Tag: سری لنکن ٹیم

  • سری لنکا کے سابق کھلاڑی ‘بس ڈرائیور’ بن گئے

    سری لنکا کے سابق کھلاڑی ‘بس ڈرائیور’ بن گئے

    طویل عرصے تک سری لنکن کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے کرکٹر آج کل کیا کررہے ہیں؟ جان کر آپ بھی حیران رہ جائینگے۔

    سری لنکن ٹیم کے سابق کھلاڑی سورج رندیو کی کہانی سب کیلئے کسی سرپرائز سے کم نہیں، لنکن کرکٹر نے تینوں طرز کی کرکٹ میں اپنے وطن کی نمائندگی کی۔

    سورج رندیو سال دو ہزار نو میں بین الاقوامی کیرئیر کا آغاز کیا، بارہ ٹیسٹ، اکتیس ایک روزہ میچز اور سات ٹی ٹوئنٹی کھیلے، سورج نے ٹیسٹ میں 43، ایک روزہ میچز میں 36 اور ٹی 20 میں 7 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں، دو ہزار گیارہ کے ایک روزہ ورلڈکپ میں وہ آئی لینڈر ٹیم کا حصہ تھے۔
    سری لنکا کا انٹرنیشنل کھلاڑی جو اب بس ڈرائیور بن گیاکرکٹ کو الوداع کہنے کے بعد سورج نے آسٹریلیا میں سکونت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا اور آج کل وہ بس ڈرائیور کی نوکری کررہے ہیں۔

    سورج کے علاوہ دو اور کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے بس ڈرائیور کا کردار ادا کیاہے۔ ان میں زمبابوے کے ویڈنگٹن ماوینگا اور سری لنکا کے چنتاکا جے سنگھے شامل ہیں۔

  • سری لنکن ٹیم پر حملے کے 10 سال بعد سنگا کارا کی پاکستان آمد

    سری لنکن ٹیم پر حملے کے 10 سال بعد سنگا کارا کی پاکستان آمد

    لاہور: سری لنکن ٹیم کے سابق کپتان کمار سنگا کارا دس سال بعد پاکستان آ گئے، سنگا کارا سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پہلی بار پاکستان آئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سنگا کارا نے برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کھیل کر انھیں خوشی ہوگی، 2009 سے پہلے ہمیشہ پاکستان کا تجربہ اچھا رہا، پاکستان کے لوگ محبت کرنے والے اور مہمان نواز ہیں۔

    کمار سنگا کارا کا کہنا تھا کہ جب آپ پاکستان جاتے ہیں تو وہ لوگ اپنا دل بچھا دیتے ہیں، امید کرتا ہوں کہ آیندہ کبھی کرکٹ پر حملہ نہیں ہوگا، میں نے سیکورٹی انتظامات دیکھنے کے بعد اس خوب صورت ملک کے دورے کا فیصلہ کیا تھا، پاکستان محفوظ ملک ہے، یہاں کھیلنے پر بہت پرجوش ہوں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ خوشی ہے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی پر اپنا حصہ ڈال رہا ہوں، دیگر ممالک کی ٹیموں کو بھی کہتا ہوں پاکستان کا دورہ کریں، میں 2002 میں پہلی مرتبہ پاکستان آیا تھا، اس دورے کی یادیں اب تک تازہ ہیں۔

    ایم سی سی ٹیم کی پاکستان آمد

    خیال رہے کہ سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا کی قیادت میں دنیا کے تاریخی مارلی بون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کی ٹیم 7 روزہ دورے پر لاہور پہنچی ہے، ایم سی سی کی ٹیم 48 سال بعد پاکستان آئی ہے۔ ایم سی سی کی ٹیم لاہور میں 4 میچز کھیلے گی، کل قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور ایم سی سی کی ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوینٹی میچ کھیلا جائے گا۔

    پاکستان شاہینز کے ساتھ ون ڈے میچ 16 فروری کو ہوگا، ناردرن کے ساتھ 17 فروری جب کہ 19 فروری کو ملتان سلطانز کے ساتھ ٹی ٹوینٹی میچ کھیلا جائے گا۔

  • سری لنکن ٹیم وطن روانہ، پاکستانیوں نے دل جیت لیے

    سری لنکن ٹیم وطن روانہ، پاکستانیوں نے دل جیت لیے

    کراچی: سری لنکن ٹیم پاکستان میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے بعد اپنے وطن روانہ ہوگئی، پاکستانی عوام اور شائقین نے مہمان ٹیم کے دل جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں کو کڑی سیکیورٹی میں ہوٹل سے ایئرپورٹ پہنچایا گیا، جہاں سے وہ اپنے وطن کے لیے روانہ ہوگئے، سری لنکن ٹیم نے بہترین میزبانی پر پاکستان کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔

    سری لنکن کپتان دیمتھ کرونارتنے کی جانب سے بہترین انتظامات اور سیکیورٹی پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا گیا۔ جبکہ اینجلومیتھیوز نے بھی شاندار مہمان نوازی پر پاکستانی عوام اور سیکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کیا۔

    مہمان ٹیم جہاں پاکستانی عوام کے پرستار ہوئے وہیں قومی کھانوں کے بھی شوقین ہوگئے۔

    شاندار فتح کے بعد قومی ٹیم کی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پوزیشن بہتر

    واضح رہے کہ پاکستان نے 13 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ میچ اپنے نام کیا، قومی ٹیم نے سری لنکا کو کراچی ٹیسٹ میں 263 رنز سے شکست دی، سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے بولرز اور بلے باز دونوں چل گئے۔

    سری لنکا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پاکستانی بولرز نے کسی کھلاڑی کو کریز پر ٹکنے نہیں دیا اور فتح اپنے نام کی، قومی ٹیم کی اس شاندار فتح کے بعد ٹیسٹ رینکنگ میں بھی پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان کی سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں فتح نے ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پوزیشن بہتر کردی، قومی ٹیم نے 80 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر تیسرا نمبر حاصل کرلیا ہے۔

  • کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ

    کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ

    کراچی: شہرقائد میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ سجے گا، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں کل فیصلہ کن میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دس سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ رنگ جمائے گا، کل شاہین سری لنکن ٹیم پر جھپٹیں گے، میچ جمعرات کی صبح 10 بجے شروع ہوگا، دونوں ٹیموں نے تیاریاں مکمل کرلیں۔

    ون ڈے اور ٹی 20 کے پعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ بھی لوٹ آئی ہے، نیشنل اسٹیڈیم میں ایک دہائی بعد ٹیسٹ کرکٹ کی دھوم مچےگی، فیصلہ کن ٹیسٹ کے لیے پاکستان اور سری لنکن ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور تیاریاں کیں۔

    بہترین کمبی نیشن کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے: اظہرعلی

    قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی سیریز جیتنے کے لیے پُرعزم ہیں، 2009 میں آخری بار اسی گراؤنڈ پر سری لنکن ٹیم نے ہی کھیلا تھا اب 2019 میں ٹوٹا ہوا سلسلہ سری لنکا ہی جوڑے گا، پنڈی ٹیسٹ سے پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی رونقیں بحال ہوئیں، اب کراچی میں کرکٹ کے دیوانوں کو مقابلے کا بےصبری سے انتظار ہے۔

    دوسری جانب قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہرعلی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بہترین کمبی نیشن کے ساتھ دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے، وکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم منتخب کی ہے، کھلاڑیوں نے فتح اپنے نام کرنے کے لیے جم کر پریکٹس کی ہے۔

    خیال رہے کہ فاسٹ بولر عثمان شنواری کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر کردیا ہے۔

  • سری لنکن ٹیم کراچی پہنچ گئی

    سری لنکن ٹیم کراچی پہنچ گئی

    کراچی: سری لنکن کرکٹ ٹیم شہرقائد پہنچ گئی، مہمان ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں ہوٹل لایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن ٹیم پی کے 301 سے اسلام آباد سے کراچی پہنچی، قومی کرکٹ ٹیم اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ 19 تاریخ سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کے لیے سری لنکن ٹیم کراچی پہنچی ہے۔

     دونوں ٹیمیں 17 اور 18 دسمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی۔ جبکہ قومی ٹیم پہلے ہی کراچی پہنچ چکی ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم راولپنڈی سے کراچی پہنچ گئی، سخت سیکورٹی میں ہوٹل منتقل

    پاکستان ٹیم کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے سخت سیکورٹی حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جو ڈرا ہوا، پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں پر 308 رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلئر کر دی تھی جب کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 2 وکٹوں‌ کے نقصان پر 252 رنز بنائے اور میچ ڈرا ہوگیا۔

  • سری لنکن ٹیم پریکٹس کے لیے اسٹیڈیم پہنچ گئی، احسان مانی بنگلا دیشی ٹیم کے دورے کے لیے پرامید

    سری لنکن ٹیم پریکٹس کے لیے اسٹیڈیم پہنچ گئی، احسان مانی بنگلا دیشی ٹیم کے دورے کے لیے پرامید

    راولپنڈی: پاکستان میں 10 سال بعد انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کی رونقیں بحال ہو گئی ہیں، سری لنکن ٹیم پریکٹس سیشن کے لیے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود ہے، تاہم گراؤنڈ پر اس وقت گہرے بادلوں کے ڈیرے ہیں، اور بارش کا امکان ہے۔

    دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسانی مانی نے بنگلا دیشی ٹیم کے پاکستان کے دورے کے لیے امید کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ سطح رابطوں کے بعد بنگلا دیشی ٹیم پاکستان ضرور آئے گی۔

    اس وقت کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں سری لنکن ٹیسٹ ٹیم پریکٹس کے لیے موجود ہے، آئی سی سی میچ آفیشلز بھی اسٹیڈیم میں موجود ہیں، پاکستان، سری لنکن ٹیمیں کل پہلا ٹیسٹ اسی اسٹیڈیم میں کھیلیں گی، قبل ازیں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے اسٹیڈیم میں پچ کا معائنہ کیا، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور سری لنکن ٹیم ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی معائنے کے وقت ان کے ہم راہ تھے۔

    دریں اثنا، چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا ہے کہ بنگلا دیش کے دورے سے متعلق مثبت جواب کا امکان ہے، وزیر اعظم عمران خان نے بنگلا دیشی وزیر اعظم کو فون کیا تھا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی بنگلا دیشی وزیر خارجہ سے مل چکے ہیں، بنگلا دیش نے دورے سے منع کیا تو وجہ بتانا ہوگی، بنگلا دیشی سیکورٹی وفد کی رپورٹ بھی مثبت ہے۔

    احسان مانی کا کہنا تھا کہ وہ پُر امید ہیں کہ بنگلا دیش کی ٹیم ضرور پاکستان آئے گی، 2021 میں انگلینڈ، 2022 میں آسٹریلیا کے دورۂ پاکستان کے لیے بھی پُر امید ہوں، پاکستان آئی سی سی کے اضافی ٹورنامنٹس کے حق میں ہے، بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے آئی سی سی کے 2 ٹورنامنٹس کی مخالفت کی، تاہم آئی سی سی کے اضافی ٹورنامنٹس سے ممبر ممالک کو 700 ملین ڈالرز کا فائدہ ہو سکتا ہے۔

  • سری لنکن ٹیم نجی ائیرلائن سے براستہ دبئی وطن روانہ ہوگئی

    سری لنکن ٹیم نجی ائیرلائن سے براستہ دبئی وطن روانہ ہوگئی

    لاہور: سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان مکمل کرکے لاہور ائیرپورٹ سے نجی ایئرلائن کے ذریعے براستہ دبئی وطن روانہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ مکمل کرکے قذافی اسٹیڈیم سے ایئرپورٹ پہنچی، جہاں ٹیم کوسخت سیکیورٹی کے حصارمیں رکھا گیا بعد ازاں نجی ایئرلائن کے ذریعے ٹیم اپنے ملک روانہ ہوگئی۔

    سری لنکن ٹیم کے پرامن طریقے سے کامیاب دورے کو پزیرائی ملی، اور عالمی کرکٹ کے لیے پاکستان کے دروازے کھل گئے، دیگر ملکوں کے بھی پاکستان آکر کرکٹ کھیلنے کے امکانات ہیں۔

    اس دورے میں سری لنکن ٹیم کو پاکستان میں ایک روزہ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ ٹی20 سیریز میں سری لنکن ٹیم نے پاکستان کو وائٹ واش کیا۔

    ’’پاکستان سے ملنے والی محبتوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے‘‘

    یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم دس سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان آئی تھی، جہاں دونوں ٹیموں کے مابین تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی گئی، پہلا ون ڈے بارش کی وجہ سے نہیں کھیلا جاسکا تھا جبکہ دو میں پاکستان نے فتح اپنے نام کرلی تھی، اسی طرح ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سری لنکا نے قومی ٹیم کو وائٹ واش کر کے ٹرافی اپنے نام کی۔

    اپنے ملک روانگی سے قبل سری لنکا کی ٹیم کے کوچ رمیش رنا ئیکے کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر کھیلنے میں بہت خوشی ہوئی، یہاں سے ملنی والی محبتوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

    میچ کے بعد سری لنکن کوچ رمیش رتنائیکے اور کپتان داش شناکا نے مشترکا پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے شائقین کرکٹ کا سپورٹ کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

  • پاکستانی قوم بہترین مہمان نوازی سے سری لنکن ٹیم کا دورہ یادگار بنائے گی، گورنرسندھ

    پاکستانی قوم بہترین مہمان نوازی سے سری لنکن ٹیم کا دورہ یادگار بنائے گی، گورنرسندھ

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کراچی میں طویل عرصے بعد انٹرنیشنل ون ڈے میچ کا انعقاد خوش آئند ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل نے سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں شہریوں کو انٹرنیشنل میچ دیکھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی کے شہری کرکٹ سے دلی لگاؤ رکھتے ہیں ، کراچی میں طویل عرصے بعد انٹرنیشنل ون ڈے میچ کا انعقاد خوش آئند ہے۔

    گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم بہترین مہمان نوازی سے سری لنکن ٹیم کا دورہ یادگار بنائے گی۔

    واضح رہے کہ کراچی میں 10 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ ہونے جا رہا ہے، سری لنکا اور پاکستان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں آج مدمقابل ہوں گے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے شروع ہوگا۔

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے، سیریز کا پہلا میچ آج نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا، جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ 29، اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

  • سری لنکن حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت دے دی

    سری لنکن حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت دے دی

    لاہور: سری لنکن حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت دے دی، ٹیم شیڈول کے مطابق 24 ستمبر کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سری حکومت کی جانب سے کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کے لیے گرین سگنل مل گیا جس کے بعد سری لنکن ٹیم 24 ستمبر کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگی، سری لنکن بورڈ نے تصدیق کردی۔

    سیکریٹری موہن ڈی سلوا نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گرین سگنل مل گیا ہے، میں خود اور دیگر بورڈ عہدیدار بھی ٹیم کے ساتھ جائیں گے۔

    سری لنکا سے سیریز کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیاریاں تیز کردی گئی ہیں، میچز کے لیے تین اور پریکٹس کے لیے دو پچ بنائی جارہی ہیں، انٹرنیشنل میچز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت جمعے سے شروع ہوگی۔

    مزید پڑھیں: پاک سری لنکا سیریز، ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ 20 ستمبر سے شروع ہوگی

    واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم کا دورہ تین وے ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی پر مشتمل ہوگا جس کا آغاز 27 ستمبر کو کراچی میں ون ڈے میچ سے ہوگا۔

    یاد رہے کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ، ٹی ٹوینٹی سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہے گی، سرفراز احمد 2017 سے تینوں فارمیٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔

    تین روز قبل سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا تھا۔

    ممکنہ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، بابر اعظم، احمد شہزاد، آصف علی، عابد علی، عثمان شنواری، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث سہیل، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، وہاب ریاض، امام الحق، شاداب خان اور عمر اکمل شامل ہیں۔

  • نشے کی حالت میں ڈرائیونگ، سری لنکن ٹیم کے کپتان گرفتار

    نشے کی حالت میں ڈرائیونگ، سری لنکن ٹیم کے کپتان گرفتار

     کولمبو: سری لنکا کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان دمتھ کرونارتنے کو شراب کے نشے میں گاڑی چلانے پر پولیس نے حراست میں لے لیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دمتھ کرونارتنے نشے کی حالت میں گاڑی چلا رہے تھے کہ اسی دوران اُن کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے مخالف سمت سے آنے والی کار کا ڈرائیور زخمی ہوا۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں جسے طبی امداد کے بعد اسپتال سے گھر بھیج دیا گیا۔ تفتیشی حکام کے مطابق انہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کیا۔

    کیمرے میں نظر آنے والی گاڑی کا نمبر جب چیک کیا گیا تو یہ سرلنکن کپتان کے نام تھی اور جب فوٹیج کو غور سے دیکھا گیا تو کرونارتنے ہی اسے ڈرائیو کررہے تھے، پولیس نے صبح پانچ بجکر 40منٹ پر انہیں بوریلا میں گرفتار کیا۔

    مزید پڑھیں: نشے میں دھت ہوکر جہاز اڑانے والا پائلٹ گرفتار

    دوران حراست دمتھ نے اعتراف کیا کہ وہ نشے کی حالت میں تھے جس پر اُن کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، بعد ازاں پولیس نے انہیں ضمانت پر رہا کیا۔

    پولیس حکام کے مطابق مقدمے کی سماعت کے لیے درخواست دائر کی جائے گی، قانونی شکنی کرنے پر دمتھ کرونارتنے کو  اب عدالت میں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    دوسری جانب سری لنکن کرکٹ بورڈ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان کو طلب کرلیا تاکہ اُن کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعہ کے کرونارتنے کے پیشہ ورانہ کیریئر پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں کیونکہ کرکٹ بورڈ رپورٹ کا انتظار کررہی ہے اور اگر عدالت نے انہیں سزا سنا دی تو پھر دمتھ سے نہ صرف کپتانی واپس لی جائے گی بلکہ اُن کے میچ کھیلنے پر بھی پابندی عائد کی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں: نشے میں‌ دھت بندر نے تباہی مچادی، ویڈیو وائرل

    کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرونارتنے کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑی ہیں، اُن کے خلاف ضابطے کے مطابق تحقیقات کے بعد ہر صورت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔