Tag: سر چکرانا

  • لفٹ میں سر چکراتا ہوا کیوں محسوس ہوتا ہے؟

    لفٹ میں سر چکراتا ہوا کیوں محسوس ہوتا ہے؟

    کیا آپ کا شمار بھی ان افراد میں ہوتا ہے جو لفٹ میں سفر کے دوران اپنا سر چکراتا ہوا محسوس کرتے ہیں؟ لیکن کیا آپ اس کی وجہ جانتے ہیں؟

    دراصل زمین کی کشش ثقل بہت طاقتور ہے اور اسی کی وجہ سے آپ اپنے لیپ ٹاپ یا فون کو ہاتھ میں تھامے ایک جگہ بیٹھے ہوئے ہیں، فضا میں تیر نہیں رہے۔

    کشش ثقل ہر چیز کو اپنی جانب یعنی نیچے کھینچتی ہے یا دوسرے الفاظ میں جب کوئی ہمت کر کے اوپر کی جانب جاتا ہے تو کشش ثقل اسے اپنی جانب کھینچنے لگتی ہے۔

    تو جب آپ لفٹ میں داخل ہوتے ہیں تو سب کچھ ساکت ہوتا ہے اور کچھ بھی غیر معمولی محسوس نہیں ہوتا۔

    اس وقت آپ کا جسم متوازن ہوتا ہے کیونکہ وہ ایک ساکت شے کے اندر ہوتا ہے، مگر لفٹ کی اچانک حرکت سے یہ سکوت ٹوٹ جاتا ہے اور آپ کا اوپر یا نیچے کی جانب سے سفر شروع ہو جاتا ہے جس سے عجیب احساسات ہونے لگتے ہیں۔

    اس کی وجہ یہ ہے کہ لفٹ کے سفر کے ساتھ اندرونی کان کا توازن بگڑ جاتا ہے، اندرونی کان کا کردار بہت اہم ہوتا ہے کیونکہ یہ توازن کے احساس کو کنٹرول کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

    اندرونی کان ویسٹبیولر سسٹم نامی نیٹ ورک کا حصہ ہوتا ہے اور یہ سسٹم جسم کے ارد گرد کے بارے میں تفصیلات دماغ کو بھیجتا ہے، تو جب اندرونی کان کے افعال متاثر ہوتے ہیں تو سر چکرانے اور متلی جیسے احساسات کا سامنا ہوتا ہے۔

  • اچانک چکر آنے کی کیا وجوہ ہوسکتی ہیں؟

    اچانک چکر آنے کی کیا وجوہ ہوسکتی ہیں؟

    کبھی دورانِ کام اور چلتے پھرتے اچانک ہی ہمیں اپنا سَر گھومتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ ہم کھڑے ہوں یا بیٹھے ہوئے ہوں خود کو چکراتا ہوا محسوس کرتے ہیں اور آنکھوں کے سامنے اندھیرا بھی چھا جاتا ہے جس کی کوئی عام وجہ بھی ہوسکتی ہے، لیکن ایسا اکثر ہونے لگے تو کسی مستند اور ماہر معالج سے رجوع کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہاں ہم آپ کو چند عام وجوہ بتا رہے ہیں جو سَر چکرانے کا باعث ہوسکتی ہیں۔

    اگر آپ لیٹے ہوئے ہوں اور اٹھ کر بیٹھیں یا کھڑے ہوں اور اچانک چکر آنے لگیں تو ممکن ہے کہ آپ کا بلڈ پریشر بہت زیادہ کم ہو گیا ہو، اور جسم میں‌ خون کی گردش متاثر ہوئی ہو۔ طبی ماہرین کے مطابق جب کوئی لیٹا ہوا شخص اچانک اٹھتا ہے تو خون تیزی سے اس کے دماغ تک نہیں پہنچ پاتا جس کے نتیجے میں اسے اپنا سَر چکراتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر آپ تیزی سے پوزیشن بدلنے کے دوران سر چکراتا ہوا محسوس کریں اور ایسا بہت کم ہو تو آرام سے پوزیشن بدلنے کی عادت ڈالیں، لیکن یہ شکایت بڑھ جائے اور اس کی بظاہر کوئی وجہ سمجھ نہ آرہی ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

    طبی ماہرین کے نزدیک سَر چکرانے کی ایک وجہ پانی کی کمی بھی ہوسکتی ہے۔ ہم جانتے ہیں‌ کہ پانی زندگی ہے اور جسم کی اہم ترین ضرورت ہے۔ جسم میں پانی کی کمی سے غشی یا چکر محسوس ہونے لگتے ہیں اور دورانِ خون کا نظام متاثر ہوتا ہے جس کے سبب ہم چکر محسوس کرسکتے ہیں۔

    سَر پر لگنے والی معمولی چوٹ یا ضرب لگنے سے بھی چکر آسکتے ہیں۔ اگر آپ کا سَر کسی چیز سے ٹکرایا ہو تو وقفے وقفے سے سر گھومتا ہوا محسوس ہوسکتا ہے، لیکن یہ شکایت بڑھ جائے اور متلی یا قے بھی ہونے لگے تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

    کانوں کا انفیکشن بھی چکر آنے کا سبب بن سکتا ہے۔ کان ہی ہمارا جسمانی توازن بھی برقرار رکھتے ہیں۔ کانوں‌ کے انفیکشن کی صورت میں ہم چکر محسوس کرتے ہیں جس کا علاج کروانا ضروری ہوتا ہے۔