Tag: سری لنکن کرکٹ ٹیم

  • سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    اسلام آباد: سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے، اسلام آباد ایئر پورٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم غیر ملکی پرواز ای کے 612 کے ذریعے پاکستان پہنچ گئی ہے، ایئر پورٹ پر پی سی بی حکام نے مہمانوں کا استقبال کیا، پاکستان میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے۔

    سری لنکن ٹیم پاکستان میں 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گی، ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 11 سے 15 دسمبر کو کھیلا جائے گا، راولپنڈی میں ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ 15 دسمبر تک رہے گا، سری لنکا اور پاکستانی ٹیم منگل کو پریکٹس میچ کھیلیں گی، پریکٹس میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتان پریس کانفرنس کریں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز: 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان

    دوسری طرف ذرایع نے بتایا ہے کہ پاک سری لنکا ٹیسٹ کرکٹ سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑِی بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، قومی ٹیم کے کھلاڑی اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں موجود ہیں، پاکستانی کھلاڑیوں نے میٹنگ میں میچ کے حوالے سے اہم مشاورت کی۔

    خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اپنا پریکٹس میچ کھیلے گی، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیکورٹی کے تمام انتظامات پاک فوج کے سپرد کیے گئے ہیں، شایقین کرکٹ کے لیے اسلام آباد کے مختلف مقامات پر ٹکٹس دستیابی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

    اسلام آباد میں ایف ٹین مرکز، ایکسپریس سینٹر، امانت پلازہ، ایف ایٹ مرکز، راِئل ان پلازہ، آب پارہ مارکیٹ، خیابان سہروردی اور جی ایٹ مرکز، ایگزیکٹو کمپلیکس میں ٹکٹس دستیاب ہوں گے۔ جب کہ راولپنڈی میں صدر، کھنہ ایکسپریس سینٹر، فضائیہ کالونی، سکیم تھری، کمرشل مارکیٹ، سکستھ روڈ، رائل سینٹر، چاندی چوک، بلال پلازہ پر ٹکٹس دستیاب ہوں گے۔

  • سری لنکن کپتان شکست کے باوجود کارکردگی سے مطمئن، پاکستان آنے کا تجربہ اچھا رہا: تھریمانے

    سری لنکن کپتان شکست کے باوجود کارکردگی سے مطمئن، پاکستان آنے کا تجربہ اچھا رہا: تھریمانے

    کراچی: سری لنکن کپتان لہیرو تھریمانے نے پاکستان کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں شکست کے باوجود اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہونے کا اظہار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز میں شکست کے بعد سری لنکن کپتان نے کہا ہے کہ ہدف اچھا تھا لیکن ہم ابتدائی اوورز میں وکٹیں نہ لے سکے۔

    لہیرو تھریمانے کا کہنا تھا پاکستان آنے کا تجربہ اچھا رہا، دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان آنا چاہیے۔

    پاکستان کے خلاف شان دار 133 رنز کی اننگز کھیلنے والے سری لنکن اوپنر دانشکا گناتھلا نے کہا کہ 5 ماہ سے انجری کا شکار تھا، آج موقع ملا اور پرفارم کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ون ڈے سیریز پاکستان کے نام، سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست

    دانشکا کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان آئے اور ٹیم میں شامل ہو گئے تو سوچا کارکردگی منوانے کا اچھا موقع ہے، سری لنکن ٹیم کے لیے تینوں فارمیٹ میں کھیلنا چاہتا ہوں۔

    انھوں نے کہا سلیکٹرز نے موقع دیا تو مایوس نہیں کروں گا، ٹیم نوجوان لڑکوں پر مشتمل ہے، سمجھتا ہوں اچھا کھیل پیش کیا، عابد علی کو مین آف دی میچ قرار دینے پر نا خوش نہیں۔

    دانشکا نے کہا میری سنچری سے میرا مستقبل بہتر ہوگا، بابر کی اننگز اچھی تھی، پاکستان کی سیکورٹی بہترین تھی، ہم یہاں آ کر بہت خوش ہیں۔

    واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ون ڈے سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی ہے، اوپنر عابد علی کو 74 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، بابر اعظم سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

  • سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ

    سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ

    لاہور: سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ ہوگئی جو شام 6 بجے کراچی پہنچے گی۔ اپنے دورہ پاکستان کے دوران سری لنکن ٹیم 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے لیے کولمبو سے روانہ ہوگئی، سری لنکن ٹیم نے روانگی سے قبل سری لنکا کرکٹ ہیڈ کوارٹر میں خصوصی دعا کی۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم شام 6 بجے کراچی پہنچے گی۔

    روانگی سے قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کروائی ہے، سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہوں۔ امید ہے پاکستان کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

    سری لنکن کرکٹ ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک پاکستان میں موجود ہوگی، سری لنکن ٹیم کے دورے میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

    ون ڈے سیریز کراچی میں شیڈول ہے، تینوں ون ڈے میچز 27، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ ٹی 20 میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز دسمبر تک مؤخر کردی گئی ہے۔

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں محدود اوورز کی میچز کی سیریز سے فائدہ ہوگا، ٹیسٹ میچز سے پہلے سری لنکن بورڈ کو یہاں کے حالات کا علم ہوجائے گا۔

    احسان مانی نے کہا تھا کہ وہ مثبت رویئے پر سری لنکن کرکٹ کے صدر شامی سلوا، بورڈ اور کھلاڑیوں کے شکر گزار ہیں۔

  • سری لنکا کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا

    سری لنکا کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا

    لاہور: سری لنکن کرکٹ ٹیم نے پاکستان میں محدود اوورز کی سیریز کھیلنے کے لیے گرین سگنل دے دیا، ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکا پاکستان میں محدود اوورز کی سیریز کے لیے مان گیا ہے، کراچی اور لاہور میں میچز کھیلے جائیں گے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سری لنکن ٹیم 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی، دورے میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

    ون ڈے سیریز کراچی میں شیڈول ہے، ٹی ٹوینٹی سیریز پانچ سے 9 اکتوبر تک لاہور میں ہوگی، ٹیسٹ سیریز دسمبر تک موخر کردی گئی ہے۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے سری لنکن بورڈ سے بات چیت کامیاب ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں محدود اوورز کی میچز کی سیریز سے فائدہ ہوگا۔

    احسان مانی نے کہا کہ ٹیسٹ میچز سے پہلے سری لنکن بورڈ کو یہاں کے حالات کا علم ہوجائے گا۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ وہ مثبت روئیے پر سری لنکن کرکٹ کے صدر شامی سلوا، بورڈ اور کھلاڑیوں کے شکر گزار ہیں۔

    یاد رہے کہ پی سی اکتوبر میں ٹیسٹ میچز کی میزبانی پاکستان میں کرنے کا خواہاں تھا لیکن سری لنکن وزیر کھیل نے گزشتہ روز ہی اعلان کردیا تھا کہ محدود اوورز کی کرکٹ کے لیے ٹیم بھجوا سکتے ہیں۔