Tag: سزائے موت

  • سعودی عرب: دو شہریوں کو سزائے موت

    سعودی عرب: دو شہریوں کو سزائے موت

    سعودی عرب میں وزارت داخلہ کی جانب سے دہشت گرد سیل بنانے اورقومی سلامتی کے لیے خطرہ پیدا کرنے والے دو افراد کو سزائے موت دیدی گئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عدالت کی جانب سے جرم ثابت ہونے پر مذکورہ افراد کی موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

    وزارت داخلہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سعودی شہری عبد العزیز بن صالح التویم اور سامی بن سیف جیزانی نے ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی ہے، ملزمان نے سیکیورٹی فورس سے وابستہ افراد کو نشانہ بنانے کے لیے دہشت گرد سیل بنایا۔

    مذکورہ افراد کے مجرمانہ منصوبوں کے باعث ایک سیکیورٹی اہلکار جان کی بازی ہار گیا۔

    دو ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے جرم ثابت ہونے پر دونوں ملزمان کو سزائے موت دیدی۔

    سعودی عرب: 4 ایشیائی تارکین وطن گرفتار

    سعودی وزارت داخلہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن میں عدالت کا فیصلہ نافذ کردیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: دو خواتین سمیت 5 افراد کو سزائے موت دیدی گئی

    سعودی عرب: دو خواتین سمیت 5 افراد کو سزائے موت دیدی گئی

    سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاض میں ایک شہری کے اغوا، تشدد اور ہلاکت میں ملوث دو خواتین سمیت 5 افراد کو سزائے موت دیدی گئی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مشعل بن علی بن محمد البی، ابراہیم بن عبداللہ بن علی بن سید المساوی، سلطان بن محمد بن غرامہ الاسمری، عبیر بنت علی بن ظافر آل محمد العمری اور بیان بنت حافظ بن علی صدیق (یہ تمام سعودی شہری ہیں)، نے خالد بن دلاک بن محمد حامظی (سعودی) کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔

    بیان کے مطابق گرفتاری کے بعد ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے دھوکے سے خالد بن دلاک کو ایک جگہ بلایا اور اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر اپنے ساتھ لے گئے اور ایک مکان میں قید کردیا۔

    ملزمان کی جانب سے مغوی کو نشہ آور اشیا دینے کے بعد بجلی کے جھٹکے دیے اور اس پر تشدد کیا جس کے بعد ویران جگہ پر پھینک دیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔

    وزارت کے مطابق سیکیورٹی فورس نے تمام ملزمان کو تلاش کے بعد حراست میں لے کر عدالت کے روبرو پیش کیا، جہاں ملزمان نے اپنے جرم کا اقرار کرلیا، جس پر عدالت نے انہیں موت کی سزا کا حکم دیا۔

    ہیوسٹن کے چرچ میں خاتون کی فائرنگ سے متعدد زخمی

    اپیل کورٹ نے عدالتی فیصلے کو برقرار رکھا۔ ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا حکم صادر کیا جس پر اتوار کو ریاض میں عمل درآمد کرایا گیا۔

  • سزائے موت سے فرار ہونے والا مجرم 29 سال بعد دوبارہ گرفتار

    سزائے موت سے فرار ہونے والا مجرم 29 سال بعد دوبارہ گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی میں قتل کے مجرم سابق پولیس اہلکار کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزم کو سزائے موت کا حکم تھا اور وہ 29 سال سے مفرور تھا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے شعبہ تفتیش نے کراچی کے علاقے یونیورسٹی روڈ پر کارروائی کی۔

    انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کا کہنا ہے کہ کارروائی میں سزائے موت کا مجرم پولیس اہلکار 29 سال بعد گرفتار کرلیا گیا۔

    چوہدری صفدر کا کہنا ہے کہ مجرم نے دوران ڈیوٹی سرکاری رائفل سے مخالف کی ٹارگٹ کلنگ کی تھی، مجرم غلام حسین ضمانت کے بعد سے مفرور اور اشتہاری تھا۔

    ملزم غلام حسین سنہ 1990 میں پولیس میں بھرتی ہوا تھا، سنہ 1994 میں ملزم کی تعیناتی تھانہ بائی جی شریف سکھر میں تھی۔

    ڈیوٹی کے دوران اسے مخالف شخص انور دکھائی دیا جس پر مجرم غلام حسین نے مخالف کو سرکاری ایس ایم جی سے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

    انچارج سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم موقع پر گرفتار ہوا، پھر ضمانت کے بعد مفرور اور اشتہاری ہوگیا تھا، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سکھر نے ملزم کو سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔

    انچارج کا کہنا ہے کہ مجرم کو متعلقہ پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

  • بھارت کی بدنام زمانہ قومی تحقیقاتی ایجنسی حریت رہنما یاسین ملک کو سزائے موت دلوانے کے درپے

    بھارت کی بدنام زمانہ قومی تحقیقاتی ایجنسی حریت رہنما یاسین ملک کو سزائے موت دلوانے کے درپے

    نئی دہلی : بھارتی ایجنسی نے کشمیری رہنما یاسین ملک کو سزائے موت دلوانے کے لیے دہلی ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی کشمیری حریت رہنماؤں کو راستے سے ہٹانے اور جعلی مقدمات میں قتل کرنے کی سازش بے نقاب ہوگئی۔

    انتہا پسند مودی سرکار نے جموں کشمیرنیشنل فرنٹ کے سربراہ اور حریت رہنما یاسین ملک کے خلاف سازش تیار کرلی ، بھارت کی بدنام زمانہ قومی تحقیقاتی ایجنسی پابند سلاسل حریت رہنما یاسین ملک کو سزائے موت دلوانے کے درپے ہیں۔

    نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے سزا دلوانےکے لیے دہلی ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ، یاسین ملک کےخلاف این آئی اے کی درخواست پیر29مئی کو عدالت میں سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے۔

    جسٹس سدھارتھ میریدل اورجسٹس تلونت سنگھ پرمشتمل دہلی ہائی کورٹ کا ڈویژن بینچ سماعت کرے گا۔

    حریت رہنمایاسین ملک قابض بھارتی فورسزاورسرکار کے ہاتھوں جعلی مقدمات میں پابندسلاسل ہیں ، بھارتی فسطائی حکومت نے حریت رہنما کو 35سالہ پرانےجعلی مقدمے میں پھنسا رکھا ہے۔

    یاد رہے بھارتی عدالتی نظام اورانتظامیہ کی ملی بھگت سےیاسین ملک کو گزشتہ سال سزاسنائی گئی تھی ، حریت رہنما کو دہشت گردی کی مالی معاونت کےجعلی مقدمے میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔

    خیال رہے یاسین ملک 2019 سے ہندوستان کی بدنام زمانہ تہاڑجیل میں قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں۔

  • مجرم ظاہر جعفر نے سزائے موت کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

    مجرم ظاہر جعفر نے سزائے موت کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

    اسلام آباد: نور مقدم قتل کیس میں مجرم ظاہر جعفر نے سزائے موت کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ظاہر جعفر نے نور مقدم قتل کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔

    درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ ٹرائل کورٹ اور ہائیکورٹ نے شواہد کا درست جائزہ نہیں لیا، غلطیوں سے بھرپور ایف آئی آر پر سزا دینا انصاف کے اصولوں کے منافی ہے، جن شواہد کو پذیرائی دی گئی وہ قانونِ شہادت کے مطابق قابل قبول نہیں۔

    درخواست میں ظاہر جعفر نے استدعا کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا، سزائے موت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، اور درخواست گزار کو بری کرنے کا حکم دیا جائے۔

    یاد رہے کہ ظاہر جعفر کو نور مقدم قتل کیس میں ٹرائل کورٹ نے ایک جرم میں عمر قید اور دیگر میں سزائے موت سنائی تھی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمر قید کو بھی سزائے موت میں تبدیل کر دیا تھا، ظاہر جعفر کو مجموعی طور پر 11 سال سزا اور 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔

  • دوست کو کار میں جلا کر مارنے والے سعودی شہری کو سزا سنا دی گئی

    جدہ: سعودی عرب کے شہر جدہ میں اپنے دوست بندر القرھدی کو کار میں زندہ جلا کر مارنے والےسعودی شہری البرکات کو عدالت نے موت کی سزا دے دی۔

    خلیجی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں دوست کو کار میں جلا کر مارنے کے کیس میں ملوث سعودی شہری کو سعودی ٹرائل کورٹ کی جانب سے سزائے موت سنائی گئی ہے۔

    مقتول بندر طہ القرھدی سعودی ایئرلائن میں ملازم تھے، انھیں دسمبر 2022 میں کار میں باندھ کر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی تھی، اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پروائرل ہوئی تھی، جس نے مملکت کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

    سعودی وکیل عبدالعزیز القلیصی نے نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ ڈیڑھ ماہ کے مقدمے کی سماعت کے بعد آخر کار مجرم کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق طہ القرھدی کو دوستوں نے دھوکے سے الاسکان الجنوبی محلے کی پارکنگ پارکنگ میں بلا کر گاڑی میں آگ لگا دی تھی۔

    آگ سے جھلسنے کے باجود سعودی شہری ہمت کر کے گاڑی سے باہر آیا، اس نے ایمبولینس طلب کرنے کی درخواست کی اور اپنے دوست سے سوال کیا کہ ’میں نے کیا برا کیا تھا۔‘

    بعد ازاں سعودی شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ گاڑی کو آگ لگانے میں ملوث شخص اور سعودی شہری بچپن کے دوست تھے اور ایک محلے میں رہائش پذیر تھے۔ جدہ پولیس نے ملزم کی گرفتاری اور تفتیش کے بعد بتایا تھا کہ دونوں کے درمیان پہلے سے جھگڑا چل رہا تھا۔

    مجرم کو جدہ فوجداری عدالت کی تین رکنی بنچ نے موت کی سزا سنائی ہے، جسے سزا کے خلاف 30 روز کے اندر اپیل کورٹ جانے کا استحقاق ہے۔

  • 30 برس سے قید امریکی کو آخرکار مہلک انجیکشن دے کر موت کی نیند سلا دیا گیا

    ٹیکساس: بیوی کے قتل میں 30 برس سے قید سابق امریکی پولیس افسر رابرٹ فریٹا کو آخرکار مہلک انجیکشن دے کر موت کی نیند سلا دیا گیا، یہ نئے سال کی دوسری سزائے موت ہے جو امریکا میں دی گئی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ہیوسٹن کے ایک نہایت مغرور سابق مضافاتی پولیس افسر رابرٹ فریٹا نے تقریباً 30 سال قبل نومبر 1994 میں اپنی اہلیہ فرح کو کرائے کے قاتل کے ذریعے گولی مار کر قتل کروایا تھا، جس پر اسے منگل کو آخر کار 65 سال کی عمر میں ہنٹس وِِل کے ریاستی قید خانے میں مہلک انجکشن ’پینٹو باربیٹال‘ لگا دیا گیا۔

    رابرٹ فریٹا کو جب طاقت ور سکون آور پینٹو باربیٹال کی مہلک ڈوز بازو کی نس میں دی گئی تو اس کے 24 منٹ بعد ڈاکٹر نے اسے شام 7 بج کر 49 منٹ پر مردہ قرار دے دیا۔

    موت کا انجیکشن

    موت کے کمرے میں دونوں بازوؤں میں مہلک انجیکشن دیے جانے سے قبل رابرٹ فریٹا کے روحانی مشیر بیری براؤن نے اس کے لیے 3 منٹ تک دعا کی۔ وارڈن نے رابرٹ فریٹا سے پوچھا کہ کیا وہ موت سے قبل آخری بیان دینا چاہیں گے، تو اس نے جواب میں کہا ’’نہیں۔‘‘

    جیسے ہی مہلک دوا خون میں دوڑنے لگی تو فریٹا نے آنکھیں بند کر دیں اور ایک گہرا سانس لیا اور پھر 6 بار زور سے خراٹے لیے، اور اس کے بعد اس کا جسم ساکت ہو گیا۔

    استغاثہ کا کہنا ہے کہ فریٹا نے کرائے پر قاتل کے حصول کا منصوبہ ترتیب دیا، جس میں ایک مڈل مین، جوزف پریسٹاش نے شوٹر ہاورڈ گائیڈری کی خدمات حاصل کیں، جس نے 33 سالہ فرح کو ہیوسٹن کے مضافاتی علاقے اٹاسکوکیٹا میں اس کے گھر کے گیراج میں سر میں دو گولیاں ماریں، اس وقت رابرٹ فریٹا میسوری سٹی کے پبلک سیفٹی افسر تھے۔

    واضح رہے کہ منگل کی صبح ایک ہنگامی سماعت کے بعد ڈسٹرکٹ جج کیتھرین ماؤزی نے اپنے فیصلے میں کہا کہ حکام کا موت دینے کے لیے جس دوا کا استعمال کرنے کا ارادہ ہے وہ قانونی طور استعمال نہیں کی جا سکتی، جس کی وجہ سے سزا رک گئی، تاہم اسی دن ٹیکساس کی اعلیٰ عدالت نے ماؤزی کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اس سزا پر عمل کرنے کا حکم دیا، ریاستی سپریم کورٹ نے مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مہلک انجکشن کے استعمال کی اجازت دے دی۔

    دراصل رابرٹ فریٹا نے موت کی سزا کے منتظر متعدد دیگر قیدیوں کے ساتھ مل کر آخری لمحات میں عدالت میں اپیل دائر کی تھی، جس میں یہ دلیل دی گئی تھی کہ معیاد ختم ہونے والی مہلک دوا ’پینٹو باربیٹال‘ کا استعمال ایک ظالمانہ سزا ہوگی اس لیے امریکی آئین کے تحت اس کے استعمال پر روک لگنی چاہیے۔

    رابرٹ فریٹا پر الزام

    رابرٹ فریٹا 1994 ہی سے بیوی کے قتل کے الزام میں جیل میں تھا، قانونی دستاویزات کے مطابق میاں اور بیوی میں طلاق اور اپنے تین بچوں کی تحویل کے حوالے سے تلخ لڑائی چل رہی تھی، عدالتی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ رابرٹ فریٹا نے اس وقت اپنے بہت سے دوستوں اور جاننے والوں سے درخواست کی کہ وہ اسے مار ڈالیں یا کسی ایسے شخص کے بارے میں بتائیں، جو اسے قتل کر سکتا ہو۔

    فریٹا نے اپنے جم کے ایک ساتھی سے رابطہ کیا، جس نے ایک کرائے کے قاتل کی خدمات فراہم کیں، امریکی میڈیا کے مطابق فریٹا نے اس شخص کو اپنی بیوی کے قتل کے لیے ایک ہزار ڈالر ادا کیے تھے۔

    سزائے موت

    فریٹا کو پہلی بار 1996 میں موت کی سزا سنائی گئی تھی، لیکن 2007 میں ایک تکنیکی وجہ سے اس فیصلے کو ختم کر دیا گیا تھا، پھر دوسری سماعت کے بعد 2009 میں اسے پھر سے سزائے موت سنائی گئی۔ اس کے وکلا نے متعدد اپیلیں دائر کیں تاہم وہ سب ناکام ہوئیں۔

    پینٹو باربیٹال

    امریکا میں موت کی سزا کے لیے مہلک انجیکشن پینٹو باربیٹال استعمال کیا جاتا ہے، جس کی سپلائی بہت کم ہو گئی ہے کیوں کہ اکثر دوا ساز کمپنیوں نے سزائے موت کے لیے استعمال کی وجہ سے اس کی پیداوار کو نہایت محدود کر دیا ہے، اور سزائے موت کے دوران اس کے سائیڈ افیکٹس بھی سامنے آئے جس کی وجہ سے موت کے لیے اس کے استعمال کر پابندی کی عدالتی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

    رواں برس کے ابھی محض 12 دن گزرے ہیں اور رابرٹ فریٹا امریکا میں سزائے موت کی سزا پانے والا دوسرا قیدی بن گیا ہے۔

  • موساد سے تعاون، ایران میں 4 افراد کو سزائے موت

    موساد سے تعاون، ایران میں 4 افراد کو سزائے موت

    تہران: ایران میں اسرائیلی انٹیلی جنس سے تعاون اور اغوا کے جرم پر 4 افراد کو سزائے موت کی سزا دی گئی۔

    ایرانی خبر ایجنسی مہر کے مطابق بدھ کو ایرانی عدالت نے چار افراد کو اسرائیلی خفیہ تنظیم موساد کے ساتھ تعاون اور اسرائیلی انٹیلی جنس سروس کی ہدایات پر چوری چکاری، اغوا اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے جرم میں ملوث پائے جانے پر سزائے موت دے دی۔

    اس گروہ کے دیگر 3 افراد کو قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اغوا کی وارداتوں میں معاونت پر 5 سے 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ یہ گروہ پاسداران انقلاب اور وزارتِ خفیہ اطلاعات کی مشترکہ کارروائی میں پکڑا گیا تھا۔

    اسلامی جمہوریہ ایران طویل عرصے سے اپنے دیرینہ دشمن اسرائیل پر اپنی سرزمین پر خفیہ کارروائیاں کرنے کا الزام لگاتا رہا ہے، تہران نے حال ہی میں اسرائیلی اور مغربی انٹیلی جنس سروسز پر ملک میں خانہ جنگی کی سازش کا الزام لگایا تھا، ان دنوں ایران 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد سے سب سے بڑے حکومت مخالف مظاہروں کی زد میں ہے۔

    چین اور روسی جنگی طیارے داخل ہوتے ہی جنوبی کورین طیاروں کی ہنگامی اڑانیں

    مہر نیوز ایجنسی نے اسرائیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انھیں ’’صہیونی حکومت کی انٹیلی جنس سروسز کے ساتھ تعاون اور اغوا کے جرم میں موت کی سزا سنائی گئی ہے۔‘‘

    دوسری جانب ایران میں کُرد خاتون مہسا امینی کی پولیس کسٹڈی میں ہلاکت کے خلاف مظاہروں پر کریک ڈاؤن کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 448 ہو گئی ہے۔

    ہیومن رائٹس واچ کے مطابق نصف سے زائد ہلاکتیں ایران کے نسلی اقلیتی علاقوں میں ہوئیں، اور ہلاک ہونے والے مظاہرین میں 60 افراد کی عمریں 18 سال سے کم تھیں، ہلاک ہونے والوں میں 9 لڑکیاں اور 29 خواتین بھی شامل ہیں۔

  • یوکرین میں پکڑے جانے والے امریکی فوجیوں کی سزائے موت کا امکان

    یوکرین میں پکڑے جانے والے امریکی فوجیوں کی سزائے موت کا امکان

    ماسکو: روسی صدارتی ترجمان نے یوکرین میں پکڑے جانے والے سابق امریکی فوجیوں کی سزائے موت کا عندیہ دے دیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے ایک انٹرویو میں کہا کہ روس اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتا کہ یوکرین میں پکڑے گئے سابق امریکی فوجیوں کو سزائے موت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

    روسی صدارتی ترجمان نے کہا کہ میں کسی چیز کی ضمانت نہیں دے سکتا، یہ تحقیقات پر منحصر ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں 2 سابق امریکی فوجی الیگزینڈر ڈروک اور اینڈی ہیون کو خارکیو کے قریب سے پکڑا گیا تھا، امریکی محکمہ خارجہ نے 16 جون کو کہا کہ وہ یوکرین میں جنگ میں حصہ لینے والے امریکی شہریوں کے حوالے سے روس کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

    اس سے قبل یوکرین میں 2 برطانوی اور ایک شامی فوجی کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جنہیں عدالت نے سزائے موت سنائی ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بار پھر امریکی شہریوں کو یوکرین جانے کے خلاف سختی سے روکا ہے۔

  • رشتے کے تنازعے پر خاتون کو قتل کرنے والے ملزم کو سزائے موت

    رشتے کے تنازعے پر خاتون کو قتل کرنے والے ملزم کو سزائے موت

    سکھر: صوبہ سندھ کے شہر سکھر کی ماڈل کورٹ نے رشتے کے تنازعے پر خاتون کو قتل کرنے والے ملزم کو سزائے موت سنا دی، جرم میں شامل دیگر 2 ملزمان کو بری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر کی ماڈل کورٹ نے خاتون کے قتل کے ملزم پرویز راجپر کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنا دی، عدالت نے ملزم پر ایک لاکھ جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

    عدالت نے قتل کیس میں 2 ملزمان کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سنہ 2012 میں خاتون کو رشتے کے تنازعے پر قتل کیا گیا تھا، واقعے کے بعد خیرپور کے تھانہ سٹھارجہ میں 3 ملزمان پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل صوبہ پنجاب کے شہر اٹک کی سیشن کورٹ نے خاتون کو اغوا کے بعد زیادتی اور قتل کرنے والے مجرم کو دو بار موت کی سزا سنائی تھی۔

    پولیس کے مطابق مجرم انور حسین نے 2 سال قبل پنڈی گھیب سے خاتون کو اغوا کر کے زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر مغویہ کو قتل کر کے لاش ویرانے میں پھینک دی تھی۔

    کیس کی سماعت مکمل ہونے پر ایڈیشنل سیشن جج نے خاتون کے اغوا، زیادتی اور قتل میں ملوث مجرم کو 2 بار موت، عمر قید اور 8 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔