے روز سری لنکن ٹیم اپنی پہلی وکٹ میں 222 رنبز بنا سکی تھی، دنیش چندی مل 75 اور مہیش 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

    پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 جبکہ حسن علی اور یاسر شاہ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

    بعد ازاں پہلے روز قومی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنالیے تھے۔

  • سری لنکن شہری مٹی کے چولھوں پر کھانا پکانے لگے

    سری لنکن شہری مٹی کے چولھوں پر کھانا پکانے لگے

    کولمبو: سری لنکا میں توانائی کے شدید ترین بحران کے باعث شہری مٹی کے چولھوں پر کھانا پکانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بدترین معاشی و توانائی بحران سے دوچار سری لنکا میں ادویات سے لے کر گیس تک ہر چیز کی قلت ہے، ملک کے طول و عرض میں اب شہری لکڑیاں جلا کر کھانا پکانے پر مجبور ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 کروڑ 20 لاکھ آبادی کے ملک میں زیادہ تر افراد کے گھروں میں گیس ناپید ہو چکی ہے، اور جہاں گیس دستیاب ہے وہاں اس کی قیمت بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔

    بعض سری لنکن شہریوں نے کھانا پکانے کے لیے مٹی کے تیل کے چولھے خرید لیے ہیں تاہم، حکومت کے پاس پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے لیے زرِمبادلہ نہ ہونے کے باعث کیروسین آئل بھی دستیاب نہیں۔

    اس صورت حال میں اب سری لنکن شہریوں نے کھانا پکانے کے لیے لکڑیوں کا استعمال شروع کر دیا ہے، اور اس کے لیے وہ مٹی کے چولھوں کا استعمال کرنے لگے ہیں۔

    سڑک کنارے کھانے پینے کی اشیا بیچنے والی ایک خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ کاروبار بند کرنے یا دھوئیں کے ساتھ رہنے کے درمیان ایک کا انتخاب کرنا تھا، لیکن اب تو آگ جلانے کے لیے لکڑی تلاش کرنا بھی مشکل ہے اور یہ بہت مہنگی بھی ہوتی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ سری لنکا کی معیشت کا دار و مدار سیاحت پر تھا، اور کرونا کی وبا کے باعث یہ شعبہ بری طرح متاثر ہوا، اب ایندھن کی درآمد کے لیے زرِمبادلہ نہ ہونا ہی دراصل سری لنکا کی حکومت کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

  • روزگار کی تلاش میں بس کا خطرناک سفر، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    روزگار کی تلاش میں بس کا خطرناک سفر، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    کولمبو : سری لنکا اس وقت اپنی تاریخ کے بد ترین دور سے گزر رہا ہے، ملکی معیشت کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے بنیادی سہولیات سے محروم عوام کی حالت بھی قابل رحم ہے۔

    آج سری لنکا میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ترقی پذیر دنیا میں دیکھے جانے والے معمول کے مالی بحرانوں سے بھی بہت زیادہ بری حالت میں ہے۔

    یہ صورتحال ایک مکمل معاشی تباہی کے مترادف ہے جس نے عام لوگوں کو خوراک، ایندھن اور دیگر ضروریات کی خریداری کرنے کے قابل نہیں چھوڑا۔

    سری لنکا میں ایندھن کی قلت نے لوگوں کو اس قدر اذیت میں مبتلا کردیا ہے کہ وہ اپنی جان کو خطرے میں ڈال

    کر خطرناک طریقے سے بسوں میں سفر کرنے پر مجبور ہیں۔

    ان حالات میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک مسافر بس میں انسانوں کو اس طرح بٹھایا گیا ہے کہ دیکھنے والے افسوس کرتے رہ جائیں۔

    ایندھن کی قلت کے باعث ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے اور جو بسیں چل رہی ہیں ان کی حالت بھی ناقابل بیان ہے۔

    ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ بس اتنی کھچا کھچ بھری ہوئی ہے اور اس کے اندر اور باہر مسافر مکھیوں کی طرح چمٹے ہوئے ہیں۔

    بس کے مسافروں کو دروازے اور کھڑکیوں سے لٹکنے کے علاوہ پچھلے حصے میں سامان رکھے جانے والی جگہ پر بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے جس کا دروازہ بھی کھلا ہوا ہے اور کسی بھی حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔

    اس دل دہلا دینے والی ویڈیو کو بس کے پیچھے آنے والے ایک موٹر سائیل سوار اپنے کیمرے میں محفوظ کیا تھا، یہ ویڈیو ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی گئی تھی جو اب تک42ہزار سے زیادہ ویوز کے ساتھ ٹوئٹر پر وائرل ہو رہی ہے۔

  • سری لنکا میں اسکول ایک بار پھر بند

    سری لنکا میں اسکول ایک بار پھر بند

    کولمبو: سری لنکا میں شدید معاشی اور ایندھن بحران کی وجہ سے 2 ہفتوں کے لیے اسکول بھی بند کردیے گئے، ملک میں صرف 10 دن کا ایندھن باقی رہ گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سری لنکا نے شدید اقتصادی اور ایندھن بحران کی وجہ سے تمام اسکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے اور منگل سے دو ہفتوں کے لیے صرف ضروری خدمات جیسے صحت، ٹرینوں اور بسوں کے لیے ایندھن کی فراہمی کی اجازت دی ہے۔

    حکومتی کابینہ کے ترجمان بندولا گناوردھنے نے کہا کہ ایندھن صرف ملک میں چلنے والی ٹرینوں اور بسوں، طبی خدمات اور گاڑیوں کے لیے فراہم کیا جائے گا جو منگل سے 10 جولائی تک کھانا پہنچاتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکام نے ایندھن کے بحران کے پیش نظر شہری علاقوں میں اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے اور سب کو گھر سے کام کرنے کی تاکید کی ہے۔

    خیال رہے کہ سری لنکا گزشتہ چند مہینوں سے شدید اقتصادی بحران کا شکار ہے، ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ کم سطح پر پہنچ گئے ہیں جس کی وجہ سے ملک خوراک، ادویات اور ایندھن کی ضروری درآمدات کی ادائیگی کے قابل نہیں ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ملک میں ایندھن صرف 10 دن کا رہ گیا ہے جو کہ معمول کی طلب کے لحاظ سے صرف ایک ہفتے میں ختم ہو جائے گا۔