Tag: سزا

  • زرتاج گل نے اپنی سزا لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی

    زرتاج گل نے اپنی سزا لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی

    لاہور : تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے اپنی سزا لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی، جس میں اے ٹی سی فیصل آباد کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی درخواست کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل نے 9 مئی کیس میں سنائی گئی سزا کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

    زرتاج گل نے اپنے وکیل بیرسٹر علی ظفر کے توسط سے اپیل دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت فیصل آباد کی سنائی گئی سزا قانون کے مطابق نہیں۔

    درخواست میں کہا گیا کہ زرتاج گل کو مقدمے میں نامزد نہیں کیا گیا تھا بلکہ بعد میں سپلیمنٹری چالان میں نام شامل کیا گیا۔

    اپیل میں مؤقف اپنایا گیا کہ زرتاج گل موقع پر موجود نہیں تھیں اور نہ ہی ان کی موجودگی کے شواہد پیش کیے گئے، جبکہ مرکزی گواہوں نے بھی ان کی موجودگی اور میٹنگ میں شرکت سے متعلق تردید کی۔

    9 مئی کیسز : عمر ایوب، شبلی فراز اور زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10 سال قید کی سزا

    درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ اے ٹی سی فیصل آباد کافیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

    واضح رہے کہ فیصل آباد میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 31 جولائی کو 9 مئی کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا ، فیصلے میں پی ٹی آئی رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز، زرتاج گل سمیت مرکزی قیادت کو 10سال قید کی سزا سنائی تھی۔

    اے ٹی سی فیصل آباد نے 9 مئی کیس میں 108 ملزموں کو سزا سنائی جبکہ 77 ملزمان کو بری کر دیا تھا۔

  • پیسہ ڈبل کرنے کا ایک اور اسکینڈل سامنے آ گیا، مجرم کو سزا سنا دی گئی

    پیسہ ڈبل کرنے کا ایک اور اسکینڈل سامنے آ گیا، مجرم کو سزا سنا دی گئی

    (23 جولائی 2025): ڈبل پیسہ کرنے کا ایک اور اسکینڈل سامنے آ گیا ہے عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سمیر بھٹو سزا سنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کےمطابق سندھ کے شہر شکارپور میں پیسہ ڈبل کرنے کا اسکینڈل سامنے آیا ہے اور مقامی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سمیر بھٹو کو تین سال قید کی سزا سنا دی ہے۔

    عدالت نے مرکزی ملزمان کی گرفتاریکا حکم دیتے ہوئے شعیب بھٹو اور دوسرے بھائی کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے اور پولیس ان کوان کی گرفتاری کے لیے فوری اقدامات کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

    عدالت نے ڈبل پیسہ کیس میں نومی بھٹو اور وہاب بھٹو کو بری کر دیا ہے جب کہ شعیب بھٹو عرف ڈان گولو اب بھی مفرور ہے۔

    مذکورہ ملزمان نے دو سال قبل شکارپور کے سادہ لوح شہریوں کو ڈبل منافع کا لالچ دے کر لاکھوں روپے لوٹے تھے۔

    واضح رہے کہ پیسہ ڈبل کرنے کا لالچ دےکر شہریوں سے کروڑوں روپے لوٹنے کا سب سے بڑا اسکینڈل وسطی پنجاب کے شہروں میں سامنے آیا تھا۔

    سید سبط الحسن نامی شخص جس نے بطور ٹیچر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ دولت کی ہوس میں مبتلا ہو کر سادہ لوح لوگوں کو رقم ڈبل کا جھانسہ دےکر لوٹنے لگا اور کروڑوں روپے اینٹھ لیے اور ڈبل شاہ کے نام سے مشہور ہوا۔ تاہم اس کا انجام عبرت ناک ہوا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/double-shah-case-blog/

  • 9 مئی کیس: پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سمیت 32 پی ٹی آئی کارکنوں کو سزا سنا دی گئی

    9 مئی کیس: پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سمیت 32 پی ٹی آئی کارکنوں کو سزا سنا دی گئی

    سرگودھا (22 جولائی 2025): انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی میانوالی ہنگامہ آرائی کیس میں پنجاب کے اپوزیشن لیڈر سمیت 32 کارکنوں کو سزا سنا دی۔

    اے آر وائی نیوز سرگودھا کے نمائندے عبدالحنان کے مطابق انسداد دہشتگردی کی عدالت سرگودھا میں 9 مئی میانوالی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔

    اے ٹی سی کے جج محمد نعیم شیخ نے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کو 10 سال قید کی سزا سنائی۔

    عدالت نے احمد خان بھچر سمیت 32 کارکنوں کو دس، دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔

     9 مئی واقعات پر اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر سمیت پی ٹی آئی کارکنوں پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔

    دوسری جانب اے ٹی سی کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے وقت احمد خان بھچر سمیت پی ٹی آئی کا کوئی کارکن عدالت میں موجود نہ تھا۔ جن ملزمان کو سزا سنائی گئی، وہ سب ضمانت پر ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی 9 مئی کیسز میں پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو عدالت سے سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔

  • روس کے نائب وزیر دفاع کو 13 سال قید کی سزا سنادی گئی

    روس کے نائب وزیر دفاع کو 13 سال قید کی سزا سنادی گئی

    بدعنوانی کے الزامات ثابت ہونے پر روس کے سابق نائب وزیر دفاع تیمور ایوانوف کو قید کی سزا سنادی گئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس اپریل میں روس کے نائب وزیر دفاع تیمور ایوانوف کو حراست میں لیا گیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق نائب وزیر دفاع پر 48.4 ملین ڈالر رشوت لینے کا الزام تھا جس کے سبب انہیں عہدے سے بھی برطرف کردیا گیا تھا۔

    روسی عدالت کی جانب سے نائب وزیر دفاع کو 13 سال جب کہ ان کے ایک ماتحت انتون فلاتوف کو بھی 12 سال اور چھ ماہ سزا سنائی گئی۔

    نائب وزیر دفاع نے تفتیش کے دوران ہوشربا انکشافات کیے جس کی روشنی میں مزید ایک درجن افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق مقدمے کی سماعت بند کمرے میں ہونے کے باعث زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ تاہم سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا کہ تمام قانونی تقاضوں کو پورا کیا گیا ہے۔

    ایران کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے، پیوٹن

    وزارت قانون و انصاف کے مطابق سابق نائب وزیر دفاع تیمور ایوانوف کو تمام تمام قانونی معاونت فراہم کی گئی۔

    ناقدین کا ماننا ہے کہ روسی صدر سے مخالفت کی وجہ سے سابق نائب وزیر دفاع کو اس کیس کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

  • اب ٹیکس چوری اور فراڈ پر کتنی سزا اور گرفتاری ہوگی؟

    اب ٹیکس چوری اور فراڈ پر کتنی سزا اور گرفتاری ہوگی؟

    سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 میں ترامیم کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا ٹیکس فراڈ میں ملوث تاجروں کی گرفتاری کے اختیار کمیٹی کو دے دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 میں ترامیم کا بل پیش کیا جس کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا، تاہم اس بل میں اپوزیشن کی جانب سے سیلز ٹیکس ایکٹ میں تجویز کی گئی تمام ترامیم کثرت رائے سے مسترد کر دی گئیں۔

    بل میں ٹیکس فراڈ میں ملوث تاجروں کی گرفتاری کے اختیارات کمیٹی کو دینے کی ترمیم منظور کی گئی۔ کمیٹی 5 کروڑ سے زائد کے ٹیکس فراڈ میں ملوث تاجر کی گرفتاری کے اجازت دینے کی مجاز ہوگی۔ اس سے قبل ٹیکس کمشنر کو گرفتاری کے اختیارات دینے کی ترمیم کی تجویز پیش کی گئی تھی۔

    منظور شدہ ترامیم کے مطابق تحقیقات کے مرحلے میں ایف بی آر کے پاس گرفتاری کا اختیار نہیں ہوگا جب کہ بل میں سولر پینل پر سیلز ٹیکس کی شرح 10 فیصد کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

    فنانس بل میں کی گئی ترامیم کے مطابق سیلز ٹیکس فراڈ کی انکوائری خفیہ نہیں ہوگی اور اگر اس میں ملوث ملزم انکوائری میں شامل ہو تو اس کو گرفتار ہیں کیا جائے گا۔ تاہم سیلز ٹیکس فراڈ کرنے والے نے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کی تو اس کو روکا جائے گا۔

    ترمیمی بل میں سیلز ٹیکس فراڈ کی وضاحت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ٹیکس کی رقم میں فوجری اور گڑبڑ، سیلز ٹیکس میں ٹمپرنگ، ٹیکس انوائس میں فراڈ، ٹیکس شواہد مٹانا اور ٹیکس گوشوارے میں جان بوجھ کر غلط معلومات دینا یہ سب ٹیکس فراڈ تصور کیا جائے گا۔

    فنانس بل میں سیلز ٹیکس 1990 سیکشن 37 اے میں شق اے شامل کرنے کیلیے قبل از گرفتاری کی شرائط کی منظوری کے ساتھ یہ بھی طے کیا گیا کہ مال کی سپلائی کیے بغیر ٹیکس انوائس جاری کرنے پر بھی ٹیکس فراڈ کے تحت گرفتاری ہوگی۔ تاہم فراڈ میں ملوث کمپنی کے متعلقہ افسر کو تین نوٹس بھیجنا ہوں گے۔

    بل کے مطابق سیلز ٹیکس میں فراڈ کے شواہد ضائع کرنے کی کوشش، سیلز ٹیکس فراڈ میں ملوث ملزم کے فرار ہونے کی کوشش، سیلز ٹیکس فراڈ 5 کروڑ یا اس سے زائد ہوا تو ملزم کی گرفتاری ہوگی۔

    گرفتاری سے قبل گریڈ 21 کے 3 ممبران پر مشتمل کمیٹی کی اجازت چاہیے ہوگی۔ اس تین رکنی کمیٹی میں ممبر آپریشنز،ممبر لیگل یا ممبر ایڈمن شامل ہو سکتے ہیں۔

    فنانس بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس میں فراڈ کرنیوالے کو 24 گھنٹے میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنا ہوگا۔

  • شادی میں نوٹ نچھاور کرنے پر دولہا کو نا قابل یقین سزا مل گئی

    شادی میں نوٹ نچھاور کرنے پر دولہا کو نا قابل یقین سزا مل گئی

    شادی بیاہ میں پیسے نچھاور کرنا غیر معمولی بات نہیں تاہم ایک دولہا کو اپنی بارات میں نوٹ لٹانا بہت مہنگا پڑ گیا۔

    شادی بیاہ ہو یا خوشی کا کوئی موقع کئی لوگ اس موقع پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پیسے نچھاور کرتے ہیں اور ہر شخص اپنی استطاعت کے مطابق یہ خوشی مناتا ہے۔

    آئے روز ایسی ویڈیوز بھی وائرل ہوتی ہیں جس میں دولہا یا خاندان والے بارات کے موقع پر نوٹوں کی برسات کر دیتے ہیں حالیہ کچھ عرصہ میں تو پاکستان کے کئی علاقوں میں بڑی مالیت کے پاکستانی نوٹوں سمیت ڈالر اور پاؤنڈز تک لٹائے جانے کی ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں۔

    تاہم ایک دولہا کو اپنی شادی پر پیسے لٹانے بہت مہنگا ثابت ہوا اور اس کو جیل کی ہوا کھانی پڑی وہ بھی ایک یا دو روز نہیں بلکہ 6 ماہ کے لیے۔

    یہ واقعہ پاکستان نہیں بلکہ افریقی ملک نائجیریا میں پیش آیا جہاں ایک دولہا کو شادی کے بعد ہنی مون کے بجائے جیل جانا پڑ گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق عبداللہ موسیٰ حسینی نامی دولہا اپنی شادی پر نہ صرف ڈانس کر رہا تھا بلکہ خوشی میں پیسے بھی لٹا رہا تھا۔ باراتی اس کی ویڈیو بنا رہے تھے جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور یہی ویڈیو دولہا کے لیے مصیبت بن گئی۔

    پولیس نے دولہا کے خلاف پیسے کے ناجائز استعمال کا مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا۔

    عبداللہ موسیٰ کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس نے اعتراف جرم کر لیا جس کے بعد عدالت نے اس کو 6 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

    واضح رہےکہ نائجیریا میں اکنامک اینڈ فنانشل کرائمز کمیشن اس رسم کے خلاف مہم چلا رہا ہے اور اسے پیسے کی بے توقیری قرار دیا جاتا ہے۔

  • مفرور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو بنگلہ دیش کی عدالت نے بڑی سزا سنا دی

    مفرور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو بنگلہ دیش کی عدالت نے بڑی سزا سنا دی

    مفرور اور معزول سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد اور ان کے خاندان کو ڈھاکا کی عدالت نے بڑی سزا سنا دی ہے۔

    گزشتہ سال طلبہ احتجاج کے بعد 16 سالہ مطلق العنان اقتدار چھوڑ کر بھارت فرار ہونے والی شیخ حسینہ واجد کو ان کی معزولی کے بعد ڈھاکا کی عدالت نے بڑی سزا سناتے ہوئے ان کی خاندانی جائیدادیں اور بینک اکاؤنٹس ضط اور سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق ڈھاکا کی عدالت نے حسینہ واجد کے دھان منڈی علاقے میں واقع گھر جس کو ’سوداسدھن‘ کہا جاتا ہے۔ اس گھر کو خاندان کے دیگر افراد کی ملکیتی جائیدادوں اور ان کے خاندان سے تعلق رکھنے والے 124 بینک اکاؤنٹس کو بھی ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔

    ڈھاکا میٹرو پولیٹن کے سینئر اسپیشل جج ذاکر حسین غالب نے انسداد بدعنوانی کمیشن کی درخواست کے بعد نیوکلیائی توانائی پلانٹ قائم کرنے کے ایک معاملہ میں بدعنوانی سے متعلق کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے شیخ حسینہ واجد اور بیٹے سمیت خاندان کے کئی افراد کے سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

    اس مقدمہ میں معزول وزیراعظم شیخ حسینہ پر 59 ہزار کروڑ ٹکا کی ہیرا پھیری کرنے کا الزام ہے۔

    عدالتی حکم کے تحت شیخ حسینہ کے بیٹے سجیب واجد جوائے، بیٹی صائمہ واجد پوتول، شیخ ریحانہ کی بیٹیاں ٹیولپ صدیقی اور ازمینا صدیقی اور ان کے بیٹے رضوان مجیب صدیق سفر نہیں کر پائیں گے۔

    بنگلہ دیش کی عبوری حکومت شیخ حسینہ پر گزشتہ سال طلبہ احتجاج میں قتل عام کا مقدمہ بھی چلانے جا رہی ہے۔ حال ہی میں عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیخ حسینہ کے دور اقتدار میں ملک میں قتل عام کیا گیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ شیخ حسینہ واجد بنگلہ دیش آئیں یا نہ آئیں، لیکن ہم ان کے خلاف مقدمہ ضرور چلائیں گے کیونکہ قتل عام معاملے میں اگر انہیں بخشا گیا تو یہ بنگلہ دیش کی عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی۔

    https://urdu.arynews.tv/viral-video-sheikh-hasina-wazed-house-burned-in-bangladesh/

  • 8 سالہ بچی کا اغوا اور زیادتی، مجرم کو سزا سنادی گئی

    8 سالہ بچی کا اغوا اور زیادتی، مجرم کو سزا سنادی گئی

    بھارت میں حیدرآباد کے ایل بی نگر اسٹیشن کی حدود میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے مجرم کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنادی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم نے ایل بی نگر پولس اسٹیشن کی حدود میں ایک آٹھ سالہ نابالغ بچی کو اغوا کرکے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق ملزم شیخ جاوید ولد شیخ امام، عمر 27 سال، پیشہ: آٹو ڈرائیور کو POCSO ایکٹ کے تحت عمر قید کی سزا سنائی گئی۔ اس کے علاوہ 25 ہزار روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔

    اس سے قبل رواں ماہ بھارت میں پیش آنے والے ایک واقعے میں ملزم نے جنسی زیادتی کی کوشش پر مزاحمت کرنے پر حاملہ خاتون کو چلتی ٹرین سے دھکا دے دیا۔

    انڈین میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ضلع کوئمبٹور میں حاملہ خاتون کو چلتی ٹرین سے دھکا دیا گیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگئیں۔ افسوسناک واقعہ صبح تقریباً 10:30 بجے پیش آیا جب ریوتی نامی خاتون ٹرین میں تروپور سے آندھرا پردیش کے شہر چتور جانے کیلیے سوار ہوئیں۔

    ریوتی صبح 6:40 بجے کے قریب ٹکٹ کے بغیر ٹرین میں سوار ہوئی تھیں۔ حکام نے بتایا کہ اس وقت کم از کم 7 دیگر خواتین بھی ڈبے میں موجود تھیں۔ ٹرین جب 10:15 کے قریب جولارپیٹائی ریلوے اسٹیشن پر پہنچی تو تمام خواتین اتر گئیں۔

    جولارپیٹائی ریلوے اسٹیشن سے ملزم ہیمراج اس میں سوار ہوا۔ وہ کچھ دیر بیٹھا رہا اور جب اس نے ریوتی کو اکیلے دیکھا تو جنسی زیادتی کی کوشش کی۔

    جب خاتون نے مزاحمت کرتے ہوئے اسے لات مار کر دور کیا تو وہ غصے آگ بگولہ ہوگیا اور اس نے چلتی ٹرین سے اسے باہر پھیک دیا۔

    شادی کا جھانسہ دیکر بیوہ خاتون سے زیادتی، ملزم گرفتار

    خاتون کے ہاتھوں، ٹانگوں اور سر پر چوٹیں آئیں اور اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ پولیس نے خاتون کے بیان کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کیا۔

  • کویت کے سابق وزیرِ داخلہ کو کرپشن کیسز میں بڑی سزا

    کویت کے سابق وزیرِ داخلہ کو کرپشن کیسز میں بڑی سزا

    کویت کے سابق وزیر داخلہ اور دفاع شیخ طلال الخالد کو عدالت نے کرپشن کا جرم ثابت ہونے پر 14 سال قید اور ایک کروڑ دینار جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    سبق ویب سائٹ کے مطابق کویت کی عدالت نے سابق وزیر داخلہ اور دفاع شیخ طلال الخالد کو کرپشن کے دو مختلف مقدمات میں مجموعی طور پر یہ سزائیں سنائی ہیں۔
    کویتی عدالت نے عوامی فنڈز میں کرپشن کے مقدمے میں 7 سال قید اور 95 لاکھ دینار حکومت کے خزانے میں جمع کرانے کی سزا سنائی۔

    عدالت نے ایک اور مقدمے میں سابق وزیر کو 7 سال قید کی سزا اور پانچ لاکھ دینا حکومتی خزانے میں جمع کرانے کا حکم دیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق کویتی عدالت نے سابق وزیر سے ساڑھے 9 لاکھ ہزار دینار کی وصولی کا حکم بھی دیا اور ساتھ ہی ایک دوسرے مقدمے میں انہیں 7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    واضح رہے کہ شیخ طلال الخالد الاحمد الصباح وزارت داخلہ اور اس سے قبل وزارت دفاع کا قلمدان سنبھالے ہوئے تھے۔ دونوں وزارتوں میں کرپشن پر ان کے خلاف وزرا کی خاص عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔

    سابق وزیر مقدمات کے سلسلے میں تحقیقاتی کمیٹی اور عدالت کے سامنے پیش ہوتے رہے تھے تاہم انہوں نے ان مقدمات میں اپنے خلاف لگائے گئے الزامات سے انکار کیا تھا جب کہ غبن اور منی لانڈرنگ کے الزامات کو بھی مسترد کر دیا تھا۔

  • ٹرمپ کو سزا سنانے کیلئے 10 جنوری کی تاریخ مقررکردی گئی

    ٹرمپ کو سزا سنانے کیلئے 10 جنوری کی تاریخ مقررکردی گئی

    امریکی جج کی جانب سے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سزا سنانے کیلئے 10 جنوری کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جج نے کاروباری معلومات میں جعلسازی سے متعلق مقدمے میں ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم برقرار رکھی ہے تاہم نو منتخب صدر کو جیل کی سزا ممکنہ طور پر نہیں سنائی جائے گی۔

    نو منتخب صدر مجرم قرار دیے جانے کے باوجود صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے امریکا کے پہلے صدر ہوں گے۔

    ٹرمپ کی جانب سے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کا کئے جانے کا امکان ہے۔

    گزشتہ روز امریکا کے نو منتخب صدر ٹرمپ نے سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں امریکی تاریخ کا ”بدترین صدر”قرار دیا۔

    نو منتخب صدر نے بائیڈن کی ”اوپن بارڈر پالیسی”کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کی قیادت کے باعث امریکا عالمی سطح پر مذاق کا نشانہ بن گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے خبردار کیا کہ بائیڈن کی ’اوپن بارڈر پالیسی‘ سے نہ صرف انتہا پسند اسلامی دہشت گردی میں اضافہ ہوگا بلکہ پرتشدد جرائم بھی بڑھیں گے۔

    ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر متعدد پوسٹس میں موجودہ ملکی حالات کو ”تباہی”قرار دیتے ہوئے کہا کہ بائیڈن کی قیادت نے قومی سلامتی اور قیادت کو کمزور کیا ہے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے اتحادیوں نے جو ہمارے انتخابات میں مداخلت کرتے رہے، اس کے سبب امریکا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جب قیادت کمزور ہو اور سرحدیں کھلی ہوں، تو یہی انجام ہوتا ہے۔ اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وعدہ کیا کہ ان کی انتظامیہ ملک کی کھوئی ہوئی طاقت کو بحال کرے گی۔

    ٹرمپ کابینہ میں شامل نامزد افراد کو اہم ہدایت جاری

    نو منتخب امریکی صدر نے محکمہ انصاف، ایف بی آئی اور دیگر اداروں پر بھی شدید اعتراض کرتے ہوئے انہیں ’کرپٹ اور ناکام‘ قرار دیا۔ ان کے مطابق، یہ ادارے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے بجائے سیاسی حملوں میں مصروف رہے۔