Tag: سری نگر:

  • مقبوضہ کشمیرمیں پانچویں روز بھی کرفیو

    مقبوضہ کشمیرمیں پانچویں روز بھی کرفیو

    سری نگر: آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں پانچویں روز بھی کرفیو جاری ہے، موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں پانچویں روز بھی کرفیو جاری ہے، مقبوضہ وادی کا بیرونی دنیا سے رابطہ بدستور منقطع ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔ مقبوضہ وادی میں کھانے پینے کی اشیا اور دواؤں کی قلت ہے، جامع مسجد کے اطراف رکاوٹیں لگائی گئی ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیرسے 30 قیدیوں کو آگرہ جیل منتقل کردیا گیا، قیدیوں کو طیارے کے ذریعے سری نگر سے آگرہ منتقل کیا گیا۔

    یاد رہے کہ پانچ روز قبل مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کردیا تھا۔ بھارتی اقدام کے خلاف کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے اور مختلف مقامات پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 کشمیری شہید اور 100 کے قریب زخمی ہوگئے۔

    آرٹیکل370 کا خاتمہ مقبوضہ کشمیر کے لئے تباہ کن ہے ، امریکی اخبار

    واضح رہے کہ امریکی اخبار نیورک ٹائمز کا کہنا ہے کہ مودی، بی جے پی مقبوضہ کشمیر کی اسمبلی میں اکثریت چاہتی ہے ، آرٹیکل 370 کا خاتمہ مقبوضہ کشمیر کے لیے تباہ کن ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی، کرفیو، عوام پر فائرنگ، 6 کشمیری شہید

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی، کرفیو، عوام پر فائرنگ، 6 کشمیری شہید

    سری نگر: انتہا پسند مودی سرکار کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر فائرنگ سے 6 کشمیری شہید، 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں تیسرے روز بھی کرفیو نافذ رہا، اور مواصلات کے ذرایع بند رہے، قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے 6 کشمیری شہید جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوئے۔

    بھارتی فورسز کی جانب سے مظاہرین پر گولیوں کی بوچھار کی گئی، چھروں اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔

    نہتے کشمیری بھارت کی جانب سے آرٹیکل 35،370 اے کی منسوخی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

    خیال رہے مقبوضہ کشمیر میں صورت حال انتہائی کشیدہ ہے، کشمیریوں پر زندگی تنگ کرنے کے لیے مزید اڑتیس ہزار فوجی تعینات کر دیے گئے ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، کشمیریوں نے کھانے پینے کی اشیا، دوائیں اور پیٹرول جمع کرنا شروع کر دیا ہے، اس دوران لوٹ مار کی وارداتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت کا گھناؤنا منصوبہ، آرٹیکل 370 کی منسوخی پر اقوام متحدہ کا اظہار تشویش

    واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے گھناؤنے منصوبے پر اقوام متحدہ نے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    ترجمان اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت تصفیہ طلب مسائل کا مذاکرات سے حل نکالا جائے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش بھی کر چکے ہیں۔

  • قابض بھارتی فوج نے سری نگرمیں غیراعلانیہ کرفیو لگا دیا

    قابض بھارتی فوج نے سری نگرمیں غیراعلانیہ کرفیو لگا دیا

    سری نگر: قابض بھارتی فوج نے کشمیری رہنماؤں کو نظر بند کرکے دفعہ 144 نافذ کردی سری نگر سمیت پوری وادی کشمیر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کو بھی بند کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں دفعہ 144 نافز کرکے وادی میں تمام تعلیمی اداروں کو تاحکم ثانی بند کردیا گیا۔ دفعہ 144 کے تحت لوگوں کی نقل وحرکت پر پابندی ہوگی اور تمام تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔

    سری نگر سمیت پوری وادی کشمیر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کو بھی کردیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 28 ہزار اہلکاروں کو بھی تعینات کردیا ہے۔

    دوسری جانب بھارتی فورسز نے کشمیری رہنماؤں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی لگا دی ہے، متعدد رہنما گھروں میں نظر بند کر دیے گئے ہیں۔

    متعدد کشمیری رہنما نظر بند، مقبوضہ وادی قید خانے میں تبدیل

    واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں اضافی فوج کی تعیناتی سے وادی کی صورت حال گھمبیر ہو چکی ہے، بھارتی فورسز کے مظالم میں مزید اضافے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے جس کا خدشہ عالمی سطح پر بھی محسوس کیا جا رہا ہے۔

  • دلی میں قید یاسین ملک کی بگڑتی صحت پر تشویش ہے: میر واعظ کا ٹویٹ

    دلی میں قید یاسین ملک کی بگڑتی صحت پر تشویش ہے: میر واعظ کا ٹویٹ

    سری نگر: حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت نے یاسین ملک کو غیر قانونی حراست میں رکھا ہوا ہے، ان کی روز بہ روز بگڑتی صحت پر انھیں تشویش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا دلی میں قید یاسین ملک کی بگڑتی صحت پر تشویش ہے، یاسین ملک کو دلی کے تہاڑ جیل میں محبوس رکھا گیا ہے۔

    حریت پسند کشمیری رہنما نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ بھارت یاسین ملک کو فوراً مناسب طبی سہولتیں فراہم کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے حریت رہنماؤں اور نوجوانوں کو انتقاماً حراست میں رکھا ہوا ہے، بھارت یاسین ملک کو غیر قانونی حراست سے رہا کرے۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ، کشمیری نوجوان شہید

    واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کی جانب سے مظالم کا سلسلہ جاری ہے، آج بارہ مولہ میں قابض فورسز نے فائرنگ کر کے ایک کشمیری نہتے نوجوان کو زندگی سے محروم جب کہ ایک زخمی کو گرفتار کر لیا۔

    کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فورسز نے علاقے میں دہشت گردی کے بعد غیر اعلانیہ کرفیو بھی نافذ کیا، اور حسب معمول انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کی گئی۔

    انڈین فوجیوں نے علاقے میں گھر گھر تلاشی بھی لی، اور اس بہانے خواتین اور بچوں کو گھروں سے نکال دیا۔

    یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ جون میں 28 کشمیریوں کو شہید کیا تھا۔

  • بھارت کا مقبوضہ کشمیرمیں مزید 28 ہزار اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ

    بھارت کا مقبوضہ کشمیرمیں مزید 28 ہزار اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ

    سری نگر: بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کے اپنے مذموم منصوبے کے تحت 28 ہزار سے زائد مزید فورسز اہلکار مقبوضہ کشمیر میں تعینات کر رہا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت نے محض ایک ہفتہ قبل پیرا ملٹری کے مزید دس ہزار اہلکار مقبوضہ علاقے میں بھیجے تھے جبکہ اب مزید اٹھائیس ہزار اہلکار علاقے میں روانہ کیے جا رہے ہیں۔

    بھارتی سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پیرا ملٹری کی 280 سے زائد مزید کمپنیاں سری نگر اور مقبوضہ وادی کے دیگر علاقوں میں تعینات کی جائیں گی۔ ان میں زیادہ تر بھارتی سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی کمپنیااں شامل ہیں۔

    بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دول نے گزشتہ ہفتے مقبوضہ وادی کا دورہ کیا تھا انہوں نے وہاں صورت حال کا جائزہ لینے کے علاوہ سینئر افسروں سے ملاقاتیں کی تھیں۔ ان کی نئی دہلی واپسی کے فوراً بعد مقبوضہ علاقے میں مزید بھارتی فورسز اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔

    بھارتی فوج نے جولائی میں 11 کشمیریوں کوشہید کیا، کشمیرمیڈیا سروس

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کشمیر میڈیا سروس نے رپورٹ جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ جولائی میں 11 کشمیریوں کو شہید کیا۔

  • بھارتی فوج نے جولائی میں 11 کشمیریوں کوشہید کیا، کشمیرمیڈیا سروس

    بھارتی فوج نے جولائی میں 11 کشمیریوں کوشہید کیا، کشمیرمیڈیا سروس

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ جولائی میں 11 کشمیریوں کو شہید کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج نے 11 بے گناہ کشمیریوں کو گزشتہ ایک ماہ کے دوران جعلی مقابلوں میں شہید کیا۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے پرامن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے 80 افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ حریت کارکنوں اور طلباء سمیت 46 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ بھارتی فورسز نے 2 مکانات کو بھی نقصان پہنچایا۔

    بھارتی فوج نے جون میں 28 کشمیریوں کوشہید کیا، کشمیرمیڈیا سروس

    اس سے قبل جون میں مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج نے 28 بے گناہ کشمیریوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا تھا۔ بھارتی افواج کی کارروائیوں کے نتیجے میں تین خواتین بیوہ ہوئیں اور چار بچے یتیم ہوگئے تھے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے پرامن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے 134 افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ حریت کارکنوں اور طلباء سمیت 97 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔

  • سری نگرمیں مسافربس کھائی میں جا گری، 35 افراد ہلاک

    سری نگرمیں مسافربس کھائی میں جا گری، 35 افراد ہلاک

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے علاقے سری نگر میں مسافر بس کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 17 افراد زخمی ہوگئے

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتوار میں مسافر بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 35 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 17 افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس حکام کے مطابق بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے بس حادثے میں 35 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی۔

    حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی سری نگر کے ضلع شوپیاں میں پکنک پر جانے والے طالب علموں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے 11 طالب علم ہلاک ہوگئے تھے۔

    بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں مسافر بس کھائی میں جاگری، 25 افراد ہلاک

    اس سے قبل رواں ماہ 20 جون کو بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 25 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سڑکوں کی خراب صورت حال کے باعث ہر سال ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

  • سری نگر: بھارتی سیکیورٹی فورس پر حملہ، سات اہلکار ہلاک،  پانچ زخمی

    سری نگر: بھارتی سیکیورٹی فورس پر حملہ، سات اہلکار ہلاک، پانچ زخمی

    سری نگر : بھارتی سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر  فائرنگ اور دستی بم حملے میں سات سیکیورٹی اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے اننت ناگ میں بھارتی سیکیورٹی فورس (سینٹرل ریزرو پولیس فورس) کے قافلے پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں بھارتی سیکیورٹی اہلکارہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مذکورہ حملہ آکسفورڈ اسکول کے قریب کیا گیا۔ فائرنگ کی زد میں آکر سیکیورٹی فورس کی حفاظت پر مامور مقامی تھانے کا ایس ایچ او ارشد ملک بھی شدید زخمی ہوگیا۔

    واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا، ریسکیو ٹیموں کے رضاکاروں نے ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارنا شروع کردیئے۔

  • مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج نے برہان وانی کے ساتھی ذاکر موسیٰ کو شہید کردیا

    مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج نے برہان وانی کے ساتھی ذاکر موسیٰ کو شہید کردیا

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے کشمیری عوام میں آزادی کی تحریک کو نئی جلا بخشنے والے شہید برہان مظفر وانی کے ساتھی ذاکر موسیٰ کو شہید کردیا۔

    کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع پلواما میں شہید برہانی مظفر وانی کے ساتھی اور مجاہد رہنما ذاکر موسیٰ کو شہید کردیا، شہادت کے بعد احتجاج روکنے کے لیے وادی بھر میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔

    ضلع پلواما کے علاقے ترال میں ذاکر موسیٰ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں سخت پابندیوں کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلع کلگام کے علاقے گوپال پورہ میں قابض بھارتی فوج نے فائرنگ کرکے دو کشمیریوں کو شہید کردیا تھا جبکہ قابض انتظامیہ نے کلگام میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی تھی۔

    مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی، مزید 2 نوجوان شہید

    یاد رہے کہ 19 مئی کو کشمیر میں تعینات بھارتی فوجی افسر نے انکشاف کیا تھا کہ رمضان المبارک کے آغاز کے بعد سے فورسز نے 2 ہفتوں کے دوران مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 12 کشمیریوں کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا، ماہِ مبارک کے آغاز سے اب تک 15 کے قریب بے گناہ نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔

    بھارتی فوج نے بھی کشمیر کے جنوبی اور شمالی علاقوں میں کیے جانے والے سرچ آپریشن اور نوجوانوں کی شہادت کی تصدیق کی۔ سرکاری اعداد وشمارکے مطابق ان نوجوانوں کو10 سے 18 مئی کے دوران محاصرے اور سرچ آپریشن کے نام پر 6 نام نہاد کارروائاں کر کے شہید کیا گیا۔

  • یوم شہدا: مقبوضہ کشمیر میں سخت پابندیاں، وادی میں ہڑتال

    یوم شہدا: مقبوضہ کشمیر میں سخت پابندیاں، وادی میں ہڑتال

    سرینگر:مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ نے رمضان کے احترام کو پامال کرتے ہوئے سری نگر کے مختلف علاقوںمیں سخت پابندیاں نافذ کردی ہیں، حریت قیادت نظر بند جبکہ وادی میں مکمل ہڑتال کا ماحول ہے۔

    کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سری نگر کی انتظامیہ نے ایک بیان میں کہاہے کہ سرینگر شہر میں نوہٹہ ،صفاکدل ، رعنا واری ، مہاراج گنج اور خانیارپولیس اسٹیشنوں کی حدود میں آنے والے علاقوں میں پابندیاں نافذ کی گئی ہیں جبکہ تمام سکوں اور کالجوں میں تدریسی سرگرمیاں بھی معطل کردی گئی ہیں۔

    عوامی مجلس عمل کے زیر اہتمام ممتاز آزادی پسند رہنماؤں میر واعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون اورشہدائے حول کی شہادت کی برسیوں کے موقع پر جامع مسجد سری نگر سے مزار شہداءعید گاہ تک ریلی نکالی گئی۔

    ادھر انتظامیہ نے حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور انجینئر ہلال احمد وار کو جامع مسجد سرینگر سے مزار شہدا عید گاہ تک ریلی کی قیادت سے روکنے کے لیے پیر کی شام کو ہی گھروں میں نظربند کردیا تھا۔

    دریں اثناء ممتاز آزادی پسند رہنماؤں میر واعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون اورشہدائے حول کے علاوہ 1990کی دہائی کے ہزاروں شہداءکی یاد میں منگل کو مکمل ہڑتال کی گئی ۔

    ہڑتال کی کال حریت قیادت نے میر مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کے یوم شہادت کے موقع پر دی تھی۔یا د رہے کہ میر واعظ مولوی محمد فاروق کو 21مئی 1990 کو نامعلوم مسلح افراد نے سری نگر میں ان کی رہائش گاہ میں گھس کر گولی مار دی تھی جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے تھے۔

    بھارتی فوجیوں نے اسی دن سری نگر کے علاقے حول میں ان کے جنازے پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 70 سوگواروں کو قتل کر دیا تھا۔ دوسری جانب خواجہ عبدالغنی لون کو 21مئی 2002 کو نامعلوم حملہ آوروں نے اس وقت شہید کر دیا تھاجب وہ مزار شہداءسرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے بعد واپس آرہے تھے۔